Tag: اشتہاری قرار

  • پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم اشتہاری قرار  ، وارنٹ گرفتاری جاری

    پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم اشتہاری قرار ، وارنٹ گرفتاری جاری

    یصل آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کو اشتہاری قرار دے دیا اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں۔

    عدالت میں بتایا گیا کہ شیخ وقاص اکرم کے خلاف تھانہ کوتوالی جھنگ میں مقدمہ درج ہے، اس حوالے سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اعجاز حسین نے عدالت میں استغاثہ کی رپورٹ جمع کرائی۔

    مزید برآں، عدالت نے 16 ستمبر کو استغاثہ کے شواہد قلمبند کرنے کا بھی حکم دیا ہے، جس سے کیس کی آئندہ سماعت کے لیے قانونی کارروائی مکمل کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

    عدالت نے شیخ وقاص اکرم کو متعدد بار طلب کیا، تاہم وہ مسلسل غیر حاضر رہے۔ اس سے قبل عدالت کی جانب سے ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جا چکے تھے، مگر وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

    شیخ وقاص اکرم کیخلاف مقدمے میں دہشتگردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔

    یاد رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن رکن شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • پی ٹی آئی رہنما مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب اشتہاری قرار

    پی ٹی آئی رہنما مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب اشتہاری قرار

    اسلام آباد : جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس پر سماعت ہوئی۔

    انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہرعباس سِپرا نے سماعت کی، عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    عدالت نے واثق قیوم عباسی، راجہ بشارت سمیت دیگر غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔

    عدالت نے پیش ہونیوالےملزمان کی حاضری کے بعد سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی گئی ، پی ٹی آئی رہنماوں کیخلاف تھانہ رمنا میں دو مقدمات درج ہیں۔

    یاد رہے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی تھی، جس میں پولیس اور کارکنان کے درمیان جھڑپیں اور جلاؤ گھیراؤ سے صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔

    پولیس ترجمان کے مطابق مشتعل مظاہرین نے25سے زائد موٹرسائیکلیں اور گاڑیوں کو جلایا، اس کے علاوہ پولیس چوکی اور درختوں کو بھی آگ لگائی تھی جبکہ نذر آتش کی جانے والی گاڑیوں میں اسلام آباد پولیس کی دو اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی بھی شامل تھی۔

  • پی ٹی آئی کے 8 روپوش رہنما  اشتہاری قرار

    پی ٹی آئی کے 8 روپوش رہنما اشتہاری قرار

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کوکلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے آٹھ روپوش رہنماؤں کو اشتہاری قراردے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 9مئی کو کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے مقدمے میں پیش رفت سامنے آئی ، انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمے کی سماعت ہوئی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی ، عدالت نے 8 روپوش پی ٹی آئی رہنماؤں کواشتہاری قرار دے دیا۔

    عدالت نے میاں اسلم اقبال ، حماد اظہر ، مراد سعید، زبیر خان نیازی، حامد رضا گیلانی، محمد جاوید، عبد الصمد اور واثق قیوم کو اشتہاری قرار دیا۔

    عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ، عدالت نےتھانہ نصیرآبادمیں درج مقدمےمیں پولیس درخواست پر کارروائی کی۔

    مزید پڑھیں : مراد سعید اس وقت کہاں روپوش ہے؟

    یاد رہے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مفرور رہنما مراد سعید کی موجودگی سے متعلق اہم بیان دیا تھا۔

    عطا اللہ تارڑ نے بتایا تھا کہ مراد سعید وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہاؤس میں روپوش ہے، مراد سعید نا صرف احتجاج میں شریک تھا بلکہ جتھے ساتھ لایا تھا۔

  • علی امین گنڈا پور اشتہاری قرار

    علی امین گنڈا پور اشتہاری قرار

    اسلام آباد : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دے دیا اور کیس دیگر ملزمان سے الگ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

    جس میں کہا کہ تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں وزیراعلیٰ کےپی کواشتہاری قراردیا گیا ہے اور گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس دیگرملزمان سےالگ کر دیا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما راجہ راشد حفیظ،واثق قیوم،راجہ خرم نواز فیصل جاوید اور عمر تنویر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

    غیر حاضر ملزمان کےوکلا نےحاضری سےاستثنیٰ کی درخواست دائر کی، غیرحاضر ملزمان کی حاضری سےمعافی کی درخواست مستردکی جاتی ہے اور ضمانتی مچلکے منسوخ کیے جاتے ہیں۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔

  • علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

    علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

    اسلام آباد : وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کواشتہاری قراردینے کی کارروائی شروع کردی گئی، وہ طلبی کے باوجود علی امین پیش نہیں ہوئے۔

    تفصیلات کے مابق انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماوں کیخلاف تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

    عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کواشتہاری قراردینے کی کارروائی شروع کردی اور کہا طلبی کے باوجود علی امین پیش نہیں ہورہے تھے۔

    اے ٹی سی اسلام آباد نے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں عدم حاضری پر فیصل جاوید ،راجہ خرم اورواثق قیوم کے مچلکے منسوخ کردیئے اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی، ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے تھے۔

    عدالت نے تھانہ مناواں کے مقدمے میں ان کے وارنٹ جاری کیے تھے ، کاہنہ جلسے کے لیے آتے ہوئے گاڑیوں کے شیشے توڑنے پر پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

  • امیربالاج قتل کیس: 2 ملزمان اشتہاری قرار

    امیربالاج قتل کیس: 2 ملزمان اشتہاری قرار

    لاہور: ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیربالاج ٹیپو کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیربالاج ٹیپو کے قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزم طیفی بٹ اور گوگی بٹ کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی ) ٹیم کے ہیڈ ایس پی آرگنائزڈ کرائم نے نامزد ملزم طیفی بٹ اور گوگی بٹ کو اشتہاری قرار دینے کی تصدیق کردی اور کہا کہ طیفی بٹ کی گرفتاری کیلئے چند روز میں ٹیم بیرون ملک جائے گی۔

    امیر بالاج قتل کیس: تفتیش کے دوران ملزمان کے اعترافی بیانات

    ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم عمران کشور نے کہا کہ دبئی پولیس نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اس کے بعد ببھی طیفا بٹ گرفتار نہ ہوسکا تو ملزمان کی لاہور میں جائیداد قرقی کے احکامات حاصل کرینگے۔

    ڈی آئی جی عمران کشور نے کہا کہ بالاج قتل کیس کی تفتیش تقریباً مکمل ہو چکی، تمام تانے بانے طیفی بٹ سے ملتے ہیں جبکہ گوگی بٹ پاکستان میں روپوش ہے۔

    ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم عمران کشور نے مزید کہا کہ ملزمان تفتیش کے بعد بذریعہ عدالت  اشتہاری قرار دیے جا چکے۔

    واضح رہے 19 فروری کو ملتان روڈ پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کا واقعہ  پیش آیا  تھا جس کے نتیجے میں ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق ہوگیا تھا۔

    دوسری طرف امیر بالاج پر فائرنگ کے دوران حملہ آور بھی فائرنگ کے دوران ہی مارا گیا تھا جس کی شناخت مظفر کے نام سے ہوئی تھی جو شیخوپورہ کا رہائشی تھا۔

  • علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قرار

    علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قرار

    اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے علی امین گنڈاپور کی نظر ثانی درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزار وکیل راجہ ظہورالحسن اور پراسیکیوٹر محمد سلمان خان عدالت پیش ہوئے، وکیل نے استدعا کی کہ سرکاری مصروفیات کے باعث علی امین گنڈاپور عدالت پیش نہیں ہوسکتے،استثنی دیاجائے۔

    عدالت نے علی امین امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنی کی درخواست عدالت نے منظور کرلی اور وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔

    علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں اسلحہ اور شراب برآمدگی کا کیس درج ہے، درخواست گزار50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروائیں اور ایک مقامی ضامن دیں ،عدالت نے کیس واپس ٹرائل کورٹ کو بھجواتے ہوئے سماعت 14 مارچ تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے جوڈیشل مجسٹریٹ نے مسلسل عدم پیشی پر علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دیا تھا، پراسس سرور نے نوٹسز تعمیل نہیں کرائے اور ملزم کو موصول نہ ہوسکے۔

  • پی ٹی آئی کے 4 روپوش رہنما  اشتہاری قرار

    پی ٹی آئی کے 4 روپوش رہنما اشتہاری قرار

    لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے 4 روپوش رہنماؤں کو اشتہاری قراردے دیا، جن میں مراد سعید ، اعظم سواتی، واثق قیوم، محمد زبیر نیازی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کو ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کا دفتر جلانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    انسداددہشت گردی عدالت کےجج محمد نوید اقبال نےکیس کی سماعت کی ، تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کےاشتہارات بھی شائع ہوئے مگر پیش نہیں ہوئے۔

    تفتیشی افسر نے استدعا کی ملزمان گرفتاری کےڈر سے روپوش ہوچکےاشتہاری قرار دیا جائے۔

    عدالت نے 4 روپوش پی ٹی آئی رہنماؤں کواشتہاری قراردے دیا، مراد سعید ، اعظم سواتی، واثق قیوم، محمد زبیر نیازی کواشتہاری قرار دیا گیا، ملزمان کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔

  • منی لانڈرنگ کیس :  مونس الہٰی  اشتہاری قرار

    منی لانڈرنگ کیس : مونس الہٰی اشتہاری قرار

    لاہور : اسپیشل سینٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں اسپیشل سینٹرل عدالت نے مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دے دیا ، عدالت نے مونس الہٰی کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔

    تفتیشی افسر نے عدالت میں مونس الہٰی کی جائیداد سے متعلق رپورٹ پیش کی ، جس میں بتایا گیا کہ مونس الہٰی کی جائیداد ضبط کرلی گئی۔

    تفتیشی افسر نے مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی پر بھی رپورٹ پیش کی۔

    یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کیس میں مونس الہی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

  • پی ٹی آئی کے 7 رہنما اشتہاری قرار

    پی ٹی آئی کے 7 رہنما اشتہاری قرار

    لاہور:انسداددہشتگردی کی عدالت نے مال روڈ پر پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کے 7 رہنما کو اشتہاری قرار دیدیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پولیس کی درخواست پر کارروائی کی، ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمہ درج ہے۔

    انسداددہشتگردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے اعظم خان سواتی، مراد سعید اور امتیاز احمد شیخ کو پولیس کی گاڑی جلانے کے کیس میں اشتہاری قرار دیا۔

    اس کے علاوہ حافظ فرحت، محمد زبیر نیازی واسق قیوم اور حامد رضا کو بھی انسداددہشتگردی کی عدالت نے اشتہاری قرار دیا ہے۔

    تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزمان کے اشتہار بھی شائع کئے گئے مگر پیش نہیں ہو رہے، ملزمان جان بوجھ کر روپوش ہو چکے ہیں، ملزمان 9 مئی کو جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے میں ملوث ہیں۔