Tag: اشرف صحرائی

  • وزیر اعظم اور صدر مملکت کا بھارتی غیر قانونی حراست میں کشمیری رہنما کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار

    وزیر اعظم اور صدر مملکت کا بھارتی غیر قانونی حراست میں کشمیری رہنما کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے بھارتی غیر قانونی حراست میں کشمیری رہنما اشرف صحرائی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے داعی اور حریت رہنما محمد اشرف صحرائی بھارتی قید میں 77 برس کی عمر انتقال کر گئے ہیں، وہ جموں کورٹ بلوال جیل میں اسیر تھے اور انھیں علاج معالجے کی سہولت بھی دستیاب نہیں تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں بھارتی غیر قانونی حراست میں کشمیری رہنما کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط عالمی برادری کے ضمیر پر دھبہ ہے، ہم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، یو این قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

    حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کا بھارتی جیل میں انتقال

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم نے کشمیر کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں، بھارت حریت قیادت کو قید میں رکھ کر آزادی کے جذبے کو دبا نہیں سکتا۔

    حریت رہنما کی بھارتی جیل میں شہادت پر پاکستان کا ردعمل آگیا

    انھوں نے کہا بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اشرف صحرائی کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا، صدر مملکت نے جدوجہد آزادئ کشمیر کے لیے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، اور مطالبہ کیا کہ بھارت قید حریت قیادت اور بےگناہ کشمیریوں کو فی الفور رہا کرے۔

    صدر مملکت نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قیادت سے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے، بین الاقوامی برادری کشمیر سے متعلق اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرے، دریں اثنا، صدر مملکت نے مرحوم کی درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

  • کشمیری حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے: سید علی گیلانی

    کشمیری حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے: سید علی گیلانی

    سرینگر: کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ کشمیری حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، محمد اشرف صحرائی اور کارکنوں کی گرفتاری بھارت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے جارحانہ اقدامات کے آگے نہیں جھکیں گے۔

    سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، محمد اشرف صحرائی اور کارکنوں کی گرفتاری بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی فوج نے یوم شہدائے کشمیر سے ایک روز قبل حریت رہنما اشرف صحرائی کو گرفتار کیا تھا، اشرف صحرائی کو صبح سویرے سرینگر میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

    قابض فورسز اشرف صحرائی کے بیٹے جنید صحرائی کو پہلے ہی نام نہاد آپریشن کے دوران شہید کر چکی ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے، چند روز قبل بارہ مولا میں آپریشن کے دوران ایک کار سوار کو گاڑی سے نیچے اتار کر اس کے 3 سالہ نواسے کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا۔

    بعد ازاں ایک اور کارروائی میں قابض فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

  • قابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی تمام حدیں پار کردی، اشرف صحرائی

    قابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی تمام حدیں پار کردی، اشرف صحرائی

    سرینگر : کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو جنس وعمر کا لحاظ کیے بغیر گرفتار کر کے جیلوں، تھانوں اور عقوبت خانوں میں بند کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے تنظیم کے سینئر رہنما محمد شعبان وانی کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ انہیں علالت کے باوجود رہا نہیں کر رہی ۔

    کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں مظالم کی حدیں پار کر لی ہیں اور ایک عمر رسیدہ انسان کو صحت کی سخت خرابی کے باوجود رہا نہیں کیا جا رہا ۔

    انہوں نے کہا کہ محمد شعبان کی عمر 75سال ہے اوروہ کئی عوارض میں مبتلا ہیں۔محمداشرف صحرائی نے بھارتی پولیس کی طرف سے حریت رہنماؤں ، کارکنوں اور عام کشمیری جوانوں کی بے جا دھر پکڑ پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوںکو جنس وعمر کا لحاظ کیے بغیر گرفتار کر کے جیلوں ، تھانوں اور عقوبت خانوں میں بند کیا جا رہا ہے۔

    اشرف صحرائی نے عبدالغنی بٹ اور عبدالاحد پرہ کی مسلسل نظر بندی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کو بھی صحت کی خرابی کے باوجود رہا نہیں کیا جارہا ہے جو انتہائی افسوناک ہے۔

    محمد اشرف صحرائی نے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔