Tag: اصغر خان

  • اصغر خان فیصلہ کیس: عدالت کا سامنے آنے والے اہم سوالات پر حکومت کو مؤقف پیش کرنے کا حکم

    اصغر خان فیصلہ کیس: عدالت کا سامنے آنے والے اہم سوالات پر حکومت کو مؤقف پیش کرنے کا حکم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں اصغر خان فیصلے پر عمل در آمد کیس میں ایف آئی اے نے سر بہ مہر تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے کہا ہے کہ اصغر خان فیصلے پر عمل در آمد کیس میں کئی اہم سوالات سامنے آ گئے ہیں، حکومت ان سوالات پر اپنا مؤقف پیش کرے۔

    بدھ کو سپریم کورٹ میں اصغر خان فیصلے پر عمل درآمد کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

    وکیل ایف آئی اے نے کہا کہ ایف آ ئی اے کی جانب سے سر بہ مہر تفصیلی رپورٹ جمع کروا دی گئی ہے، جب کہ ججز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے آ رمی افسران کا معاملہ آرمی ایکٹ کے تحت ریفر کرنے کا حکم دیا تھا، اب کیس میں کئی اہم سوالات سامنے آئے ہیں، حکومت ان پر اپنا مؤقف پیش کرے۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  عدالت کا ایف آئی اے، پی ٹی اے کو گستاخانہ مواد میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کا حکم

    سماعت کے دوران جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا 25 ستمبر کا ایک حکم نامہ موجود ہے، کیا سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق یہ کیس ملٹری حکام کو بھیجا گیا؟ اگر ہاں تو کیس کس تاریخ کو بھیجا گیا اس کی تفصیل فراہم کی جائے۔

    جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ یہ بھی دیکھنا ہے کہ آرمی ایکٹ کے تحت کیس بھیجا گیا یا نہیں، اگر ایک معاملے میں کیس آرمی ایکٹ کے تحت چل رہا ہو تو کیا سویلین پر بھی یہ ہی قانون لاگو ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ممکن ہے اس کیس کا یہ ہی حل ہو۔

    اصغر خان کے اہل خانہ کے وکیل ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت آ رمی افسران کے خلاف کیس چلنے کی تفصیلات بھی طلب کرے، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پہلے معلومات تو آنے دیں۔

    عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

  • ابوظبی: بھارتی شہری کا فراڈ، پاکستانی کروڑ پتی شخص کباڑ کا کام کرنے پر مجبور

    ابوظبی: بھارتی شہری کا فراڈ، پاکستانی کروڑ پتی شخص کباڑ کا کام کرنے پر مجبور

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کروڑ پتی شخص نے بھارتی شہری کے فراڈ کے سبب کباڑ کا کام شروع کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق 2008 پاکستانی شہری اصغر حسین کی زندگی تب بدل گئی جب ایک بھارتی جعل ساز نے ان سے ایک لیگل کمپنی کے کاغذات پر دھوکے سے دستخط کروالیے اور وہاں سے فرار ہوگیا جبکہ اصغر حسین نے پانچ لاکھ درہم جرمانہ ادا کرنے کے بعد کباڑ کا کام شروع کردیا۔

    عدالت نے فرار ہونے والے شخص کو 5 پیشیوں میں مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے پانچ سال قید اور جلاوطنی کی سزا سنادی۔

    اصغر حسین ان کی اہلیہ فرح گل اور چار بچوں کو اس عرصے میں بہت سی دشواریوں کا سامنا رہا، 2013 تک اصغر حسین بینک کے قرض ادا کرنے سے قاصر تھے اور 2014 میں ان کے بچوں کو اسکول کی فیس ادا کرنے کے باعث نکال دیا گیا تھا جو اب تک تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔

    اصغر حسین جو پُرآسائش گھر میں رہتے تھے اب ایک چھوٹے سے کمرے میں رہنے پر مجبور ہیں۔

    پاکستانی شہری کی اہلیہ فرح گل نے کہا کہ میرے بچے تقریباً پانچ سال سے اسکول نہیں گئے، وہ اسکول جانے کے لیے بہت بے تاب ہیں جب وہ دوسرے بچوں کو اسکول جاتا دیکھتے ہیں تو سوال کرتے ہیں کہ ہم کب اسکول جائیں گے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اصغر حسین ابھی عارضی طور پر کباڑ کا کام کرتے ہیں ان کے ساتھ ان کا بڑا بیٹا بھی لیبر کا کام کرتا ہے جو بمشکل ماہانہ 500 درہم کما پاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ یو اے ای میں مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے مستحق افراد کی مدد کی جاتی ہے تاہم اصغر حسین اہل خانہ کے ہمراہ کافی عرصے سے غیرقانونی طور پر رہائش پذیر تھے جس کے سبب سماجی تنظیموں نے ان کی مدد کرنے سے انکار کردیا۔

  • اصغر خان عمل درآمد کیس سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر، جسٹس گلزار بینچ کی سربراہی کریں گے

    اصغر خان عمل درآمد کیس سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر، جسٹس گلزار بینچ کی سربراہی کریں گے

    اسلام آباد: اصغر خان عمل در آمد کیس سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا، جسٹس گلزار  احمد بینچ کے نئے سر براہ ہوں‌ گے.

    تفصیلات کے مطابق مشہور زمانہ اصغر خان عمل در آمد کیس کی سماعت کے لیے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی جانب سے نیا بینچ تشکیل دیا گیا ہے.

    جسٹس گلزار  احمد 3 رکنی بینچ کے نئے سر براہ ہوں گے، تین رکنی بینچ میں جسٹس فیصل عرب اور  جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہوں.

    اصغر عمل در آمد کیس کی سماعت 11 فروری کو سپریم کورٹ میں ہوگی، اس موقع پر ایف آئی اے معاملے پر پیش رفت سے آگاہ کرے گا.

    اس ضمن میں اٹارنی جنرل، ڈی جی ایف آئی اے اور تمام متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں.

    مزید پڑھیں: اصغر خان کیس میں کچھ چیزوں سےمتعلق تفتیش کی ضرورت ہے، حکم نامہ جاری

    ساتھ ہی اصغر خان کے بچوں کو بھی مقدمے کی پیروی کے لیے نوٹس جاری کیے گئے ہیں، اس ہائی پروفائل کیس کی سماعت گیارہ فروری کو سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ کرے گا.

    یاد رہے کہ 18 جنوری 2019 کو سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کاعبوری تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا، جس میں عدالت نے سیکرٹری دفاع کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ سیکرٹری دفاع پیش رفت سےمتعلق تحریری جواب جمع کرائیں۔

  • ایئر مارشل اصغر خان آبائی گاؤں میں سپرد خاک

    ایئر مارشل اصغر خان آبائی گاؤں میں سپرد خاک

    ایبٹ آباد: پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی کمانڈر اِن چیف ائیر مارشل اصغر خان کو ان کے آبائی گاؤں میں قومی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر مارشل اصغر خان کو ایبٹ آباد کے نزدیک اپنے آبائی گاؤں نواں شہر میں‌ سپرخاک کر دیا گیا۔

    قبل ازیں ان کی نماز جنازہ پی اے ایف بیس نور خان میں ادا کی گئی تھی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے دستے نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

    ان کی نماز جنازہ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

    یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کےسابق سربراہ ایئرمارشل اصغرخان کی نماز جنازہ ادا

    نماز جنازہ کے بعد ان کی میت کو پی اے ایف ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایبٹ آباد پہنچایا گیا، جہاں‌ انھیں‌ آبائی گاؤں میں‌ سپرد خاک کیا گیا۔

    ائیر مارشل اصغر خان کی بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ائیر چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاک فضائیہ کے تمام افراد کے لیے مشعلِ راہ تھے، ائیر مارشل اصغر خان اعلیٰ کردار ،غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے حامل  تھے۔

    ائیر چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ان کی ان گنت خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، ان کے شان دار کارناموں کی وجہ سے آنے والے وقتوں میں انھیں فادر آف پاکستان ائیر فورس کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئر کریں۔