Tag: اصلاحات

  • توانائی کے شعبے میں اصلاحات ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ضروری ہیں،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ضروری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں عمر ایوب، اسد عمر، ندیم بابر اور شہزاد قاسم نے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیراعظم کو توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحاتی عمل پر بریفنگ اور ملکی ضروریات کے مطابق بجلی کی پیداوار،ترسیل اور تقسیم کے نظام سے بھی آگاہ کیاگیا۔

    وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں گیس کے شعبے میں اصلاحات اور توانائی کے شعبے کے دیرینہ مسائل کے حل پر غور کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ضروری ہیں، بدانتظامی، چوری، کرپشن کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اصلاحاتی لائحہ عمل پر مقررہ وقت میں ایکشن پلان مرتب کیا جائے،صارفین کے لیے مسائل پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔

  • پی ٹی ڈی سی کو بند نہیں کیا اصلاحات لا رہے ہیں،زلفی بخاری

    پی ٹی ڈی سی کو بند نہیں کیا اصلاحات لا رہے ہیں،زلفی بخاری

    اسلام آباد: معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی ڈی سی بند نہیں ہوا بلکہ ایک فائدہ مند ادارہ بننے جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں 10 فیصد جی ڈی پی ٹورازم پر ہے لیکن پاکستان کی جی ڈی پی میں سیاحت کا حصہ 3 فیصد بھی نہیں،اسے بڑھانے پر اربوں روپے کی آمدن حاصل ہوگی۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ این ٹی بی سی 2020 سے 2030 کی پالیسی تشکیل دے دی ہے اور اس میں 5 سال کے لیے ایکشن پلان تیار کر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک انڈومنٹ فنڈ تشکیل دیا گیا ہے جس میں سیاحت کی مارکیٹنگ وغیرہ شامل ہے۔

    معاون خصوصی کے مطابق پاکستان کا برینڈ بھی تشکیل دے دیا ہے جسے 18 اپریل کو لانچ کرنا تھا لیکن کرونا کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگیا، اب سے سال کے آخر میں لانچ کیا جائے گا۔

    زلفی بخاری نے بتایا کہ ترکی، ایران،قطر سمیت آٹھ ملکوں کے وزرائے سیاحت پاکستان آئیں گے،پاکستان ڈی ایٹ ملکوں کی سیاحتی کانفرنس کی میزبانی کرےگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہوٹلز کے معیارات بھی ترتیب دیے گئے، ساتھ ہی نیشنل ٹورازم ای پورٹل بنایا گیا ہے جہاں سیاحت کے حوالے سے تمام تفصیلات موجود ہوں گی۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور میری روز ویلٹ ہوٹل بیچنے پر کبھی بات نہیں ہوئی، روز ویلٹ ہوٹل نہیں بیچ رہے۔

  • وزیر اعظم کا اصلاحات کے عمل سے کسی صورت پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان

    وزیر اعظم کا اصلاحات کے عمل سے کسی صورت پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اصلاحات کے عمل سے کسی بھی صورت پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے تازہ پیغام میں کہا ہے کہ تبدیلی کے بغیر پاکستان آگے نہیں جا سکتا، ہم کسی صورت اصلاحات کے عمل سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    دریں اثنا، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی انھوں نے ایک تازہ پیغام شیئر کیا ہے جو مملکت پاکستان کے قدرتی مناظر اور اس کے حسن سے متعلق ہے۔ ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے لکھا کہ پاکستان نا قابل تصور حسن کی سرزمین ہے، پاکستان میں قدرتی عجائبات پوشیدہ ہیں، پاکستان کی سیاحت کی وسعت کا دائرہ کار اب تک دریافت نہیں ہو سکا۔

    انھوں نے لکھا ’ناقابل تصور جمال سے آراستہ پاکستان وہ دھرتی ہے جس کی خاک میں قدرتی عجائب کا خزانہ پوشیدہ ہے اور جس کا دامن غیر دریافت شدہ سیاحتی استعداد سے بھرا ہوا ہے۔‘

    وزیر اعظم نے اپنی ٹویٹ میں برطانوی سیاحتی میگزین ونڈر لسٹ کا ایک لنک بھی پوسٹ کیا، جس میں پاکستان کے 9 سب سے زیادہ شان دار قدرتی عجائب کے بارے میں تفصیل بتائی گئی ہے۔

    سانسیں تھما دینے والے ان قدرتی عجائب میں بالتور گلیشئیر، وادیٔ نیلم، ہنگول نیشنل پارک، ٹرینگو ٹاورز، دیوسائی پلین، صحرائے تھر، جھیل سیف الملوک، وادیٔ ہنزہ اور عطا آباد جھیل شامل ہیں۔

  • حق دار کو حق دلانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، فردوس عاشق اعوان

    حق دار کو حق دلانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حق دار کو حق دلانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، اصلاحات کے خلاف سب سے زیادہ مزاحمت مافیا کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پی آئی ڈی میں اصلاحات لا رہے ہیں، اصلاحات کے خلاف سب سے زیادہ مزاحمت مافیا کرتا ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ علاقائی پریس کا کام اپنےعلاقے کے مسائل اجاگر کرنا ہوتا ہے، پی آئی ڈی کو علاقائی صحافت کے مسائل بھی حل کرنے چاہئیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت پی آئی ڈی کو آٹومیشن پر ہونا چاہیے، حق دار کو حق دلانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، نئی میڈیا اور اشتہارات پالیسی کے لیے روڈمیپ ترتیب دیا جا رہا ہے، ضلعی سطح پر پریس کلبوں کو بااختیار بنا رہے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف قانون کے ساتھ کھڑی ہے، فردوس عاشق اعوان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف قانون کے ساتھ کھڑی ہے، انصاف کے لیے تحریک انصاف مسلسل جدوجہد کرتی رہی ہے۔

  • حکومت کاروبارمیں آسانی پیدا کرکے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہی ہے، یوسف نسیم کھوکھر

    حکومت کاروبارمیں آسانی پیدا کرکے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہی ہے، یوسف نسیم کھوکھر

    لاہور: چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کا کہنا ہے کہ مختلف شعبوں میں اصلاحات پر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں محکمہ صنعت، منصوبہ بندی وترقیات، قانون کے سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی، سی ای او لیسکو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے حوالے سے صوبائی ورکنگ گروپ کے اجلاس میں مختلف اصلاحات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

    چیف سیکرٹری پنجاب کو اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں سرکاری فیسوں کی آن لائن ادائیگی کی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ تعمیر کی اجازت کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے اور پنجاب میں جائیداد کے اندراج کے طریقہ کار کو مکمل طور پر خود کار بنایا جائے گا۔

    اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کر کے سرمایہ کاروں کے لیے ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

    یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ مختلف شعبوں میں اصلاحات پر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹھوس اقدامات کے باعث کاروبار میں آسانی سے متعلق عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی رینکنگ بہترہوگی۔

  • وفاقی حکومت کا لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام میں اہم اصلاحات کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام میں اہم اصلاحات کا فیصلہ

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈآکٹر ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیرصدارت لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری وڈی جی ہیلتھ سمیت صوبائی نمائندوں نے شرکت کی۔

    ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کو ملک بھر میں مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام شعبہ صحت کا منفرد ادارہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کو اختیارات منتقلی میں چیلنجز درپیش ہیں، لیڈی ہیلتھ ورکرزپروگرام میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہے۔

    معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکر زپروگرام میں اصلاحات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی جائے، خصوصی کمیٹی میں وزارت قومی صحت، صوبوں کے نمائندے شامل کیے جائیں۔

    ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ خصوصی کمیٹی لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام کی خامیوں کی نشاندہی کرے۔

    شعبہ صحت میں اصلاحات کے لیے پاکستان نرسنگ کا اہم کردار ہے، ڈاکٹر ظفرمرزا

    یاد رہے کہ رواں ماہ معاون خصوصی برائے صحت ڈآکٹر ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ نرسنگ کا شعبہ صحت کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نر سنگ کے شعبے میں ترقی کے لیے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں، نرسنگ کا شعبہ صحت کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

  • شعبہ صحت میں اصلاحات کے لیے پاکستان نرسنگ کا اہم کردار ہے، ڈاکٹر ظفرمرزا

    شعبہ صحت میں اصلاحات کے لیے پاکستان نرسنگ کا اہم کردار ہے، ڈاکٹر ظفرمرزا

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈآکٹر ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ نرسنگ کا شعبہ صحت کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے پاکستان نرسنگ کونسل کا دورہ کیا، رجسٹرار پی این سی نے ڈاکٹر ظفرمرزا کو ادارے کی کارکردگی اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ نر سنگ کے شعبے میں ترقی کے لیے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں، نرسنگ کا شعبہ صحت کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

    ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ ملک کو اس وقت نرسنگ کی کمی کا سامنا ہے، گزشتہ 70 برسوں میں شعبہ نرسنگ کو نظر انداز کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں اصلاحات کے لیے پاکستان نرسنگ کا اہم کردار ہے، وزارت صحت نرسنگ کے شعبے پر خصوصی طور پر توجہ دے رہی ہے۔

    صحت کے شعبے میں حقیقی معنوں میں انقلابی تبدیلیاں لارہے ہیں، ڈاکٹرظفر مرزا

    یاد رہے کہ 12 جولائی کو معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں حقیقی معنوں میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں۔

  • امریکی صدر کی پیش کردہ نئی امیگریشن اصلاحات مسترد ہوگئیں

    امریکی صدر کی پیش کردہ نئی امیگریشن اصلاحات مسترد ہوگئیں

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیش کردہ نئی امیگریشن اصلاحات کو ڈیموکریٹس نے مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے مجوزہ اصلاحات میں تجویز دی گئی ہے کہ امریکا میں اب امیگریشن کے لیے کینیڈا کی طرح پوائنٹس بیسڈ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے امریکی امیگریشن نظام کا اعلان کیا جس کی بنیاد بہتر جانچ پڑتال پر مشتمل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ اچھا، جدید اور قانونی نظام ہے۔ امریکی صدر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اب میرٹ اور پیشہ وارانہ مہارت کی بنیاد پر دوسرے ملکوں کے شہریوں کو امیگریشن دی جائےگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیموکریٹس نے ان اصلاحات کی مخالفت کی تو آئندہ سال ریپبلکن ایوان سے بل منظور کرالیں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت گرین کارڈز کی تعداد گذشتہ سالوں کے برابر ہی رکھی جائے گی، نیا امیگریشن سسٹم دنیا میں ہمیں قابل فخر بنائےگا۔

    صدر ٹرمپ نے نئی امیگریشن پالیسی میں موقف اختیار کیا کہ امریکا مکمل طور پر بھر چکا ہے۔ غیرقانونی تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے رہنے کے لیے کوئی جگہ باقی نہیں بچی۔

    ادھر دونوں امریکی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اہم قانون سازوں کی رائے میں مجوزہ نظام کی کانگریس سے منظوری کا حصول مشکل نظر آتا ہے۔ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ اسپیکرنینسی پلوسی نے امریکی صدر ٹرمپ کی نئی امیگریشن پالیسی پر سخت تنقید کی۔

    طالبان کو مذاکرات کے اخراجات دینے سے متعلق ٹرمپ کی درخواست مسترد

    نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی میرٹ پرنہیں بلکہ اپنی ذاتی پسند ہے۔ نینسی پلوسی نے سوال اٹھایا کہ کیا خاندانوں کو ایک دوسرے سے جدا کرنا میرٹ ہے؟ نینسی پلوسی نے کہا کہ وائٹ ہاؤس نے بدترین اور ناکام امیگریشن منصوبوں کو نیا چہرہ دیا ہے۔

  • اتفاق رائے کے بغیرسلامتی کونسل اصلاحات کامیاب نہیں ہوسکتی، ملیحہ لودھی

    اتفاق رائے کے بغیرسلامتی کونسل اصلاحات کامیاب نہیں ہوسکتی، ملیحہ لودھی

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے مرحلہ وار طریقہ کار زیادہ موزوں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل اصلاحات پر جاری مذاکرات میں کہا کہ چند ممالک کی خواہش مذاکراتی عمل کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے مرحلہ وار طریقہ کار زیادہ موزوں ہے۔

    ملیحہ لودھی نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد سلامتی کونسل کو مزید جمہوری اورموثر بنانا ہونا چاہیئے، اتفاق رائے کے بغیر سلامتی کونسل اصلاحات کامیاب نہیں ہوسکتی۔

    سلامتی کونسل میں توسیع تمام ممالک کے مفاد میں ہونی چاہیے‘ ملیحہ لودھی

    یاد رہے کہ رواں سال 31 جنوری کو سلامتی کونسل اصلاحات پرجاری مذاکرات میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے اصولی مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل میں توسیع تمام ممالک کے مفاد میں ہونی چاہیے۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ چند ممالک کی خواہش مذاکراتی عمل کامیاب نہیں ہونے دے رہی، مزید مستقل اراکین سلامتی کونسل کوغیرفعال نہیں بنا دیں گے۔

    پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ غیرمستقل اراکین کوشفاف، فعال، موئثربنانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

  • سندھ پولیس میں اصلاحات کے لیے کمیٹی قائم

    سندھ پولیس میں اصلاحات کے لیے کمیٹی قائم

    کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس میں اصلاحات کے لیے ریفارمز کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کے تحت تھانہ کلچر اور پولیس کے خلاف شکایات کا ازالہ 7 دن کے اندر کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں اصلاحات کے لیے ریفارمز کمیٹی قائم کردی گئی۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی تشکیل لا اینڈ جسٹس آف پاکستان کی رپورٹ پر کی گئی۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ تھانہ کلچر اور پولیس کے خلاف شکایات کا ازالہ متعلقہ سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کرے گا، متعلقہ افسر 7 دن کے اندر سائل کی شکایت کا ازالہ کرے گا۔ سائل کو ایف آئی آر کے لیے عدالت سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ شکایت پر اہلکار یا افسر کو عہدے سے ہٹا کر انکوائری کی جائے گی، سنگین جرم یا زیادتی میں ملوث اہلکار یا افسر نوکری سے برخاست ہوگا۔ شکایت درج نہ کرنے پر جسٹس آف پیس خود پولیس کے پاس جائے گا۔

    آئی جی سندھ کلیم امام کے مطابق شکایت کنندہ سے حلف نامہ کے تحت پولیس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل آئی جی سندھ کلیم امام نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیس ریفارمز کمیٹی / پولیس اصلاحات جیسے اقدامات اٹھانے اور ان پر عمل درآمد سے بالخصوص کرمنل جسٹس سسٹم کو صوبائی سطح پر مؤثر اور مربوط بنایا جاسکے گا۔

    ان کے مطابق ریفارمز سے کیسز کی تفتیش، تحقیق اور چھان بین سے متعلق مجموعی کاوشوں اور ترجیحات کو نہ صرف تقویت ملے گی بلکہ اس عمل سے پولیس کارکردگی پر بھی مثبت اور نمایاں اثرات مرتب ہوں گے۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ 200 سے زائد انسپکٹرز برائے انویسٹی گیشن، 170 انسپکٹر برائے قانون اور 30 پی ڈی ایس پیز کو کیریئر گروتھ پلان اور ٹی او آرز کی ریکروٹمنٹ بھی کی جارہی ہے اور ساتھ ہی انویسٹی گیشن پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے اور فارنزک تفتیش کا باقاعدہ نصاب تشکیل دیا جاچکا ہے۔

    آئی جی کے مطابق سندھ پولیس نے ضلعی سطح پر عوامی شکایات ازالہ میکنزم باقاعدہ تشکیل دے دیا ہے جس کے تحت بالخصوص پولیس کے خلاف ملنے والی مختلف نوعیت کی شکایات پر ہر سطح پر ازالہ یقینی بنایا جارہا ہے۔