Tag: اضافہ

  • ریلوے کے اکانومی کلاس کا کرایہ بھی ہزاروں روپے کردیا گیا

    ریلوے کے اکانومی کلاس کا کرایہ بھی ہزاروں روپے کردیا گیا

    لاہور: محکمہ ریلوے نے کرایوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، اکانومی کلاس کے کرایے بڑھا کر 3 ہزار روپے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے کرایوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، قراقرم ٹرین کی اکنامی کلاس کا کرایہ 3 ہزار روپے کردیا گیا۔

    خیبر میل کا کراچی سے پشاور اے سی سلیپر کلاس کا کرایہ 11 ہزار روپے کردیا گیا، اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 6 ہزار 200 روپے اور اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ 4 ہزار 200 سے بڑھا کر 7 ہزار روپے کر دیا گیا۔

    کراچی ایکسپریس کا لاہور کراچی کے درمیان اے سی سلیپر کا کرایہ 9 ہزار روپے، اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 5 ہزار 700 سے بڑھا کر 7 ہزار روپے، اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ 4 ہزار 150 سے بڑھا کر 5 ہزار روپے اور اکنامی کلاس کا کرایہ 3 ہزار روپے کر دیا گیا۔

    رحمٰن بابا ایکسپریس ٹرین کی اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 7 ہزار روپے، اے سی اسٹینڈرڈ کا 5 ہزار روپے اور اکانومی کلاس کا 3 ہزار روپے کر دیا گیا۔

    پاک بزنس ایکسپریس ٹرین اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 7 ہزار روپے کردیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سے کراچی کے لیے ٹرین آپریشن 5 اکتوبر کو بحال کیا جائے گا۔

  • اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ برس کی نسبت اس برس جرائم کی شرح بڑھ گئی، رواں برس سینکڑوں زائد مقدمات درج کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں رواں سال جرائم میں اضافہ ہوا ہے، وفاقی دارالحکومت کے صنعتی علاقے میں گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 100 فیصد زائد جرائم ہوئے۔

    انڈسٹریل ایریا زون میں گزشتہ سال 175 اور اس سال 350 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔

    سٹی زون میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 93، صدر میں 155 اور رورل زون میں 234 زائد مقدمات درج ہوئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمات کا زائد اندراج فری رجسٹریشن آف ایف آئی آر کو ظاہر کرتا ہے، سائلین کو ماضی کی طرح ایف آئی آر کے اندراج میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

  • عدالت پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا حکم کالعدم قرار دے: درخواست دائر

    عدالت پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا حکم کالعدم قرار دے: درخواست دائر

    لاہور: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شہری عدالت پہنچ گیا، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی، درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی مشکلات کا شکار ہوگا، قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔

    درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ حکومت کو پیٹرول کی قیمتوں پر عائد ٹیکس کم کر کے ریلیف دینا چاہیئے تھا، حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا حکم کالعدم قرار دے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کردیا ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے اضافہ کر رہے ہیں، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوچکا ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت اس وقت پیٹرولیم پر فی لیٹر 56 روپے سبسڈی دے رہی ہے، 15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کر چکے ہیں۔

  • لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ

    لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ ہوگیا، شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 282 فیصد جبکہ شاہراؤں پر لوٹ مار کی وارداتوں میں 123 فیصد اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، پولیس رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں 405 فیصد اضافہ ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 282 فیصد اضافہ ہوگیا جبکہ شاہراؤں پر لوٹ مار کی وارداتوں میں 123 فیصد اضافہ ہوگیا۔

    اس سے قبل پولیس کی جانب سے 2 ماہ 10 دن میں ہونے والے جرائم کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ مذکورہ عرصے میں 36 ہزار 993 مقدمات درج کیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں 4 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے، ڈکیتی کی 5 ہزار کے لگ بھگ وارداتیں ہوئیں جن میں 21 گھروں میں وارداتیں کر کے کروڑوں لوٹ لیے گئے۔

    علاوہ ازیں مختلف واقعات میں 63 افراد قتل ہوئے، موٹر سائیکل و وہیکل چوری کے 4 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے جبکہ دکانوں میں ہونے والی ڈکیتیوں میں ڈاکوؤں نے متعدد تاجروں کی جمع پونجی لوٹ لی۔

  • بجلی کی قیمت میں 4 روپے اضافے کا امکان

    بجلی کی قیمت میں 4 روپے اضافے کا امکان

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے پیش کردہ اعداد و شمار درست ہوئے تو بجلی 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ اور درست ثابت نہ ہوئے تو 3 روپے 57 پیسے فی یونٹ مہنگی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نومبر کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سماعت مکمل کرلی، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے قیمتوں میں 4 روپے 33 پیسے اضافے کی درخواست کی ہے۔

    نیپرا نے 3 روپے 57 پیسے فی یونٹ اضافے پر مشروط سماعت مکمل کی۔

    دوران سماعت نیپرا کا کہنا تھا کہ سی پی پی اے کے اعداد و شمار کا جائزہ لیں گے، اعداد و شمار درست ہونے پر 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافہ منظور ہوگا۔

    نیپرا کے مطابق اعداد و شمار درست ثابت نہ ہوئے تو 3 روپے 57 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوگا۔

  • اکتوبر 2021 میں ملکی برآمدات میں اضافہ

    اکتوبر 2021 میں ملکی برآمدات میں اضافہ

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2021 میں مختلف ممالک کو کی جانے والی برآمدات میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی گھریلو ٹیکسٹائل، گارمنٹس، جرسی، چمڑا ملبوسات، پھل، سبزیاں، سیمنٹ، پلاسٹک، آلات جراحی اور گوشت کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ تمباکو، سگریٹ اور لکڑی کے فرنیچر کی برآمدات میں کمی آئی۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا، چین، متحدہ عرب امارات، ہالینڈ، بنگلہ دیش، جرمنی، سری لنکا، بیلجیئم، ملائیشیا اور اٹلی کو کی جانے والی برآمدات میں اضافہ ہوا جبکہ افغانستان، انڈونیشیا، ویت نام اور یوکرین کو کی جانے والی برآمدات میں کمی ہوئی۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ اکتوبر 2021 کے دوران خدمات کی برآمدات میں 23 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ سال اس عرصے میں یعنی اکتوبر 2020 کے دوران 432 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

  • ایک ماہ میں 3 بار قیمت میں اضافے کے بعد بجلی مزید مہنگی کرنے کی تجویز

    ایک ماہ میں 3 بار قیمت میں اضافے کے بعد بجلی مزید مہنگی کرنے کی تجویز

    اسلام آباد: رواں ماہ بجلی کی قیمت میں 3 بار اضافے کے بعد مزید اضافے کی درخواست پیش کردی گئی، بجلی کی قیمت میں 2 روپے سے زائد فی یونٹ اضافہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے ایک ماہ کے لیے بجلی 2 روپے 66 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔

    سی پی پی اے نے نیپرا کو ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دی ہے۔ سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ ستمبر میں بجلی کی پیداواری لاگت 7 روپے 68 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ اسی ماہ بجلی کی پیشگی پیداواری لاگت 5 روپے 2 پیسے فی یونٹ تھی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ ستمبر میں بجلی کی پیداوار میں پانی سے 36.2 فیصد بجلی پیدا کی گئی، کل بجلی کی پیداوار میں کوئلے سے 17.05 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

    سی پی پی اے کا کہنا تھا کہ مقامی گیس سے 8.9 جبکہ درآمد ایل این جی سے 18.9 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ مہنگے فرنس آئل سے بجلی کی لاگت 19 روپے 23 پیسے فی یونٹ رہی۔

    یاد رہے کہ اکتوبر میں بجلی کی قیمتوں میں 3 بار اضافہ کیا جاچکا ہے، 15 اکتوبر کو بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔

    گزشتہ روز بھی نیپرا نے کےالیکٹرک کے لیے بجلی کی قیمت میں 69 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا ہے، مذکورہ اضافے کا اطلاق صرف نومبر کے بلوں پر ہوگا۔

  • ستمبر 2021: آٹو فنانسنگ سیکٹر میں ریکارڈ اضافہ

    ستمبر 2021: آٹو فنانسنگ سیکٹر میں ریکارڈ اضافہ

    اسلام آباد: سال 2021 کے ماہ ستمبر میں ملک کے آٹو فنانسنگ سیکٹر میں ریکارڈ اضافہ ہوا، ایک مہینے میں 12 ارب کی اضافی فنانسنگ ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آٹو انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ ستمبر میں ملک کے آٹو فنانسنگ سیکٹر میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ستمبر 2021 میں آٹو سیکٹر میں 338 ارب روپے کی فنانسنگ ہوئی۔ اگست کے مقابلے میں ستمبر میں 3.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ 12 ارب کی اضافی فنانسنگ ریکارڈ کی گئی۔

    گزشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں رواں برس آٹو فنانسنگ میں 45.5 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ سال ستمبر میں 232 ارب کی فنانسنگ ہوئی تھی۔

  • ایک ماہ میں تیسری بار بجلی کی قیمت میں اضافہ

    ایک ماہ میں تیسری بار بجلی کی قیمت میں اضافہ

    اسلام آباد: گزشتہ ہفتے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 95 پیسے اضافے کے بعد اس ہفتے پھر بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ اضافہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، وفاقی کابینہ نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت توانائی کی جانب سے بھجوائی گئی تھی۔

    یہ اس ماہ بجلی کی قیمت میں کیا جانے والا تیسرا اضافہ ہے۔

    کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی، نیا سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ یکم اکتوبر سے لاگو ہوگا۔

    یاد رہے کہ بجلی کی قیمت میں صرف چند روز قبل 8 اکتوبر کو ہی اضافہ کیا گیا تھا، 1 روپے 95 پیسے اضافہ نیپرا کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔ منظوری اگست کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی تھی۔

  • حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

    حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5.40 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی، نئی قیمتوں کا اطلاق 16 جولائی رات 12 بجے سے ہوگا۔

    اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 118 روپے 9 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 54 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 39 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، اعلامیہ کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 87 روپے 14 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 27 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 84 روپے 67 پیسہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، واضح رہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 جولائی رات 12 بجے سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ذرائع پیٹرولیم ڈویژن نے کہا تھا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے، جس کی وجہ سے پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے 11 روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی، مٹی کے تیل کی قیمت میں ڈیڑھ روپے اضافے کی تجویز ہے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 40 پیسے تک بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔