Tag: اضافہ

  • حج اخراجات میں اضافے سے متعلق وزیرمذہبی امور کا اہم بیان سامنے آگیا

    حج اخراجات میں اضافے سے متعلق وزیرمذہبی امور کا اہم بیان سامنے آگیا

    کوئٹہ: وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری نے اپیل کی ہے کہ نجی حج کمپنیاں حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری کا حج مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مہنگائی کے باعث حج اخراجات میں معمولی اضافہ کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے حج اخراجات 5لاکھ روپے سے زیادہ نہ رکھنے کی ہدایت کی، وزارت مذہبی امور نےحج اخراجات کم کرنے کیلئے محنت کی، حکومت کی شروع دن سے کوشش ہے عوام پر زیادہ بوجھ نہ ڈالا جائے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ نجی حج کمپنیاں حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔

    وزیراعظم نے حج پیکیج میں 1 لاکھ 5 ہزار روپے کا اضافہ مسترد کردیا

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے حج پیکیج میں 1 لاکھ پانچ ہزار روپے کا اضافہ مسترد کردیا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حاجیوں سے صرف کرائے کی مد میں اضافہ وصول کیا جائے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کرائے میں صرف 20 سے 25 ہزار روپے اضافہ ہوگا، عازمین حج سے 80 ہزار روپے کسی صورت وصول نہیں کیے جائیں گے۔

  • سعودی عرب میں کام کرنے والوں کی تنخواہوں میں اضافہ

    سعودی عرب میں کام کرنے والوں کی تنخواہوں میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب کے نجی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں سال 2019 کے دوران اضافہ دیکھا گیا اور رواں برس مزید اضافہ متوقع ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے نجی اداروں میں سنہ 2019 کے دوران سعودی ملازمین کی ماہانہ اوسط تنخواہ 6 ہزار 429 ریال تک پہنچ گئی۔

    رپورٹ کے مطابق سنہ 2018 میں اوسط تنخواہ 6 ہزار 106 ریال تھی اور 2019 میں اس میں 5.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

    سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن کے اعداد و شمار کے مطابق 2019 کے دوران نجی اداروں میں سعودی ملازمین کی ماہانہ اوسط تنخواہ میں اضافہ ہوا ہے۔

    کارپوریشن کا کہنا ہے کہ سنہ 2015 کے مقابلے میں اب سعودی ملازمین کی اوسط تنخواہ میں غیر معمولی اضافہ ہوا،  مرد ملازمین کی ماہانہ اوسط تنخواہ 7 ہزار 519 ہوگئی، 2018 میں یہ 7 ہزار 113 ریال تھی۔

    خواتین ملازمین کی اوسط ماہانہ تنخواہ سنہ 2019 میں 4 ہزار 134 ریال ہوگئی، سنہ 2018 میں یہ 3 ہزار 938 ریال تھی۔

    اسی طرح سنہ 2019 میں غیر ملکی ملازمین کی ماہانہ اوسط تنخواہ 2 ہزار 143 ریال ریکارڈ کی گئی جو 2018 میں 2 ہزار 18 ریال تھی۔

  • دودھ کی فی کلو قیمت میں اضافہ ہوگیا

    دودھ کی فی کلو قیمت میں اضافہ ہوگیا

    حیدرآباد: غریب عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرگیا، دودھ کی فی کلو قیمت میں اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں ڈیری فارمرزایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی، اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دودھ کی فی کلو قیمت میں10روپے اضافے کی منظوری مل گئی ہے۔

    دودھ کی فی کلو قیمت میں 10سے12روپے اضافی کی منظوری دی گئی، حیدرآباد میں یکم فروری سے فی کلو دودھ 108روپے میں دستیاب ہوگا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت معاملے کا نوٹس لے۔

    خیال رہے کہ گیس، پیٹرول، بجلی، آٹا، چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد اب ڈیری فارمر ایسوسی ایشن نے بھی دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غریب عوام پر مسلسل مہنگائی کا بم گرایا جارہا ہے۔

    ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر ان کو درپیش مسائل کو حل کرائے، بصورت دیگر موجودہ صورتحال میں ہم دودھ کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا؟

    سعودی عرب میں مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا؟

    ریاض: سعودی عرب میں چارے پر حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی ختم کیے جانے کے بعد مرغی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مرغی کمپنیوں نے مرغی پر 10 سے 12.5 فیصد تک نرخ بڑھا دیے۔ اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے۔

    مرغی کمپنیوں نے یہ اضافہ قومی چارہ فیکٹریوں کی جانب سے مصنوعات کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اضافے پر کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ حکومت نے یکم جنوری 2020 سے چارے پر سبسڈی ختم کردی ہے، چارہ تیار کرنے والی فیکٹریوں نے سبسڈی ختم ہونے پر قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔

    مرغی کمپنیوں کے ذرائع کے مطابق ایک ٹن چارے کی قیمت میں 200 تا 400 ریال اضافے پر ایک مرغی کی پیداواری لاگت 60 تا 65 ہللہ بڑھے گی۔

    کمپنیوں کے مطابق مرغیوں کے نرخوں پر نظر ثانی مارکیٹ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے جڑی ہوئی ہے۔ چارے کے نرخوں میں غیر متوقع اضافے نے صورتحال بدل دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مرغیوں کے نرخ ایک ریال سے ڈیڑھ ریال تک بڑھیں گے اور یہ اضافہ وزن کے لحاظ سے ہوگا۔ نئے نرخ کچھ اس طرح ہوں گے:

    800 گرام والی مرغی ساڑھے 8 ریال کے بجائے 10 ریال، 900 گرام والی مرغی 10 ریال کے بجائے ساڑھے 11 ریال، 1 کلو والی مرغی ساڑھے 10 ریال کے بجائے 12 ریال، 11 سو گرام والی مرغی ساڑھے 11 ریال کے بجائے 13 ریال اور 12 سو گرام والی مرغی 13 ریال کے بجائے ساڑھے 14 ریال میں دستیاب ہوگی۔

  • رواں برس حج کے اخراجات میں اضافے کا امکان

    رواں برس حج کے اخراجات میں اضافے کا امکان

    اسلام آباد: رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کا ارادہ رکھنے والوں کے لیے تشویشناک خبر سامنے آگئی، رواں برس حج کے اخراجات 5 لاکھ روپے سے تجاوز کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع مذہبی امور کا کہنا ہے کہ رواں برس حج 5 لاکھ روپے سے بھی زیادہ مہنگا ہوسکتا ہے۔ حج فارمولیشن کمیٹی سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے کہ حج اخراجات کو کیسے کم کیا جائے۔

    وزارت مذہبی امورحج پالیسی 2020 فارمولیشن کمیٹی کے پاس بھیج چکی ہے، کمیٹی حج پالیسی کو حتمی شکل دے کر کابینہ سے منظور کروائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فارمولیشن کمیٹی کے متعدد اجلاس ہوئے مگر کمیٹی حتمی فیصلے پر متفق نہ ہو سکی، حج کو 5 لاکھ روپے سے کم کرنے کے لیے کمیٹی ارکان مختلف پہلوؤں پر غور کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزار روپے تھے۔ سیکریٹری مذہبی امور کے مطابق سعودی عرب کے عائد ٹیکسز کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے، سعودی عرب نے حج اخراجات 24 سو سے 26 سو 50 ریال کردیے ہیں۔

    وزارت مذہبی امور نے گزشتہ برس حکومتی کفایت شعاری سے گزشتہ حج پر 5 ارب 53 کروڑ روپے حاجیوں کو واپس کیے تھے، اوسطاً فی حاجی 37 ہزار روپے واپس کیے گئے، 70 فیصد حاجیوں کو بچ جانے والی رقم واپس کی گئی۔

  • نئے سال پر ایئرپورٹس کی پارکنگ فیس میں اضافہ

    نئے سال پر ایئرپورٹس کی پارکنگ فیس میں اضافہ

    جدہ : نئے سال کے آغاز پر کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض پر کار پارکنگ کے انتظامات کرنے والی کمپنی نے پارکنگ فیس میں اضافہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض ایئرپورٹ پر کار پارکنگ فیس میں اضافہ نئے سال سے کیا گیا ہے، پارکنگ میں ایک گھنٹے کی فیس 3 ریال سے بڑھا کر 5 ریال کر دی جبکہ ایک گھنٹے سے کم وقت کی پارکنگ کی فیس بھی 5 ریال ہی ہے۔

    ایئرپورٹ آنے والے، جانے والے افراد نے پارکنگ فیس میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پارکنگ ہر وقت بھری رہتی ہے، اکثر اوقات پارکنگ بھی نہیں ملتی، کمپنی گاڑیوں کی حفاظت بھی نہیں کر رہی، بعض اوقات گاڑی چوری ہوجاتی ہے، یا گاڑی کو نقصان پہنچتا ہے تو کمپنی اس کا بھی نوٹس نہیں لیتی۔

    دوسری جانب بعض افراد نے پارکنگ فیس میں اضافے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت پارکنگ میں رش کم ہو جائے گا۔

    کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ جدہ کا نظام کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مختلف ہے، یہاں ایک گھنٹے کی پارکنگ پر خود کار نظام کے ذریعے 5 ریال لیے جاتے ہیں جبکہ نقد رقم کی صورت میں ادا کرنے پر 10 ریال لیے جاتے ہیں۔

    دمام کا کنگ فہد انٹرنیشل ایئرپورٹ پارکنگ کے حوالے سے سستا ترین ایئرپورٹ ہے جہاں فی گھنٹہ پارکنگ فیس 2 ریال لی جاتی ہے، 72 گھنٹے تک فی گھنٹہ یہی فیس رہتی ہے۔

    کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ جدہ اکنامی پارکنگ میں فی گھنٹہ پارکنگ فیس 3 ریال وصول کی جاتی ہے۔

  • سعودی عرب میں کام کرنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    سعودی عرب میں کام کرنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب میں کام کرنے والے افراد کے لیے خوشخبری، اگلے برس تمام شعبوں کی تنخواہوں میں اضافہ متوقع ہے۔

    مارکیٹ ریسرچ و مشاورت کی کمپنی ’کوپر وچ‘ نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ سال 2020 کے دوران سعودی عرب کے تمام شعبوں کے ملازمین کی تنخواہوں میں 3 فیصد اوسط اضافہ ہوگا۔

    کمپنی کے مطابق اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ سعودی عرب میں بڑی تبدیلیاں آرہی ہیں، یہ تبدیلیاں تنخواہیں برقرار رکھوانے والی یا بیشترصنعتوں میں تنخواہیں بڑھوانے والی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی لیبر مارکیٹ میں سنہ 2020 کے دوران اسٹرٹیجک خدمات کے شعبے میں قابل ذکر پیشرفت آئے گی۔ توقع ہے کہ اس شعبے کے ملازمین کی تنخواہوں میں 6 فیصد تک اضافہ ہوگا۔

    دوسرے نمبر پر سرمایہ کاری، تجارت اور مارکیٹنگ کے شعبے ہوں گے جن کے ملازمین کی تنخواہ 5 فیصد تک بڑھنے کے امکانات ہیں۔ علاوہ ازیں فنڈنگ اور اکاﺅنٹنٹ کے شعبے میں 4 فیصد تک تنخواہ بڑھ سکتی ہے۔

    اس بات کی بھی توقع ہے کہ بینکنگ، مالیاتی خدمات، قانونی مینجمنٹ، سرمایہ کاری اور پبلک سیکٹر کی خدمات میں کام کرنے والوں کی تنخواہوں میں 3 فیصد تک کا اضافہ ہوگا۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری، صنعت، ٹیکنالوجی اور مواصلات کے شعبوں میں برائے نام اضافہ ہوگا، اس کی شرح 2 فیصد تک ہو سکتی ہے۔

    رپورٹ میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ تو محدود ہوگا البتہ اچھی بات یہ ہے کہ امارات میں کئی ترقیاتی منصوبے نافذ کیے جائیں گے۔ یہ منصوبے اماراتی لیبر مارکیٹ کی مضبوطی کا باعث بنیں گے۔

  • ای او بی آئی پنشن میں اضافے کا اعلان

    ای او بی آئی پنشن میں اضافے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری نے ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) پنشن میں 2 ہزار روپے اضافے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری نے ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) پنشن میں 2 ہزار روپے اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ای او بی آئی پنشن 6500 سے 8500 کر دی ہے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ نئے سال سے کم از کم پنشن 8500 ملے گی، ای او بی آئی پنشن کو 15 ہزار تک لے کر جائیں گے۔ ادارے کے منصوبے آئندہ سال میں مکمل ہو جائیں گے۔ 18 منصوبوں سے متعلق معاملات عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت اداروں کے ماتحت عمارتوں کو استعمال میں لانا چاہتی ہے۔ اس مقصد سے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔ ای او بی آئی ملک کی خدمت کرنے والوں کے بڑھاپے کا ذمہ دار ہے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ای او بی آئی کے منصوبے میں 10 سال کی تاخیر ہوئی۔ اس تاخیر کے ذمہ دار کون ہیں؟ ای او بی آئی منفی خبروں کی وجہ سے زبان زد عام تھا۔

    انہوں نے کہا کہ اب ای او بی آئی نے 21 ارب کا ریونیو جمع کیا۔ کمپنیوں کو ای او بی آئی کا پیسہ کھانے نہیں دیں گے۔ ادارے کو دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ مجھ پر بھی مختلف طریقوں سے دباؤ ڈالا گیا۔ وزیر اعظم کو کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین کی فکر ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ای او بی آئی میں جتنی کرپشن ہوئی شاید ہی کسی ادارے میں ہوئی ہو، پنشنرز کا پیسہ 18 پراپرٹیز میں استعمال کیا گیا۔ ای او بی آئی اے میں 21 ارب کی وصولیاں کی گئیں۔ ادارے کی بہتری کے لیے مینیجنگ ڈائریکٹر اور عملے کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی کے فنڈز مؤثر انداز میں استعمال کر رہے ہیں۔ حکومت سے ہم کچھ نہیں لے رہے۔ ہم کرپٹ ادارے اور سسٹم کو ٹھیک کر رہے ہیں۔

  • نومبر 2019: مہنگائی کی شرح میں 12.67 فیصد اضافہ

    نومبر 2019: مہنگائی کی شرح میں 12.67 فیصد اضافہ

    کراچی: گزشتہ ماہ (نومبر 2019) میں مہنگائی کی شرح میں 12.67 فیصد اضافہ ہوا، ٹماٹر کی قیمت میں 376 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ماہ نومبر میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ نومبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.67 فیصد رہی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت بڑھنے پر نومبر 2018 کے مقابلے میں نومبر 2019 میں 18.36 فیصد اضافی بوجھ پڑا۔ دالوں کی قیمت میں نومبر 2018 کے مقابلے میں نومبر 2019 میں 18 سے 56 فیصد کا بوجھ بڑھ گیا۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ پیاز کی قیمت میں 159 فیصد کا اضافہ ہوا، ٹماٹر نومبر 2018 کے مقابلے میں نومبر 2019 میں 376 فیصد مہنگا ہوا۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی رفتار غذائی اجناس کی قیمت بڑھنے پر تیز ہوگئی ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اسٹیٹ بینک اپنی ایک رپورٹ میں کہہ چکا ہے کہ اگلے برس جنوری سے مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، آئی ایم ایف نے مہنگائی 13 فیصد تک بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کا اندازہ ہے مہنگائی 11 سے 12 فیصد کے درمیان رہے گی، مہنگائی کی شرح گرنے پر پالیسی ریٹ میں بھی کمی پر غور کیا جائے گا۔

  • نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

    نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی، اضافہ بجلی کی قیمت خرید کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیپرا نے تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی کی اضافی قیمت وصول کرنے کی منظوری دے دی۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 14 ارب 78 کروڑ روپے کا بوجھ صارفین پر ڈالنے کی اجازت دی ہے۔

    فیصلے کے تحت مالی سال 20-2019 کی پہلی سہ ماہی میں بجلی کی قیمت خرید کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 14.56 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا جائے گا۔ مذکورہ اضافوں کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

    تقسیم کار کمپنیوں نے ٹرانسمیشن نظام میں نقصانات کی مد میں 11 ارب 20 کروڑ روپے، مہنگے ایندھن کی لاگت کی مد میں 3 ارب 50 کروڑ روپے اور او اینڈ ایم چارجز کی مد میں 3 ارب 46 کروڑ روپے اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔

    نیپرا نے اس سے قبل بھی رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تقسیم کار کمپنیوں کو فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں 71 ارب 20 کروڑ روپے وصول کرنے کی اجازت دی تھی۔