Tag: اضافہ

  • ایران نے افزودہ یورینیم کی مقدار میں اضافہ کردیا، عالمی توانائی ایجنسی

    ایران نے افزودہ یورینیم کی مقدار میں اضافہ کردیا، عالمی توانائی ایجنسی

    تہران : جوہری توانائی ایجنسی کے سیکریٹری جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے 2015ء کو طے پائے جوہری سمجھوتے کی شرائط پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سیکرٹری جنرل یوکیا امانو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے افزودہ شدہ یورینیم کی مقدار بڑھا دی ہے، ایک بیان میں یوکیا امانو نے کہا کہ ایران کی طرف سے یورینیم کی افزدوگی میں اضافہ باعث تشویش ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تناؤ کی وجہ سے پہلے ہی کشیدگی کی فضاء پائی جا رہی ہے۔ ایران پر الزام ہے کہ اس نے 2015ء کو طے پائے جوہری سمجھوتے کی شرائط پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد نہیں کیا۔

    انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران کےدرمیان پائی جانے والی کشیدگی میں جلد کمی آئے گی اور فریقین بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل پر غور کریں گے۔

    عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ نے ان خیالات کا اظہار اجلاس سے خطاب میں کیا، مئی کے آخرمیں عالمی توانائی ایجنسی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ایران میں بھاری پانی اور افزودہ شدہ یورینیم کی مقدار میں اضافہ ہوچکا ہے تاہم سنہ 2015ء میں طے پائے معاہدے میں تعین کردہ حدود سے یہ مقدار زیادہ نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اورایران ایک دوسرے کے خلاف حالت جنگ میں ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کےساتھ معاہدہ ختم کرنےکے بعد تہران پر مزید اقتصادی پابندیاں عاید کردی ہیں اور ایران کی طرف سے کسی جوابی کارروائی میں دفاع کے لیے امریکی فوج مشرق وسطیٰ کے ممالک میں تعینات کردی ہے۔

  • تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا، شیخ رشید

    تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا، شیخ رشید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اے سی کلاس کے کرائے عید کے بعد بڑھائے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شیخ رشید احمد نے موجودہ حکومت کے پہلے 6 ماہ کے دوران کی مالی حالت سے متعلق آگاہ کیا۔

    شیخ رشید احمد نے اجلاس میں بتایا کہ پاکستان ریلوے کو مسافر ٹرینوں سے 25 ارب سے زائد کی آمدن ہوئی ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 23 ارب روپے سے زائد تھی۔

    وفاقی وزیرریلوے نے کہا پاکستان ریلوے نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہور میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر 15 روز میں عملدرآمد کی کوشش کریں گے، سرکلر ریلوے پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہرممکن کوشش کریں گے۔

    وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے کے حوالے سے حکومت سندھ کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے گا تاہم امن وامان قائم کرنا سندھ حکومت کا کام ہے۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریلوے کی نجکاری کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

  • اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 47 فیصد اضافے کی منظوری دے دی

    اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 47 فیصد اضافے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: ماہ رمضان میں عوام کے چولہے ٹھنڈے کرنے کی تیاری کرلی گئی، اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 47 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمتوں میں 47 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی۔ سوئی ناردرن کے صارفین کے لیے گیس 236 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب سوئی سدرن کے صارفین کا ٹیرف بھی 159 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگا ہوگیا ہے۔

    ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں مالی سال 20-2019 کے لیے کیا گیا ہے۔ اوگرا نے یکم جولائی سے گیس قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی ہے۔

    گیس قیمتوں میں اضافے کا اطلاق حکومت کی جانب سے نوٹی فیکیشن کے بعد ہوگا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل ہی پیٹرول کی قیمت میں بھی یکمشت 9 روپے اضافہ کیا گیا تھا، حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 89 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 46 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔

    9 روپے اضافے کے بعد پیٹرول کی موجودہ قیمت 108 روپے ہوگئی ہے۔

  • انگریزی لغت میں نئے لفظ مودی لائی کا اضافہ ہوا ہے، راہول گاندھی کا دعویٰ

    انگریزی لغت میں نئے لفظ مودی لائی کا اضافہ ہوا ہے، راہول گاندھی کا دعویٰ

    نئی دہلی : راہول گاندھی نے مودی لائی سے متعلق انگریزی لغت کے صفحے کی تصویر اور ویب سائٹ کا لنک بھی سوشل میڈیا پر شیئرکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انگریزی لغت میں نئے لفظ مودی لائی کا اضافہ ہوا ہے۔

    بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پر بھارتی وزیراعظم مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی لاءکا لفظ دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انگریزی لغت میں بھی مودی لائی کے لفظ کا نیا اضافہ ہوگیا ہے، جس کا مطلب حقیقت کو توڑنا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بیسٹ مودی لائز کے حوالے سے ایک ویب سائٹ بھی بن گئی ہے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی نے انگریزی لغت کے صفحے کی تصویر اور ویب سائٹ کا لنک بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔

    دوسری جانب آکسفورڈ ڈکشنری نے راہول گاندھی کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا اس بات کا ثبوت موجود ہے کہ انگریزی لغت میں کسی نئے لفظ کا اضافہ نہیں ہوا، آکسفورڈ انتظامیہ نے کہا کہ ’ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ مودی لائی سے متعلق جو تصویر ٹویٹر کے ذریعے صارفین تک پہنچائی گئی ہے وہ جھوٹی اور بے بنیاد ہے‘۔

  • عرب ممالک میں حماس کے حوالے سے مثبت سوچ میں اضافہ ہوا، امریکی سروے

    عرب ممالک میں حماس کے حوالے سے مثبت سوچ میں اضافہ ہوا، امریکی سروے

    واشنگٹن : امریکی سروے میں بتایا گیا ہے کہ امارات، کویت، اردن اور مصر میں عوامی سطح پر صہیونی ریاست کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کے مخالف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں کیے گئے ایک سروے جائزے میں کہا گیا ہے کہ عرب ممالک میں عوامی سطح پر فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے حوالے سے لوگوں کی مثبت سوچ میں اضافہ ہوا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ واشنگٹن انسٹیٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ مصر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت جیسے ملکوں میں حماس کے بارے میں لوگوں کی مثبت سوچ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

    سروے رپورٹ میں اردن میں 57 فی صد ، لبنان میں 54 ، کویت میں 52 فی صد ،مصر، متحدہ عرب امارات میں بالترتیب 38، 34 اور 27 فی صد مثبت رائے پائی جاتی ہے۔

    سروے میں حصہ لینے والے 50 فی صد مصری رائے دہندگان نے اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعاون کی مخالفت کی۔ رائے عامہ جائزے کے مطابق عرب ممالک فلسطین، اسرائیل تنازع کے حل کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ امارات، کویت، اردن اور مصر میں عوامی سطح پر صہیونی ریاست کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کے مخالف ہیں۔عرب ممالک میں عوامی سطح پر اسرائیل کے ساتھ تعاون کی سب سے زیادہ مخالفت کویت کے عوام کی طرف سے کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کویت میں 13 فی صد سے زیادہ لوگ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حامی نہیں۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 9 روپے 42 پیسے مہنگا

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 9 روپے 42 پیسے مہنگا

    اسلام آباد: رمضان سے پہلے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں 9 روپے 42 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 89 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 46 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا۔

    ہائی اسپیڈل ڈیزل کی قیمت 4 روپے 89 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 32 پیسے فی لیٹرمقرر ہوگئی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 86 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    ایف بی آر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لاگو ٹیکس میں اضافے کی نئی شرح بھی جاری کردی ہے۔ پیٹرول پر جی ایس ٹی 2 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کردیا۔

    ہائی اسپیڈ اور لائٹ ڈیزل پر ٹیکس کی یکساں شرح بڑھا کر 17 فیصد کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل پر جی ایس ٹی 8 فیصد سے بڑھا کر17 فیصد کردیا گیا ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، قیمتوں میں اضافے کا بوجھ حکومت اور عوام کو مل کر برداشت کرنا پڑے گا۔

    یاد رہے کہ اوگرا نے پیٹرول 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرکے 113 روپے کرنے کی سفارش کی تھی، تاہم وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ ای سی سی کو بھجوایا تھا۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے اضافے کی سفارش کی تھی۔

  • امریکی افواج میں شامل خواتین پر جنسی حملوں میں ریکارڈ اضافہ

    امریکی افواج میں شامل خواتین پر جنسی حملوں میں ریکارڈ اضافہ

    واشنگٹن : امریکا میں خواتین فوجیوں کو جنسی حملوں سے بچانے کےلیے مسلسل کوششوں کے باوجود خاتون اہلکاروں سے جنسی زیادتی یا زیادتی کی کوشش کے واقعات میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے دعویدار و خواتین کی آزادی، حقوق جنسی زیادتیوں کے لیے سب سے زیادہ آواز اٹھانے والے ملک امریکا اپنی مسلح افواج میں شامل خواتین اہلکاروں ہی تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس امریکی افواج میں شامل خواتین پر حملوں کے بیس ہزار پانچ سو واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ یہ اعداد و شمار سنہ 2016 میں 14900 تھے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رپورٹ کیے گئے واقعات میں ایک تہائی جنسی حملے شراب نوشی کے باعث ہوئے جبکہ حملوں کا شکار ہونے والی زیادہ تر خواتین کی عمر 17 سے 24 برس تھی جن کی اکثریت فوج میں نئی بھرتی ہوئی تھی۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکی برّی، بحری، میرین و فضائی افواج کے ایک سروے کے مطابق 2018 میں خواتین اہلکاروں سے جنسی زیادتی و حملوں کے 20500 کیسز درج ہوئے، یہ رپورٹ ایک لاکھ اہلکاروں کے سروے کے بعد مرتب کی گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعات میں سنہ 2016 کے مقابلے میں 38 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم یہ ہر تین میں صرف ایک کیس ہی اعلیٰ حکام کو رپورٹ ہوتا ہے۔

  • پیٹرول کی قیمتوں‌ میں‌ اضافہ متوقع

    پیٹرول کی قیمتوں‌ میں‌ اضافہ متوقع

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو ارسال کر دی.

    تفصیلات کی مطابق اوگرا نے اپنی سمری میں یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات میں بھاری اضافے کی سفارش کی ہے.

    آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 89 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے.

    ذرائع کے مطابق مذکورہ سمری میں مٹی کا تیل فی لیٹر 7 روپے 46 پیسے مہنگا اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6 روپے 40 پیسے فی لیٹربڑھانے کی سفارش کی گئی ہے.

    مزید پڑھیں: گیس کی قیمت میں 75 سے 80 فیصد اضافہ متوقع ہے، چیئرپرسن اوگرا

    یاد رہے کہ 15 اپریل 2019 کو اپنے بیان میں چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل خان کا کہنا ہے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، 75 سے 80 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، قیمت خرید میں اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ دو سال سے گیس کی قیمتیں نہیں بڑھ سکیں۔ قیمت خرید اور فروخت میں فرق بڑھ گیا ہے۔

  • چینی کی قیمت میں بلا جوازاضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا، عثمان بزدار

    چینی کی قیمت میں بلا جوازاضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کو زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمت میں بلا جوازاضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت چینی کی قیمت میں استحکام کے لیے ہرممکن اقدام کرے گی، عوام کوزیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مجھےصوبے کے عوام کا مفاد بے حد عزیزہے، کسی کو من مانی نہیں کرنے دیں گے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ  چینی کی قیمت میں بلاجوازاضافہ روکنے کے لیے ہرآپشن استعمال ہوگا، متعلقہ محکمے چینی کے نرخوں میں استحکام کے لیے اقدامات کریں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ کسی کی پرواہ نہیں،عوام کوریلیف دینے کے لیے ہراقدام کیا جائے گا۔

    پنجاب میں کئی دہائیوں سے شوگرمل مافیا کا راج تھا، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کئی دہائیوں سے شوگر مل مافیا کا راج تھا، گنے کے کاشتکار وں کو کئی کئی سال ادائیگیاں نہیں ہوتی تھیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ رواں سیزن میں پنجاب میں 133 ارب روپے کا گنا خریدا گیا۔

  • امارات، قطر اور عمان نے پیٹرول کے نرخوں میں اضافہ کردیا

    امارات، قطر اور عمان نے پیٹرول کے نرخوں میں اضافہ کردیا

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات ، قطر اور سلطنت عمان نے تیل کے نرخوں میں اضافہ کردیا جبکہ سعودی عرب، بحرین اور کویت نے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کے نرخوں میں فی لیٹر 19 فلس کا اضافہ ہوگا، اعلی درجے کے پیٹرول کی قیمت مارچ کے دوران 2.04 درہم تھی اپریل میں اس کی قیمت 2.23 درہم کردی گئی۔

    متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کے نرخ مسلسل دوسرے ماہ بڑھائے گئے، قطر نے مارچ کے مقابلے میں اپریل کے دوران اعلی اور عام پیٹرول نیز ڈیزل کے نرخوں میں 11 فیصد سے زیادہ کا اضافہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ قطر میں اعلی درجے کا ایک لیٹر پیٹرول مارچ کے مقابلے میں 15.6 فیصد مہنگا ہوگا، ایک لیٹر 1.85 قطری ریال میں فروخت ہوگا جبکہ مار چ میں اسکی قیمت 1.60ریال تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق قطر میں ایک لیٹر عام پیٹرول کی قیمت 16.1 فیصد بڑھا دی گئی، مارچ میں ایک لیٹر عام پیٹرول 1.55ریال تھی اب یہ 1.80ریال کردی گئی۔

    سلطنت عمان میں اعلی درجے کے ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت ماہ اپریل کے دوران 214 پیسہ کردی گئی، مارچ میں 209 پیسہ میں ایک لیٹر عمدہ پیٹرول فروخت کیا جارہا تھا، سلطنت عمان میں مارچ کے دوران ایک لیٹر ڈیزل 238 پیسہ میں فروخت ہورہا تھا، اب اسکی قیمت 245پیسہ ہوگئی۔

    دوسری جانب عرب لیگ کے اہم رکن ممالک اور دنیا کا سب سے بڑا تیل کا کنواں رکھنے ملک سعودی عرب، بحرین اور کویت نے تاحال پیٹرولیم مصنوعات میں کسی قسم کے اضافے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔