Tag: اضافہ

  • نیپرا نے بجلی کی قیمت میں81 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا

    نیپرا نے بجلی کی قیمت میں81 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا

    اسلام آباد : نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 81 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا اور بجلی مہنگی ہونے سے صارفین پر 5ارب 2 کروڑ کا اضافی بوجھ پڑے گا، اضافہ فروری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پٹرول اور ایل پی جی کے بعد عوام کو بجلی کا جھٹکا لگنے والا ہے ،  نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیرٹی اتھارٹی (نیپرا)  نےبجلی کی قیمت میں 81 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا، اضافے سے صارفین پر 5ارب2 کروڑ کا بوجھ ڈال دیاگیا ہے۔

    یہ اضافہ فروری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں کیاگیا ہے۔

    نیپرا کا کہنا ہے گیس کی قیمتیں بڑھنے سے 3ارب کا بوجھ پڑا، فروری کے دوران پانی سے 22.77فیصد بجلی پیدا کی گئی، کوئلے سے 17.46فیصد اور گیس سے 23.85فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

    فروری میں درآمدی ایل این جی سے16.89 فیصدبجلی پیداہوئی جبکہ ریفرنس فیول لاگت 3روپے 97 پیسےفی یونٹ رہی۔

    مزید پڑھیں : بجلی کی قیمت میں ایک روپے80 پیسے فی یونٹ اضافہ

    سی پی پی اےنےنرخ میں1روپے 23پیسےفی یونٹ اضافےکی تجویزدی ، تقسیم کارکمپنیوں کوفراہم بجلی کی فی یونٹ قیمت5روپے 20پیسے ہے۔

    یاد رہے فروری میں نیپرا نے بجلی ایک روپے 80 پیسے فی یونٹ مہنگی کی تھی، جس کے باعث صارفین پر آئندہ ماہ 13 ارب 50 کروڑ روپے کا بوجھ پڑا تھا، اضافہ جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل جنوری میں بھی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں 57 پیسے اضافے کی منظوری دی تھی ،  اضافے کی منظوری دسمبر 2018 کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی تھی ۔

  • فروری کے دوسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    فروری کے دوسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: رواں ماہ (فروری) کے دوسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گندم اور آٹے سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق نئے مالی سال 19-2018 کے آٹھویں ماہ فروری کے دوسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    اعدادو شمار کے مطابق کم آمدنی والے طبقے کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    پاکستان بیورو شماریات کا کہنا ہے کہ 15 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زندہ مرغی، ٹماٹر، کیلے، گندم، آٹا، مسٹرڈ آئل، مٹن، بیف، ویجی ٹیبل گھی، چینی، گڑ اور دال مسور سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق انڈے، لہسن ،خوردنی تیل، آلو، پیاز، دال ماش، چنے کی دال، دال مونگ، سرخ مرچ اور ایل پی جی سمیت 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کا تیل، گیس نرخ، بجلی کے نرخ، نمک، چائے، روٹی سادہ، تازہ دودھ، دہی، ملک پاؤڈر، باسمتی چاول، اری چاول، سگریٹ اور صابن سمیت 31 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں 8 ہزار تا 12 ہزار آمدنی، 12 ہزار تا 18 ہزار آمدنی، 18 ہزار تا 35 ہزار تک اور 35 ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.53، 0.56، 0.54 اور 0.51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

  • بیرون ملک پناہ لینے والے سعودیوں کی تعداد میں تین گناہ اضافہ ہوگیا، اقوام متحدہ

    بیرون ملک پناہ لینے والے سعودیوں کی تعداد میں تین گناہ اضافہ ہوگیا، اقوام متحدہ

    ریاض : بیرون ممالک پناہ حاصل کرنے والے سعودی شہریوں کی تعداد 2012 کے مقابلے میں تین گناہ اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پناہ حاصل کرنے والے سعودی عرب کے شہریوں کی تعداد میں پانچ سالوں کے دوران 317 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کا کہنا ہے کہ سنہ 2017 میں 800 سے زائد سعودی شہریوں نے بیرون ممالک میں پناہ اختیار کی جبکہ 2012 میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والے افراد کی تعداد 200 تھی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں میں شرکت کرنے اور سماجی خدمات میں انجام لینے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے انتقامی کارروائیوں سے بچنے کیلئے ریاست سے فرار اختیار کی۔

    مزید پڑھیں : سعودی لڑکی راہف القانون کینیڈا پہنچ گئیں

    خیال رہے کہ سعودی عرب سے فرار اختیار کرکے بیرون ملک پناہ لینے تازہ واقعہ 18 سالہ سعودی دوشیزہ راہف القانون کا ہے، جس نے کینیڈا میں سیاسی پناہ اختیار کی ہے۔

    راہف 7 جنوری کو کویت سے بنکاک پہنچی تھی جہاں اس نے ایئرپورٹ ہوٹل میں خود کو قید کردیا تھا۔ لڑکی کے مطابق ترکِ مذہب کے سبب اسے سعودی عرب میں موت کی سزا ہوسکتی ہے۔

    یاد رہے کہ تھائی لینڈ کے امیگریشن حکام کی جانب سے راہف القانون کو واپس جانے کا کہا گیا تو سعودی لڑکی نے خود کو ایئرپورٹ ہوٹل کے کمرے میں بند کرکے ٹویٹر پر #SaveRaHaf کی مہم شروع کردی تھی۔

    راہف القانون کی ہیش ٹیگ مہم کے بعداقوام متحدہ نے انہیں قانونی طور پر پناہ گزین کا درجہ دے کر کینیڈا سے پناہ دینے کی درخواست کی تھی۔

  • ملک بھر میں دواؤں کی قیمتوں میں 9 سے 15 فیصد اضافہ

    ملک بھر میں دواؤں کی قیمتوں میں 9 سے 15 فیصد اضافہ

    اسلام آباد : کھانسی، بخار، گلے کی تکلیف، پین کلر اور فرسٹ ایڈبینڈیج سمیت دیگر دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، قیمتوں میں 9 تا   15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے،  قیمتوں میں اضافے کا اطلاق نئی تیار شدہ ادویات پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا اور قیمتوں میں اضافےکا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں 9 تا 15 فیصد اضافہ کیاگیا، ادویات کی قیمتیں پیکٹ پرتحریرکرناہوں گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہارڈشپ کیسز والی ادویات کی قیمتوں میں 9 فیصد مہنگائی کی گئی جبکہ دیگرتمام ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصداضافہ کیا گیا جبکہ ڈالرکی قیمت میں اضافے کو ادویات مہنگی کرنے کاجواز بنایاگیا ہے۔

    ذرائع ڈریپ کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کااطلاق نوتیارشدہ ادویات پرہوگا، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2018کےتحت کیاگیا۔

    خیال رہے پی پی ایم اے نےقیمتوں میں 40فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔

    دواؤ ں کی قیمتوں میں اضافے کی اصل کہانی سامنے آگئی


    دوسری جانب دواؤ ں کی قیمتوں میں اضافے کی اصل کہانی سامنے آگئی ، گزشتہ 2ہفتے میں ادویات کی قیمتوں میں دوسری باراضافہ ہوا ، قلت کےنام پراہم ادویات کی قیمتوں میں دسمبر کے آخری ہفتے میں اضافہ کیاگیا تھا۔

    پہلےنوٹیفکیشن میں 6 فیصدتک قیمتوں میں اضافہ کیاگیا جبکہ آج دوسرےنوٹیفکیشن میں دوائیوں کی قیمتوں میں 9سے15 فیصد اضافہ کیا، 9 فیصد اضافہ ان کمپنیوں کو دیاگیاجو پہلے 6 فیصد اضافہ لےچکی تھیں۔

    کوئی میڈیکل اسٹورپرانی قیمت کاٹ کرنئی قیمت میں ادویات فروخت نہیں کرسکتا، دکاندار کے لئے پرانی پرنٹ شدہ قیمت پر ادویات فروخت کرنا لازم ہے، کمپنی کا نیا اسٹاک آنے تک میڈیکل اسٹور پرانے اسٹاک کوپ رانی قیمت پر فروخت کرسکیں گے۔

  • پنجاب کے بعد خیبرپختونخواہ میں بھی موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ

    پنجاب کے بعد خیبرپختونخواہ میں بھی موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے بعد خیبرپختونخواہ کے اسکولوں میں بھی موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیرتعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات میں 6 جنوری تک اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد اب اسکول 7 جنوری بروز پیرکھلیں گے۔

    مراد راس کا کہنا تھا کہ شدید سردی میں والدین کو بچوں کو اسکول چھوڑنے میں پریشانی کا سامنا ہوتا ہے اور شدید سردی کے باعث بچے بیمار بھی پڑسکتے ہیں۔

    دوسری جانب خیبرپختونخواہ حکومت نے بھی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا۔

    وزیراعلیٰ محمود خان نے سردی کی شدت میں اضافے پرموسم سرما کی چھٹیاں بڑھا دیں جس کے بعد اب صوبے بھر میں تعلیمی ادارے 7 جنوری کو کھلیں گے۔

    واضح رہے کہ صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں موسم سرما کی تعطیلات 31 دسمبر تک تھیں جس کے بعد یکم جنوری کو اسکولوں میں تدریسی عمل کا آغاز ہونا تھا۔

  • کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

    کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

    کراچی : شہر قائد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، کئی شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے باعث خشک سردی اور فوگ کا خاتمہ ہوگیا۔

    شہر قائد اور مضافاتی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، گزشتہ رات 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ریکارڈ موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری ہے جبکہ آج درجہ حرارت 30 سے 31 ڈگری تک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اگلے ہفتے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

    لاہور کی قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر بوندا باندی کی وجہ سے پھسلن پیدا ہوگئی ہے، موٹر وے پولیس کی جانب سے قومی شاہراہوں پر احتیاط سے سفر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، کے الیکٹرک کا نظام جواب دے گیا

    موٹر وے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری اپنی گاڑیوں کے وائپرز درست حالت میں رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی مشکل کی صورت میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔

    محمکہ موسمیات کی جانب سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں 48 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش

    ذرائع کے مطابق ڈی آئی خان مضافات میں شدید دھند ،حد نگاہ صفررہ گئی جبکہ گذشتہ شب بارش کے بعد سے معطل بجلی کی سپلائی تاحال نہ بحال نہیں ہوسکی ہے۔

    دوسری جانب وہاڑی، خان پور، ڈسکہ، کالاباغ، جلالپور بھٹیاں، بہاولپور، حویلی لکھا، احمد پور شرقیہ میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

    ملک کے  پہاڑی  علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری، درجہ حرارت منفی ہوگیا

    اسکردو شہر اور گردونواح میں آج موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہوئی ہے جس کے بعد پورے علاقے نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔

     

    محکمہ موسمیات کی جانب سے اسکردو میں آئندہ 24 گھنٹے برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 8 جبکہ بالائی علاقوں میں منفی 14 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

    دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں ابھی آج علی الصبح موسم سرما کی پہلی برفباری کا آغاز ہوگیا۔

    ملکہ کوہسار میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

    گلیات نے مسلسل برفباری کے بعد سفید چادر اوڑگ لی ہے، مذکورہ علاقے میں 4 سے 5 انچ تک برف پڑچکی ہے۔

    جی ڈی اے کی جانب سے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گاڑی اضافی پیٹرول و دھاتی زنجیر ساتھ رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

  • ملک میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 4 سال کی بلند ترین سطح پر

    ملک میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 4 سال کی بلند ترین سطح پر

    اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگیا جس کے بعد مہنگائی میں اضافے کی شرح 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ادارہ شماریات نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی میں اضافے کی شرح 7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح 5.12 فیصد تھی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں اضافے کی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہے جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل اسٹیٹ بینک نے ملکی معیشت پر رپورٹ جاری کی تھی جس میں مہنگائی میں اضافہ، شرح نمو میں کمی ،مالیاتی خسارے اور جاری کھاتوں میں اضافہ کی پیشگوئی کی گئی تھی۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے اور خام تیل مہنگا ہونے کے باعث مہنگائی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق مہنگائی آئندہ چند ماہ میں دگنی ہوجائے گی اور اضافے کی شرح ساڑھے 7 فیصد سے تجاوز کر سکتی ہے۔

  • اسرائیل نے ’کیرم شالوم‘ گزرگاہ پر پابندی عائد کردی

    اسرائیل نے ’کیرم شالوم‘ گزرگاہ پر پابندی عائد کردی

    یروشلم : صیہونی ریاست اسرائیل نے فلسطینی شہریوں پر دھائے جانے والے مظالم میں مزید اضافہ کردیا، غزہ پر مزید بحری اور زمینی پابندیاں عائد کرتے ہوئے ’کیرم شالوم‘ گزر گاہ بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے نہتے فلسیطینوں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے گذشتہ روز مقبوضہ غزہ پر مزید نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ظلم و بربریت کا بازار گرم کرنے والی ریاست اسرائیل کے وزیر دفاع لائیبرمین کی جانب سے نئی پابندیاں غزہ کے مچھیروں پر لگائی گئی ہیں جو اب سمندر میں صرف 6 سے 9 ناٹنیکل میل تک ہی شکار کرسکیں گے۔

    انتہا پسند اسرائیلی وزیر دفاع نے فلسطینی شہریوں کو دھمکی دی ہے کہ اگر مچھیرے اسرائیلی حکومت کے جاری کردہ احکامات کی حکم عدولی کریں گے یا مزید مظاہرے کریں گے تو انہیں مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ میں اشیاء کی آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والی شاہراہ ’کیرم شالوم‘ پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے حماس کی حکومت وجود میں آنے کے بعد سے غزہ کا بحری اور زمینی محاصرہ کیا ہوا ہے۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سنہ 1948 میں فلسطینی شہریوں کو ان ہی کے گھروں سے بے دخل کرکے یہودیوں کو آباد کردیا گیا تھا جس کے خلاف رواں برس مارچ سے نہتے فلسطینی شہری صیہونی ریاست کے خلاف احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔


    مزید پڑھیں : غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ‘ 3 فلسطینی شہید


    واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز کے ظلم و بربریت اور اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر غزہ کی سرحد پراحتجاج کرنے والے تین فلسطینی شہری شہید جبکہ 300 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

    غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 12 سالہ فارس حفیظ اور 24 محمود اکرم موقع پرہی دم توڑ گئے۔


    مزید پڑھیں : غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، نوجوان شہید، 24 فلسطینی زخمی


    یاد رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی فورسز نے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں نوجوان شہید جبکہ 24 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی قبضے کے خلاف 30 مارچ سے شروع ہونے والے مظاہروں میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے تقریباََ 200 فلسطینی جاں بحق اور 21 ہزار سے زائد مظاہرین زخمی ہوچکے ہیں۔

  • بجلی 1 روپیہ 16پیسے  مہنگی کر دی گئی

    بجلی 1 روپیہ 16پیسے مہنگی کر دی گئی

    اسلام آباد : بجلی ایک ماہ کے لئے ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی ، قیمت میں اضافہ اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت بڑھ گئی، نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی۔

    نیشنل الیکٹریک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی کے مطابق اگست کے کیلئے بجلی کی قیمت میں ایک روپیہ سولہ پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا ہے، قیمت میں اضافہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہوا۔

    بجلی مہنگی کرنے کی درخواست سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے کی تھی۔

    نیپرا کے مطابق اگست میں بجلی کی پیداواری لاگت پانچ روپے اکیانوے پیسے فی یونٹ رہی جبکہ صارفین سے چار روپے پچھتر پیسے فی یونٹ وصول کئے گئے۔

    نیپرا کے فیصلے سے آئندہ ماہ میں سولہ ارب روپے کی وصول کئے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کر دیا

    بجلی کی قیمت میں اضافہ کے الیکٹرک کے علاوہ ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کردیا تھا اور ساتھ ہی بلز کی 100 فی صد وصولی یقینی بنانے اور ترسیل وتقسیم کے نقصانات کم سے کم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    واضح رہے کہ نیپرا نے 3 روپے75 پیسےفی یونٹ اضافے کی تجویزدی تھی۔

  • وزن میں اضافہ کرنے والی 5 عادات

    وزن میں اضافہ کرنے والی 5 عادات

    ہم میں سے اکثر افراد اپنے وزن کے بارے میں خاصے فکر مند رہتے ہیں کہ کہیں وہ بڑھ نہ جائے اور ان کا جسم بے ڈول نہ ہوجائے۔ اس مقصد کے لیے وہ چکنائی والی اور میٹھی اشیا کھانا بہت کم کردیتے ہیں اور جیسے ہی انہیں لگتا ہے کہ ان کا وزن بڑھ رہا ہے وہ فوری طور پر ڈائٹنگ شروع کردیتے ہیں۔

    تاہم اس تمام تر احتیاط کے باوجود وزن میں اضافہ ہوتا رہتا ہے اور لوگ سمجھ نہیں پاتے کہ ان کا وزن آخر کیوں بڑھ رہا ہے۔

    مزید پڑھیں: جسم کو موٹاپے سے بچانے والی 5 عادات

    دراصل بظاہر بغیر کسی وجہ کے وزن میں اس اضافے کی وجہ چند ایسی عادات ہوتی ہی جو ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ ہوتی ہیں اور ہماری لاعلمی میں ہمارے جسم پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہوتی ہیں۔

    آئیں دیکھتے ہیں وہ کون سی عادات ہیں جن سے چھٹکارہ پانا، وزن کو اعتدال پر رکھنے کے لیے از حد ضروری ہے۔


    بہت زیادہ سونا

    ایک طویل عرصے سے طبی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ کسی بھی شخص کے لیے 7 سے 9 گھنٹے کی نیند کافی ہے۔ اگر آپ اس سے زیادہ وقت سونے کے عادی ہیں جیسے 10 گھنٹے، تو یہ آپ کے وزن میں اضافے کی ایک پوشیدہ وجہ ہے۔

    بہت زیادہ سونا دراصل بھوک میں بھی اضافہ کرتا ہے اور آپ معمول سے زیادہ کھانے لگتے ہیں۔


    صبح کا اندھیرا

    صبح کے وقت جیسے ہی آپ نیند سے اٹھیں، اپنے کمرے کی کھڑکیاں کھول دیں، پردے ہٹا دیں اور سورج کی روشنی کو اندر آنے دیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج کی روشنی آپ کے جسم کے میٹا بولزم میں اضافہ کرتی ہے اور جسم کی اضافی چربی کم ہوتی ہے۔ صبح کے وقت 20 سے 25 منٹ کے لیے سورج کی روشنی نہ صرف آپ کی صحت بلکہ دماغ اور موڈ پر بھی خوشگوار اثر ڈالتی ہے۔


    بستر درست نہ کرنا

    شاید آپ کو لگتا ہو کہ موٹاپے کا بستر درست کرنے سے کیا تعلق؟

    امریکا کی نیشنل سلیپ فاؤنڈیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق وہ افراد جو رات سونے سے قبل اور جاگنے کے بعد اپنے بستر کو درست کر کے صاف ستھری اور سمٹی ہوئی حالت میں لاتے ہیں وہ پرسکون نیند سوتے ہیں۔

    پرسکون نیند سونے والے افراد طبی بے قاعدگیوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں اور یوں وہ غیر مطمئن نیند سونے والوں کی طرح ذہنی دباؤ، موٹاپے اور بے چینی کا شکار نہیں ہوتے۔


    کم ناشتہ کرنا

    کیا آپ جانتے ہیں کہ صبح کے وقت ایک بھرپور ناشتہ آپ کے وزن میں کمی کرتا ہے اور آپ کو دن بھر چاق و چوبند بھی رکھتا ہے؟

    دراصل صبح کے وقت کھائی جانے والی پہلی خوراک جسم کے بجائے دماغ کو لگتی ہے کیونکہ ہمارا دماغ 8 سے 9 گھنٹے سونے کے بعد نہایت سست ہوتا ہے اور اسے فوری توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

    مزید پڑھیں: ناشتہ دماغ کو چاک و چوبند رکھنے کے لیے ضروری

    اس توانائی کے حصول کے لیے وہ ناشتہ کی تمام غذائیت اور توانائی اپنے اندر جذب کرلیتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ جسم کو بھی توانائی فراہم کرتا ہے۔

    تاہم اگر آپ ناشتہ نہیں کریں گے، تھوڑا کھائیں گے یا غیر صحت مند غذا کھائیں گے تو دماغ کو اس کی مطلوبہ توانائی نہیں ملے گی، یہ توانائی کے لیے جسم کو شوگر بنانے پر مجبور کرے گا، آپ کے جسم میں شوگر کی سطح میں اضافہ ہوگا اور یوں بغیر کچھ کھائے آپ کے وزن میں اضافہ ہوگا۔


    وزن کا حساب نہ رکھنا

    اگر آپ اپنے وزن کے حوالے سے بہت حساس ہیں اور اپنے جسم کو اعتدال پر رکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ ہفتے یا 10 دن میں ایک بار وزن چیک کرنے کے بجائے روزانہ اپنے وزن کی جانچ پڑتال کریں۔

    اس عمل سے یہ فائدہ ہوگا کہ جیسے ہی آپ کے وزن میں اضافہ ہوگا آپ فوری طور پر اس کا سدباب کرسکیں گے۔

    اسی طرح وزن میں آنے والی کمی سے آپ کی حوصلہ افزائی ہوگی اور آپ اپنے جسم کو بے ڈول ہونے سے بچا سکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔