Tag: اضافی گیس

  • سسٹم میں اضافی گیس سے پائپ لائنیں پھٹنے کا خدشہ، سوئی ناردرن نے پاور ڈویژن کو آگاہ کر دیا

    سسٹم میں اضافی گیس سے پائپ لائنیں پھٹنے کا خدشہ، سوئی ناردرن نے پاور ڈویژن کو آگاہ کر دیا

    اسلام آباد: سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹیڈ نے سسٹم میں اضافی گیس کی وجہ سے پائپ لائنیں پھٹنے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے، سوئی ناردرن نے پاور ڈویژن کو بھی اس سلسلے میں آگاہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن نے کہا ہے کہ سسٹم میں اضافی گیس کے سبب پائپ لائنیں پھٹ سکتی ہیں، کمپنی نے پاور ڈویژن کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی پیداوار کے لیے ایل این جی کی طلب میں اچانک کمی اس کا باعث ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی کھپت کم ہونے سے پائپ لائنز پر بوجھ بڑھ گیا ہے، پائپ لائنوں میں سسٹم پیک 4660 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ گیا۔

    پاور ڈویژن نے 828 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی منگوائی تھی، ایک ہفتے میں صرف 686 ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال کی گئی، مون سون میں ایل این جی کی کھپت کم ہونے سے سسٹم پیک بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    سوئی ناردرن نے کہا ہے کہ کسی بڑے حادثے سے بچنے کے لیے ایل این جی پلانٹس کو ترجیح دی جائے، فرنس آئل کے پاور پلانٹس بھی ایل این جی سے چلائے جائیں۔

    سوئی ناردرن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایل این جی کارگوز کا شیڈول تبدیل کرنا یا ری گیسی فکیشن میں کمی ممکن نہیں، پاور ڈویژن دی گئی طلب کے مطابق ایل این جی استعمال کرے۔

  • ایس ایس جی سی کی کے الیکٹر ک کو اضافی گیس بند کرنے کی دھمکی

    ایس ایس جی سی کی کے الیکٹر ک کو اضافی گیس بند کرنے کی دھمکی

    کراچی : ایس ایس جی سی نے کے الیکٹر ک کی اضافی گیس بند کرنے کی دھمکی دے دی اور کہا کہ ایک ماہ کا وقت گزرنے کے باوجود کے الیکٹرک گیس سپلائی معاہدہ نہیں کیا، آئندہ ہفتے تک معاہدہ نہیں ہوا تو اضافی گیس معطل کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے کے الیکٹر ک کو اضافی گیس بند کرنے کا الٹی میٹم دے دیا، ایس ایس جی سی ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک نے گیس سپلائی معاہدے پر ایک ماہ گزر جانے کے باوجود دستخط نہیں کئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ 23اپریل کو کے الیکٹرک نے جی ایس اے پر دستخط کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، ایک ماہ کا وقت گزرنے کے باوجود ٹی او آرز کے تحت آڈٹ فرم کا تقرر نہیں کیا جاسکا۔

    ایس ایس جی سی نے کہا کہ کے الیکٹر ک آڈٹ فرم کی تقرری کے لئے پہلے پندرہ اور بعد ازاں ایک ہفتے کا وقت مانگا، ایک ماہ کا وقت گزرنے کے باوجود کے الیکٹرک گیس سپلائی معاہدہ نہیں کیا، آئندہ ہفتے تک گیس معاہدہ نہ ہوا تو اضافی 100ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی معطل کردی جائے گی۔

    دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ معاہدہ میں کے الیکٹرک کی جانب سے کوئی تاخیر نہیں ٹی او آر ز مختلف اداروں جس میں واٹر بورڈ وغیرہ شامل ہیں سے مشروط اور مشترکہ دستخط ہونے کا فیصلہ ہوا تھا، واٹر بورڈ اور دیگر اداروں کے معاملات متعلقہ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے طے کیے جارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ ایس ایس جی سی100ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس کے الیکٹرک کو فراہم کرتا ہے۔

    یاد رہے اپریل میں کراچی میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا تھا، وزیراعظم کی مداخلت کے بعد کےالیکٹرک اورایس ایس جی سی میں اضافی گیس فراہمی کامعاہدہ طے پایا تھا۔

    معاہدے کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی نے کے الیکٹرک کو فوری طور پر گیس کی فراہمی شروع کردی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔