Tag: اعتراض ہے

  • ن لیگ بلیک میلنگ کر رہی ہے، کہتی ہے اور بھی ویڈیوز ہیں: اعتزاز احسن

    ن لیگ بلیک میلنگ کر رہی ہے، کہتی ہے اور بھی ویڈیوز ہیں: اعتزاز احسن

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ن لیگ والے کہتے ہیں ہمارے پاس اور بہت ساری ویڈیوز ہیں، ن لیگ والے بلیک میل کر رہے ہیں، کیا ن لیگ نے بلیک میلنگ کے لیے ایسی ویڈیوز بنا رکھی ہیں؟

    ان خیالات کا اظہار وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں کر رہے تھے، اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالت نے کہا اصلی ویڈیو پیش کی جائے تو اس کا فرانزک ہو سکتا ہے، ن لیگ نے تو ویڈیو عدالت میں پیش ہی نہیں کی، اگر مریم نواز نے ویڈیو پیش کی تو خود ان پر فرد جرم عائد ہو جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ ن لیگ کی ذمہ داری ہے اصلی ویڈیو عدالت میں پیش کرے، ویڈیو بنانے والے کو بھی پیش کرنا ن لیگ کی ذمہ داری ہے، ان کے پاس بغیر ایڈٹ شدہ ویڈیو ہے تو بھاگ کر عدالت جانا چاہیے تھا، ویڈیو کاٹ کر پیش کی گئی، یہ تو خود اندر ہو جائیں گے۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ویڈیو کو 2 ماہ ہو گئے اب تک ن لیگ والے کچھ ثابت نہیں کر سکے، ن لیگ کی قیادت نے نواز شریف کے ساتھ اچھا نہیں کیا، خواجہ حارث ان کے ساتھ بیٹھے ہوتے تو وہ انھیں ایسا نہ کرنے دیتے، بہ طور قیدی نواز شریف سے ہم دردی ہے لیکن قانون پر عمل ہونا چاہیے۔

    اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ ن لیگ نے جسٹس قیوم کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا تھا، سیف الرحمان، جسٹس راشد عزیز مرحوم کی آڈیو ٹیپس بھی چلی تھیں، جج کی پرانی ویڈیو عدالت میں ثابت ہو جائے تو حدود کا کیس بن سکتا ہے، ایک ویڈیو سے جج کے تمام فیصلے ختم نہیں ہو سکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو ثابت کرنا ہوگا شکار کو پھندے میں لانے کی کوشش نہیں کی، ن لیگ نے ویڈیو مہیا نہیں کی تو معاملہ ہائی کورٹ میں نہیں آئے گا، عدالت میں معاملہ جب جائے گا جب یہ ویڈیو اور حلفیہ بیان دیں گے۔

    پی پی رہنما نے کشمیر کی موجودہ صورت حال پر بھی تبصرہ کیا، انھوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں 90 لاکھ کشمیریوں کو قید کر دیا ہے، بھارتی فوج قبضہ گیر بن چکی ہے، عالمی عدالت میں ہم شاید یہ معاملہ نہ اٹھا سکیں لیکن جرائم کے خلاف عالمی عدالت موجود ہے، جرائم کے خلاف عالمی عدالت میں بوسنیا کے قاتل میلا سووچ کا مقدمہ بھی چلا۔

  • احتساب کیا جائے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے، فیصل واوڈا

    احتساب کیا جائے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے، فیصل واوڈا

    کراچی: وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ احتساب کیا جائے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے این آر او کرلیں یہ آپ کے بھائی بن جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے’ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان مک مکا چل رہا تھا، دونوں پارٹیوں نے ڈیم روکنے کے لیے سازش کی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نہیں چاہتیں کہ ڈیم بنیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ 20 سال سے یہی کہہ رہے ہیں ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک ہیں، دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کا ساتھ دیتی رہی ہیں، ن لیگ کو کچھ کہیں تو پیپلزپارٹی کو برا لگتا ہے، پیپلزپارٹی کو کچھ کہیں تو ن لیگ کو برا لگتا ہے۔

    مزید پڑھیں: اپوزیشن جماعتوں کی مہمند ڈیم کے کنٹریکٹ پرتنقید، فیصل واوڈا کا جواب

    انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم کے ٹھیکے میں پیپر رولز کی خلاف ورزی نہیں کی گئی، ٹھیکے سے متعلق اخبار میں اشتہار آنے کے بعد قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی، ڈیم بنے گا ٹھیکہ منسوخ نہیں ہوگا۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ ملک میں 53 سال بعد کوئی ڈیم بننے جارہا ہے، ڈیم، اسکول اسپتال بن جائیں گے تو اپوزیشن کی سیاست ختم ہوجائے گی، اپنی کارکردگی سے اپوزیشن کو تکلیف دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ داسو ڈیم بھی بننے جارہا ہے، وزیراعظم عمران افتتاح کریں گے، ڈیم بننے سے عوام پانی سے محروم نہیں رہیں گے، داسو ڈیم کے لیے ن لیگ کی حکومت نے کوئی پیسے نہیں دئیے تھے۔

  • نواز شریف مجرم ہیں ڈیل نہیں ہونی چاہیے، پرویز مشرف

    نواز شریف مجرم ہیں ڈیل نہیں ہونی چاہیے، پرویز مشرف

    اسلام آباد : سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نوازشریف کرپشن کے باعث نااہل ثابت ہو چکے ہیں اس لیے شریف برادران سے کوئی ڈیل نہیں ہونی چاہیے.

    وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں میزبان عادل عباسی سے گفتگو کر رہے تھے، پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا مقصد فوج پر دباؤ ڈالنا ہے جس کی انہیں پرانی بیماری ہے اور مجھے بھی دباؤ میں رکھنے کی کوشش کرتے رہے ہیں.

    ایک سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ نوازشریف کی سعودی عرب میں ڈیل سےمتعلق پتہ نہیں البتہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ سعودی عرب نے دونوں بھائیوں کو تحقیقات کے لیے بلایا ہوں کیوں کہ وہاں کرپشن کے خلاف مہم جاری ہے اور نواز و شہباز کے وہاں بھی کاروباری معاملات تھے.

    سربراہ آل پاکستان مسلم لیگ پریوز مشرف نے کہا کہ ملک مشکل دور گزر رہا ہے گو حکومت میرا راستہ روکنے کے لیے مختلف حربے اپنا رہی ہے اور ویزہ و پاسپورٹ کے حوالے سے مجھے تنگ بھی کیا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود میں درست موقع پرضرور پاکستان آؤں گا.

    انہوں نے جیو نیوز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میری غصے میں کہی گئی بات کو غلط رنگ دے کر پیش کیا گیا اور سب جانتے ہیں کہ میں نے خواتین کے حقوق کے لیے بہت کام کیے ہیں اور میرے ہی دور میں سیکڑوں خواتین نے میڈیا میں ملازمتیں حاصل کیں.

    پرویز مشرف نے کہا کہ بلاول بھٹو کم سن ہیں اس لیے اپنے سے بڑے عمر کے افراد کے لیے زبان و بیان میں تہذیب کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، انہوں نے مجھ پر اپنی والدہ کے قتل کا الزام لگا کر میرے خلاف نعرے بازی کروائی حالانکہ سب جانتے ہیں کہ بی بی کہ شہادت سے سب سے زیادہ فائدہ آصف زرداری کو ہوا.

    الیکشن کے انعقاد سے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ ملک کے حالات کشیدہ ہیں جو کہ انتخابات کے لیے موزوں نہیں اور اس سیاسی کھینچا تانی اور لڑائی جھگڑے کے دوران مجھے الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں.

    سابق صدر پرویز مشرف کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ پاکستان کا امریکا سے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور اس تعلقات میں اتار چڑھاؤ امریکا کی ہی وجہ سے آتا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں جس کا اعتراف کرنا چاہیے.

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن سے والدہ اور اہلیہ کی ملاقات پاکستان کا اچھا اقدام تھا جس سے پاکستان کے انسانی حقوق اور رواداری کے سے بھرپور کردار کا پتہ چلتا ہے جس کے لیے پوری دنیا کو پاکستان کا معترف ہونا چاہیے.