Tag: اعتراف

  • امریکی بمباری، ایران نے آخرکار بڑا اعتراف کر لیا

    امریکی بمباری، ایران نے آخرکار بڑا اعتراف کر لیا

    تہران: ایران نے امریکی بمباری سے جوہری تنصیبات کو سنگین اور شدید نقصان پہنچنے کا اعتراف کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعتراف کیا کہ امریکی بمباری سے جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے جوہری پروگرام کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

    عباس عراقچی نے تاہم یہ بھی واضح کیا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام سے کسی صورت دست بردار نہیں ہوگا، انھوں نے کہا یہ پروگرام ہمارے سائنس دانوں کا اہم کارنامہ ہے، سب سے بڑھ کر قومی فخر کا سوال ہے اور یہ ہمیں سب سے زیادہ عزیز ہے۔

    ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جب جوہری تنصیبات پھر سے تعمیر کی جائیں گی تو حکومت کا ارادہ ہے کہ یورینیم افزودگی کی کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔


    ایران میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچ گیا، ہیٹ ویو سے پانی کی شدید قلت


    فاکس نیوز کے پروگرام ’’اسپیشل رپورٹ‘‘ کے میزبان بریٹ بائیر کو عباس عراقچی نے بتایا کہ ہماری تنصیبات کو بلاشبہ شدید نقصان پہنچا ہے جس کی ایویلیوایشن کی جا رہی ہے۔ گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے بعد میں یہ اعتراف کر لیا کہ ’’تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا ہے۔‘‘

    یاد رہے کہ 22 جون کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 یورینیم افزودگی والے مقامات پر فوجی حملوں کا حکم دیا تھا، جس کے بعد سے ایران جوہری ایندھن کو ریفائن کرنے کے قابل نہیں رہا ہے۔

  • جنگ کے آخری دنوں میں ایران سے اسرائیل کو بڑی مار پڑی، ٹرمپ نے اعتراف کرلیا

    جنگ کے آخری دنوں میں ایران سے اسرائیل کو بڑی مار پڑی، ٹرمپ نے اعتراف کرلیا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ جنگ کے آخری دنوں میں ایران کی جانب سے اسرائیل کو بڑی مار پڑی ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیٹو سربراہی کانفرنس میں گفتگو میں اعتراف کیا کہ جنگ کے آخری دو دن میں ایران سے اسرائیل کو بہت بُری مار پڑی ہے، ایرانی بیلسٹک میزائلز نے اسرائیل کی متعدد عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے جس سے کئی عمارتیں تباہ ہوئیں۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے لوگ شاندار ہیں، یہ سب کے لئے بڑی کامیابی ہے، جنگ بندی ایران سمیت سب کیلئے بڑی جیت ہے، ایرانی شاندار لوگ ہیں۔

    ’ایران نے جوہری تنصیبات بحالی کی کوشش کی تو دوبارہ حملہ کریں گے‘

    اسرائیلی ایجنٹوں نے فردو جا کر جوہری سائٹ کے مکمل خاتمے کی تصدیق کر دی، ٹرمپ

    امریکی صدر نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ سے سویلین کو نقصان پہنچا، ایران اور اسرائیل اسکول کے بچوں کی طرح لڑے، میرا نہیں خیال کہ ایران اور اسرائیل اب ایک دوسرے سے لڑیں گے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ جنگ بندی کی تھوڑی بہت خلاف ورزی ہوئی تھی لیکن اب اسرائیل ایران سیز فائر پر اچھے سے عمل ہورہا ہے، میرے کہنے کے بعد اسرائیلی طیارے واپس آگئے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    قبل ازیں، نیٹو سربراہی کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے خبردار کیا کہ ایران نے یورینیم کی افزودگی شروع کی تو اس پر پھر حملہ کریں گے، جنگ بندی کی تھوڑی بہت خلاف ورزی ہوئی تھی لیکن اب اسرائیل ایران سیز فائر پر اچھے سے عمل ہو رہا ہے۔

    ’ہم نے 30 ٹوماہاک ٹیکنالوجی استعمال کی جو اسرائیل کیلیے ممکن نہ تھا، ہم نے سب سے زیادہ بمباری کی جس نے سب کچھ تباہ کر دیا، ایرانی ایٹمی تنصیبات مکمل تباہ کر دی لیکن کوئی بھی چیز دوبارہ بن سکتی ہے۔‘

  • سی ای او کے الیکٹرک نے ’’بجلی مہنگی‘‘ ہونے کا اعتراف کر لیا

    سی ای او کے الیکٹرک نے ’’بجلی مہنگی‘‘ ہونے کا اعتراف کر لیا

    کراچی کو بجلی فراہمی کی نجی کمپنی کراچی الیکٹرک (کے ای) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی نے بجلی مہنگی ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔

    ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے عوام کو بجلی سے متعلق دو سب سے بڑے مسائل کا سامنا ہے۔ ایک تو انہیں ملک میں دیگر صارفین کے مقابلے میں سب سے مہنگی بجلی ملتی ہے، دوسری شدید ترین گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے انکی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی نجی کمپنی کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے بجلی مہنگی ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ تاہم اس کی مکمل ذمہ داری حکومت پر عائد کرتے ہوئے خود کو بری الذمہ بھی قرار دے دیا ہے۔

    مونس علوی نے کہا کہ مانتے ہیں کہ بجلی مہنگی ہے، مگر یہ وفاقی حکومت کا معاملہ ہے۔ بجلی کی قیمت نیپرا کی جانب سے طے کی جاتی ہے۔ ہم ٹیرف نیپرا کو جمع کراتے ہیں اور ان کی طرف سے فیصلہ آتا ہے۔ حکومت جو بھی فیصلہ کرےگی اس کے مطابق بل کریں گے۔ کے الیکٹرک کو نان ایکسکلوسیو لائسنس ملا ہے۔ کراچی میں اب اور لوگ بھی بجلی سپلائی کر سکتے ہیں۔

    سی ای او کے الیکٹرک نے کہا کہ ہمیں اختیار دیا جائے تو جتنی قیمت پر بجلی بنے گی، اس کے مطابق ہی بلنگ کرینگے۔ نیشنل گرڈ سے حاصل بجلی نسبتاً سستی ہوتی ہے۔ کے الیکٹرک فرنش آئل یا آر ایل این جی سے بجلی پیدا کرتی ہے۔

    اس وقت ملک میں قدرتی گیس کی شدید کمی ہے اور گھریلو صارفین کو بھی گیس نہیں مل پا رہی۔ اس صورتحال میں مونس علوی نے نرالی منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر آر ایل این جی کی بجائے قدرتی گیس ملے، تو بجلی سستی ہوگی۔

    انہوں نے بجلی چوری کے حوالے سے کہا کہ ہر پی ایم ٹی پر ایک میٹر لگا ہوتا ہے، جس سے بجلی چوری کا پتہ چل رہا ہوتا ہے۔ اگر بجلی زیادہ چوری ہوتی ہے تو اس پی ایم ٹی ایریا میں کارروائی بھی کرتے ہیں۔ ایساسسٹم لا رہے ہیں کہ جس پی ایم ٹی پر بجلی چوری ہوگی اس کو بند کیا جائیگا۔

    پروگرام میں کے الیکٹرک کے سی ای او نے دعویٰ کیا کہ کراچی کے 2200 کے قریب فیڈرز ایسے ہیں جن پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہے اور یہ مجموعی کراچی کا 70 فیصد ہے۔

    کراچی میں بجلی لوڈشیڈنگ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بجلی یقینی طور پر بلاتعطل فراہم ہونی چاہیے اور ہماری کوشش بھی ہی ہے کہ شہر کراچی کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے، لیکن کنڈے اور نادہندگان کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کرنا پڑتی ہے۔

    مونس علوی نے کہا کہ کراچی کے 30 فیصد فیڈرز ایسے ہیں، جن پر ہمارا نقصان 87 فیصد ہے۔ ایسے فیڈرز پر بجلی چوری ہوتی ہے یا پھر ریکوری نہیں ہوتی۔ کچھ فیڈرز ایسے بھی ہیں جہاں بلوں کی مد میں واجبات 70 فیصد تک ہیں۔ بلز کی ادائیگی درست ہوگی تو بجلی کی بلا تعطل فراہمی بھی جاری رکھی جائے گی۔

    https://urdu.arynews.tv/nepras-decision-to-charge-rs-40-per-unit-of-electricity-is-anti-karachi/

  • ایران کی اسرائیل کی جانب سے اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت

    ایران کی اسرائیل کی جانب سے اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت

    ایران کی اسرائیل کی جانب سے حماس کے سینئر سابق رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ میں ایرانی سفیر امین سعید نے یو این سیکریٹری جنرل کو خط لکھ دیا، جس میں کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل سنگین جرم ہے۔

    اقوامِ متحدہ میں ایرانی سفیر امین سعید نے یو این سیکریٹری جنرل کو خط میں لکھا کہ ایران جوابی کارروائی کا حق محفوط رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اعتراف کیا ہے کہ حماس کے سابق سربراہ اسماعیل ہنیہ کو تہران میں اسرائیل نے قتل کیا تھا۔

    اسرائیل کی وزارت دفاع میں ایک تقریب میں کاٹز کا یہ بیان اس بات کا پہلا عوامی اعتراف ہے کہ جولائی 2024 کے آخر میں ایرانی دارالحکومت میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ تھا۔

    اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا تھا کہ ہم حوثیوں پر سخت حملہ کریں گے اور ان کی قیادت کا سر قلم کریں گے جیسا کہ ہم نے تہران، غزہ اور لبنان میں ہنیہ، یحییٰ سنوار اور حسن نصراللہ کے ساتھ کیا تھا، ہم الحدیدہ اور صنعا میں بھی ایسا کریں گے۔

  • ابھیشک بچن نے کون سا کام کر کے غلطی کی؟ اداکار نے بتا دیا

    ابھیشک بچن نے کون سا کام کر کے غلطی کی؟ اداکار نے بتا دیا

    بچن خاندان کے اکلوتے بیٹے اداکار ابھیشیک بچن نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنے کیرئیر کا غلط انتخاب کرکے سب سے بڑی غلطی کردی۔

    حل ہی میں ابھیشیک بچن نے ایک ایک انٹرویو دیا جہاں انہوں نے اس وقت کو یاد کیا جب انہوں نے اپنے والد امیتابھ بچن سے کہا  تھا کہ وہ اداکاری کے لیے نہیں بنے, ابھیشیک بچن کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی دنوں میں کئی فلموں کی ناکامیوں کے بعد میں اپنے والد کے پاس گیا اور کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں نے ایک بڑی غلطی کی ہے۔

    ابھیشیک نے کہا کہ جب میں نے مختلف اقسام کی فلمیں کیں اور معروف ہدایتکاروں کے ساتھ کام کیا، لیکن اس سے بھی میری فلمیں نہیں چلی، ناقدین میری پرفارمنس پر تنقید کر رہے تھے۔

    اس کمزور لمحے میں جس کے بارے میں سوچنا میرے لیے شرمناک تھا اس دوران میں اپنے والد کے پاس گیا اور کہا مجھے آپ سے بات کرنی ہے، مجھے لگتا ہے کہ میں نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔

    ابھیشیک بچن نے کہا کہ اس دوران میں نے ہر قسم کے سنیما، انواع اور فلم سازوں کے ساتھ کام کیام تو مجھے لگا کہ میں اداکاری کرنے کے قابل نہیں ہوں۔ شاید اب وقت آگیا ہے کہ میں اپنے ساتھ ایماندار رہوں اور کہوں، ہیلو، تم اس کے لیے نہیں بنے ہو تم اس معیار پر پورا نہیں اترتے،کوئی اور کام ڈھونڈو۔

    اداکار نے کہا کہ میری دلبرداشتہ حالت کو بھانپنے کے بعد والد امیتابھ بچن نے مجھے یقین دلایا اور کہا کہ میں یہ آپ سے آپ کے سینئر کی حیثیت سے کہہ رہا ہوں، آپ کے والد کے طور پر نہیں، تم ابھی آخری منزل پر نہیں پہنچے، تمہارے سامنے بہت کام باقی ہے۔

    ابھیشیک نے کہا کہ مجھے والد نے مزید کہا کہ آپ کو بہت کچھ بہتر کرنا ہے، میں آپ کی ہر فلم میں بہتری دیکھ رہا ہوں، آپ کے اندر ایک اچھا اداکار چھپا ہوا ہے لیکن آپ کو مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے، اپنی اداکاری کو پالش کرنے کے قابل ہونے کا واحد طریقہ کام کرنا ہے، اس لیے جو بھی فلم ملے، بس سائن کرو اور کام کرو۔

  • میں اور ویرات پرفیکٹ پیرنٹس نہیں ہیں: انوشکا شرما

    میں اور ویرات پرفیکٹ پیرنٹس نہیں ہیں: انوشکا شرما

    بھارتی اداکارہ انوشکا شرما نے اپنے اور بھارت کے معروف کھلاڑی و شوہر ویرات کوہلی کے ’پرفیکٹ پیرنٹ‘ نہ بن پانے کا اعتراف کرلیا۔

    اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد اداکارہ انوشکا شرما گزشتہ دنوں لندن سے بھارت پہنچی ہیں، تاہم ایک ایونٹ میں انہوں نے شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے اور ویرات کے بطور والدین کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

    انوشکا شرما نے کہا کہ بہترین والدین بننے کا ہم پر بہت زیادہ پریشر ہے، لیکن ہم دونوں پرفیکٹ پیرنٹس نہیں ہیں اور ہم دونوں ہی مختلف معاملات پر ایک دوسرے سے شکایتیں کرتے رہتے ہیں۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہم بچوں کے سامنے بھی ایک دوسرے سے شکایتیں کرتے ہیں کیوں کہ اس سے ہمارے بچوں کو پتا چلے گا کہ آپ کبھی بھی پرفیکٹ نہیں ہوتے، آپ میں کوئی نا کوئی کمی ہوسکتی ہیں۔

    انوشکا شرما نے مزید کہا کہ بچے اپنے والدین کو بھی اپنی غلطیوں یا کوتاہیوں پر بات کرتے سنیں گے تو انہیں اپنی غلطی تسلیم کرنا بھی آسان لگے گا۔

    انوشکا نے کہا کہ ماں بننے کے بعد میں اب بہت کم لوگوں سے ساتھ گھومتی ہوں، لوگ ہمیں کھانے کی دعوت دیتے ہیں تو میں کشمکش کا شکار ہوجاتی ہوں کہ کیا جواب دوں، کبھی کبھار ہی آپ انہیں منع کرسکتے ہیں ورنہ لوگ آپ نے نفرت کرنے لگتے ہیں۔

  • گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جیل میں طبیعت بگڑ گئی، اسپتال منتقل

    گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جیل میں طبیعت بگڑ گئی، اسپتال منتقل

    پنجاب: کانگریس لیڈر سدھو موسے والا کے قتل کے ملزموں میں سے ایک گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جیل میں طبیعت بگڑ گئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا منصوبہ بنانے کے الزام اور سلمان خان کو مسلسل قتل کرنے کی دھمکیاں دینے والے گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جیل میں طبیعت بگڑ گئی۔

    رپورٹس کے مطابق لارنس بشنوئی کی بھٹنڈا جیل میں طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کردیا گیا، بشنوئی کے وکیل کے مطابق ملزم کو پچھلے کچھ دنوں سے تیز بخار ہے اور پیٹ میں انفیکشن ہے۔

    وکیل کا کہنا ہے کہ بشنوئی نے یرقان کی شکایت بھی کی جس کے بعد اس کی طبیعت مزید بگڑ گئی۔

    سدھو موسے والا کو کس نے قتل کیا؟ گینگسٹر بشنوئی نے آخرکار منہ کھول لیا

    واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کیا، اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئیں جس کے نتیجے میں سدھو موقع پر ہلاک ہوگئے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے۔

    بعد ازاں گینگسٹر لارنس بشنوئی نے اعتراف کیا تھا کہ سدھو موسے والا کا قتل اس کے گینگ نے کیا ہے تاہم اب لارنس بشنوئی بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو قتل کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرنے کا انکشاف کردیا ہے۔

    گینگسٹر لارنس بشنوئی کا سلمان خان کو قتل کرنے سے متعلق اہم انکشاف

    لارنس بشنوئی نے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی حکام کے سامنے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ وہ سُپر اسٹار کے قتل کی منصوبہ بندی کر چکا تھا۔

    گینگسٹر نے بتایا تھا کہ سلمان خان کا نام میرے 10 اہم ٹارگیٹس کی فہرست میں تھا، ہم ممبئی میں اداکار کی رہائشگاہ کی ریکی بھی کر چکے تھے لیکن مجھے گرفتار کرلیا گیا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں خفیہ دستاویزات رکھنے کا اعتراف

    ڈونلڈ ٹرمپ کا مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں خفیہ دستاویزات رکھنے کا اعتراف

    واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں خفیہ دستاویزات رکھنے کا اعتراف کیا ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق سی این این نے ایک آڈیو ریکارڈنگ حاصل کی ہے جس میں ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد خفیہ دستاویز رکھنے کا اعتراف کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق دو منٹ کی ریکارڈنگ اس انٹرویو کی ہے جو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جولائی 2021 میں اپنے بیڈ منسٹر، نیو جرسی، گولف کلب میں اپنے سابق چیف آف اسٹاف مارک میڈوز کی یادداشت پر کام کرنے والے لوگوں کے لیے دیا تھا۔

    آڈیو ریکارڈنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’یہ وہ دستاویزات ہیں‘۔

    ڈونلڈ ٹرمپ آڈیو میں کسی چیز کو ’انتہائی خفیہ‘ معلومات قرار دیتے ہوئے ’یہ خفیہ معلومات ہے‘، کے طور پر حوالہ دے رہے تھے جہاں ایسا لگتا ہے کہ وہ کمرے میں موجود دوسروں کو کچھ دکھا رہا ہے۔

    آڈیو میں سابق صدر نے کہا کہ یہ فوج کی طرف سے کیا گیا تھا اور مجھے دیا گیا، ’آپ نے دیکھا، بطور صدر میں دستاویزات خفیہ رکھ سکتا تھا لیکن اب میں نہیں رکھ سکتا اور یہ آپ جانتے ہیں‘۔

    واضح رہے کہ ریکارڈنگ کے ٹرانسکرپٹ کے کچھ حصوں کو خصوصی وکیل جیک اسمتھ کے 49 صفحات پر مشتمل ڈونلڈ ٹرمپ پر عائد فرد جرم میں ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا تھا جس میں ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے عہدہ چھوڑنے کے بعد خفیہ دستاویزات کو غلط استعمال کیا۔

    ٹرمپ کیخلاف خفیہ دستاویزات رکھنے سمیت 37 الزامات پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے جبکہ امریکا کے سابق صدر حساس دستاویزات کو اپنے پاس رکھنے کے  الزامات سے انکار کرچکے ہیں۔

  • سلمان خان سے نفرت لیکن چھوٹے بھائی سہیل خان سے شادی کی خواہش کس مشہور اداکارہ کی تھی؟

    سلمان خان سے نفرت لیکن چھوٹے بھائی سہیل خان سے شادی کی خواہش کس مشہور اداکارہ کی تھی؟

    ممبئی: بالی وڈ کی ایک ایسی مشہور اداکارہ جسے سہیل خان سے محبت تھی لیکن انہوں نے سلمان خان سے نفرت کا اعتراف کیا۔

    یہ بات ہے 1995ء کی جب پوجا بھٹ اور سہیل خان کے سنجیدہ نوعیت کے معاملات چل رہے تھے، اس دوران اداکارہ پوچا بھٹ نے سلمان خان سے نفرت کا اور سہیل خان نے محبت کا تذکرہ کیا تھا۔

    پوجا بھٹ آج کل بگ باس او ٹی ٹی سیزن 2 میں شریک ہیں جس کے میزبان سلمان خان ہیں، اداکارہ نے اس دوران اپنے ایک پرانے انٹرویو کا تذکرہ کیا۔

     

    پوجا بھٹ سے انٹرویو کے دوران سلمان خان سے متعلق سوال پوچھا گیا تو اداکارہ نے جواب دیا کہ شروع کے دنوں میں میرے اور سلمان خان کے درمیان عجیب و غریب نوعیت کی نفرت تھی ہم میں بن نہیں پارہی تھی۔

    اداکارہ نے مزید کہا کہ ہمارے درمیان اس نوعیت نے جنگ کی شکل اختیار کرلی تھی، لیکن اب ہم بہت اچھے دوست ہیں بلکہ خوش کن خاندان ہیں۔

    انٹرویو میں اداکارہ پوجا بھٹ نے سہیل خان سے اپنے تعلق کی نوعیت پر بات کی اور کہا تھا کہ شادی یقیناً میرے ذہن میں ہے۔

    ’لیکن سہیل بطور ہدایت کار نئے کیریئر کی دہلیز پر ہے، ہمیں شادی کے مقام اور مینو کا فیصلہ کرنے میں مزید 2 سال لگ سکتے ہیں، ہم مستقل رشتہ چاہتے ہیں، جو عام نوعیت کا نہ ہو، یہ ہم دونوں کی خواہش ہے‘۔

    واضح رہے کہ پوجا بھٹ اور سہیل خان اچھے تعلق کے باوجود ایک نہیں ہوسکے تھے، سہیل خان نے 1998میں سیما خان سے شادی کی اور ان دونوں کی 2022 میں باضابطہ طلاق ہوگئی۔

    دوسری طرف پوجا بھٹ نے 2003 میں منیش مکھیجا سے شادی کی اس جوڑے کے درمیان 2014 میں طلاق ہوگئی، اس حوالے سے ادکارہ نے کہا کہ وہ اب اپنے طریقے زندگی جی رہی ہیں۔

  • کراچی سے موٹر سائیکلیں چھین کر بلوچستان میں فروخت کرنے کا انکشاف

    کراچی سے موٹر سائیکلیں چھین کر بلوچستان میں فروخت کرنے کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے گرفتار ڈکیت نے اپنے اعترافات میں کہا کہ کراچی سے موٹر سائیکلیں چھین کر بلوچستان میں فروخت کی جاتی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد سے گزشتہ روز گرفتار ڈکیت گروہ کے سرغنہ نے سنسنی خیز انکشافات کیا ہے، سرغنہ نے ساتھیوں کے ساتھ مختلف علاقوں سے سینکڑوں موٹر سائیکلیں چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی منظر عام پر آچکی ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے اعترافات میں بتایا کہ موٹر سائیکلیں چھیننے کے بعد بلوچستان میں فروخت کی جاتی تھی، ملزم 10 سال میں 100 سے زائد موٹر سائیکلیں چھین چکا ہے، گرفتار زخمی ملزم متعدد بار مختلف تھانوں میں بند ہو کر جیل جا چکا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چند روز قبل طارق روڈ پر بزرگ شہری کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم موجود ہے۔ ملزم نے 2021 میں بھی شاہ فیصل کالونی میں مزاحمت پر ایک شخص کو گولی ماری تھی۔

    دوران حراست ملزم نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر مختلف علاقوں میں شہریوں کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے ایک پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے، مذکورہ موٹر سائیکل کی چوری کا مقدمہ تیموریہ میں درج ہے، ملزم کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔