Tag: اعتزازاحسن

  • ستائیں دسمبرکویوٹرن نہیں ہوگا،تحریک چلےگی،اعتزازاحسن

    ستائیں دسمبرکویوٹرن نہیں ہوگا،تحریک چلےگی،اعتزازاحسن

    لاہور: پیپلزپارٹی کےمرکزی رہنما سینیٹر اعتزازاحسن کا کہناہےوزیراعظم نوازشریف کے پاس کوئی راہ فرار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 27دسمبر کو یوٹرن نہیں ہوگا بلکہ تحریک چلے گی۔

    تفصیلات کےمطابق پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما سینیٹر اعتزازاحسن نے لاہور میں جہانگیر بدر کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کو ثبوت دینا ہے کہ جائز ذرائع سے جائیداد بنائی ہے لیکن اس کے بجائے نئی باتیں بتائی جا رہی ہیں۔

    اعتزازاحسن نے کہا کہ قطری شہزادے کے عدالت آنے تک یہ خط ردی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں داستان سنائی،کیا اس میں قطری شہزادے کا نام آیا ؟،وقت گزرنے کے ساتھ یہ نئی باتیں سامنے آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ قطری شہزادہ کہاں سے آگیا؟اس سے 10سوال کریں گے تو ٹانگیں کانپنے لگیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا لیکن پاناما لیکس پر مشورہ مانگا تو دوں گا۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشریف عدالت کے سامنے پیش ہوئے نواز شریف کو بھی پیش ہونا چاہیے،ان کے پاس کوئی راہ فرار نہیں ہے۔

    مرحوم جہانگیر بدر کے بارے میں اعتزازاحسن کا کہناتھا کہ ان کی جمہوری اقدارکےلیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر بدر کا جمہوریت اور جمہوری اقدار کیلیے کردار بڑا دلیرانہ تھا۔

    مزید پڑھیں:ستائیس دسمبر کوحکومت مخالف تحریک کا اعلان کریں گے،خورشیدشاہ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہناتھاکہ نوازشریف کی وجہ سے ملک خطرات میں ہے۔انہوں نے27دسمبرکوحکومت مخالف تحریک کے اعلان کی بات بھی کی تھی۔

    واضح رہے کہ بلاول بھٹو27دسمبر سے پہلے حکومت کے خلاف صف بندی کےلیےحزب اختلاف کی جماعتوں سےرابطے بھی بڑھائیں گے۔

  • ٹی او آرز کمیٹی میں اب کوئی جان دکھائی نہیں دیتی،شاہ محمود قریشی

    ٹی او آرز کمیٹی میں اب کوئی جان دکھائی نہیں دیتی،شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس میں انکوائری کا آغاز وزیراعظم اور ان کے خاندان سے ہونا چا ہیے.

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا اعتزازاحسن کی رہنمائی اور دیگر جماعتوں کی مشاورت سے ایک بل مرتب کیا اوراس بل میں 9 جماعتوں کے نقاط شامل ہیں.

    پی ٹی آئی کے رہنما کے مطابق اعتزاز احسن اس بل کو جب بھی سینیٹ میں پیش کریں گے تحریک انصاف ساتھ دےگی.ہم نے اس بل کو من و عن قبول کیا اور اس پر تائید کےلیے دستخط بھی ہیں.

    انہوں نے کہا کہ ٹی او آر کمیٹی میں اب کوئی جان دکھائی نہیں دیتی، حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث ٹی او آر کمیٹی اپنی موت آپ مرگئی.

    اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز سے متعلق تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کا موقف یکساں ہے،پاناما کے انکشافات میں جن کا نام آیا ہے ان کا یکساں ضابطوں پر احتساب ہو.

    پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے بچوں کے نام آئے ہیں،ان کو نام کلیئر کرنے کا موقع پہلے ملنا چاہیے اور ساتھ ہی انکوائری کا آغاز وزیراعظم اور ان کے خاندان سے ہونا چا ہیے.

    اعتزازاحسن نے مزید کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ نوازشریف اور ان کے خاندان کی تحقیق ہو،ضابطہ بھی وہ خود بنائیں.

    ان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے 3ستمبر کی ریلی میں شرکت کی دعوت دی ہےاس پر ہم مشاورت کریں گے اورپارٹی جو فیصلہ کرے گی اس سے تحریک انصاف کو آگاہ کر یں گے.

    *متحدہ اپوزیشن کا پاناما لیکس پر پارلیمنٹ میں بل لانے کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاناما تحقیقات کےلیے متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں بل لانے کا فیصلہ کیاتھا.

  • ٹی او آرزپرمزید لچک نہیں دکھا سکتے، اب حکومت کی باری ہے، اعتزازاحسن

    ٹی او آرزپرمزید لچک نہیں دکھا سکتے، اب حکومت کی باری ہے، اعتزازاحسن

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ٹی او آرز کے معاملے پر ہم نےبہت لچک دکھا دی مزید لچک نہیں دکھا سکتے، اب باری حکومت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما تحقیقات پر پیشرفت کیلئے ٹرمز آٖ ف ریفرنس پر اپوزیشن نے اپنی تجاویز کو حتمی قرار دے کر بال اسپیکر اسمبلی ایازصادق کے کورٹ میں ڈال دی۔

    اعتزازاحسن نے اسپیکر سے حکومتی رویے میں لچک کی ضمانت بھی مانگ لی، پی پی رہنما اعتزازاحسن کی زیر صدارت متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں حکومت سے مذاکراتی نشست کے نکات طے کرنے کے بعد اپوزیشن کی ٹیم اسپیکر ایازصادق کے چیمبر جا پنہچی اوراسپیکرقومی اسمبلی سےحکومتی لچک کی ضمانت مانگ لی۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ اسپیکرکی ذات پرکسی کو تحفظات نہیں، ایازصادق کے چیمبر تک آنے پربھی کسی کواعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز کے معاملے میں اپوزیشن کا مؤقف واضح ہے کہ سب کا یکساں احتساب ہونا چاہئیے۔

    پاناما پیپرز پر احتساب وزیراعظم سے شروع کیاجانا چاہئیے اوراس کے لیے باقاعدہ قانون سازی بھی ہو۔ پی پی رہنما نے واضح کیا اب کی باراپوزیشن کی دی گئی تجاویزحتمی ہیں۔

    قبل ازیں اسلام آباد میں پاناما لیکس پر اپوزیشن کے اجلاس سے پہلے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ٹی اوآرز کے اجلاس میں نہیں بیٹھیں گے۔

    اسپیکر نے دعوت دی اس لئے اپوزیشن کا اجلاس بلایا، ملاقات میں تمام اپوزیشن سے مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔

    سینیٹر کا کہنا تھا کہ حکومتی ٹی او آرز کسی صورت قبول نہیں ہیں کیونکہ ان کے تحت پاناما لیکس کی تحقیقات ممکن نہیں۔

     

  • قندیل بلوچ کا خون رائیگاں چلا جائے گا، سینیٹراعتزازاحسن

    قندیل بلوچ کا خون رائیگاں چلا جائے گا، سینیٹراعتزازاحسن

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی قندیل بلوچ کا خون رائیگاں چلا جائےگا کیونکہ مقتولہ کا باپ اس کا خون معاف کردے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ماڈل گرل قندیل بلوچ کے قتل کی بازگشت سینٹ میں بھی سنی گئی۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیرصدارت اجلاس میں اعتزازاحسن پھٹ پڑے۔

    سینیٹر نے انکشاف کیا کہ قندیل بلوچ کو ایک نہیں اس کے دو بھائیوں نے قتل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقتولہ کا خون رائیگاں چلا جائے گا کیونکہ کچھ وقت بعد مقتولہ کا والد اس کا خون معاف کردے گا۔

    اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ مفتی عبدالقوی نے اس عمر میں قندیل بلوچ کو شادی کی پیشکش کرکے کوئی احسان نہیں کیا، اعتزازاحسن نے کہا کہ اس معاملے میں میڈیا کا کردار اچھا نہیں رہا۔

    میڈیا نے اس کے بھائی کا بیان نشر کیا کہ اسے بہن کے قتل پر ندامت نہیں، انہوں نے کہا کہ اس بھائی کی غیرت تب کہاں تھی جب بہن کے پیسے سے گھر چلتا تھا، قندیل بلوچ کا قصور صرف اتنا تھا کہ اپنی مرضی کی زندگی جینا چاہتی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کا دوپٹہ سر پر نہ ہو یا وہ کسی غیر مرد سے بات بھی کرلے تو مرد تفتیش کرنے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو تخفظ فراہم کرنے والا بل اب پاس کرانا ناگزیر ہوگیا ہے۔

     

  • ٹی اوآرز پر مذاکرات، اعتزازاحسن بلاول بھٹو کو بریفنگ دینگے

    ٹی اوآرز پر مذاکرات، اعتزازاحسن بلاول بھٹو کو بریفنگ دینگے

    کراچی : پاناما لیکس کے ٹی اوآرز کیلئے قائم کمیٹی کے اجلاسوں پر بریفنگ کیلئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعتزازاحسن کو کراچی طلب کرلیا, سینیٹراعتزاز احسن کل شام کراچی پہنچیں گے, اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پانامہ لیکس کے معاملہ پر حکومتی وفد سے ہونے والے اب تک کے مزاکرات پر بریفنگ دیں گے۔

    اعتزاز احسن بلاول بھٹو زرداری کو اپوزیشن جماعتوں کے مؤقف اور ٹی او آرز پر بھی بریفنگ دیں گے، واضح رہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقاتی کمیٹی کے ٹی اوآرز کیلئے بننے والی پارلیمانی کمیٹی کے حکومتی اور اپوزیشن اراکین سات اجلاسوں کے باوجود اب تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم کے قومی اسمبلی میں خطاب کے بعد ٹی او آرز کی تیاری کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ کمیٹی میں حکومت کی نمائندگی وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، سعد رفیق، انوشہ رحمان، میر حاصل بزنجو اور اکرم درانی کریں گے۔

    کمیٹی کے اپوزیشن اراکین میں پیپلز پارٹی کے چوہدری اعتزاز احسن، پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر الیاس بلور، جماعت اسلامی کےصاحبزادہ طارق اللہ، پاکستان مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ اور متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف شامل ہیں۔

     

  • اعتزازاحسن کوہ قاف کی شہزادی ہیں، راناثناءاللہ

    اعتزازاحسن کوہ قاف کی شہزادی ہیں، راناثناءاللہ

    اسلام آباد : پنجاب کےوزیرقانون راناثناءاللہ نےاعتزاز احسن پرالزامات اورطنز کی برسات کردی۔ رانا ثناء اللہ نےاعتزازاحسن کو کوہ قاف کی شہزادی قراردےدیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرکارکےخلاف سرگرم اعتزازاحسن لیگیوں کےنشانےپر آگئے، پانامہ لیکس پر حکومتی دفاع کرنے والے وزراء میں پنجاب کے صوبا ئی وزیر قانون رانا ثنا اللہ آگے آگے ہیں.

    انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں جہاں وزیر اعظم اور ان کے خاندان کا بھر پور دفاع کرنے کی کوشش کی۔ وہیں مخالفین پر اپنے مخصوص انداز میں طنز کے نشتر بھی برسائے۔

    پیپلز پارٹی کےاندرونی معاملہ پرٹانگ اڑاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض کےپارٹی چھوڑنےکی وجہ اعتزازاحسن ہیں، پیپلزپارٹی کاپنجاب میں باب بندہورہا ہے۔

    راجہ ریاض کے پی ٹی آئی میں جانے میں اعتزازاحسن ملوث ہیں۔ انہوں نے اعتزاز احسن کوکوہ قاف کی شہزادی قرار دیتے ہو ئے کہا کہ اب وہ سات ہزار سوالوں کی بات کررہے ہیں۔

    راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ جو عمران خان کا ایجنڈا ہے وہی اعتزاز احسن کا ایجنڈا ہے.

    وزیرقانون پنجاب نے اپنے قائد کا دفاع کرتے ہو ئے کہا کہ ہر آف شور کمپنی بنانے کا مقصد غلط نہیں ہو تا۔ اپوزیشن ملکی ترقی نہیں چاہتی۔ لیکن حکومت سی پیک سمیت اپنے تمام ترقیاتی منصوبے مکمل کرے گی۔

     

  • مصطفٰی کمال نے ایم کیو ایم کو کچرا صاف کرنے پر لگا دیا، اعتزازاحسن

    مصطفٰی کمال نے ایم کیو ایم کو کچرا صاف کرنے پر لگا دیا، اعتزازاحسن

    لاہور: پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مصطفٰی کمال نے کمال کر دکھایا، پوری ایم کیو ایم کو کچرا صاف کرنے پر لگا دیا ہے۔

    لاہور میں نجی ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ان کی طبیعت اب بہتر ہے،

    انہوں نے بتایا کہ سینے میں تکیلف محسوس ہونے پر ہسپتال آیا تھا، ڈاکٹرز نے دو اسٹنٹ ڈالے ہیں، اب وہ اپنی صحت کیلئے پرہیز کریں گے۔

    ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصطفٰی کمال نے کمال کر دیا، پوری ایم کیو ایم کو کچرا اٹھانے پر لگا دیا ہے۔

     

  • موجودہ حکومت ختم کرکے قومی حکومت بنائی جائے، اعتزازاحسن

    موجودہ حکومت ختم کرکے قومی حکومت بنائی جائے، اعتزازاحسن

    اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماءاور سینیٹر اعتزازاحسن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ختم کر کے ایک قومی حکومت بنائی جائے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی حکومت بھان متی کا کنبہ ہے،ان کے ساتھی صرف مال بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جو دہشت گرد نہیں، اسے دہشت گرد بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، ڈاکٹر عاصم کرپٹ ہو سکتے ہیں، دہشت گرد نہیں ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ تمام وزراء ڈرپوک ہیں جو دہشت گردوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، ان سب کی چھٹی کرائی جائے، موجودہ حکومت ختم کرکے اور ایک قومی حکومت تشکیل دی جائے۔

  • کشمیرکے حل کے بغیر پاک بھارت بہترتعلقات ممکن نہیں، اعتزازاحسن

    کشمیرکے حل کے بغیر پاک بھارت بہترتعلقات ممکن نہیں، اعتزازاحسن

    لاہور : پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو پھیلنے سے روکنا ہو گا، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر پاکستان اور بھارت کے تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے۔

    لاہور میں سیفما سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء سنیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ناسور کی طرح پھیلتی جا رہی ہے۔

    پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے کی تحقیقات مشترکہ ٹیم کو کرنی چاہیئے، باچا خان یونیورسٹی پر حملے کا الزام بھارت پر لگانا قبل از وقت ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ، کارگل اور مشرقی پاکستان کے المیئے کے باوجود بھی مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوا، جنگ ہمیشہ مسائل پیدا کرتی ہے، قوموں کی ترقی میں جواب سے زیادہ سوال کرنا اہم ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہندو ہمارے عزیز ہیں لیکن ہم نے انہیں دشمن بنا رکھا ہے، کوئی مذہب بحیثیت قوم دشمن نہیں ہوتا۔

    سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے پاس مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کے سوا کوئی حل نہیں ہے۔

    مسئلہ کشمیر پر جب بھی بات چیت کامیابی کے قریب پہنچتی ہے تو کوئی اہم واقعہ ہو جاتا ہے۔ جس سے سارا تسلسل ٹوٹ جاتا ہے۔ ایسے واقعات کا رونما ہونا کسی اسکرپٹ کا حصہ لگتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر سیاسی حکومتوں کو ہمیشہ فوج کی حمایت حاصل رہی ہے۔ اس موقع پر مختلف قراردادوں کی منظوری دیتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی گئی۔

  • بڑے جلسوں سے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، اعتزازاحسن

    بڑے جلسوں سے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، اعتزازاحسن

    لاہور: پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنماء اعتزاز احسن کہتے ہیں کہ بڑے جلسوں سے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

    پنجاب بار کونسل کے انتخابات کے موقع پر لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ عمران خان بڑے جلسے کررہے ہیں، لاڑکانہ کا جلسہ بھی بڑا تھا لیکن بڑے جلسوں سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اگر تیس نومبر کے جلسے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی تو تیسری قوت کو مداخلت کا موقع ملے گا اور ایسی صورت میں عمران خان کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

    اعتزازاحسن نے کہا کہ پرویز مشرف کیس کے عدالتی فیصلے سے معاملہ سرد خانے کی نذر ہو جائے گا اور نئے ملزمان کو شامل کرنے سے از سرنو کارروائی ہو گی، جس سے معاملہ کھٹائی میں پڑ جائے گا جس کا پرویز مشرف کو فائدہ ہو گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی درخواست میں سات افراد کو مقدمے میں شامل کرنے کی استدعا کی گئی ہے مگر عدالت نے تین سویلینز کو شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔