Tag: اعتمرنا ایپ

  • اعتمرنا ایپ کے حوالے سے اہم خبر

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے ’اعتمرنا‘ ایپ منسوخ کر دی ہے، اب صرف ’نسک‘ ایپ استعمال ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’اعتمرنا‘ ایپ منسوخ کر دی گئی ہے، اور اب ساری کارروائی ’نسک‘ ایپ کے ذریعے ہی ہوگی۔

    اخبار السعودیہ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج و عمرہ زائرین کے پروگراموں کو مؤثر بنانے کی غرض سے محکمہ اوقاف اور نسک فلاحی فاؤنڈیشن کے درمیان مشترکہ تعاون کا معاہدہ کیا ہے۔

    معاہدے کے تحت اسمارٹ حاجی کارڈ اور ایپ کا منصوبہ نافذ کیا جائے گا، تاکہ زائرین کا سفر یادگار بنے، اور زائرین مکمل اطمینان اور سکون سے دینی فریضہ انجام دے سکیں۔

    اسمارٹ کارڈ مفت اور محفوظ ہوگا، اور اس میں زائر سے متعلق نجی کوائف، رہائش اور صحت معلومات درج ہوں گی۔

    معاہدے کے تحت مشترکہ ورکنگ ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو منصوبے پرعمل درآمد اور اس کے تقاضے پورے کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرے گی۔

  • اعتمرنا ایپ میں ای میل ایڈریس کیسے تبدیل کیا جائے؟

    اعتمرنا ایپ میں ای میل ایڈریس کیسے تبدیل کیا جائے؟

    ریاض: بعض عمرہ زائرین کو اعتمرنا ایپ پر اپنا ای میل ایڈریس تبدیل کرنے کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ سے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ کیا اعتمرنا ایپ پر درج ای میل ایڈریس تبدیل کرنا ممکن ہے؟

    وزارت حج و عمرہ نے اطمینان دلایا ہے کہ اعتمرنا ایپ میں ای میل ایڈریس تبدیل کیا جا سکتا ہے، یہ مشکل کام نہیں اس کے لیے تین معمولی امور انجام دینا ہوں گے۔

    وزارت حج نے اس سلسلے میں طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعتمرنا ایپ کو اوپن کرنے کے بعد اس کی سیٹنگ میں جائیں، اور وہاں نجی کوائف کے براؤز کو کلک کریں۔

    نجی کوائف میں ای میل درج ہوتا ہے، وہاں درج پرانے ای میل ایڈریس کی جگہ نیا ای میل ایڈریس لکھ دیں، اور اسے ’محفوظ‘ کر لیں۔

    یوں اعتمرنا ایپ میں ای میل ایڈریس بہ آسانی تبدیل ہو جائے گا۔

  • سعودی وزارت حج و عمرہ کی اہم وضاحت

    سعودی وزارت حج و عمرہ کی اہم وضاحت

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی ہے کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت ناموں کی کوئی فیس نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے جاری ہونے والے کسی بھی اجازت نامے پر کوئی فیس نہیں ہے، یہ تمام اجازت نامے مفت ہیں۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرے یا زیارت کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے والوں سے، اگر وہ ٹرانسپورٹ سروس حاصل کرنا چاہتے ہوں، صرف اسی سروس کے لیے فیس وصول کی جاتی ہے۔

    سعودی میڈیا کے مطابق اس سے قبل وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا تھا کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے محدود عمرہ پروگرام کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگا، جب کہ اس سلسلے میں اعتمرنا ایپ کے ذریعے چار طرح کے اجازت نامے جاری کیے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ عمرہ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت ہر روز 40 ہزار نمازی اور 15 ہزار عمرہ زائرین مسجد الحرام پہنچیں گے اور یہ حرم مکی کی کل گنجائش کا 75 فی صد ہوں گے۔

    نمازیوں اور عمرہ زائرین کو انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نماز اور عمرے کے حوالے سے اجازت ناموں میں مقررہ اوقات کی پابندی کریں۔

    کرونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کے سلسلے میں بھی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، جن میں کہا گیا ہے زائرین میڈیکل ماسک پہن کر آئیں، اور ہاتھ پابندی سے سینیٹائز کریں۔