Tag: اعتکاف

  • حرمین شریفین میں اعتکاف کا آغاز ہو گیا

    حرمین شریفین میں اعتکاف کا آغاز ہو گیا

    رمضان المبارک کے آخری عشرے کا آغاز ہوتے ہی مسجد نبویؐ میں اعتکاف کرنے والے بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔ معتکفین کے لیے مختلف مقامات مخصوص کیے گئے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ادارہ امورحرمین کی جانب سے آخری عشرے میں اعتکاف میں بیٹھنے والے وہ مرد و خواتین جنہوں نے پہلے ہی پرمٹ حاصل کیے ہیں انہیں لاکرز بھی الاٹ کردیئے گئے ہیں جہاں اُن کی اشیاء محفوظ رہیں گی۔

    مسجد نبویؐ میں اعتکاف کے دوران بیماری کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کی غرض سے مکمل سہولیات سے آراستہ کلینک بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ معتکیفین کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

    انتظامیہ کی جانب سے اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کے لیے افطاری اور سحری کا بندوبست بھی کیا گیا ہے اس کے علاوہ مختلف زبانوں میں دینی امور میں رہنمائی کے لیے اسکالرز کے لیکچرز کا بھی انتظام ہے۔

    واضح رہے کہ ماہِ صیام کا تیسرا اورآخری عشرہ شروع ہوتے ہی مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین پہنچ چکے ہیں۔

    لاکھوں زائرین حرمین شریفین میں عبادات میں مشغول ہیں، شبِ قدر کی تلاش میں عبادت گزاروں میں جوش و خروش، مدینہ منورہ میں خصوصی خیمہ بستی آباد ہو گئی۔

    ویڈیو: ابر رحمت برسنے کے دوران طواف خانہ کعبہ کے روح پرور مناظر

    ماہِ صیام کا تیسرا اور آخری عشرہ شروع ہوتے ہی مکہ مکرمہ مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں دس ہزار افراد اعتکاف میں بیٹھ چکے ہیں۔ رواں برس دس ہزار افراد نے مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کرائی۔

    سعودی حکومت نے اعتکاف کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں، عام افراد کا اعتکاف کے ایریا میں داخلہ ممنوعہ ہے۔

  • مسجد نبویﷺ میں اس بار معتکفین کیلئے کونسی زبردست سہولت متعارف کرائی گئی؟

    مسجد نبویﷺ میں اس بار معتکفین کیلئے کونسی زبردست سہولت متعارف کرائی گئی؟

    مدینہ منورہ: مسجد نبویﷺ میں ماہ رمضان کے دوران اعتکاف کرنے والوں کےلیے جدید سہولیات سے آراستہ خصوصی کمرے تیار کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسجد نبویﷺ میں اس سال معتکفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی اہم سہولیات متعارف کرائی گئی ہیں، آرام دہ اور پرسکون عبادت کا ماحول فراہم کرنے کیلئے خصوصی کمرے بنائے گئے ہیں۔

    کمروں پرمخصوص نمبر دیے گئے ہیں تاکہ افراد کو اپنی جگہ تلاش کرنے میں آسانی ہو، ہر کمرے میں 30 سے زائد افراد کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

    مسجد انتظامیہ کی جانب سے ہر معتکف کو کمبل، جائے نماز فراہم کی جا رہی ہے، سحری اور افطار کے لیے بھی معیاری اور صحت بخش کھانے فراہم کیے گئے ہیں۔

    رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران مسجد نبویﷺ کے مخصوص مقامات کو مکمل طور پر عبادت کے لیے وقف کر دیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/saudi-arabia-rain-alert-including-madina/

  • مسجد الحرام، مسجد نبویؐ میں اعتکاف کی رجسٹریشن کا آغاز

    مسجد الحرام، مسجد نبویؐ میں اعتکاف کی رجسٹریشن کا آغاز

    اعتکاف کے لیے سب سے معزز مقامات کی بات کی جائے تو وہ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں، جو اسلام کی دو مقدس ترین مساجد ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے ان مقدس مقامات پر اعتکاف کے خواہشمندوں کے لیے رجسٹریشن کے عمل اور شرائط کا اعلان کردیا ہے۔

    جنرل پریذیڈنسی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے حرمین شریفین میں اعتکاف کی باضابطہ رجسٹریشن کھول دی گئی ہے۔

    رجسٹریشن کا آغاز بدھ، 5 مارچ 2025 صبح 11 بجے سے ہوچکا ہے، اعتکاف کا آغاز 20 رمضان المبارک 1446 سے ہوگا، جبکہ اختتام 30 رمضان المبارک 1446، عید الفطر کی رات عشاء کی نماز کے بعد ہوگا۔

    رپورٹس کے مطابق جو لوگ ان دونوں مساجد میں اعتکاف کے خواہش مند ہیں انہیں سرکاری ویب سائٹ alharamain.gov.sa کے ذریعے آن لائن درخواست دینا ہوگی۔

    واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں لیلۃ القدر (ہزاروں مہینوں سے بہتر رات) کی تلاش میں اہل ایمان دنیا سے کٹ کر اپنا ناطہ اس واحد بزرگ و برترہستی سے جوڑ لیتے ہیں ،جس کی بادشاہت لازوال ہے۔

    ویسے تو پورا رمضان المبارک ہی رحمتوں اور برکتوں سے معمور ہے لیکن آخری عشرے میں مسجد میں اللہ رب العزت کی خوشنودی کے لیے اعتکاف کرنا رسول کریمﷺ کی سنت ہے۔ اعتکاف کرنے والے اپنی تمام تر توجہ عبادات، تسبیحات اور اذکار کی طرف مرکوز کرکے دنیا سے ناطہ توڑ لیتے ہیں۔

    متعکفین اس دوران تلاوت قرآن اور نوافل اداکرتے ہیں، آخری عشرے کی طاق راتوں لیلتہ القدر کی تلاش کی جاتی ہے رات بھر عبادت کی جاتی ہے، یہ لوگ اللہ تعالی کے مہمان ہوتے ہیں، اعتکاف میں شرکت کے لیے اللہ کے مہمان بیس رمضان المبارک کو عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوتے ہیں اور اذان مغرب کے ساتھ ہی ان کا اعتکاف شروع ہوجاتا ہے جبکہ شوال المبارک کا چاند نظر آتے ہی ختم ہوجاتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/itikaf-aur-aus-k-fazail/

  • مسجد الحرام میں کتنے ہزار افراد اعتکاف کریں گے؟

    مسجد الحرام میں کتنے ہزار افراد اعتکاف کریں گے؟

    مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں حرمین شریفین اتھارٹی کی جانب اعتکاف کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتھارٹی میں ادارہ امور رہنمائی اور فیلڈ گائیڈنس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالمحسن الغامدی کا کہنا ہے کہ اس بار مسجد الحرام میں تین ہزار افراد اعتکاف پر بیٹھیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ اعتکاف کے لیے مخصوص جگہ کو معتکفین کے استقبال کے تیار کرلیا گیا ہے جہاں 2500 مرد اور 500 خواتین کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

    عبدالمحسن الغامدی کا کہنا تھا کہ ’معتکفین کو روزانہ تین کھانے فراہم کیے جائیں گے جنہیں صحت کے معیار اور ضوابط کے مطابق تیار کیا جائے گا۔

    اعتکاف کے دوران مرد اور خواتین کے لیے طبی مراکز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی جبکہ معتکفین کو ایک کمبل، تکیہ، ذاتی استعمال کی اشیا اور سلیپنگ ماسک فراہم کیا جائے گا۔

    عبدالمحسن الغامدی کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین اتھارٹی کی ویب سائٹ پر اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز رمضان شروع ہونے کے ساتھ کردیا گیا تھا۔

    مسجد نبوی ؐ کے دروازوں میں کیا خاصیت ہے؟

    انہوں نے مزید کہا کہ’تصریح (اجازت نامہ) جاری ہونے کے بعد ہر معتکف کے لیے ذاتی سامان رکھنے کے لیے ایک لاکر مخصوص کردیا جائے گا، جبکہ آخری عشرے میں معتکفین کے لیے مختص جگہ پر علمی دروس، قرآنی حلقوں اور رہنمائی کے وسائل کی فراہمی کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔‘

  • مسجد الحرام: اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کب سے ہوگی؟

    مسجد الحرام: اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کب سے ہوگی؟

    مسجد الحرام میں اعتکاف کے لیے حرمین شریفین امور کی جنرل اتھارٹی کی جانب سے رجسٹریشن کا اعلان کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کا آغاز 17 مارچ 2024 (7 رمضان 1445ھ) سے اتھارٹی کے پورٹل اور ویب سائٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔

    مسجد الحرام میں اعتکاف کے متمنی افراد کے لئے چند شرائط بھی رکھی گئی ہیں، جن کے مطابق معتکف کی عمر 18 سے کم نہیں ہونی چاہئے اور 20 رمضان کو مقررہ وقت پر مسجد الحرام میں اعتکاف کیلیے پہنچنا شامل ہے۔

    اتھارٹی کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ مسجد الحرام میں اعتکاف کے خواہش مند فوری طور پر رجسٹریشن کرائیں کیونکہ تعداد مکمل ہونے پر رجسٹریشن روک دی جائے گی۔

    یاد رہے مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انتظامیہ ہر سال اعتکاف کیلیے رجسٹریشن کا آغاز اور اس کے لیے مختص مقامات کا اعلان کرتی ہے۔

    دوسری جانب سعودی حکومت کی جانب سے ماہ رمضان کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ آنے والے زائرین کو ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    رمضان المبارک کے دوران سعودی عرب اور دیگر ممالک سے بڑی تعداد میں مسلمان عمرہ کرنے اور نماز ادا کرنے کے لیے مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کا رُخ کرتے ہیں، جس کے باعث حکام کی جانب سے انہیں ماسک پہننے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سعودی عرب کے پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں ماسک پہننے سے متعدد بیماریوں سے تحفظ حاصل ہوگا۔

    مسجد الحرام، مسجد نبویؐ میں نماز تراویح کا روح پرور اجتماع

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کے لیے مسجد کا صحن اور خانہ کعبہ کی رہائش کو مختص کردیا گیا ہے، اسی طرح حکام نے زائرین کے داخلے اور باہر نکلنے کے لیے وسیع و عریض مساجد کے کچھ دروازوں کو بھی مختص کیا ہے۔

  • رمضان المبارک: مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے ایک اور سہولت

    رمضان المبارک: مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کے لیے طبی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں رمضان کے دوران اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کے لیے 100 ڈاکٹروں کا انتظام کیا ہے۔

    طبی عملہ 24 گھنٹے اعتکاف کرنے والوں کی صحت و سلامتی کے حوالے سے اپنی خدمات فراہم کرے گا۔

    حرمین شریفین انتظامیہ نے اعتکاف کرنے والوں کے لیے 70 آن لائن سروسز اور 9 سمارٹ ہیلتھ ایپس کا انتظام کیا ہے۔

    حرمین شریفین انتظامیہ رمضان کے دوران روزانہ 5 لاکھ لیٹر آب زم زم فراہم کرے گی، زم زم کے کولر مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں جگہ جگہ رکھے جائیں گے، سبیلیں بھی ہوں گی۔

    مسجد الحرام میں روبوٹ بھی زائرین کی خدمت پر مامور ہوں گے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین خصوصاً اعتکاف کرنے والوں کو مذہبی استفسارات کے جواب فراہم کرنے کے لیے ایپس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

    اعتکاف کرنے والوں کے لیے مسجد الحرام میں تہہ خانے میں اعتکاف کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • مسجد الحرام اور مسجد بنوی میں اعتکاف  کے  خواہشمند افراد کی ریکارڈ درخواستیں

    مسجد الحرام اور مسجد بنوی میں اعتکاف کے خواہشمند افراد کی ریکارڈ درخواستیں

    مکہ مکرمہ : مسجد الحرام اور مسجد بنوی میں اعتکاف کے خواہشمند افراد کی چار ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حرمین شریفین میں اعتکاف کے خواہشمند افراد نے انتظامیہ کو ریکارڈ درخواستیں جمع کرادیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف کیلئے اب تک چار ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں تین ہزار مرد اور ایک ہزار خواتین کی درخواستیں شامل ہیں۔

    دوسری جانب مسجد الحرام میں آسانی کیلئے بزرگ اوربچوں کیلئے رہنمائی کا کارڈ بھی متعارف کرادیا گیا ہے۔

    خیال رہے کورونا وبا کے باعث دو سال سے مسجد الحرام میں اعتکاف کی اجازت نہیں تھی۔

    یاد رہے مسجدالحرام کو رمضان المبارک میں مکمل طو رپر کھول دیا گیا ہے، رمضان کے دوران عمرہ زائرین کو سہولیات فراہمی کیلئے انتظامات مکمل ہیں، حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجدالحرام کے صحنوں اور ایکسٹینشنز کو کھولا گیا ہے۔

    مسجدالحرام میں کراؤڈکنٹرول کرنےکیلئے مختلف راستوں کا تعین کیا گیا ہے مسجدالحرام کی تیسری سعودی ایکسٹینشن کے تمام فلورز کو بھی کھول دیا گیا ہے۔

  • کراچی ، معتکفین مساجد میں اعتکاف کرسکیں گے یا نہیں؟  فیصلہ آج ہوگا

    کراچی ، معتکفین مساجد میں اعتکاف کرسکیں گے یا نہیں؟ فیصلہ آج ہوگا

    کراچی : سندھ حکومت رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں لاک ڈاؤن کے باعث معتکفین کے مساجد میں اعتکاف سے متعلق فیصلہ آج کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کےآخری عشرہ میں اعتکاف کرنے کا فیصلہ آج ہوگا، مساجد انتظامیہ کہنا ہے کہ آج مشاورت کے بعد اعتکاف میں بیٹھنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا،اجازت ملنے پرضلعی انتظامیہ کےایس اوپیزپرعمل درآمد کرتے ہوئے معتکفین اعتکاف کریں گے۔

    پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں مذہبی جلوس اوراعتکاف پرپابندی عائدکردی ہے ، فیصلہ وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا۔

    دوسری جانب وفاقی حکومت نے 21 رمضان المبارک کو یوم علی کے جلوسوں پر پابندی اور رمضان المبارک کے آخری ایام میں مذہبی عبادات پر کرونا ایس او پیز کے مطابق ادا کرنے کا احکامات جاری کردیئے اور پنجاب سمیت تمام چیف سیکریٹریز کو سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے چاروں صوبائی حکومتوں کو یوم علی کے جلوس کو کرونا وائرس کے پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر پر پابندی عائد کرنے اور رمضان المبارک کے آخری عشرے کی عبادات بیس نکاتی ایجنڈے کے مطابق کروانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق تمام صوبائی چیف سیکرٹریز ،آزاد کمشیر اور گلگت بلتسان کے اعلی حکام کو واضع ہدایات کی گئی ہیں کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد میں عبادات حکومت اور علما کے درمیان بیس نکاتی ایجنڈے کے مطابق ہونی چاہیں ۔

    اسلام آباد میں رمضان کے دوسرے عشرے کا آخری روز فرزندان اسلام آج ایس او پیز کے تحت مساجد میں اعتکاف میں بیٹھیں گے جبکہ بچاس سال سے زیادہ عمر کے افر اد اعتکاف میں نہیں بیٹھ سکتے۔

    اسلام آباد کی فیصل مسجد میں اعتکاف کرنے والے افراد کاپہلے کورونا ٹیسٹ ہوگا۔ ہر سال فیصل مسجد میں پندرہ سو معتکف اللہ کے مہمان بنتے ہیں، لیکن اس سال صرف پندرہ افراد اعتکاف کرسکیں گے۔۔ ملک کی دیگر مساجد میں بھی اعتکاف کرنے والوں کی تعداد محدود کردی گئی ہے

  • اعتکاف اوراس کے فضائل

    اعتکاف اوراس کے فضائل

    اسلام خانقاہیت کا نام نہیں ہے ، نہ ہی دین کے لیے کہیں بھی دنیا ترک کردینے کا حکم ہے، لیکن سال میں ایک مرتبہ ساری دنیا سے منہ موڑ کراللہ سے دل لگالینے کا نام اعتکاف ہے، آج ملک بھر کے معتکفین اعتکاف کی نیت سے مساجد کا رخ کریں گے۔

    عشق و محبت میں بندے پرایک ایسا وقت بھی آتا ہے کہ وہ اپنا گھر بار چھوڑ کر  چند پردوں کے پیچھے (اعتکاف) دنیا کی تمام چیزوں سے بے خبرہوکر اپنے محبوب کے ساتھ راز و نیاز میں مشغول ہوتا ہے۔ معتکف صرف اپنا گھر بار ہی نہیں بلکہ اپنے اعزاء و اقرباء، اہل و عیال، رشتہ دار اور تمام دوست واحباب سے رشتہ مختصر کردیتا ہے۔

    اعتکاف کی تعریف

    اللہ تعالی کی رضا کے باعث کسی ایسی مسجد میں اعتکاف کی نیت سے ٹھہرنا جس میں باقاعدہ پانچ وقت کی باجماعت نماز اور خطبہ جمعہ سمیت نماز ادا کی جاتی ہوا۔

    (1)  جس مسجد میں اعتکاف کیا جائے اس میں پانچ وقتی نماز باجماعت ہوتی ہو۔

    (2)  اعتکاف کی نیت سے ٹھہرنا۔

    (3)  حیض، نفاس اور جنابت سے پاک ہونا۔ (خواتین کے لیے)

    (4)  روزہ لازمی رکھنا۔

    (5) عاقل و بالغ ہونا، نابالغ مگر سمجھدار اور عورت کا اعتکاف درست ہے۔ (علم الفقہ، حصہ سوم، صفحہ 64)

    اعتکاف کی اقسام

    اعتکاف کی تین قسمیں ہیں۔

    سنت اعتکاف

    یہ وہ اعتکاف ہے کہ جو عام طور پر رمضان کریم کے آخری عشرے میں ہوتا ہے۔ کیونکہ حضور ﷺ نے ہر رمضان کے آخری 10 روز اعتکاف کیا، آخری عشرے میں کیے جانے والے اعتکاف کو سنت مؤکدہ کہا جاتا ہے۔

    اگر پورے محلہ میں سے ایک یا چند نے بھی اعتکاف کر لیا تو سب کا ذمہ ساقط ہو جائے گا ورنہ سب پر اس کا وبال (گناہ) ہوگا۔ سنت اعتکاف کا اہم مقصد آخری عشرے کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کی تلاش کرنا سب سے اہم جز ہے۔

    مستحب اعتکاف

    یہ وہ اعتکاف ہے کہ جس کے لیے کوئی وقت اور اندازہ مقرر نہیں ہے بلکہ جتنا وقت بھی مسجد میں ٹہرے تو اعتکاف ہوگا اگر چہ تھوڑی دیر کے لیے ہی کیوں نہ ہو بلکہ افضل تو یہ ہے کہ آدمی مسجد میں داخل ہوتے ہی اعتکاف کی نیت کر لے تو نماز اور نفل وغیرہ کے ثواب کے ساتھ ساتھ اعتکاف کا ثواب پاتا رہے گا۔ (بہشتی زیور بحوالہ شامی، جلد2 ، صفحہ 177)

    واجب اعتکاف

    یہ وہ اعتکاف ہوتا ہے جس میں بندے نے نذر مانی ہو کہ اگر میرا فلاں کام ہوگیا تو میں اتنے اتنے دن اعتکاف کروں گا۔ جتنے دن اعتکاف کی نذر مانی ہو اتنے دن کا اعتکاف کرے گا مگر ہاں اعتکاف کے ساتھ روزہ بھی ضرور رکھے گا کیونکہ روزہ صحت اعتکاف کی شرائط میں سے ہے۔

    Related image

    مسنون اعتکاف کا وقت

    مسنون اعتکاف کا وقت 20 رمضان المبارک کو غروب آفتاب سے قبل اعتکاف کی نیت سے شرعی مسجد میں بیٹھنے سے شروع ہوتا ہے اور شوال کا چاند نظر آنے تک رہتا ہے۔ 29 رمضان کو عید کا چاند نظر آئے یا 30 رمضان کو آفتاب غروب ہو جائے تو مسنون اعتکاف ختم ہو جاتا ہے پھر معتکف مسجد سے نکل سکتا ہے۔

    اعتکاف کی سب سے افضل جگہ

    سب سے افضل وہ اعتکاف ہے جو مسجد حرام میں کیا جائے پھر مسجد نبویﷺ کا مقام ہے، پھر بیت المقدس کا اور اس کے بعد اس جامع مسجد کا درجہ ہے جس میں جمعہ کی جماعت کا انتظام ہو۔

    عورتوں کو اپنے گھر کی مسجد (یعنی جس جگہ نماز پڑھتی ہو) اعتکاف کرنا بہتر ہے ورنہ کسی کمرے میں اپنے لیے جگہ مختص کر دیں۔ (علم الفقہ، حصہ سوم، صفحہ 46)

    (عورتوں کے گھر اور مساجد میں اعتکاف کے حوالے سے فقہی اختلاف پایا جاتا ہے لہذا اگر کوئی خاتون اعتکاف میں بیٹھنا چاہتی ہیں تو وہ اپنے فقہ کے علماء سے رجوع کریں)۔

    اعتکاف کی حکمت اور فائدے

    اعتکاف میں حکم شرعی ہونے کی وجہ سے جس قدر فائدے اور حکمتیں ہو کم ہیں مگر یہاں مختصراً چند فائدے اور حکمتوں کا ذکر کیا جارہا ہے۔ شیطان انسان کا قدیمی دشمن ہے لیکن جب انسان خدا کے گھر میں ہے تو گویا مضبوط قلعے میں ہے۔ اب شیطان اس کا کچھ بگاڑ نہ سکے گا۔

    لوگوں کے ملنے جلنے اور کاروبار کی مشغولیتوں میں جو انسان سے چھوٹے موٹے بہت سے گناہ ہوجاتے ہیں، بندہ اعتکاف میں ان سے محفوظ رہتا ہے۔ جب تک آدمی اعتکاف میں رہتا ہے، اسے عبادت کا ثواب ملتا رہتا ہے خواہ وہ خاموش بیٹھا رہے، یا سوتا رہے، یا اپنے کسی کام میں مشغول رہے۔

    اعتکاف کرنے والا ہر منٹ عبادت کے طور پر لکھا جاتا ہے، شب قدر حاصل کرنے کا بھی اس سے بہتر کوئی طریقہ نہیں کیونکہ جب بھی شب قدر آئے گی تو معتکف بہر حال عبادت میں ہوگا۔ (بحولہ مشکوٰۃ شریف، جلد1، صفحہ186)

    معتکف کی عبادت

    اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے والے فرد ہو چاہیے کہ ہر لمحے کو اہم سجھتے ہوئے اپنی زبان کو ذکر رب سے معطر رکھے، سنتوں کا خاص اہتمام، نوافل اور قرآن مجید کی تلاوت زیادہ سے زیادہ کرے۔

    فضائل اعتکاف

    اعتکاف کی فضیلت و اہمیت کے لیے صرف یہ بھی کافی ہے کہ حضور ﷺ نے ہجرت کے بعد پوری عمر اہتمام کے ساتھ رمضان المبارک کے آخری عشرے کا اعتکاف کیا۔

    حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ رمضان کے آخری عشرے میں ہمیشہ اعتکاف فرمایا کرتے تھے، یہاں تک کہ اللہ نے انہیں اپنے پاس بلا لیا، پھر آپ ﷺ کی ازواج مطہراتؓ اعتکاف کا اہتمام کرتی تھیں۔ (متفق علیہ)

    مسنون اعتکاف کی ایک بڑی فضیلت یہ بھی ہے کہ معتکف لیلۃ القدر کی فضیلت بآسانی پالیتا ہے کیونکہ اکثر روایات کے مطابق لیلۃ القدر رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں ہے۔

    رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے کہ رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کو تلاش کرو (الصحیح البخاری)

    مقصد اعتکاف

    اعتکاف کا مقصد یہ ہے کہ آدمی بارگاہ ایزدی کی چوکھٹ پر اپنا سر رکھ کر سرور اور خوشی کا مینار دیکھتا رہتا ہے۔ زبان کو اسی کے ذکر سے تر رکھتا ہے، کہ بندہ سب کو چھوڑ کر بارگاہ عالی میں حاضر ہوا ہے۔ اے رحیم مولا! ہمیں معاف فرما کہ جب تک تو معاف نہیں کرے گا، تیرے در سے کہیں نہ جاؤں گا۔

    اس لیے جب کوئی شخص اللہ کے دروازے پر دنیا سے منقطع ہو کرنا پڑے تو اس کے نوازے جانے میں کیا تامل ہوسکتا ہے، اے اللہ ہماری مغفرت فرما اور ہمیں صحیح عبادت کرنے کی توفیق عطا فرما۔ (آمین)

    معتکفین کا خیال

    اب تک کئی بار اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے والے معتکف کا کہنا ہے کہ ’’شریعی روح سے اعتکاف کےاحکامات کو پورا کرنا ہم جیسے گناہ گاروں کا کام نہیں تاہم اتنا ضرور ہے کہ 10 روز کے روزے شرعی تقاضوں کے عین مطابق گزرتے ہیں۔

  • ملک بھر میں آج سے معتکفین ربّ العالمین کی خوش نودی کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے

    ملک بھر میں آج سے معتکفین ربّ العالمین کی خوش نودی کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے

    کراچی : آج ملک بھر کی مساجد میں لوگ رضائے الہی حاصل کرنے کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے، مساجد میں معتکفین کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، یہ عبادت جہاں روح کی پاکیزگی کا باعث ہے وہیں خوش نصیبوں کو لیلتہ القدر بھی مل جاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالم اسلام کیساتھ پاکستان بھر کی مساجد میں آج بعد نماز عصر لاکھوں اہل ایمان اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے اور شوال کا چاند نظرآنے تک مساجد میں قیام کریں گے، یہ عبادت فرض کفایہ کا درجہ رکھتی ہے، جو کسی بھی آبادی میں ایک فرد کے کرنے سے پورے محلہ کا فرض ادا ہوجاتا ہے۔

    اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنیٰ خود کو روک لینے یا ٹھہر جانے کے ہیں جبکہ شریعت کی رو سے اعتکاف رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجد میں قیام کرنے کو کہا جاتا ہے۔

    شہر قائد سمیت ملک بھر میں آج سے لاکھوں مسلمان اعتکاف بیٹھیں گے جبکہ ساتھ ساتھ انتظامیہ کی جانب سے اعتکاف بیٹھنے والوں کے کوائف بھی جمع کیے جائیں گے۔

    اعتکاف بیٹھنے والے خوش نصیبوں کےلیے عموماً مساجد کی انتظامیہ اور مخیّر حضرات سحری و افطاری کا انتظام کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ اہل خانہ بھی معتکفین کےلیے سحری و افطاری کا بندوبست کرتے ہیں۔

    معتکفین ماہ مبارک رمضان کے آخری عشرے کی طاق رات میں خالق کائنات کے حضور اپنی مناجات و حاجات پیش کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے۔

    محکمہ اوقاف کے زہر اہتمام مساجد میں بھی معتکفین کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

    شہر قائد میں اعتکاف کے بڑے بڑے اجتماعات نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، جامع مسجد کنزالایمان گرومندر، بہار شریعت مسجد بہادرآباد، جامع مسجد آرام باغ اور جامع مسجد بنوری ٹاؤن سمیت دیگر شامل ہیں۔