Tag: اعجاز احمد شاہ

  • صوبہ پنجاب کے ایک اور شہر میں پناہ گاہ قائم

    صوبہ پنجاب کے ایک اور شہر میں پناہ گاہ قائم

    ننکانہ صاحب: صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں پناہ گاہ کا افتتاح کردیا گیا، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ مریضوں اور لواحقین کو ہر ممکن بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا، 2 منزلہ شیلٹر ہوم میں 100 افراد کے رہنے کی گنجائش ہے۔

    اس موقع پر اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں پناہ گاہ صدقہ جاریہ ہے، مریضوں اور لواحقین کو ہر ممکن بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کو ماڈل ضلع بنائیں گے، بھرپور صفائی مہم چلائی جائے گی۔ غلہ اورسبزی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا۔

    وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ اور محرم الحرام میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، محرم الحرام میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروائیں گے۔

    کچھ عرصے قبل وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پناہ گاہوں سے مستفید افراد کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمٰن کو ٹاسک سونپا تھا۔

    فوکل پرسن نسیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ڈیٹ ابیس سے پتہ چل سکے گا کہ کن اضلاع میں غربت کی شرح زیادہ ہے، پہلی بار ریاست غریب طبقے کی ذمہ داری لے رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آئندہ سال مزید 1 ہزار پناہ گاہیں بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے، پاکستان کو انصاف پسند اور فلاحی ریاست بنانا وزیر اعظم کا وژن ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کو ایس او پیز عملدرآمد سے متعلق انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ملاقات کی جس میں عید پر مرتب ایس او پیز پر عملدآمد سے متعلق انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیرداخلہ نے ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے دورہ لاہور،پشاور سے آگاہ کیا۔اعجاز احمد شاہ نے صوبائی حکام سے ملاقاتوں سے متعلق وزیراعظم کو بریف کیا۔انہوں نے وزیراعظم کو کوئٹہ اور کراچی کے آئندہ دوروں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

    اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کو ایس او پیز عملدرآمد سے متعلق انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو بتایا تھا کہ نیشنل انٹرنل سیکیورٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کا احیا کیا گیا، ماہرین پر مشتمل 14 رکنی اعلیٰ سطح کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو مختلف امور سے متعلق ایک ماہ میں اپنی سفارشات پیش کریں گی۔

    وزیراعظم پاکستان کو بتایا گیا کہ ملک میں سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لیے 175 ممالک کے لیے الیکٹرانک ویزہ متعارف کرایا گیا جس سے پاکستانی ویزے کا حصول نہایت سہل ہوگیا ہے۔

  • ایف اے ٹی ایف کی فہرست سے انشا اللہ جلد نکل جائیں گے، وزیر داخلہ

    ایف اے ٹی ایف کی فہرست سے انشا اللہ جلد نکل جائیں گے، وزیر داخلہ

    لاہور: وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی فہرست سے انشا اللہ جلد نکل جائیں گے، حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں، میڈیا مثبت کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک یونیورسٹی سے متعلق لوگوں کا خیال تھا کہ یہ نہیں بنے گی۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد وزیراعظم نے رکھ دیا، تعمیراتی کام بھی شروع ہوگیا، بابا گرو نانک یونیورسٹی کا کام 3 سال میں مکمل ہو جائے گا۔

    بھارتی آرمی چیف کے بیان پر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ کوئی پاکستان کومیلی آنکھ سے دیکھے گا تو دونوں آنکھیں پھوڑ دیں گے، بھارتی آرمی چیف کی دھمکیاں” جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں”کے مترادف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا 80 فیصد پیسہ قرضوں کے سود کی ادائیگی میں جا رہا ہے، پچھلی حکومت نے ڈالر کو مصنوعی سہارا دیا ہوا تھا، ایف اے ٹی ایف کی فہرست سے انشااللہ جلد نکل جائیں گے۔

    اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری معیشت پہلے آئی سی یو میں تھی اب باہر آگئی ہے، ہماری معیشت بہت جلد اپنے پاؤں پر کھڑی ہو جائے گی، حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، میڈیا مثبت کردار ادا کرے۔

  • وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزاد فضا میں سانس لیں گے: وزیر داخلہ

    وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزاد فضا میں سانس لیں گے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے ناپاک عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزاد فضا میں سانس لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ مودی کشمیر کی جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی ہار چکا ہے، قوم پیغام دے رہی ہے ہم سب کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کسی صورت بھارت کے ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزاد فضا میں سانس لیں گے۔ کشمیر کے مسئلے کے حل تک ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تقریباً 80 لاکھ کشمیری گزشتہ 4 ہفتے سے کرفیو میں محصور ہیں، ہم سب کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ درد میں شریک ہیں۔ انتہا پسند ہندو چاہتے ہیں بھارت سے مسلمانوں کو نکال دیں۔

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ آر ایس ایس چاہتی ہے بھارت میں صرف ہندو رہیں اور اس نظریے کی بنیاد پر کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔

  • بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے، پاکستان اقلیتوں کے لئے جنت سے کم نہیں، اعجاز احمد شاہ

    بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے، پاکستان اقلیتوں کے لئے جنت سے کم نہیں، اعجاز احمد شاہ

    ننکانہ صاحب : وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ اکھنڈ بھارت کا نعرہ صرف ہندوؤں کے لئے لگایا جا تا ہے، بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے جبکہ پاکستان اقلیتوں کے لئے کسی جنت سے کم نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال ننکانہ صاحب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں سکھ، مسیحی اور ہندو رہنماؤں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں, بھارت میں سکھوں، مسلمانوں اور مسیحیوں کے ساتھ ہمیشہ سے امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے، اکھنڈ بھارت کا نعرہ صرف ہندوؤں کے لئے لگایا جا تا ہے، بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ قیام پاکستان اور ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان اقلیتوں کے لئے کسی جنت سے کم نہیں ہے۔ پاکستان پیار، امن اور مساوات کا درس دینے والے بابا گورو نانک کی دھرتی ہے جن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو اس دنیا کو امن کا گہوارا بنایا جا سکتا ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انصاف کی بالا دستی قائم ہو نے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ افسوس ہم قیام پاکستان کا مقصد بھول گئے ہیں، ہم سب کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ایمانداری سے ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

  • جس نے جو کچھ کیا ہے وہ وہی بھگتے گا: وزیر داخلہ

    جس نے جو کچھ کیا ہے وہ وہی بھگتے گا: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، ملک میں احتساب کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ جس نے قصور کیا ہوگا اس سے پوچھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ جس نے جو کچھ کیا ہے وہ بھگتے گا، ملک کسی ایک کا نہیں ہے ملک سب کا ہے، کسی نے کچھ کیا ہوگا جب ہی تو گرفتاری کی گئی۔

    اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کے لیے عمران خان نے جو مناسب سمجھا وہ کیا۔ وزیر اعظم ہمیشہ ملکی مفادات میں ہی بات کرتے ہیں۔ اسمگلنگ روکنے کے لیے وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات ہوئی ہے، ملک کو دیمک کی طرح جیسے کرپشن نے چاٹا ایسے اسمگلنگ بھی چاٹ رہی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہمارا مستقبل پہلے سے بہتر ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔ ملک میں احتساب کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ جس نے قصور کیا ہوگا اس سے پوچھا جائے گا۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پالیسی میں تبدیلی ہے، کریڈٹ تحریک انصاف کو جاتا ہے۔ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔ فوج اور حکومت ایک صفحے پر ہیں۔ احتجاج ہر کسی کا حق ہے، احتجاج کے دوران تکلیف دیں گے تو حکومت کی ذمے داری ہے اسے روکے۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں ہر سطح پر تبدیلی آئی، اب کوئی بندوق لے کر نہیں چل سکتا۔ کلبھوشن یادیو سے متعلق قانون کے مطابق ہی فیصلہ ہوگا۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی ادارہ احتساب (نیب) راولپنڈی اور لاہور کی مشترکہ ٹیم نے تھوڑی دیر قبل ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ٹول پلازہ پر روک کر گرفتار کیا۔

    نیب ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو وارنٹ گرفتاری دکھایا گیا اس کے بعد حراست میں لیا گیا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے شاہد خاقان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبی پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ لاہور میں ہیں نہیں آسکتے، ان کی لوکیشن ٹریس کرنے کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا۔

    سابق وزیر اعظم کو نیب کی جانب سے ایل این جی کیس میں آج طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔ نیب کی جانب سے انہیں 4 مرتبہ طلب کیا گیا مگر وہ ایک بھی بار پیش نہ ہوئے، وہ نیب کے سوال نامے میں صرف چند سوالوں کا جواب دے سکے تھے۔

  • وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نےعہدے کا چارج سنبھال لیا

    وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نےعہدے کا چارج سنبھال لیا

    اسلام آباد: بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے وزارت داخلہ کا چارج سنبھال لیا، گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیرداخلہ کا قملدان سونپا تھا، اس سے قبل یہ عہدہ شہریار آفریدی کے پاس تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ اعجاز شاہ وزارت داخلہ کے دفتر پہنچے تو سیکریٹری اعظم سلیمان نےاستقبال کیا،جس کے بعد انھوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

    یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی وفاقہ کابینہ بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے وزارت داخلہ کا قلمدان اعجاز شاہ کو سونپا تھا جبکہ اسد عمر کی جگہ ڈاکٹر حفیظ شیخ مشیر خزانہ بنا دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل

    فواد چوہدری سے وزیراطلاعات واپس لے کر سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت دے دی گئی جبکہ وزارت پالیمانی امور اعظم سواتی کے سپرد اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اطلاعات کی مشیر بنا دی گئیں تھیں۔

    خیال رہے چند عرصے قبل ہی حکومت نے بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو بطور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور تعینات کیا تھا، جس پر پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔

    خیال رہےبریگیڈیئر(ر)اعجازشاہ ننکانہ صاحب سےرکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور پرویزمشرف دورمیں آئی بی کےڈائریکٹر رہ چکے ہیں جبکہ بے نظیر بھٹو نے شہادت سے قبل اپنے خط میں خود کو نقصان پہنچنے کی صورت میں‌ جن افراد کو شامل تفتیش کرنے کی کا مطالبہ کیا تھا، ان میں اعجاز شاہ کا نام بھی شامل تھا۔