Tag: اعجاز شاہ

  • مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونے کے بعد مودی کا اصل امتحان ہوگا، وزیر داخلہ

    مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونے کے بعد مودی کا اصل امتحان ہوگا، وزیر داخلہ

    اسلام آباد : وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونے کے بعد مودی، کشمیریوں کا اصل امتحان ہوگا، جتنا وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کاز کے لیے کام کیا اتنا کسی رہنما نے نہیں کیا، عالمی برادری کو مسئلہِ کشمیر پر ردعمل دکھانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے عرب میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ بھارت زیر انتظام جموں اور لداخ میں مسلم آبادی کم ہے لہذا وہاں لاک ڈاؤن اتنا سخت نہیں ،مسلم اکثریتی کشمیر میں سخت پابندیاں اور لاک ڈاؤن ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مسئلہِ کشمیر پر ردعمل دکھانا ہو گا، جتنا وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کاز کے لیے کام کیا اتنا کسی رہنما نے نہیں کیا۔

    اعجاز شاہ نے کہاکہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کو قونصلر رسائی دینے کے معاملے پر قدم عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد اٹھایا گیا۔ اگر ہم کشمیر کی صورتحال کی وجہ سے کلبوشن کی قونصلر رسائی پر اپنا فیصلہ بدل لیتے تو ہم میں اور مودی میں کوئی فرق نہیں رہ جانا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کے پانچ اگست کے اقدامات کی وجہ سے اس فیصلے کو بدل نہیں سکتے، ہمیں ایک ایسی قوم کے طور پر کام کرنا ہے جو دیانت دار ہے۔

    وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونے کے بعد مودی، کشمیریوں کا اصل امتحان ہوگا۔

  • وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے رائیونڈ محل کی چار دیواری گرانے کا اعلان کردیا

    وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے رائیونڈ محل کی چار دیواری گرانے کا اعلان کردیا

    ننکانہ صاحب : وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ رائیونڈ محل کی دیوار پر خرچ ہونے والے قومی خزانے کے پیسے واپس نہ ہوئے تو دیوار گرا دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ننکانہ صاحب کے شہر منڈی فیض آباد میں ڈگری کالج برائے خواتین کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی وصول کی جائے گی، نوازشریف اور آ صف زرداری نے قومی خزانے کے اربوں روپے غیر ملکی دوروں پر خرچ کیے۔

    وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے نواز شریف کے گھر رائیونڈ محل کی چار دیواری پر آنے والے اخراجات کی رقم سرکاری خزانے میں جمع نہ کرائے جانے کی صورت میں اسے گرانے کا اعلان کردیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ محل کی دیوار 28کروڑ روپے قومی خزانے سے خرچ کرکے تعمیر کی گئی رائیونڈ کےگرد تعمیر دیوار پر خرچ کیے جانے والے قومی خزانے کے پیسے واپس نہ ہوئے تو دیوار گرا دیں گے۔

    نواز شریف کے گھر کی چار دیوراری پرقومی خزانے سے 28 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے غیر ملکی دوروں پر ایک ارب83 کروڑ50 لاکھ روپے جبکہ آصف زرداری نے 134دوروں پر ایک ارب 42 کروڑ 15 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

  • شمالی وزیرستان اور بلوچستان حملے، کچھ قوتیں امن و استحکام نہیں چاہتیں!

    شمالی وزیرستان اور بلوچستان حملے، کچھ قوتیں امن و استحکام نہیں چاہتیں!

    اسلام آباد: شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور اعجاز شاہ نے وزیرستان اور بلوچستان میں فوجی جوانوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی، جس سے پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے. بعد ازاں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی بلوچستان کےایک افسر سمیت 4 اہل کاروں نے جام شہادت نوش کیا.

    واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں امن و استحکام نہیں چاہتیں، یہ بزدلانہ کارروائی ہے.

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بغیرحقائق جانے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، ملک دشمن قوتیں کسی کی خیرخواہ نہیں، ابھی ان ملک دشمن قوتوں کا نام نہیں لینا چاہتا.

    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی اس کی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لئے ہمارے دل روتے ہیں، ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں.

    انھوں نے کہا کہ یہ دشمن کی آخری حرکتیں ہیں، انھییں منہ کی کھانی پڑے گی، پاکستان کی کامیابیاں دشمنوں سے ہضم نہیں‌ ہو رہی، ہمیں پتہ ہےبی ایل اےکوکون سپورٹ کررہا ہے، پاکستان ان حالات پرقابو پا لے گا.

    وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ یہ افسوس ناک واقعہ ہے، جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دشمن عناصرنہیں چاہتے کہ پڑوسی ممالک میں امن ہو.

  • وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    کراچی: وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے پاکستان رینجرز (سندھ) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، وزیر داخلہ نے دہشت گردی اور جرائم کے تدارک پر رینجرز کے کردار کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے پاکستان رینجرز (سندھ) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل عمر احمد بخاری کی ملاقات ہوئی۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور دعا کی۔

    رینجرز ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کو پاکستان رینجرز (سندھ) کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران انہیں مشرقی سرحد اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے دہشت گردی اور جرائم کے تدارک پر رینجرز کے کردار کو سراہا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ سندھ میں امن یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

    اس سے قبل وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات کے دوران صوبے میں مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورت حال مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات، فرشتہ قتل کیس کی پیش رفت سے آگاہ کیا

    اسپیکر قومی اسمبلی سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات، فرشتہ قتل کیس کی پیش رفت سے آگاہ کیا

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کی، ملاقات میں ننھی فرشتہ قتل کیس کی تفتیش کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سے ملاقات کر کے کہا کہ معصوم فرشتہ قتل کیس کی عدالتی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    اسپیکرقومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے۔

    اسد قیصر نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور ظلم کے خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا، انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جوڈیشل انکوائری مکمل ہونے تک متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  فرشتہ قتل کیس کی جوڈیشل انکوائری کا آغاز، لواحقین کے بیانات قلم بند

    خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے فرشتہ کے والد اور خاندان سے ملاقات کی تھی جس میں انھوں نے فرشتہ کے خاندان کو مکمل انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    یاد رہے کہ فرشتہ قتل کیس کی جوڈیشل انکوائری کا آغاز گزشتہ روز کر دیا گیا ہے اور لواحقین کے بیانات قلم بند کر لیے گئے ہیں، جوڈیشل کمیشن کو 7 روز میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    واضح رہے ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی فرشتہ نامی 10 سالہ بچی کو چار روز قبل اغوا کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ والدین نے درج کروانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کیا، ملزمان فرشتہ کی لاش قریبی جنگل میں پھینک کر فرار ہو گئے، اسپتال انتظامیہ نے بھی پوسٹ مارٹم کرنے سے انکار کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ ساڑھے 6 بجے کے بعد وقت ختم ہوجاتا ہے۔

  • عثمان بزدار اعجاز شاہ ملاقات: مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    عثمان بزدار اعجاز شاہ ملاقات: مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن کے لیے مشترکہ اقدامات پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ نے ملاقات کی، جس میں امن عامہ کی بہتری کے لیے پنجاب اور وفاق میں مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔

    ملاقات میں صوبے میں سیکورٹی صورت حال کی مزید بہتری سے متعلق اقدامات پر غور کرتے ہوئے مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی وزیر خارجہ سے ملاقات

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا، اور قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔

    وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کے بھی دورے کروں گا، امن و امان کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کریں گے۔

    یاد رہے گزشتہ ہفتے وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں ای ویزے کے اجرا اور داخلی سلامتی کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔

  • لاہور دھماکا: ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

    لاہور دھماکا: ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی: وزیر داخلہ اعجاز شاہ

    لاہور: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور دھماکا خود کش ہے، ایلیٹ فورس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے لاہور دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹس شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خود کش حملہ تھا اور اس حملے میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا۔

    وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، جس طرح کڑیاں ملتی جائیں گی تحقیقات میں پیش رفت ملے گی۔

    اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ دوبارہ ایسے واقعات کا ہونا بد قسمتی ہے، ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی، سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکورٹی کو بہتر بنانے کی گنجایش ہمیشہ رہتی ہے، سیکورٹی معاملات میں لوپ ہولز بند کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  داتا دربار کے باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ وہ واقعے کے بعد سے تحقیقاتی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

    واضح رہے کہ آج لاہور میں داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 5 پولیس اہل کاروں سمیت 10 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے ہیں۔

    ایلیٹ فورس کی گاڑی داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر کھڑی تھی، خود کش حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

  • وزیراعظم عمران خان کا اسد عمر کو وزارت خزانہ سے ہٹا کر وزارت پٹرولیم دینے کا فیصلہ

    وزیراعظم عمران خان کا اسد عمر کو وزارت خزانہ سے ہٹا کر وزارت پٹرولیم دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کارکردگی پر اسد عمرکو وزارت خزانہ سے ہٹا کر وزارت پٹرولیم جبکہ وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی کی جگہ اعجاز شاہ کو ذمے داریاں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزرا کی کارکردگی پر نظرثانی کا انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے پانچ وفاقی وزارتوں کے قلمدانوں میں ردوبدل کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیر خزانہ، داخلہ اور پٹرولیم کے وزرا کے قلمدان تبدیل کئے جائیں گے۔

    اسدعمر کو وزارت خزانہ اور وزیر پٹرولیم غلام سرور سے قلمدان واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا، اسدعمرکو وزارت خزانہ سے ہٹا کر وزارت پٹرولیم دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزارت خزانہ کیلئے ٹیکنو کریٹ مشیر تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔

    وزیر ملکت داخلہ شہریارآفریدی کی جگہ اعجاز شاہ کو ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ متوقع ہے جبکہ چیئرمین ایف بی آرکوعہدےسےہٹائےجانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے فیصلہ وزرا کی کارکردگی کومدنظر رکھ کرکیاگیا ہے ، ریلوے، توانائی، مواصلات کے وزیروں کی کارکردگی اچھی رہی۔

    یاد رہے 29 مارچ کو وزیراعظم عمران خان نے وزارتوں کی کارکردگی کا سہ ماہی جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی، جس میں نومبر2018 سے اب تک کی کابینہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اس ضمن میں کابینہ میں شامل تمام وزیروں کو متعلقہ محکموں کی تیاری کے لیے دو ہفتے کا وقت دیا گیا تھا، وزارتوں کو رپورٹ پر بریفنگ کے لیے 30 منٹ کا وقت دیا جائے گا، جس کے بعد وزیر اعظم وزرا سے سوال جواب بھی کریں گے۔

    مزید پڑھیں : سہ ماہی کارکردگی، وزیراعظم عمران خان نے وزرا سے کارکردگی رپورٹ طلب کرلی

    خیال رہے کہ نئے پاکستان میں حکومت نے سو دن پورے ہونے پر کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا، جس کے تحت تمام وزیروں نے رپورٹس وزیراعظم کو ارسال کی تھیں۔

    رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ تمام وزرا کی کارکردگی مجموعی طور پر بہتر رہی جبکہ وفاقی وزیر مراد سعید اور شیخ رشید کے اقدامات قابل ذکر رہے تھے۔ دونوں وفاقی وزراء نے سو روزہ اہداف بر وقت مکمل کیے ، شیخ رشید نے وزارت میں 2 ارب ،مراد سعید نے 3 ارب سے زائد کی آمدن کا ریکارڈ بنایا تھا۔

    سفارت کاری اور غیر ملکی رابطوں کے حوالے سے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کارکردگی بھی شاندار رہی تھی جبکہ وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی تجاوزات کے خلاف آپریشن اور سرکاری اراضی واگزار کرانے میں سرفہرست تھے۔

    اسی طرح وفاقی وزیر آبی منصوبہ بندی فیصل واوڈا نے بھی مطلوبہ اہداف حاصل کر لئے تھے، 40 روزہ وزارت میں داسو ڈیم اور پانی چوری کی روک تھام کے لئے ہنگامی اقدامات کئے گئے اور ملک میں پہلی بار صوبوں کو ٹیلی میٹرز کی تنصیب پر راضی کیا گیا تھا۔

  • اعجاز احمد شاہ کو پارلیمانی امورکا وفاقی وزیر بنا دیا گیا

    اعجاز احمد شاہ کو پارلیمانی امورکا وفاقی وزیر بنا دیا گیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان کے مشورے پر صدر مملکت نے بریگیڈیر (ر) اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کی منظوری دی.

    تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی اعجازاحمد شاہ کو وفاقی وزیربنا دیا گیا،نوٹی فکیشن جاری ہوگیا، اعجازشاہ پارلیمانی امورکےوفاقی وزیر ہوں گے۔

    اس ضمن میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا ٹویٹ سامنے آیا ہے، جس میں‌ انھوں‌ نے فیصلے کی تصدیق کی ہے.

    اعجازشاہ پرویزمشرف دورمیں آئی بی کےڈائریکٹر رہ چکے ہیں. وزیر اعظم عمران خان کی مشورے پر صدر مملکت عارف علوی نے فیصلے کی منظوری دی.

    انھوں‌ نے این اے 118، ننکانہ صاحب سے الیکشن لڑا اور مسلم لیگ ن کے امیدوار کو سخت مقابلے میں شکت دی. انھوں نے 63,818 ووٹز حاصل کیے.

    قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے مراد سعید کو گذشہ برس دسمبر میں وفاقی وزیر کا عہدہ دیا تھا.

    خیال رہے کہ بے نظیر بھٹو نے شہادت سے قبل اپنے خط میں خود کو نقصان پہنچنے کی صورت میں‌ جن افراد کو شامل تفتیش کرنے کی کا مطالبہ کیا تھا، اعجاز شاہ کا نام ان میں شامل تھا.

  • حلقہ این اے 137میں نواز لیگ کامیاب،تحریک انصاف دوسرے نمبر پر

    حلقہ این اے 137میں نواز لیگ کامیاب،تحریک انصاف دوسرے نمبر پر

    ننکانہ صاحب : قومی اسمبلی کے حلقہ این اےایک سو سینتیس کے انتخابات میں مسلم لیگ نواز نے معرکہ مار لیا،تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نواز کی ڈاکٹر شذرہ منصب نے ستتر ہزار آٹھ سو نوے ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

    حلقہ این اے ایک سو سینتیس کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ملسم لیگ ن کی امیدوار کے مد مقابل تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ انتالیس ہزار چھ سو پینتیس ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    لاہور میں دو چرچوں میں خودکش حملوں کے بعد اس حلقہ میں ینگسن آباد اور مارٹر پور کے مسیحی برادری کے پولنگ اسٹیشنز پر احتجاجا پولنگ بند کردی گئی۔

    مظاہرین نے ٹائر جلائے اور ننکانہ شاہ پور روڈ ٹریفک کے لئے بند کردی، ایک دو پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی بھی ہوئی جس سے آزاد امیدوار کے دو حامی زخمی ہوگئے۔

    غیر سرکاری نتائج کے مطابق نو منتخب رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی نے لاہور میں خود کش دھماکوں کے بعد جیت کا جشن ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

    ڈاکٹر شذرہ منصب علی  کےاعلان کے باوجود ان کے حامیوں نے جیت کی خوشی میں شہرکے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے فائرنگ کی، شذرہ منصب علی نے ووٹرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ان کے معیار پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی۔