اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خود کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر کہہ کر پاکستانی عوام کےدل جیت لئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سعودی ولی عہد کے اعزاز میں عشائیے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا سعودی عرب میں کام کرنیوالے25 لاکھ پاکستانیوں کو اپنا سمجھنےکی بات پر سعودی ولی عہد نے جواب میں یہ کہہ کر پاکستانی عوام کےدل جیت لئے کہ وہ سعودی عرب میں پاکستان کےسفیرہیں۔
Crown Prince Mohammad bin Salman won the hearts of the people of Pakistan when he said “consider me Pakistan’s ambassador to Saudi Arabia” in response to my asking him to treat the 2.5 mn Pakistani’s working in KSA as his own.#CrownPrinceinPakistan pic.twitter.com/Xr0E2EWKrK
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 18, 2019
گذشتہ روز سعودی ولی عہد دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، وزیرِ اعظم ہاؤس میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے معمولی جرائم میں قید 3ہزارپاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیکیورٹی مسائل نہ ہوتے تو ہزاروں پاکستانی آپ کااستقبال کرتے، سعودی عرب پاکستانی حجاج کوپاکستان میں امیگریشن کی سہولت دے، 25 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں۔
مزید پڑھیں : مجھے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر سمجھیں، سعودی ولی عہد
جس کے جواب میں شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کوہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان، آپ مجھے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر سمجھیں، پاکستان کونانہیں کہہ سکتے، ہم سے جو کچھ ہوسکتا ہے کریں گے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ پاکستان ہمارا دوست اور بھائی ہے، پاکستان کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کو مزید آگے بڑھائیں گے، ہمارے لیے پاکستان بہت اہم ملک ہے، یقین ہے وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھے گا، پاکستان میں اس طرح کی قیادت کا انتظار تھا تاکہ ہم پارٹنر بنیں اور بہت سے کام مل کر کر سکیں۔
عشائیے سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان وزیرِ اعظم ہاؤس میں وَن آن وَن ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے تھے۔