Tag: اعضا عطیہ

  • سعودی عرب: شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا بڑا فیصلہ

    سعودی عرب: شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا بڑا فیصلہ

    سعودی عرب میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اعضا کا عطیہ کرنے پر دو سو شہریوں کو تیسرے درجے کا تمغہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شاہ سلمان کی طرف سے اعضا کا عطیہ کرنے والوں کو تمغے کے علاوہ اسناد بھی دی جائیں گی۔

    رپورٹس کے مطابق یہ اعزاز اس بات کا عملی اظہار ہے کہ سعودی قیادت انسانی اور قومی نوعیت کی ان پہل قدمیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو انسانی جانوں کو بچانے اور اعضا کے عطیہ کی ثقافت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں ضرورت مند مریضوں کے لیے خون کا عطیہ دینے کی مہم بھی وقتا فوقتا چلائی جاتی ہے۔

    اس سے قبل عرب وزرائے داخلہ کونسل کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اعلی ترین درجے کا ’شہزادہ نایف ایوارڈ برائے عرب امن‘ سے نوازا گیا۔

    سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی صحت سے متعلق خبر

    خادم حرمین شریفین کو یہ ایوارڈ عرب معاشرے کے لیے کی گئی بے مثال امن کوششوں کو سراہتے ہوئے دیا گیا ہے۔

    وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو نوازا جانے والا ایوارڈ وصول کیا، جنہوں نے تیونس میں منعقدہ عرب وزرائے داخلہ کونسل کے 41 ویں اجلاس میں شرکت کی۔

  • کسان نے مرنے کے بعد 7 لوگوں کی جانیں بچا لیں، ایک دل چھو لینے والی سچی کہانی

    کسان نے مرنے کے بعد 7 لوگوں کی جانیں بچا لیں، ایک دل چھو لینے والی سچی کہانی

    اورنگ آباد: بھارت میں ایک غریب کسان نے مرنے کے بعد 7 لوگوں کی جانیں بچا کر قربانی کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔

    بھارتی شہر اورنگ آباد کے گاؤں وانگی سے تعلق رکھنے والے کسان گوکل داس کوٹولے نے مرنے کے بعد ایک یا دو نہیں بلکہ سات لوگوں کی زندگیاں بچا لی ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کسان گوکل داس کوٹولے کو جب ایک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد اورنگ آباد کے اسپتال گلیکسی لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے انھیں برین ڈیڈ قرار دے دیا۔

    دماغی موت کی خبر ملتے ہی پورے خاندان میں سوگ کی لہر دوڑ گئی، تاہم بعد ازاں بڑی ہمت کے ساتھ ان کے گھر والوں نے فیصلہ کیا کہ گوکل داس کے اعضا عطیہ کیے جائیں، اس طرح ان کے گردے، پھیپھڑے، جگر، دل اور آنکھیں عطیہ کی گئیں، اور مرنے کے بعد بھی گوکل داس کئی لوگوں کے کام آ گئے۔

    اس خبر کا ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ گوکل داس کے جسم سے اعضا نکالنے کے بعد انھیں کم سے کم وقت میں ٹرانسپلانٹیشن کے لیے دوسرے اسپتال پہنچانا ضروری تھا، جس کے لیے محکمہ پولیس نے راتوں رات شہر کی اہم سڑکوں پر ’’گرین کوریڈور‘‘ بنا دیا، اور ایمبولینس کے لیے راستہ صاف کرنے کے لیے ایئرپورٹ روڈ اور نجی اسپتال روڈ پر ٹریفک کو عارضی طور پر مکمل روک دیا گیا۔

    گرین کوریڈور کو یقینی بنانے کے لیے ایک ڈپٹی کمشنر آف پولیس، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، 6 انسپکٹرز، 15 پولیس سب انسپکٹرز سمیت کل 120 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا، گوکل داس کے دل کو ممبئی کے ریلائنس اسپتال بھیجا گیا، جب کہ جگر کو پیوند کاری کے لیے گلینیگلس اسپتال لے جایا گیا۔

    گوکل داس کے پھیپھڑوں کو جہاز کے ذریعے احمد آباد، گجرات کے کیڈیا اسپتال بھیجا گیا، عطیہ کیے گئے گردے گلیکسی اسپتال میں ہی رکھے گئے۔

    ٹریفک حادثہ کیسے ہوا؟


    کچھ عرصے سے گوکل داس کا بیٹا ان سے سائیکل خریدنے کے لیے اصرار کر رہا تھا، لیکن مالی مجبوریوں کی وجہ سے وہ اسے ٹال رہے تھے، آخر کار بدھ کو انھوں نے بیٹے کو نئی سائیکل دلانے کا فیصلہ کیا اور شہر چلے گئے، خریدنے کے بعد انھوں نے سائیکل اپنی موٹر سائیکل سے باندھی اور گاؤں کی طرف واپس آنے لگے، لیکن بدقسمتی سے گاؤں سے صرف 4 کلومیٹر پہلے ان کی موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہو گئی۔

  • فیصل ایدھی اور اہل خانہ کا اعضا عطیہ کرنے کا اعلان

    فیصل ایدھی اور اہل خانہ کا اعضا عطیہ کرنے کا اعلان

    کراچی : معروف سماجی رہنماء عبدالستار ایدھی صاحب (مرحوم) کے اعزاز میں ایس آئی یو ٹی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس فیصل ایدھی نے اہل خانہ سمیت اپنے اعضا بعد از مرگ عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی یو ٹی اسپتال کے زہر اہتمام معروف سماجی رہنما کی انسانی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ایدھی خاندان کے علاوہ معروف ڈاکٹر ادیب رضوی سمیت معززین نے شرکت کی۔
    اس موقع پر ایدھی فاؤنڈیشن کے نئے سربراہ فیصل ایدھی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایدھی صاحب کا مشن جاری رکھنے کے لیے لوگوں کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا اور فاؤنڈیشن کو مضبوط کرنا ہوگا‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایس آئی یوٹی نے ایدھی صاحب کے گھر کے فرد کی طرح خدمت کی اور کوئی کسر نہیں چھوڑی، ڈاکٹر ادیب رضوی کی خدمات قوم کے سامنے ہیں اور ہمیں ایدھی صاحب کی طرح ان کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہیے‘‘۔

    مزید پڑھیں : عبدالستار ایدھی کی آنکھیں دو نابینا مریضوں کو لگا دی گئیں

    فیصل ایدھی نے بعد از مرگ اپنے اعضا عطیہ کرنے کا اعلان کیا اور ایس آئی یو ٹی میں اعضا عطیہ کرنے کے فارم پر دستخط بھی کیے، انہوں نے عوام سے اپیل کی انسانیت کی خدمت کے لیے ہر شخص کو چاہیے کہ بعد ازمرگ اپنے اعضا عطیہ کرے‘‘۔

    اس موقع پر ڈاکٹر ادیب رضوی نے معززین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایدھی صاحب نے مذہب اور فرقوں سے بالا تر ہوکر عوام کی خدمت کی، عبد الستار ایدھی انسان دوست اور ہمدرد طبیعت کے مالک تھے‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’2008 کو آنے والے زلزلے میں ایدھی صاحب کی خدمات کو دنیا نے تسلیم کیا، وہ ملک کے پہلے واحد شخص ہیں جنہوں نے اپنے اعضا بعد از مرگ عطیہ کرنے کی وصیت کی، عبدالستار ایدھی کے اس اقدام کے بعد سے اب تک 2 ہزار سے زائد افراد اپنے اعضا عطیہ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں‘‘۔