Tag: اعظم بستی

  • کراچی: اعظم بستی میں فائرنگ سے کار سوار شہری جاں بحق

    کراچی: اعظم بستی میں فائرنگ سے کار سوار شہری جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے محمود آباد اعظم بستی میں  فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی  ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے محمود آباد اعظم بستی گلی نمبر 12 میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، واقعےکی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    سی سی ٹی وی ویڈیو میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار سوار ٹارگٹ کا تعاقب کیا، کار گلی میں پہنچ کر رکی، کار سوار کے نیچے اترتے ہی ایک ملزم نے فائرنگ کر دی۔

    دو موٹر سائیکل سوار ملزمان کو کار سے اترنے والے شخص پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ملزمان نے کار کے ڈرائیور پر بھی فائرنگ کی جس سے وہ کندھے پر گولی لگنے سے زخمی ہوا، موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان واردات  کے بعد فرار ہوگئے۔

    پولس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے،  جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور شواہد اکٹھے کرلئے گئے۔

     پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے، فائرنگ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جارہی ہے۔

  • کراچی: اعظم بستی کے قریب فلیٹ میں زہریلی گیس بھر جانے سے 4 سالہ بچی جاں بحق

    کراچی: اعظم بستی کے قریب فلیٹ میں زہریلی گیس بھر جانے سے 4 سالہ بچی جاں بحق

    کراچی کے علاقے محمود آبا اعظم بستی کے  فلیٹ میں کیڑے مار دوار کے استعمال سے متاثر ہوکر ایک بچی ہلاک، ماں اور چار بچے بے ہوش ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اعظم بستی سو فٹ روڈ پر واقع  بخاری ٹاور کے فلیٹ میں کیڑے مار دوا کے استعمال سے  متاثر ہوکر چار سالہ  بچی ہلاک، ماں اور چار بچے بے ہوش ہوگئے، متاثرہ بچوں کو قومی ادارہ برائے امراض اطفال  جبکہ بچی کی لاش  اور خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ہلاک ہونے والی بچی کی شناخت ریچل دختر شہزاد کے نام سے ہوئی جبکہ بے ہوش ہونے والے بچوں میں کرسٹینا، پیٹر، اسرائیل اور فرسٹینا شامل ہیں، متاثرہ بچوں کی عمریں ساڑھے تین سال سے دس سال کے درمیان ہیں۔

     متاثرہ سب سے چھوٹی بچی کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ بچوں کے والد شہزاد  کا کہنا ہے کہ دو دن پہلے گھر  کے کمرے میں پھٹ کر بکھرنے والی  کیڑےمار دوا  استعمال کی گئی تھی ، دوا کے استعمال کے لیئے کمرہ بند کر دیا گیا تھا۔

     گزشتہ شام کمرہ کھول کر صفائی کی گئی، صفائی کے دوران ہی اہل خانہ کی طبعیت بگڑنے لگی تھی جسے ہم نے نظرانداز کر دیا، رات کو اہلیہ کی طبعیت بگڑنے پر اسپتال لے جانے کا کہا لیکن اس نے صبح اسپتال جانے کا کہا، رات بھر بچوں کی طبعیت مزید بگڑتی گئی۔

     بچوں کو الٹیاں بھی آئی صبح ریچل کی حالت تشویشناک ہونے پر بیوی بچوں کو اسپتال لے کر پہنچا تاہم ریچل جانبر نہ ہوسکی۔