Tag: اعظم سواتی

  • پی ٹی آئی کے رہنما اعظم سواتی کے وارنٹ گرفتاری جاری

    پی ٹی آئی کے رہنما اعظم سواتی کے وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد: اسپیشل جج سینٹرل اسلام آبادنے متنازع ٹویٹ کیس میں پی ٹی آئی رہنما  اعظم سواتی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کےخلاف متنازع ٹویٹ کے کیس کی سماعت ہوئی۔

    اعظم سواتی کےوکیل سہیم خان اورپراسیکیوٹررضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے ، وکیل سہیل خان نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی عدالت کےباہرگرفتاریاں جاری ہیں، اعظم سواتی نے آج پیش ہوناتھا،اس وقت زمان پارک میں موجودہیں،کل شام 8 بجے کے بعد سے اعظم سواتی سے رابطہ نہیں ہوا۔

    پراسیکیوٹررضوان عباسی نے سوال کیا کہ اعظم سواتی نےکیاعدالت سےحفاظتی ضمانت لی ہے؟ اعظم سواتی کو متعدد بار فرد جرم عائد کرنے کیلئےعدالت نے بلایا لیکن نہیں آئے۔

    رضوان عباسی نے کہا کہ اعظم سواتی کی ویسےطبیعت ٹھیک ہےلیکن عدالت کےسامنےآنےپر طبیعت خراب ہوجاتی ہے، اعظم سواتی کی متعدد بارحاضری سےاستثناکی درخواستیں منظورکی گئیں۔

    حلف نامےکےباوجود اعظم سواتی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کا زمان پارک میں رہائش پذیر ہونے کا ہی کوئی ثبوت دےدیں، عدالت سے استدعا ہے اعظم سواتی کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیےجائیں۔

    عدالت نے اعظم سواتی کی آج حاضری سےاستثناکی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

    عدالت نے اعظم سواتی کو 50 ہزار روپےکےضمانتی مچلکے جمع کروانے کاحکم دے دیا اور 30مئی کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کرلیا۔

  • متنازع ٹوئٹ کیس : اعظم سواتی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

    متنازع ٹوئٹ کیس : اعظم سواتی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے متنازع ٹوئٹ کیس میں پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے متنازع ٹوئٹ کیس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نےاعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے 2لاکھ روپے مچلکےجمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    عدالت نے اعظم سواتی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے آج صبح دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے اعظم سواتی کو رہا کرنے کے فیصلے پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جس معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا وہ قومیں آگے نہیں بڑھ سکتی، عوام ہی بڑے فیصلے کرسکتی ہے۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے 2023 کا بہترین آغاز ہوا ہے، ہم نے انصاف کےلیے جنگ جاری رکھنی ہے ، امیر غریب سب کو انصاف ملنا چاہیے۔

    تحریک انصاف کے رہنما شہزادوسیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ کےججز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے حق پر فیصلہ دیا ، ذات،انا سے بالاتر ہوکر ملکی بہتری کےلیے کردار اداکرنا چاہیے۔

  • اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ ، ایک بجے سنایا جائے گا

    اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ ، ایک بجے سنایا جائے گا

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے متنازع ٹوئٹ کیس پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا، محفوظ فیصلہ ایک بجےسنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے متنازع ٹوئٹ کیس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    پی ٹی آئی سینیٹر اور وکیل بابراعوان پیش ہوئے ، ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی نے اسپیشل پراسیکوٹر نہ آنے کا بتایا تو چیف جسٹس نے کہا کہ اسپشل پراسیکوٹر کی ضرورت نہیں، ایف آئی اے کا کیس ہے۔

    اعظم سواتی کے بیٹے عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور کیس کسی اوربنچ کو بھیجنے کی استدعا کی، جس پر چیف جسٹس نے آئندہ ہفتے لارجر بنچ تشکیل دینے کا عندیہ دے دیا۔

    اعظم سواتی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پرعدم اعتماد کا خط بھی واپس لے لیا، بابراعوان نے مشاورت کے بعد بتایا کہ مجھے ہدایت دی گئی ہے کہ خط واپس لے لیں۔

    چیف جسٹس عامرفاروق نے کہا عدالت عمومی طور پر اس قسم کے خطوط نہیں دیکھتی، معاملے کو ہمیشہ کیلئے حل کرنے کی خاطرلارجر بنچ تشکیل دیا ہے۔

    بابراعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اوربلوچستان ہائی کورٹس نے اعظم سواتی کیخلاف مقدمے ختم کردئیے، کیس میں ڈیو پراسس ہی نہیں ہے ، اعظم سواتی پر کل 52 ایف آئی آردرج کی گئی ہیں۔

    ڈپٹی اٹارنی جنرل نے دلائل کیلئے مہلت کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ 24 دسمبر کوچالان جمع ہوچکا، تین جنوری کو سماعت ہے ، جرم دو بار کیا ہے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی نے ٹویٹر اکاؤنٹ سرنڈر نہیں کیا اور ٹویٹ سے بھی انکار نہیں کیا، عدالت نے ایف آئی اے حکام سے مکالمے میں کہا کہ
    آپ نے پہلےخود ہی فزیکل ریمانڈ ختم کیا، کیا کوئی ٹمپرنگ کا چانس ہے۔

    عدالت نے اعظم سواتی کے وکیل سے استفسار کیا جرم دوبارہ ہونے کا بتا دیں، بابراعوان کا کہنا تھا کہ نام نہیں لینا چاہتا ایک سیاسی شخصیت کو بیماری پر ضمانت دی گئی، ایک اور شخصیت کواس کی تیمارداری کے لیے ضمانت دی گئی۔

    چیف جسٹس عامرفاروق کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ایف آئی اے کا کیا مؤقف ہے، وکیل ایف آئی اے نے بتایا کہ اسپیشل پراسیکیوٹرنہیں آسکےسماعت ملتوی کی جائے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے وکیل کی استدعا مسترد کردی۔

    عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ ایک بجے سنایا جائے گا۔

  • عدالت اعظم سواتی کو ضمانت پر رہا کرنے کیلئے قائل نہیں، ضمانت مسترد کا تحریری فیصلہ جاری

    عدالت اعظم سواتی کو ضمانت پر رہا کرنے کیلئے قائل نہیں، ضمانت مسترد کا تحریری فیصلہ جاری

    اسلام آباد: اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے متنازع ٹوئٹ کیس میں پی ٹی آئی  رہنما اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

    اسپیشل جج سینٹرل اعظم خان نے 6 صفحات پرمشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، ملزم اعظم خان سواتی کی جانب سے ایڈووکیٹ بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

    فیصلے میں کہا گیا ہےکہ بادی النظر میں اعظم سواتی نے ضمانت پر رہا ہونے کے باوجود دوبارہ اسی جرم کا ارتکاب دوبارہ کیا، عدالت اعظم سواتی کو ضمانت پر رہا کرنے کیلئے قائل نہیں ہے۔

    تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ اعظم سواتی نے فوج کے اعلیٰ افسر کیخلاف ہتک آمیز الفاظ استعمال کیے، اعظم سواتی نے پاک فوج کو اپنے افسران کے احکامات کی خلاف ورزی اور بغاوت پر اکسایا۔

    تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اعظم سواتی نے 26 نومبر کو پاک فوج کے ایک اعلیٰ افسر کیخلاف ٹویٹ کیا جسے مختلف ٹویٹر اکاؤنٹس سے ری ٹویٹ کیا گیا، اعظم سواتی نے اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرنے پر دیگر اکاؤنٹس کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    تفصیلی فیصلے میں بتای گیا کہ اعظم سواتی کیخلاف ریاستی اداروں کیخلاف ٹویٹ کرنے پر پہلے بھی پیکا کی سیکشن 20 کے تحت ایک مقدمہ درج ہے، انہیں پہلے مقدمے میں 21 اکتوبر کو ضمانت ملی، 26 نومبر کو انہوں نے پھر وہی جرم دہرایا، اعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

    بابر اعوان کے مطابق اعظم سواتی کو ان کے سیاسی حریف انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہے ہیں، اعظم سواتی کیخلاف مقدمہ ایف آئی اے رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے درج کیا گیا، بابر اعوان کے مطابق پیکا کی سیکشن 20 قابل ضمانت دفعہ ہے۔

  • کوئٹہ: اعظم سواتی 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کوئٹہ: اعظم سواتی 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو انتشار پھیلانے کا مقدمے میں 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو ڈیوٹی مجسٹریٹ عبدالستار بگٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    اعظم سواتی کے خلاف انتشار پھیلانے کا مقدمے میں عدالت نے انہیں 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    خیال رہے کہ اعظم سواتی پر اداروں کے خلاف ٹویٹ اور بیان بازی سے متعلق ملک بھر میں مختلف مقدمات درج ہیں، 2 روز قبل انہیں بلوچستان پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔

    وفاقی دارالحکومت میں گرفتاری کے بعد وہ چند روز پولیس کی حراست میں رہے تھے اور ضمانت کے بعد انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں کوئٹہ لے جایا گیا۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل کے حصول کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔

  • اعظم سواتی کے ساتھ جو ظلم ہوا، میرے ساتھ ہو تو خودکش حملے کیلئے تیار ہوجاؤں ، عمران خان

    اعظم سواتی کے ساتھ جو ظلم ہوا، میرے ساتھ ہو تو خودکش حملے کیلئے تیار ہوجاؤں ، عمران خان

    لاہور : سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کے ساتھ جو ظلم ہوا، میرے ساتھ ہو تو خودکش حملے کیلئے تیار ہوجاؤں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعظم سواتی کا ذکر کیا۔

    عمران خان نے کہا کہ اعظم سواتی کے ساتھ ظلم ہوا ہے،ہر عام آدمی ایسا ہی ردعمل دے گا ، میرے ساتھ ایسا کوئی کرے تو خودکش حملے کیلئے تیار ہوجاؤں گا۔

    سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کو پکڑ کر کوئٹہ لےجایاگیا ہے، اعظم سواتی کو کچھ ہوا تو تمام ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کریں گے۔

    ارشد شریف کے حوالے سے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ ارشد شریف جیسے بڑے صحافی کو باہر جاکر قتل کردیا گیا، صحافی برداری پر افسوس ہے ارشد شریف کےلیے نہیں کھڑے ہورہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے ساتھ آج ایسا ہوا تو کل کسی اور صحافی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، اس لیے میں کہتا ہوں ملک کو حقیقی آزادی کی ضرورت ہے، ہماری جدوجہد جاری رہے گی،اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمارا پہلا قدم ہوگا۔

  • اعظم سواتی کو بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیا گیا

    اعظم سواتی کو بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیا گیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیا گیا، اعظم سواتی کے خلاف بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مقدمات درج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متنازعہ ٹویٹس کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اعظم سواتی کی گرفتاری بلوچستان پولیس کی جانب سے کی گئی، پولیس اعظم سواتی کو لیکر کوئٹہ روانہ ہوگئی ، جہاں اعظم سواتی کو کچلاک جیل میں رکھا جائے گا۔

    بلوچستان پولیس نے اعظم سواتی کو گرفتار کرنے کی درخواست کی تھی، اعظم سواتی کے خلاف بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مقدمات درج ہیں۔

    یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سواتی کو دارالحکومت کی ایک عدالت سے بعد از گرفتاری ضمانت کے بعد ایک ماہ کے دوران اسی کیس میں دوسری مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کی ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل کے حصول کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم کسی صوبے کو ڈائریکشن نہیں دے سکتے، وزارت داخلہ سے کیسز کی تفصیل مانگ رہے ہیں۔۔ پوچھا تھا کہ کون سے قانون کے تحت ایسا کر سکتے ہیں۔

  • ‘سینیٹر اعظم سواتی پر ایک ہی واقع کے  50 مقدمات درج ‘

    ‘سینیٹر اعظم سواتی پر ایک ہی واقع کے 50 مقدمات درج ‘

    اسلام آباد : سینیٹر اعظم سواتی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات سے متعلق وکیل بابر اعوان نے بتایا کہ اعظم سواتی پر ایک ہی واقع کی پچاس مقدمات درج ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ سینیٹر اعظم سواتی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی، اعظم سواتی کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق سماعت کی۔

    وکیل بابر اعوان نے بتایا کہ اعظم سواتی پر ایک ہی واقع کی پچاس مقدمات درج ہو چکے ہیں، اعظم سواتی کی اسلام آباد سے دوسری جگہ منتقلی روکی جائے۔

    بابر اعوان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری داخلہ کو احکامات جاری کئے جائیں ، سندھ اور بلوچستان میں زیادہ تر مقدمات درج کئے گئے، اعظم سواتی اسلام آباد میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں، آئی جیز پر سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول ہوتا ہے۔

    عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سیکریٹری داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم دیتے ہوئے استفسار کیا کیسے سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول صوبائی آئی جیز پر ہوتا ہے ؟ چیک کرکے بتائیں سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول اس طرح ہے جس طرح بتایا جا رہا ہے ؟

    بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔

  • متنازع ٹوئٹس کیس : سینیٹر اعظم سواتی کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    متنازع ٹوئٹس کیس : سینیٹر اعظم سواتی کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    اسلام آباد : اسلام آباد کی سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں اداروں کے خلاف ٹویٹ اور بیان بازی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    سینئرسول جج محمد شبیر نے کیس کی سماعت کی، سینیٹر اعظم خان سواتی کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا۔

    ایف آئی اے کے اسکیل نے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو مزید چھ دن کا ریمانڈ دیا جائے، موبائل اور ٹویٹ اکاؤنٹ کے حوالے سے مزید تفتیش کرنی ہے۔

    بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ اعظم سواتی کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پیش نہ کیا جائے۔

    عدالت نے اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دسمبر تک توسیع دیتے ہوئے پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

    جج محمد شبیر نے کہا کہ اعظم سواتی کو آئندہ سماعت پر بھی عدالت میں پیش نہ کیا جائے۔

    جج کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوں گے ، آئندہ حکم تک اعظم سواتی کو عدالت میں پیش نہ کیا جائے

    یاد رہے دو روز قبل عدالت نے اعظم سواتی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

  • بیوی اور بیٹی کوبھیجی گئی ویڈیو اصلی ہے، اعظم سواتی

    بیوی اور بیٹی کوبھیجی گئی ویڈیو اصلی ہے، اعظم سواتی

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ بیوی اوربیٹی کوبھیجی گئی وڈیواصلی ہے ، قانون سے بالاتر لوگ افواہ پھیلارہے ہیں کہ ویڈیو جعلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بیوی اور بیٹی کو بھیجی گئی وڈیو اصلی ہے، بس کچھ چیزیں اضافی ڈالی گئی ہیں۔

    ایف آئی اے کے بیان پر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ قانون سے بالاتر لوگ افواہ پھیلا رہے ہیں کہ ویڈیوجعلی ہے۔

    پی ٹی آئی سینیٹر نے بتایا کہ ویڈیو کوئٹہ میں بنائی گئی، میں چئیرمین سینیٹ کا مہمان تھا، عدالت کو بتاؤں گا اس ویڈیو کا کون سا حصہ درست ہے کون سا نہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مقدمہ میرا یا بیوی کا نہیں، بلکہ ملک کی ہر بیٹی کا ہے، ،مجھے انصاف کیوں نہیں مل رہا۔

    گذشتہ روز فیڈرل انویسٹی ایجنسی(ایف آئی اے) نے سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ویڈیو کا عالمی معیار کے مطابق تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔

    ادارے نے بتایا تھا کہ انٹرنیشنل معیار کے فرانزک سے ثابت ہوا وڈیو میں ایڈیٹنگ کی گئی اور چہروں کو بگاڑ کر مختلف ویڈیوز اس میں شامل کی گئی ہیں۔