Tag: اعلامیہ

  • بنگلا دیش اور پاکستان کے درمیان اہم معاہدے طے پا گئے، دفتر خارجہ پاکستان

    بنگلا دیش اور پاکستان کے درمیان اہم معاہدے طے پا گئے، دفتر خارجہ پاکستان

    اسلام آباد : پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط ہوگئے، پاکستان نے بنگلہ دیشی طلبہ کے وظائف کی تعداد 5 سے بڑھا کر 25 کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے 13 برس بعد ڈھاکا کے پہلے سرکاری دورے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 23 سے 24اگست بنگلا دیش کے دورے پر ڈھاکا پہنچے ہیں۔

    اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی بنگلادیشی مشیر خارجہ محمد توحید حسین سے ملاقات ہوئی، چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے بھی اسحاق ڈار نے اہم ملاقات کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی امور پر کمرشل ایڈوائزر شیخ بشیر الدین سے گفتگو کی گئی۔

    اسحاق ڈار سے بنگلادیشی نیشنلسٹ پارٹی، جماعت اسلامی اور نیشنل سٹیزن پارٹی کے وفود نے بھی ملاقاتیں کی۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پردستخط کیے گئے۔

    معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کی تقریب ڈھاکہ میں ہوئی جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بنگلا دیش کے مشیر برائے خارجہ امور محمد توحید حسین بھی شریک ہوئے۔

    تقریب میں سفارتی وسرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا ختم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا اور تجارت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے گئے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان اوربنگلادیش کی اسٹریٹجک اسٹڈیزانسٹی ٹیوٹس کے درمیان تعاون کامعاہدہ کیا گیا، دونوں ممالک کی فارن سروس اکیڈمیوں کے درمیان تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

    اس کے علاوہ اے پی پی اور بنگلادیش سانگباد سنگستھا کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے گئے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ثقافتی تبادلوں کا پروگرام طے پا گیا۔

    پاکستان بنگلادیش نالج کوریڈور منصوبے کا آغاز کیا گیا، 5سال میں 500 بنگلادیشی طلبہ کو پاکستان میں وظائف دیے جائیں گے۔

    100بنگلادیشی سول سرونٹس کے لیے پاکستان میں تربیتی کورسز کا اعلان کیا گیا، پاکستان نے وظائف کی تعداد 5 سے بڑھا کر 25 کرنے کا اعلان کیا۔

    غزہ اور روہنگیا مسئلے پر پاکستان اور بنگلادیش کی یکساں تشویش کا اظہار کیا گیا، سارک کو فعال بنانے اور علاقائی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے بیگم خالدہ ضیا اور ڈاکٹر شفیق الرحمان کی عیادت کی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دونوں رہنماؤں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

    اس موقع پر پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ تعلقات کو عوامی فائدے کے لیے مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

    https://urdu.arynews.tv/bangladesh-pakistan-strengthen-relations-bangladesh-foreign-ministry/

  • آئی ایم ایف نے پاکستان کو کتنے ارب ڈالر جاری کردیئے؟ بڑی خبر آگئی

    آئی ایم ایف نے پاکستان کو کتنے ارب ڈالر جاری کردیئے؟ بڑی خبر آگئی

    انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے بارے میں اپنا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو1 ارب ڈالر کی پہلی قسط جاری کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو 1 ارب ڈالر کی پہلی قسط جاری کردی گئی ہے۔

    اعلامیہ کے مطابق ایگزیکٹیو بورڈ نے پاکستان کیلئے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت7ارب ڈالر قرض کی منظوری دیدی، پاکستان کیلئے نیاقرض پروگرام 37ماہ پر مشتمل ہے۔

    آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معاشی شرح نمو2.4فیصد تک پہنچ گئی ہے، افراط زر میں کمی کے باوجود پاکستان کو اب بھی بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جس میں مشکل کاروباری ماحول، کمزورحکمرانی اور محدود ٹیکس بیس شامل ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے 2023-24 میں اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت مسلسل پالیسی پر عمل درآمد کیا۔

    آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے ذریعے اقتصادی استحکام کی بحالی کے لیے اہم اقدامات کئے، مالی سال 2024میں شرح نمو 2.4فیصد تک پہنچ گئی ہے، اس کی وجہ زرعی شعبے میں سرگرمیاں ہیں۔

    عالمی مالیاتی ادارے کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے جو کہ ایک ہندسے تک آگئی ہے، مناسب مالیاتی اور مانیٹری پالیسیوں کے سبب کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں رکھنے میں مدد ملی۔

    آئی ایم ایف اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس عمل سے زرمبادلہ کے ذخائر کو دوبارہ سے بہتر بنانے کا موقع ملا، افراط زر میں کمی اندرونی اور بیرونی حالات میں بہتری کی عکاس ہے۔

    اسٹیٹ بینک نے جون سے اب تک پالیسی ریٹ میں 450 بیسز پوائنٹس کی کمی کی ہے، جون 2024 میں ایک مضبوط بجٹ پیش کیا گیا، پیشرفت کے باوجود پاکستان کی کمزوریاں اور مسائل بدستور سنگین ہیں۔

    آئی ایم ایف کے مطابق مشکل کاروباری ماحول، کمزور حکمرانی اورریاست کازیادہ عمل دخل سرمایہ کاری میں رکاوٹ بنتے ہیں، ٹیکس بیس تنگ ہونے کی وجہ سے مالیاتی پائیداری، سماجی اور ترقیاتی اخراجات پورا کرنا مشکل ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غربت سے مستقل نجات کیلئے صحت اور تعلیم پر خرچ ناکافی ہے، بنیادی ڈھانچے میں ناکافی سرمایہ کاری نے معاشی صلاحیت کو محدود کر دیا ہے۔

    پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا شکار ہے، آئی ایم ایف نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ اگر مناسب اصلاحاتی ایڈجسٹمنٹ پر زور نہ دیا گیا اور اصلاحات نہ ہوئیں تو پاکستان کے دیگرممالک کے مقابلے میں مزید پیچھے رہنے کا خطرہ ہے۔

    آئی ایم ایف کے نئے قرض پروگرام کا مقصد میکرو اکنامک استحکام کی بحالی ہے، سرکاری اداروں کی اصلاحات، عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری بھی مقصد ہے۔

    اعلامیے کے مطابق بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے پرتوجہ مرکوز کرنا ہے، اس پروگرام کی کامیابی کیلئے ترقیاتی شراکت داروں کی مسلسل مالی معاونت بہت اہم ہوگی۔

  • وزیر اعظم کے دورہ متحدہ عرب امارات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران انہوں نے حالیہ سیلاب کے بعد امارات کی فراخدلانہ مدد پر شیخ محمد بن زید النہیان کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ متحدہ عرب امارات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے 12 اور 13 جنوری کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا، وزیر اعظم کا دورہ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر کیا گیا۔

    شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عرب امارات کا یہ تیسرا دورہ ہے، وزیر اعظم نے شیخ محمد بن زید النہیان سے دو طرفہ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کو صدارتی محل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی سیاسی اور سلامتی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے حالیہ سیلاب کے بعد امارات کی فراخدلانہ مدد پر شیخ محمد بن زید النہیان کا شکریہ ادا کیا، دونوں فریقین نے اسٹریٹجک شراکت داری اور تعاون مضبوط بنانے کے لیے تعاون تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ انفارمیشن، کمیونی کیشن ٹیکنالوجی شعبے اور ڈیجیٹل تقسیم ختم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا، دونوں اطراف نے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر خیالات کے یکسانیت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ شہباز شریف نے شیخ محمد بن زید النہیان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کر لی۔

  • سیلاب کے باعث پاکستان کی آئی ایم ایف سے تعاون کی درخواست

    سیلاب کے باعث پاکستان کی آئی ایم ایف سے تعاون کی درخواست

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے سیلاب کے باعث انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو پالیسی میں مزید تعاون کی درخواست کی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دورہ امریکا پر وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کردیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران حکومت نے سیلاب کے باعث انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو پالیسی میں مزید تعاون کی درخواست کی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے ہمراہ اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کی، وزیر خزانہ نے سیلاب سے انسانی تباہی اور ملک کو ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کے ایم ڈی نے پاکستان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا، ایم ڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، سیلاب کی تباہی پر پاکستان کے ساتھ گہری ہمدردی ہے۔

    وزیر خزانہ نے ایم ڈی کے جذبات پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود قرض پروگرام مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • ملک کے کسی حصے میں گندم اور آٹے کی قلت پیدا نہیں ہونی چاہئیے،وزیراعظم

    ملک کے کسی حصے میں گندم اور آٹے کی قلت پیدا نہیں ہونی چاہئیے،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مستقبل میں ملک کے کسی حصےمیں گندم اور آٹے کی قلت پیدا نہیں ہونی چاہئیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں وزیراعظم نے کہا کہ چینی انکوائری کا مقصد حقائق کو سامنے لانا تھا جس سے قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انکوائری میں سامنے آنے والی خامیوں کی اصلاح کے لیے اقدامات اٹھانے کے ساتھ حکومت نے انکوائری رپورٹ کے حقائق کا جائزہ لینے کے لیے بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمیٹی جائزہ لے کرجامع اصلاحات کے لیے سفارشات مرتب کرےگی،اقدامات کا مقصد مستقبل میں عوام کو قیمتوں میں اضافے کے بوجھ سے محفوظ رکھنا ہے۔

    اعلامیے میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل میں ملک کے کسی حصے میں گندم اور آٹےکی قلت پیدا نہیں ہونی چاہئیے، اور اس حوالے سے وفاقی کابینہ نے طلب ورسد میں توازن قائم رکھنے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو فلور ملز سے متعلقہ معاملات میں اصلاحات پر مبنی سفارشات تجویز کرے گی۔

    وزیراعظم نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے قائم ٹاسک فورس کی سفارشات جلد پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سفارشات پیش کی جائیں تاکہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مزید کارروائی کی جاسکے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پی آئی اے مسافرطیارے میں شہید ہونے والے افراد کےخاندانوں کے ساتھ دکھ کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں غم زدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

    وفاقی کابینہ اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے میں وزیراعظم نے ٹڈی دل کے حوالے سے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرنے اور اس کے خاتمے کے آؤٹ آف باکس حل پر غور کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری

    پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر تک کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاشی اصلاحات کے پروگرام کے تحت خاطر خواہ بہتری آئی ہے، دسمبر تک کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں، اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستانی حکام سے تمام معاشی شعبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی، تمام تر پیشرفت آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے فیصلے میں مدد گار ثابت ہوگی، معاشی سرگرمیاں بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

    آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے، روپےکی قدرمیں کمی کے بعد مہنگائی میں اضافے کی شرح میں کمی آنی چاہیے، رسد سے متعلق مسائل عارضی ہیں، ترقیاتی، سماجی اخراجات میں اضافہ ہوا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں مالیاتی کارکردگی مستحکم رہی، مقامی ٹیکس وصولی میں اضافے سے پرائمری سرپلس حاصل ہوا، پہلے 6 ماہ میں پرائمری سرپلس جی ڈی پی صفر اعشاریہ 7 فیصد رہا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، دونوں ممالک روایتی اور غیر روایتی شعبوں میں اقتصادی تعاون اور اعلیٰ سطح کے رابطوں میں اضافہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے میں دفاعی شعبے پر جوائنٹ کمیٹی کا اجلاس راولپنڈی میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک تجارت کے فروغ کے لیے گیٹ وے کے طور پر کام کریں گے، دونوں ممالک ہیوی انڈسٹریز میں ایک دوسرے سے تعاون کو فروغ دیں گے اور حلال فوڈ کے کاروبار میں ادارہ جاتی خدمات فراہم کریں گے جبکہ پاکستان اور ملائیشیا سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تعاون کریں گے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں جاری تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ دونوں کے درمیان قابل تجدید توانائی، قدرتی وسائل، ایرو اسپیس اور ایروناٹیکل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، اے آئی اور ای کامرس کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائے گا جبکہ دونوں پارلیمانی ڈپلومیسی جاری رکھیں گے۔ ملائیشین پارلیمنٹ کے اسپیکر وفد کے ہمراہ اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    مشترکہ اعلامیہ کے مطابق لاہور سے کوالالمپور کے لیے پی آئی اے کی براہ راست پروازیں شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ اسٹریٹیجک تعلقات مزید مضبوط اور مثالی بنانے کے لیے تھا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں میں بالمشافہ اور وفود کی سطح پر مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح رابطے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ملک روایتی اور غیر روایتی شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھائیں گے اور تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ دورے کے دوران اسلام آباد میں چوتھے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمیشن اقتصادی، سائنسی اور فنی شعبے میں تعاون کے لیے پہلے سے قائم ہے۔

    اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کوالالمپور سمٹ کے کامیاب انعقاد پر مہاتیر محمد کو مبارکباد دی، مہاتیر محمد نے عمران خان کی خطے میں امن کے لیے کوششوں کی تعریف کی۔ عمران خان نے منی لانڈرنگ کی روک تھام پر ملائیشیا کے تعاون کی بھی تعریف کی۔

    دوسری جانب ملائیشین وزیر اعظم نے کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں اور اسلامو فوبیا کے خلاف تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مہاتیر محمد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، مہاتیر محمد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔ دورے کی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ ملائیشیا نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے سفارتی کردار کی تعریف کی، جنوبی ایشیا میں امن یقینی بنانے میں وزیر اعظم پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا گیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف بھی کیا گیا۔ ملائیشیا کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سفارشات پر عملدر آمد میں مثبت پیشرفت کی۔

  • وزیراعظم اور ابوظبی کے ولی عہد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری

    وزیراعظم اور ابوظبی کے ولی عہد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی ون آن ون ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا وزیراعظم نے پاک یو اے ای تعلقات کی اسٹریٹیجک اہمیت پر روشنی ڈالی۔

    اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں معیشت کی بحالی کے بعد سرمایہ کاری کے مواقع بڑھے ہیں، پاکستان اپنے شراکت دار ممالک سے تجارت، سرمایہ کاری جاری رکھنا چاہتا ہے، یو اے ای کی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان میں توانائی، سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد کو پاکستان کی امن کوششوں سے آگاہ کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے۔ وزیراعظم نے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر میں غیرانسانی لاک ڈاؤن سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

    اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم نے یواے ای میں 16 لاکھ سے زائد پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار پر روشنی ڈالی، پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے پاک یو اے ای تعلقات کی اسٹریٹیجک اہمیت پر زور دیا۔ ولی عہد نے او آئی سی میں پاکستان کے اہم کردارکو بھی سراہا۔

  • غیرمقیم کمپنیوں کیلئے ٹیکس نظام آسان

    غیرمقیم کمپنیوں کیلئے ٹیکس نظام آسان

    کراچی: اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ غیرمقیم کمپنیوں کے لیے ٹیکس نظام آسان کردیا گیا ہے، قرضہ آلات اور حکومتی سیکیورٹیز میں ٹیکس نظام کو سادہ بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس نظام آسان بنانے کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001میں ترامیم کی گئی، آرڈیننس میں ترامیم کا مقصد کیپٹل مارکیٹس کو فروغ دینا ہے۔

    اعلامیے میں کہنا ہے کہ غیرمقیم افراد کو اسپیشل کنورٹبل اکاؤنٹ سے سرمایہ کاری کی اجازت ہے، سرمایہ کاری قرضہ آلات اور حکومتی سیکیورٹیز میں کی جاسکتی ہے، قرضے پر ودہولڈنگ ٹیکس اور کیپٹل گین ٹیکس لاگو ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق کیپٹل گین ٹیکس 10فیصد کی شرح پر ودہولڈنگ سے مشروط ہوگا، ایس سی آر اے میں ٹرانزکشنز پر0.6 فیصد ٹیکس کی کٹوتی نہیں ہوگی، کیپٹل گین پرپیشگی ٹیکس کی کوئی ادائیگی نہیں ہوگی۔

    اعلامیہ اسٹیٹ بینک میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فائلر اور نان فائلر میں کوئی امتیاز نہیں ہوگا۔

  • چیف جسٹس اور صحافیوں کی ملاقات پر سپریم کورٹ کی جانب سے وضاحت جاری

    چیف جسٹس اور صحافیوں کی ملاقات پر سپریم کورٹ کی جانب سے وضاحت جاری

    اسلام آباد: چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ اور صحافیوں کی ملاقات پر سپریم کورٹ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی ہے، جس میں کہا گیا کہ خصوصی عدالت سے متعلق شائع خبریں من گھڑت ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پرویزمشرف کیس پرچیف جسٹس سےمنسوب خبریں سیاق وسباق سے ہٹ کر تھیں، خبر سے ایسا تاثر ملا جیسے چیف جسٹس بذات خود اس کیس کو دیکھ رہے تھے۔

    اعلامیے میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس نے خصوصی عدالت کو کوئی ہدایات جاری نہیں کی، خصوصی عدالت سے متعلق شائع خبریں من گھڑت ہیں، نشر،شائع کی جانے والی خبریں سیاق وسباق سے ہٹ کر اورحقائق کے منافی ہیں، عدالت کی یہ وضاحت بھی اس طرح چلائی جائے جس طرح خبر چلائی گئی۔

    سپریم کورٹ کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے مختلف بینچز پرویزمشرف کیس کے مختلف پہلوؤں کو سنتے رہے، مختلف بینچزنے مختلف مواقع پرکیسز کی سماعت، جلد فیصلے کےاحکامات دیے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کےمختلف بینچز کی سربراہی جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کی، سماعت کرنے والے دیگر ارکان میں جسٹس سردارطارق، جسٹس طارق پرویز شامل تھے۔

    سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق 2 مقدمات ایسےتھے جس میں3 رکنی بینچ نے فیصلے دیے تھے، بینچ نے حکم دیا تھا خصوصی عدالت کیس قانون کے مطابق بغیر تاخیر کے سنے، ایک اورکیس جسٹس آصف سعید، جسٹس منصورعلی، جسٹس منیب اخترنے سنا تھا، اس بینچ نے فیصلہ دیا خصوصی عدالت اگلی تاریخ پر مقدمےکی سماعت کرے گی۔

    اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملزم بیان ریکارڈ نہیں کراتا یا پیش نہ ہو تو خصوصی عدالت کو کارروائی آگے بڑھانے کا اختیار ہوگا، چیف جسٹس نے خصوصی عدالت کو 2 فیصلوں کےعلاوہ کوئی اور ڈائریکشن جاری نہیں کی۔