Tag: اعلامیہ جاری

  • سعودی عرب : عمرہ زائرین کیلیے اہم ہدایات جاری

    سعودی عرب : عمرہ زائرین کیلیے اہم ہدایات جاری

    ریاض : سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے تحت یکم ذو القعدہ 29 اپریل غیر ملکی عمرہ زائرین کی سعودی عرب سے روانگی کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

    وزارت حج و عمرہ کے اعلامیے کے مطابق 15شوال 13 اپریل عمرہ زائرین کے لیے مملکت میں داخلے کی آخری تاریخ ہوگی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان کا مقررہ وقت کے بعد قیام، قانون کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔

     عمرہ زائرین

    قانون کی خلاف ورزی پر زائر یا کمپنی پر پاکستانی 73 ہزار روپے جرمانہ اور قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔

    سعودی وزارت حج نے عمرہ کمپنیوں اور اداروں کو زائرین کی بروقت روانگی یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ مقررہ تاریخ کے بعد تاخیر سے روانگی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : سعودی حکومت کا عمرہ زائرین کو مشورہ

    علاوہ ازیں زائرین کو دوران طواف حجر اسود کے قریب زیادہ دیر تک رکنے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ حجر اسود کے قریب رک کر طواف کرنے والے بعض زائرین دوسروں کے لیے رکاوٹ پیدا کر دیتے ہیں جس سے رش میں اضافہ ہوتا ہے اور دیگر زائرین کو پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔

  • پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے رہنماؤں کا اجلاس ختم، اعلامیہ جاری

    پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے رہنماؤں کا اجلاس ختم، اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے رہنماؤں کا اجلاس ختم ہوگیا ہے، دنوں پارٹیوں کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج کی پیشرفت پر بانی پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان سے حتمی رائے لینے پر اتفاق کیا گیا، اعلیٰ قیادت سے حتمی رائے لے کر مشترکہ لائحہ عمل کیساتھ عوام کے سامنے آنے پر اتفاق ہوا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علما اسلام ف کے درمیان اجلاس نہایت خوشگوار ماحول میں ہوا اور کھلے لفظوں میں بحث ہوئی۔

    نئے الیکشن میں جانا ضروری ہے: جے یو آئی کا مطالبہ

    مذاکرات کا مقصد سیاسی معاملات پر دونوں جماعتوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے، اور یہ کہ دونوں جماعتیں مستقبل میں کیسے ایک دوسرے کیساتھ چل سکتی ہیں۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی سے سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، جنید اکبر، عاطف خان و دیگرشریک ہوئے، جے یو آئی سے مولانا عبدالغفور حیدری اور سینیٹر کامران مرتضیٰ نے شرکت کی۔

    https://urdu.arynews.tv/faisal-vawda-imran-khan-04-03-2025/

  • عرب سربراہی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری، اہم مطالبات

    عرب سربراہی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری، اہم مطالبات

    ریاض : عرب اسلامک ممالک کے سربراہی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ اور لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جارحانہ پالیسی فوری روکی جائے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

    عرب سربراہی اجلاس میں غزہ میں نہتے اور بے گناہ شہریوں کا محاصرہ غیر قانونی عمل قرار دیتے ہوئے اسرائیل کو غزہ کی پٹی سے فوری نکلنے اور فتح بارڈر کھولنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    فلسطین کو اقوام متحدہ کی مستقل رکنیت دینے کی حمایت پر زور دیا گیا ہے اس کے علاوہ اعلامیہ میں فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی پر عالمی برادری سے فوری توجہ کی اپیل کی گئی ہے۔

    عرب اسلامک ممالک کے سربراہی اجلاس میں لبنان کی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کیلئے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

    اعلامیہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم پر احتساب کیلئے عالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی اسرائیل کی جانب سے فلسطینی سرزمین پر غیرقانونی بستیوں کے قیام کی مذمت بھی کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ اعلامیہ میں انسانی حقوق کی تنظیموں سے فلسطینیوں کی مدد کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل اور افریقی یونین کی جانب سے فلسطینی کاز کی حمایت پر اظہار تشکر کیا گیا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر اسلامی عرب سربراہی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی وفد کی نمائندگی کی، کانفرنس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مسلم مخالف رجحانات اور اسلامو فوبیا کی مذمت کرتے ہوئے کانفرنس میں مشترکہ عالمی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا تاکہ دنیا میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کو روکا جا سکے۔

    اس کے علاوہ کانفرنس میں شریک ممالک کے سربراہان نے آپس میں تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور اقتصادی منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

    اسلامی ممالک کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیے میں تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیقی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت کو تسلیم کیا گیا۔

  • آئینی ترمیم : پاکستان تحریک انصاف نے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کردیا

    آئینی ترمیم : پاکستان تحریک انصاف نے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کردیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے دونوں ایوانوں میں آئینی ترمیم کیلئے ووٹنگ کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے خصوصی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

    پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے دونوں ایوانوں میں آئینی ترمیم کیلئے ووٹنگ کے عمل کا مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

    سیاسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ رائے شماری میں حصہ لینے والے پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی اور سینٹ کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عوامی مینڈیٹ پر قابض گروہ آئین کو بدلنے کا اخلاقی، جمہوری اور آئینی جواز نہیں رکھتا۔

    تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اراکین سینیٹ اور اراکین قومی اسمبلی پارٹی پالیسی اور بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے پابند ہیں۔ پارٹی پالیسی سے روگردانی کرنے والوں کی رہائش گاہوں کے باہر پر امن احتجاجی دھرنے دیں گے۔

    واضح رہے کہ قبل ازیں جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کامعاملہ کل تک مؤخر کردیا گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے وقت مانگا ہے، پی ٹی آئی کا جواب موصول ہونے کے بعد قوم کو فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

    اسلام آباد میں بلاول بھٹو کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ روز ہم نے اور پی پی نے آئینی ترمیم پراتفاق رائے حاصل کیا تھا جس کے بعد لاہور میں ن لیگ کی قیادت کے ساتھ بھی اس پر مزید مشاورت ہوئی اور ہم نے جن نکات پر اعتراض کیا حکومت اس سے دستبردار ہونے پر راضی ہوئی۔؎

  • جسٹس بابر ستار کے خلاف بے بنیاد سوشل میڈیا مہم پر ہائیکورٹ کا اعلامیہ جاری

    جسٹس بابر ستار کے خلاف بے بنیاد سوشل میڈیا مہم پر ہائیکورٹ کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس بابر ستار کی امریکی شہریت سے متعلق سوشل میڈیا مہم کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس بابر ستار کے خلاف بے بنیاد سوشل میڈیا مہم پر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے امریکی شہریت سے متعلق سوشل میڈیا مہم کی تردید کردی۔

    اعلامیے کے مطابق جسٹس بابر ستار کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک کی شہریت نہیں ہے، سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ہتک آمیز اور بے بنیاد مہم چلائی جا رہی ہے، ان کی خفیہ معلومات پوسٹ اور ری پوسٹ کی جا رہی ہیں، اُنکی اہلیہ اور بچوں کے سفری دستاویزات سوشل میڈیا پر پوسٹ ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ کا اس وقت کے چیف جسٹس کو علم تھا، جسٹس بابر ستار کے جج بننے کے بعد ان کے بچوں نے پاکستانی سکونت اختیار کی، ان کی والدہ 1992 سے اسکول چلا رہی ہیں، اسکول نہ جسٹس بابر ستار کی ملکیت ہے نہ اُس کے انتظامی امور میں اُنکا کردار ہے۔

    ہائیکورٹ نے جاری  اعلامیے میں کہا کہ جسٹس بابر ستار نے ایکسفورڈ یونیورسٹی سے قانون جبکہ  ہاورڈ لا اسکول سے گریجویشن کی، غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل فرد کی وجہ سے جسٹس بابر ستار کو امریکہ کا مستقل ریڈیڈنسی کارڈ ملا تھا لیکن 2005 میں جسٹس بابر ستار امریکی نوکری چھوڑ کر پاکستان آگئے اور تب سے پاکستان میں کام کر رہے ہیں۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ جسٹس بابر ستار کے تمام اثاثے ان کو ورثت میں ملے یا انہوں نے اپنی وکالت کے دوران بنائے، جسٹس بابر ستار کسی بھی کاروبار کے انتظامی امور میں شامل نہیں، انہوں  نے بطور جج ایسا کوئی کیس نہیں سنا جس میں اُنکی فیملی کا کو مفاد ہو، اسلام آباد ہائیکورٹ بطور ادارہ عوامی اختیار کا استعمال کر رہی ہے اور عوام کو جوابدہ ہے۔

     اعلامیے کے مطابق جسٹس بابر ستار کے جج بننے کے بعد ان کے بچوں نے پاکستانی سکونت اختیار کی، ان کی پاکستان اور امریکہ میں جائیدادیں ہیں، جسٹس بابر ستار نے گرین کارڈ سے متعلق اس وقت کے چیف جسٹس کو آگاہ کیا تھا، گرین کارڈ سے ویزہ کے بغیر امریکہ کا سفر کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔

    اسلام آباد کی جاب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جسٹس بابر ستار نے اثاثے ٹیکس ریٹرنز میں ظاہر کر رکھے ہیں، ان کی جج تعیناتی سے پہلے جوڈیشل کمیشن نے اُن کی اسکروٹنی کی تھی۔

  • پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کامیاب

    پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کامیاب

    اسلام آباد : پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے، اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    آئی ایم ایف اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے تمام معاشی اہداف حاصل کرلیے ہیں، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کو70کروڑ ڈالر قرضے کی قسط جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بجلی کی قیمتوں میں بروقت اضافہ کیا، پاکستان میں آئندہ چند ماہ میں مہنگائی کم ہونے کا امکان ہے۔

    آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے معاہدے کے مطابق بروقت اقدامات کیے، پاکستان کو مالی خسارے پرقابو کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

    قرض پروگرام کے ذریعے پاکستان اخراجات میں کمی کرے گا، پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں گے، پاکستان کے سرکاری اداروں کے نقصانات کم کیے جائیں گے۔

    علاوہ ازیں اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی مذاکرات کے آخری مرحلہ میں تقریباً تمام نکات پر اتفاق ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق نگران حکومت بجلی کا بنیادی ٹیرف نہیں بڑھائے گی، مارچ تک بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔

  • وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں  ہوشربا اضافہ کردیا

    وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی، اس حوالے سے پٹرولیم ڈویژن نے اعلامیہ جاری کر دیا۔

    اعلامیہ کے مطابق گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا، ماہانہ25سے90مکعب میٹر تک گیس کے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے قیمت نہیں بڑھائی گئی۔

    پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکس چارجز10سے بڑھا کر400روپے کردیے گئے، نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کیلئے گیس نرخ میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔

    پٹرولیم ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق ماہانہ25مکعب میٹر صارفین کیلئے قیمت200سے بڑھا کر300روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی۔

    اس کے علاوہ ماہانہ60مکعب میٹر استعمال پر گیس قیمت300سے بڑھ کر 600روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے، ماہانہ100 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت400سے بڑھا کر 1000روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

    ماہانہ150مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت600سے بڑھاکر 1200روپے، 200مکعب میٹر استعمال پر 800سے بڑھا کر 1600روپے اور 300مکعب میٹراستعمال پر 1100سے بڑھا کر3000روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

    اعلامیہ کے مطابق 400مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت2000سے بڑھا کر 3500روپے اور 400مکعب میٹر سے زائداستعمال پر قیمت3100سے بڑھا کر 4000روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔

    پٹرولیم ڈویژن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تندوروں کے لیے گیس کی قیمت600روپے فی ایم ایم بی ٹی یو برقرار رہے گی جبکہ پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمت1050روپے فی ایم ایم بی ٹی یوبرقراررکھی گئی ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیمنٹ سیکٹر کے لیے گیس کی قیمت4400روپے، سی این جی سیکٹر کیلئے گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت3600روپے مقرر کی گئی ہے۔

    برآمدی صنعتوں کیلئے گیس کی قیمت2100روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ غیر برآمدی صنعتوں کیلئے گیس کی قیمت2200روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

  • ایران کے بعد سعودی قیادت کی بھی امن کیلئے عمران خان کے کردار کی تعریف

    ایران کے بعد سعودی قیادت کی بھی امن کیلئے عمران خان کے کردار کی تعریف

    اسلام آباد : ایران کے بعد سعودی قیادت نے بھی امن کیلئے وزیراعظم عمران خان کے کردار کو سراہا جبکہ عمران خان نے خلیج میں فوجی تنازعات سے بچنے کی ضرورت پرزور دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ، جس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی شاہ سلمان بن عبد العزیز   اور سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان سے ملاقات ہوئی ، دورہ خطے میں امن وسلامتی کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کاحصہ تھا۔

    اعلامیے میں کہا گیا دونوں ممالک میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور وادی میں 70روز سے زائد مسلسل کرفیو سے آگاہ کیا۔

    اعلامیے کے مطابق سعودی قیادت نے امن کیلئے وزیراعظم عمران خان کے کردار کو سراہا اور مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا ہے، سعودی عرب  نے مسئلہ کشمیر پر اپنی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔

    سعودی قیادت نے کہا وزیراعظم کی کوششوں سےخطے میں کشیدگی اور تناؤ میں کمی ہوگی جبکہ پاک سعودی قیادت کا چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا اور کہا گیا پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے خلیج میں فوجی تنازعات سے بچنے کی ضرورت اور صورتحال کی بہتری کے لئے فریقین کے تعمیری رابطوں پر زور دیتے ہوئے کہا پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ رہے گا۔

    اعلامیہ کے مطابق کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا، سعودی قیادت نے پاکستان سے قریبی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان سے تجارت، توانائی، سلامتی ، دفاع میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

  • وزیراعظم عمران خان سے مصری صدر کی ملاقات، اعلامیہ جاری

    وزیراعظم عمران خان سے مصری صدر کی ملاقات، اعلامیہ جاری

    مکہ مکرمہ : وزیراعظم عمران خان سے مصری صدر  عبدالفتاح السیسی نے ملاقات کی، ملاقات میں علاقائی، عالمی معاملات اور مسلم امہ کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں وزیراعظم عمران خان سے مصری صدر  عبدالفتاح السیسی کی ملاقات کے متعلق اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

    ملاقات میں علاقائی و عالمی معاملات اور مسلم امہ کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مصر مسلم دنیاکے دو اہم ممالک ہیں، دونوں ممالک مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئےکردار ادا کررہے ہیں، دوطرفہ اعلیٰ سطح وفود کی ملاقاتوں سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

    اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے اور تجارتی و معاشی تعلقات کی مضبوطی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اس کے علاوہ ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دونوں رہنماؤں نے خطے کو درپیش مسائل کے پر امن حل پر زور دیا،اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مصری صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

    یاد رہے کہ وزیرعمران خان نے مکہ مکرمہ میں عمرے کی ادائیگی کی، خاتون اول اوروزراء بھی ان کےہمراہ تھے، سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے موقع پر دوزیراعظم عمران خان آج اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    عمران خان مدینہ منورہ سے مکہ پہنچ کر عمرےکی سعادت حاصل کی۔ خاتون اول بشریٰ بی بی اور وفاقی وزرا کا وفد بھی ہمراہ ہے، گزشتہ روز وزیراعظم نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پرحاضری دی۔

    عمران خان کیلئے روضہ رسول کے دروازےخصوصی طور پر کھولے گئے۔ انہوں نے مسجد نبوی میں نماز عصر ادا کی اور ریاض الجنہ میں نوافل اداکئے۔ اس کے علاوہ عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سےاہم ملاقات بھی کریں گے۔

  • ایرانی وزیر خارجہ جوادظریف کےدورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری

    ایرانی وزیر خارجہ جوادظریف کےدورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ، ملاقاتوں میں پاکستان، ایران کے درمیان سیکیورٹی معاملات ،بارڈر مینجمنٹ، زائرین کی آمدورفت پربھی تبادلہ خیال ہوا، ایرانی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاشکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے دو روزہ دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا وزارت خارجہ آمد پرشاہ محمود قریشی نےایرانی ہم منصب کا خیر مقدم کیا، وزارت خارجہ میں ایران، پاکستان میں وفود کی سطح پرمذاکرات ہوئے۔

    اعلامیے میں کہا گیا پاکستانی وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی،ایرانی وفد کی قیادت جواد ظریف نے کی، مذاکرات میں علاقائی صورتحال، باہمی دلچسپی کےامورپرتبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم کے حالیہ دورہ ایران کے فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ معاملات پر تعاون بدستور جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ تجارتی فروغ، عوامی سطح پر روابط میں اضافے ، پاک ایران سرحدپرسیکیورٹی بڑھانے، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے خطے میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا محاذ آرائی کسی فریق کے مفاد میں نہیں ، پاکستان تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر حل کرنے کا حامی ہے۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا اسٹیک ہولڈرز کو تحمل، بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان امن و استحکام، کشیدگی میں کمی، فریقین میں مصالحانہ کردار کیلئے تیار ہے۔

    ایرانی وزیرخارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔