Tag: اعلان

  • تیونسی وزیراعظم یوسف الشاہد کا اپنی فرانسیسی شہریت سے دست برداری کا اعلان

    تیونسی وزیراعظم یوسف الشاہد کا اپنی فرانسیسی شہریت سے دست برداری کا اعلان

    تیونس سٹی : تیونسی وزیر اعظم یوسف الشاہد صدارتی انتخابات میں حصہ لینے لیے فرانسیسی شہریت سے دست بردارہوئے۔

    تفصیلا ت کے مطابق تیونس کے وزیراعظم یوسف الشاہد نے اپنی فرانسیسی شہریت سے دست بردار ہونے کا اعلان کر دیا۔ یہ اقدام ملک میں صدارتی انتخابات میں نامزدگی کے واسطے کیا گیا ہے کیوں کہ تیونس کا آئین صدارتی انتخابات میں نامزد ہونے والوں کو دہری شہریت رکھنے کی اجازت نہیں دیتا۔

    عرب خبر رساں ادارے کاکہنا تھاکہ یوسف الشاہد نے آئندہ ستمبر میں مقررہ صدارتی انتخابات میں اپنے حریفوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھی یہ قدم اٹھائیں۔

    سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملک کی صدارت کی ذمے داری اٹھانے کے لیے کوشاں ہیں انہیں انتخابات میں کامیابی کا انتظار نہیں کرنا چاہیے جس کے بعد وہ یہ قدم اٹھائیں۔

    میں تمام امیدواروں کو اسی حالت میں دہری شہریت سے دست بردار ہونے کا کہتا ہوں۔سال 2016 سے تیونس کے وزیراعظم کے منصب پر فائز یوسف الشاہد کے فرانسیسی شہریت سے دست بردار ہونے کے فیصلے نے تیونس کے ان لوگوں کے بیچ تنازع پیدا کر دیا ہے جن کو یہ معلوم نہ تھا کہ یوسف الشاہد دہری شہریت رکھتے ہیں۔

  • جرمنی کا وطن میں چھٹیاں منانے والے شامی مہاجرین کی سیاسی پناہ ختم کرنے کا اعلان

    جرمنی کا وطن میں چھٹیاں منانے والے شامی مہاجرین کی سیاسی پناہ ختم کرنے کا اعلان

    برلن:جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے کہا ہے کہ چھٹیاں منانے کے لیے شام جانے والے مہاجرین کو جرمنی میں حاصل سیاسی پناہ ختم کر دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے وفاقی وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے ملک میں مقیم ایسے شامی مہاجرین کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا جو مختصر مدت کے لیے چھٹیاں منانے اپنے وطن واپس جاتے ہیں۔

    حالیہ دنوں میں کچھ مہاجرین چھٹیاں منانے وطن لوٹے اور بعد ازاں انہوں نے شام میں چھٹیاں مناتے ہوئے تصاویر اور پیغامات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیے تھے۔

    زیہوفر کا کہنا تھاکہ اگر کوئی شامی مہاجر چھٹیاں منانے کے لیے باقاعدگی سے شام جاتا ہے تو وہ یہ دعویٰ نہیں کر سکتا کہ اسے شام میں خطرہ ہے، ہم ایسے افراد سے (جرمنی میں انہیں فراہم کردہ) مہاجر کا درجہ واپس لے لیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جرمن حکام کو جوں ہی کسی مہاجر کے اپنے آبائی وطن جانے کی اطلاع ملے گی، وہ اس کے پناہ کے درجے کے بارے میں فوری طور پر تحقیقات اور کارروائی شروع کر دیں گے۔

    وطن اور قدامت پسند جرمن وزیر داخلہ نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ ان کی اس پالیسی سے کتنے مہاجرین متاثر ہوں گے،جرمنی کے وفاقی دفتر برائے مہاجرت اور مہاجرین (بی اے ایم ایف) کے اہلکار چھٹیاں منانے کے لیے اپنے آبائی وطنوں کا رخ کرنے والے مہاجرین پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں کے دوران کئی ایسے واقعات سامنے آئے جن میں بی اے ایم ایف نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اور معلومات کی بنا پر مہاجرین کو خبردار کیا۔

    میڈیا ذرائع کے مطابق خانہ جنگی کے شکار ملک شام کی خراب صورت حال کے باعث شامی مہاجرین کو جرمنی سے ملک بدر کر کے ان کو واپس وطن بھیجے جانے پر پابندی عائد ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ پابندی رواں برس کے آخر میں ختم ہو جائے گی تاہم شام کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پابندی کی مدت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

  • سعودی عرب کا دنیا کی مہنگی ترین گھڑ دوڑ کرانے کا اعلان

    سعودی عرب کا دنیا کی مہنگی ترین گھڑ دوڑ کرانے کا اعلان

    ریاض : سعودی عرب نے آئندہ برس دنیا کے مہنگے ترین گھوڑ دوڑ مقابلے کا انعقاد کرنے کا اعلان کردیا، کپ میں بہترین پوزیشنز حاصل کرنے والے دیگر گھڑ سواروں کو بھی انعامات دئیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آئندہ برس 2020 میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دنیا کی تاریخ میں پہلی بار 2 کروڑ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 3 ارب 16 کروڑ روپے سے زائد کی مالیت کے انعامات والے گھڑ دوڑ مقابلے کا انعقاد ہوگا۔

    دنیا کی مہنگی ترین گھڑ دوڑ کے ایونٹ کا اعلان جوکی کلب سعودی عرب کے سربراہ شہزادہ بندر بن خالد الفیصل نے کیا،اس گھڑ دوڑ کو ’سعودی کپ‘ کا نام دیا گیا ہے، جو آئندہ برس 9 فروری کو ریاض کے کنگ عبدالعزیز ریس ٹریک پر ہوگا۔

    سعودی کپ میں مجموعی طور دنیا بھر سے 14 گھڑ سوارشریک ہوں گے اور جیتنے والے کو ایک کروڑ ڈالر یعنی پاکستانی ڈیڑھ ارب روپے تک کی رقم دی جائے گی۔

    اس کپ میں بہترین پوزیشنز حاصل کرنے والے دیگر گھڑ سواروں کو بھی انعامات دیے جائیں گے،گھڑ دوڑ کپ کی باقی ایک کروڑ ڈالر کی رقم پہلے، دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر آنے والے گھڑ سواروں میں تقسیم کی جائے گی۔

    ابھی یہ واضح نہیں کہ دنیا کی اس مہنگی ترین گھڑ دوڑ میں کتنی خواتین حصہ لیں گی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس مہنگی ترین ریس کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے گھڑ سواری کی شوقین درجنوں خواتین سعودی عرب آئیں گی۔

    شہزادہ بندر بن خالد الفیصل کے مطابق سعودی کپ کے انعقاد سے وہ گھڑ دوڑ کے کھیل کو ملک میں فروغ دینا چاہتے ہیں اور وہ آئندہ سال فروری میں گھڑ سواری کے شوقین مرد و خواتین سمیت میڈیا ارکان کا سعودی عرب میں بھرپور استقبال کریں گے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں آئندہ سال ہونے والے کپ کے انعامات کی رقم امریکا میں ہونے والے مہنگے ترین گھڑ دوڑ کے مقابلے پگاسس ورلڈ کپ کی رقم سے بھی زیادہ ہے۔

    فلوریڈا میں ہر سال جنوری میں ہونے والے پگاسس گھڑ دوڑ مقابلے کے انعام کی رقم ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہوتی ہے۔

    علاوہ ازیں سعودی کپ کے انعامات کی رقم دبئی، برطانیہ، جاپان، جرمنی اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں ہونے والے گھڑ دوڑ مقابلوں سے بھی کہیں زیادہ ہے۔

    سعودی عرب میں گھڑ سواری مرد و خواتین میں یکساں طور پر مقبول ہے اور شاہی گھرانے کے افراد سمیت صنعتی گھرانوں کے افراد بھی گھڑ سواری کرتے ہیں۔

  • ایرانی وزیر دفاع  کا دفاعی نظام پاور 373 کے افتتاح کا اعلان

    ایرانی وزیر دفاع کا دفاعی نظام پاور 373 کے افتتاح کا اعلان

    تہران :ایران وزیر دفاع امیر حاتمی نے فوجی صنعت کے دن کے موقع پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے دفاعی نظام پاور373 کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نے پاور 373 کا پہلی بار افتتاح 19 دسمبر 2011ءکو کیا گیا،اس وقت ایران نے روسی ساختہ ایس 300 میزائل ڈیفنس سسٹم کا افتتاح کرنا تھا مگر ماسکو کی طرف سے اس نظام کی فراہمی میں تاخیر کے باعث ایران نے اپنے دفاعی نظام کا افتتاح کیا۔

    میڈیا نے میجر جنرل فرزاد اسماعیلی کا ایک بیان نقل کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایس 300 کے بدلے میں ایران نے اپنے پاور 373 کا افتتاح کیا ہے۔

    دوسری مرتبہ 21 اگست 2016ءکو ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک عسکری نمائش کے موقع پرپاور 373 کا افتتاح کیا، یہ فضائی دفاعی نظام ایران نے اپنے طورپر تیار کیا ہے۔

    سابق ایرانی وزیر دفاع حسین دھقان کا کہنا ہے پاور 373 سنہ 2016ءکے آخرتک باقاعدہ کام شروع کردےگا،ایران نے 2008ءکو روس کے ساتھ ایس 300 فضائی دفاعی نظام کا معاہدہ کیا۔

    معاہدے میں ایرانی ماہرین کی روس میں اس حوالے سے خصوصی تربیت بھی شامل تھ مگر ایران پر عالمی پابندیوں کے باعث روس یہ نظام ایران کو فراہم نہیں کرسکا، تاہم 2015 کو ایران اور عالمی طاقتوں میں معاہدے کے تحت روس نے اپنے اتحادی ایران کو ایس 300 دفاعی نظام فراہم کر دیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس سے پیشتر ایران نے روس سے اس کا ‘ٹور۔ ایم’ فضائی دفاعی نظام خرید کیا تھا۔

  • نیکارا گوا نے فلسطین میں سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کردیا

    نیکارا گوا نے فلسطین میں سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کردیا

    یروشلم /ماناگوا: نیکارا گوا نے فلسطین میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ’مازن خفش ‘کو فلسطین میں اپنا سفیر مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمہوریہ نیکارا گوا نے فلسطینی مملکت میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کیا ہے، فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے بتایا کہ ان کی سفارتی کوششوں سے نیکارا گوا نے فلسطین میں اپنا سفارت خانہ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    فلسطین کی سرکاری نیوزی ایجنسی کے مطابق نیکارا گوا نے مازن خفش کو فلسطین میں اپنا سفیر مقرر کیا ہے۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مازن خفش ایک فلسطینی نڑاد شہری ہیں جن کا آبائی خاندان غرب اردن کے نابلس شہر میں آباد ہے۔

    خفش اس وقت رام اللہ میں ہیں،وہ اپنی نئی ذمہ داری کے حوالے سے کام کررہے ہیں۔ ریاض المالکی نے امید ظاہر کی دوسرے ممالک بھی فلسطین میں اپنا سفارت خانہ قائم کریں گے۔

    مزید پڑھیں: امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 58 فلسطینی شہید

    یاد رہے کہ امریکا مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرکے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرچکا ہےجس کے بعد امریکا کے اتحادی ممالک نے بھی اپنے سفارت خانے تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کردئیے تھے۔ جس کے خلاف فلسطین، عرب ممالک، عالم اسلام اور امریکا کے اتحادیوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

  • امارات کا دہشت گردی سے متاثرہ مصری اسپتال کیلئے لاکھوں‌ ڈالر امداد کا اعلان

    امارات کا دہشت گردی سے متاثرہ مصری اسپتال کیلئے لاکھوں‌ ڈالر امداد کا اعلان

    ابوظبی : اماراتی حکومت نے دہشت گردانہ حملے میں متاثر ہونے والے مصر کے کینسر اسپتال کی دوبارہ تعمیر کےلیے لاکھوں ڈالر امدادکا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فوج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے رواں ماہ دھماکے کے باعث متاثر ہونے والے مصر ی دارالحکومت قاہرہ کے کینسر اسپتال کی ایک مرتبہ پھر تعمیر کےلیے 1 کروڑ 19 لاکھ درہم کی امداد دےکرانسانیت کی مثال قائم کردی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابوظبی کے ولی عہد کی جانب سے دیا جانے والا چندہ اماراتی اورمصری عوام کے برادرانہ تعلقات میں اضافے کےلیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔

    مصر میں تعینات اماراتی سفیر جمہ مبارک الجونیبی کا کہنا ہے کہ شیخ محمد مصر کی ترقی، سیکیورٹی اور استحکام کی حمایت کرتے ہیں، متحدہ عرب امارات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کے ساتھ ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل مصری دارالحکومت قاہرہ کے کینسر اسپتال کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 30 شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری دارالحکومت قاہرہ کے کینسر اسپتال کے باہر غلط سمت سے آنے والی ایک کار تین گاڑیوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا اور 19 افراد زندگی بازی کی ہار گئےتھے۔

  • برطانیہ کا آبنائے ہرمز میں امریکی بحری مشن میں شمولیت کا اعلان

    برطانیہ کا آبنائے ہرمز میں امریکی بحری مشن میں شمولیت کا اعلان

    لندن : برطانوی وزیر دفاع نے جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی مشن میں شمولیت برطانوی پالیسی میں تبدیلی کے مترادف نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت نے آبنائے ہرمز میں امریکا کی زیر قیادت بحری مشن میں شمولیت اختیار کر لی ہے، اس سے قبل برطانیہ خلیج فارس کے تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ یورپی بحری مشن شروع کرنے کی کوششوں میں تھا۔

    منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں برطانوی وزیردفاع نے کہاکہ امریکی مشن میں شمولیت برطانوی پالیسی میں تبدیلی کے مترادف نہیں ہے۔

    برطانوی وزیر دفاع بین والس کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیوں کہ آبنائے ہرمز کے اہم عالمی بحری تجارتی راستوں کا فوری تحفظ وقت کی ضرورت ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے علاوہ ابھی تک کسی اور ملک نے امریکی مشن میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا ، جرمنی نے امریکی بحری مشن میں شمولیت سے معذرت کر لی تھی۔

    یاد رہے کہ جرمنی کے وزیر خارجہ ھائیکوس ماس نے کہا تھا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ جاری بحران کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے، ایران کے بحران کا کوئی فوجی حل قابل قبول نہیں ہوگا۔

    ایک بیان میں جرمن وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے معاملے کو مزید الجھانے کی کوئی گنجائش نہیں،جرمنی امریکا کے ایران کے خلاف کسی فوجی مشن میں شامل نہیں ہوگا۔

  • اروند کیجروال کا عوام کےلیے مفت بجلی کا اعلان

    اروند کیجروال کا عوام کےلیے مفت بجلی کا اعلان

    نئی دہلی:نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ نے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی مفت کرنے کا اعلان کر دیا، کیجریوال کا کہنا ہے کہ وی آئی پی شخصیات کو مفت بجلی ملنے پر کوئی کچھ نہیں کہتا، تو عام آدمی کیوں محروم رہے؟

    تفصیلات کے مطابق نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ‘201 سے 400 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو نصف قیمت ادا کرنی ہوگی کیونکہ دہلی حکومت انہیں 50 فیصد سبسڈی فراہم کرے گی۔

    انہوں نے اس فیصلے کو عام آدمی کے لیے تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں سب سے سستی بجلی دہلی میں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر وی آئی پی شخصیات اور بڑے سیاستدانوں کو مفت بجلی ملنے پر کوئی کچھ نہیں کہتا، تو عام آدمی کیوں محروم رہے؟ کیا میں نے یہ قدم اٹھا کر غلط کی؟

    اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ اس اسکیم سے دارالحکومت کے 33 فیصد صارفین کو فائدہ ہوگا جو گرمی میں 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، جبکہ سردیوں میں تقریباً 70 فیصد افراد کا بجلی کا استعمال 200 یونٹ سے کم ہوجاتا ہے۔

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ کے نائب مَنیش سِسوڈیا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات کی طرح گھروں میں لائٹ اور پنکھے چلانے جتنی بجلی بھی عوام کے لیے ضروری ہے۔

    دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس اعلان کو الیکشن اسٹریٹیجی قرار دیا۔

    سربراہ بی جے پی دہلی مَنوج تیواری نے کہا کہ یہ اروند کیجریوال کی پارٹی کا فیصلہ نہیں ہے بلکہ یہ بی جے پی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اسے دو زاویوں سے دیکھ سکتے ہیں، یہ انتخابات سے قبل عوام کو متوجہ کرنے کی اسٹریٹیجی ہے، انہوں نے دہلی کے عوام سے 7 ہزار کروڑ لوٹے، عوام کو وہ یہ پیسے کب واپس کر رہے ہیں؟

  • لیستھ ملینگا کل اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے

    لیستھ ملینگا کل اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے

    لاہور: سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ ملینگا کل اپنا آخری ون ڈے میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ ملینگا (کل) 26 جولائی کو اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے جبکہ کپتان کرونا رتنے نے ان کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی۔

    225 میچ کھیلنے والے میلنگا کو سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ 335 وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کا نام بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔

    کپتان کرونارتنے کے مطابق میلنگا 26 جولائی کو کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے، میلنگا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے اور اس بات کے امکانات ہیں کہ وہ اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیل کر ہر قسم کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

    دو روز قبل اپنے ایک بیان میں سری لنکن ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ملنگا کی ریٹائرمنٹ ہمارے لیے بہت بڑا مسئلہ ہے کیونکہ وہ نہ صرف اہم باؤلر تھے بلکہ اچھی کارکردگی بھی دکھاتے تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ابھی فی الحال ہمارے پاس ایسی کوالٹی والا کوئی باؤلر نہیں جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوسکے یا مخالف ٹیم پر اُس کا رعب ہو۔

    ملنگا کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم ایسے باؤلرز کی تلاش میں گزشتہ ایک ماہ سے لگے ہوئے تھے جو ابتدائی اوورز میں نئی گیند کے ساتھ وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتا ہو البتہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی خاص کامیابی نہ مل سکی۔

  • امریکا کا 500 امریکی فوجی سعوی عرب بھینجے کا اعلان، سعودیہ کا خیرمقدم

    امریکا کا 500 امریکی فوجی سعوی عرب بھینجے کا اعلان، سعودیہ کا خیرمقدم

    واشنگٹن /ریاض :امریکا کے وزیرِ دفاع نے سعودی عرب میں امریکی فوجی بھیجنے کی منظوری دے دی ہے، پینٹاگون نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں امریکی فورسز کا استقبال ہماری صلاحیت اور قدرت کو مضبوط بنائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں امریکی فوجیوں کی موجودگی سعودی عرب کو لاحق خطرات سے نمنٹنے میں مدد دے گی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں امریکہ اپنے 500 فوجی سعودی عرب بھیجنا چاہتا ہے، یہ 500 اہلکار اس دستے کا حصہ ہوں گے جو تہران اور واشنگٹن کے درمیان حالات کشیدہ ہونے کے بعد سے امریکہ گزشتہ دو ماہ میں مشرقِ وسطیٰ بھیج چکا ہے۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ فوجی پرنس سلطان ایئربیس پر رکیں گے جو امریکہ اس سے قبل 1991 اور 2003 میں استعمال کر چکا ہے تاہم سعودی اور امریکی حکام نے ابھی اس کی تصدیق نہیں کی ہے، سعودی عرب پہلے بھی کہہ چکا ہے کہ وہ خطے کی سکیورٹی اور استحکام کے لیے امریکی فوج کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ میں خلیجِ عُمان کے قریب چھ تیل بردار بحری جہازوں پر حملے ہوئے ہیں۔ امریکہ ان حملوں کا ذمہ دار ایران کو قرار دیتا ہے جب کہ ایران ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ ایران نے امریکہ کا ڈرون طیارہ مار گرایا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے تھے۔

    امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملوں کا عندیہ بھی دیا تھا، گزشتہ روز امریکہ نے بھی ایران کا ایک ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا جس کی ایران نے تردید کی ہے۔

    یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران سے کشیدہ حالات کے باعث دو ہزار فوجی مشرقِ وسطیٰ پہلے ہی بھیج چکی ہے جس کا مقصد خطے میں ایران کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہے جب کہ مزید فوجی بھیجنے سے مشرقِ وسطیٰ میں پہلے سے موجود فوج کی استعداد میں بھی اضافہ ہو گا۔

    امریکا مشرقِ وسطیٰ میں اپنے جنگی طیارے اور ہوا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم کی تنصیب بھی کرچکا ہے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایران سے جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر انہیں جنگ پر مجبور کیا گیا تو امریکہ ایسا جواب دے گا جو پہلے کسی نے نہیں دیکھا ہوگا۔

    یاد رہے کہ امریکا کے صدر سعودی عرب کو آٹھ ارب ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت کا معاہدہ بھی کر چکے ہیں، جس کی مخالفت میں امریکہ کے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں تین قراردادیں منظور کی جا چکی ہیں۔

    امکان یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے صدارتی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کی قرار دادوں کو ویٹو کر دیں گے۔

    دوسری جانب سعودی وزارت دفاع نے بتایا کہ خادم حرمین شریفین اور تمام افواج کے سپریم کمانڈر شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے مملکت میں امریکی فورسز کے خیر مقدم کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    سعودی وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے گزشتہ روز جاری کیے گئے بیان میں کہاکہ اس اقدام کا مقصد خطے کے دفاع اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ عمل کی سطح کو بڑھانا ہے۔ سعودی عرب اور امریکا خطے کی سلامتی کو مضبوط بنانے کی انتہائی خواہش رکھتے ہیں۔