Tag: اعلان

  • انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹرعہدے کی مدت ختم، توسیع نہ لینے کا اعلان

    انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹرعہدے کی مدت ختم، توسیع نہ لینے کا اعلان

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے عہدے کی مدت ختم ہوگئی، چیف سلیکٹر نے کہا ہے کہ مدت میں توسیع کے بجائے نئےشخص کو عہدے پر دیکھنا چاہتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر و مایہ ناز بلے باز انضمام الحق کی مدت ذمہ داری ختم ہوگئی، انضمام نے 30جولائی کےبعدمزیدذمہ داریاں نبھانے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈسلیکشن کےعلاوہ کسی اورکام کی ہدایت کرےگاتومیں حاضرہوں۔

    اس بات کا اعلان انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انضمام الحق نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی سی بی سےبات کی تھی عہدے کی مدت میں توسیع نہیں چاہتا، فیصلہ کیاہے کہ نئےلوگوں کونئی سوچ کےساتھ آگےآناچاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ سےسوا3سال پہلےعہدہ قبول کیاتھا، آگےمختلف سیریز ہیں،چیمپئنزٹرافی،ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی ہےلہذا آنےوالےلوگوں کوپوراوقت ملناچاہیے۔

    انضمام کا کہنا تھا کہ نئےلوگوں کوموقع ملناچاہیے،ٹیم کی بہتری کے لیے جوکچھ کرسکتاتھاوہ3ساڑھے3سال میں کیا،پی سی بی کاشکرگزارہوں کہ انہوں نے مجھےفری ہینڈدیا اوراپنی مدت پوری کی۔

    انضمام الحق نے بتایا کہ پلیئنگ الیون میں کپتان اورکوچ کافیصلہ ہوتاہے میرامشورہ ہوتاہے،جبکہ 15لڑکوں کےفیصلوں میں میرافیصلہ اوران کامشورہ ہوتاہے۔

    انہوں نے کہا کہ بورڈسلیکشن کےعلاوہ کسی اورکام کی ہدایت کرےگاتومیں حاضرہوں،بورڈسلیکشن کی ہدایت کرتاہےتومیں معذرت کروں گا،سلیکٹرنہیں بنوں گا،کوئی اورعہدہ لینےکیلئےتیارہوں۔

    چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ اورکھلاڑیوں کامشکورہوں،سب نےبھرپورسپورٹ کیا،بورڈسےکسی آفرپرکوئی بات نہیں ہوئی،ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی ہے،ورلڈکپ فائنل میں پہنچنےوالی دونوں ٹیموں کوپاکستان نےہرایاتھا اگر قسمت ساتھ دیتی تو ہم یہ ورلڈ جیت سکتے تھے۔

    انضمام الحق نے بتایا کہ شعیب ملک کوپرفارمنس کی بنیادپرمنتخب کیاگیاتھا، امام سےمتعلق مجھ سےسوال کامطلب پوری مینجمنٹ پرسوالیہ نشان ہے بس اتنی کی درخواست ہےکہ کھلاڑی کی کارکردگی پربات کریں ذاتیات پرنہیں۔

  • ایران کا یورینیم افزودگی میں اضافے کا اعلان

    ایران کا یورینیم افزودگی میں اضافے کا اعلان

    واشنگٹن : جان بولٹن نے ایران کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یورینیم افزدوگی میں اضافے کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ تہران جوہری ہتھیاروں کی تیاری کےلئے بے لگام ہوتا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایران کی طرف سے یورینیم افزودگی میں اضافے کے اعلان کے بعد عالمی جوہری توانائی ایجنسی ’آئی اے ای اے‘ کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔

    عالمی توانائی ایجنسی میں امریکی مشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن نے بین الاقوامی جوہری ایجنسی کا خصوصی اجلاس بلایا ہے تاکہ ایران کے معاملے پر غور کیا جا سکے۔

    ایجنسی کے سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ بدھ کو ہونےوالے اجلاس میں ایران کی یورینیم کی مجاز مقدار سے زائد افزودگی اور 2015ءکو طے پائے معاہدے کی خلاف ورزیوں پر غور کیا جائےگا۔

    درایں اثناءامریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے جوہری پروگرام پر دی گئی ہر طرح کی چھوٹ ختم کرنے پر غور شروع کیا ہے۔

    ایک انٹرویو میں جان بولٹن نے کہا کہ ایران کا یورینیم افزودگی کی مجاز حد سے تجاوز کرنا اور ایرانی صدر حسن روحانی کی طرف سے یورینیم افزدوگی میں اضافے کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ تہران جوہری ہتھیاروں کی تیاری کےلئے بے لگام ہوتا جا رہا ہے۔

    جان بولٹن نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر تہران کو 7 طرح کی چھوٹ دی گئی تھیں، ایران کو دی گئی یہ تمام رعایتیں پہلے ہی پانچ تک کم کر دی گئی ہے۔

    کویتی میڈیا نے ایک سفارتی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئی اے ای اے کا اجلاس آئندہ ہفتے ویانا میں ہوگا۔ اجلاس میں ایران کے جوہری پروگرام پر پید اہونے والے تنازع پر غور کیا جائےگا۔

  • برطانیہ کے نئے سربراہ حکومت کا اعلان 23 جولائی کو ہوگا

    برطانیہ کے نئے سربراہ حکومت کا اعلان 23 جولائی کو ہوگا

    لندن : برطانیہ کے آئندہ وزیر اعظم کے نام کا اعلان تیئیس جولائی کو کیا جائے گا، نئے وزیر اعظم کا انتخاب ٹوری پارٹی کے ایک لاکھ ساٹھ ہزار ارکان پوسٹل بیلٹ کے ذریعے کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ بات لندن میں حکمران قدامت پسندوں کی ٹوری پارٹی کی طرف سے بتائی گئی۔ موجودہ وزیر اعظم ٹریزا مے کے جانشین کے طور پر انتخاب کے لیے اب بورس جانسن اور جیریمی ہنٹ کی صورت میں صرف دو امیدوار میدان میں ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ نئے وزیر اعظم کا انتخاب ٹوری پارٹی کے ایک لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب ارکان پوسٹل بیلٹ کے ذریعے کریں گے۔ یہ وو ٹنگ22 جولائی کو مکمل ہو گی اور اگلے ہی روز نئے سربراہ حکومت کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کی یورپین یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے حامی بورس جانسن نے تھریسامے کے بعد ملک کے اگلے وزیراعظم کے امیدوار کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں 40 فیصد ووٹ حاصل کرکے اپنی برتری قائم رکھی تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بورس جانسن نے 313 میں سے 126 ووٹ حاصل کرکے تیسرے مرحلے کے لیے جگہ بنائی ہے جبکہ دیگر 4 امیدواروں نے 33 یا اس سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

    رپورٹ کے مطابق سیکریٹری خارجہ جیریمی ہنٹ نے 46، سیکریٹری ماحولیات مائیکل گوو نے 41، سیکریٹری انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ روری اسٹیورٹ نے 37 اور ہوم سیکریٹری ساجد جاوید نے 33 ووٹ حاصل کیے۔

    بورس جانسن نے پہلے مرحلے کے مقابلے میں 12 ووٹ زیادہ حاصل کیے جبکہ پہلے مرحلے کے مقابلے میں سب سے زیادہ 12 ووٹ اسٹورٹ نے حاصل کیے، دوسرے مرحلے میں بریگزٹ کے وزیر ڈومینک راب مقابلے سے باہر ہوگئے ہیں جنہیں صرف 30 ووٹ ملے تھے۔

  • ٹرمپ نے ایران پر مزید نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا

    ٹرمپ نے ایران پر مزید نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید پابندیاں عاید کرنے کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے خلاف فوجی کارروائی کا امکان بدستور موجود ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وہ وائٹ ہاؤس میں کیمپ ڈیوڈ کے لیے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ وہ کیمپ ڈیوڈ میں قیام کے دوران میں ایران کے مسئلے کے بارے میں غور کریں گے۔

    صدر ٹرمپ ایران کو جوہری بم کی تیاری سے روکنا چاہتے ہیں اور انھوں نے کہا کہ ہم ایران کے خلاف اضافی پابندیاں عاید کررہے ہیں۔بعض کیسوں میں تو ہم سست روی سے چل رہے ہیں لیکن بعض کیسوں میں ہم تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

    صدر ٹرمپ نے دو روز قبل ہی بین الاقوامی فضائی حدود میں ایک امریکی ڈرون کو مار گرائے جانے کے بعد کہا تھا کہ اس کے ردعمل میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے شاید غلطی سے امریکا کا ڈرون مار گرایا ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹرمپ اور بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ، ایرانی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

    واضح رہے کہ ایران کی جانب سے امریکی ڈرون گرائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا، ایک روز قبل ٹرمپ نے ایران پر حملے کا حکم دے کر واپس لیا جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔

    امریکا نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے مشرق وسطیٰ میں بحری بیڑے اور 1500 فوجی تعینات کر رکھے ہیں جبکہ مزید ایک ہزار اہلکاروں کو بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    واضح رہے کہ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا تھا کہ امریکی ڈرون گرائے جانے کے بعد ٹرمپ نے ایران پر حملے کا حکم دیا تھا لیکن حملے کا فیصلہ اچانک واپس لے لیا۔

    امریکی اخبار کا کہنا تھا امریکی طیارے فضاؤں میں آگئےتھے اور بحری جہازوں نے پوزیشن لےلی تھی تاہم آپریشن کے آغاز سے چندگھنٹے قبل ہی صدرٹرمپ نے حملے کا فیصلہ اچانک واپس لے لیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ایران نے امریکی ڈرون گرا کر بہت بڑی غلطی کی، ٹرمپ کا ردعمل

    اس سے قبل ایران کی جانب سے امریکی ڈرون گرائے جانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے امریکی ڈرون گرا کر بہت بڑی غلطی کی۔

  • کیا کرنسی نوٹ بند ہونے والے ہیں؟ فیس بُک نے ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرنے کا اعلان کردیا

    کیا کرنسی نوٹ بند ہونے والے ہیں؟ فیس بُک نے ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرنے کا اعلان کردیا

    واشنگٹن : فیس بُک انتظامیہ نے دنیا کے بینک اکاؤنٹ نہ رکھنے والے پونے دو ارب افراد کو مالیاتی سہولت فراہم کرنے کےلیے کرپٹو کرنسی کا متعارف کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک نے لِبرا نامی اپنی کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے اور یہ کرنسی سنہ 2020 تک عام عوام کےلیے دستیاب ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کرنسی کے گردش میں آنے کے بعد اسے ڈجیٹل والٹ میں رکھا جاسکے گا اور فیس بک میسنجر یا واٹس ایپ کے ذریعے اس کا لین دین ممکن ہوسکے گا۔

    فیس بُک کرپٹو کرنسی کےلیے ایک ذیلی ادارے پر بھی کام کررہا ہے، لبرا کو کسی پیغام کی طرح میسنجر اور واٹس ایپ پر ایک سے دوسری جگہ بھیجنا ممکن ہوگا۔

    فیس بُک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ لوگ نہ ہونے کے برابر معاوضے پر رقم بھیجنے اور وصول کرنے کی سہولت حاصل کریں گے جس پر انتہائی معمولی کمیشن لیا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اگلے مرحلے میں لبرا آف لائن ادائیگی مثلاً بل بھرنے، سودا خریدنے اور عوامی ٹرانسپورٹ میں سفر کے لیے بھی استعمال ہوگی۔

    حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کی پشت پر ویزا اور ماسٹر کارڈ جیسے ادارے ہیں جبکہ ای بے، اسپوٹیفائی، اور اوبر نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں اس طریقے سے رقم کی ادائیگی کو قبول کریں گے۔

    فیس بُک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ لبرا کو بلاک چین ٹٰیکنالوجی پر مرتب کیا جائے گا اور سافٹ ویئر اوپن سورس ہوگا یعنی اسے دیگر آلات پر بھی چلایا اور استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

    ماہرین نے کہا ہے کہ فیس بک اس کرنسی کے ذریعے اپنے صارفین کو کمپنی کے پلیٹ فارم پر رکھے گا کیونکہ فیس بک اپنے صارفین کو نہیں کھونا چاہتی تاہم فیس بک نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ دنیا میں ایک ارب 70 کروڑ ایسے افراد کے لیے مالیاتی سہولت دے گی جو اب بھی بینک اکاؤنٹ نہیں رکھتے لیکن ان کے پاس موبائل فون موجود ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ فیس بک ایک بڑا آن لائن بینک بن جائے گا اور یوں لوگوں کا ڈیٹا اس پر موجود ہوگا جبکہ فیس بک سے صارفین کے ڈیٹا چوری ہونے کے ان گنت واقعات ریکارڈ پر ہیں اور اس صورت میں سوشل میڈیا پر کیسے اعتبار کیا جاسکتا ہے۔

  • ایتھوپیا کی کوشش سے حزب اختلاف اور سوڈانی فوج کے درمیان مذاکرات کا اعلان

    ایتھوپیا کی کوشش سے حزب اختلاف اور سوڈانی فوج کے درمیان مذاکرات کا اعلان

    خرطوم : ایتھوپیا کی کوششوں سے احتجاجی تحریک کے لیڈروں کا ہڑتال ختم کر کے جرنیلوں سے مذاکرات بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں احتجاجی تحریک کے لیڈروں نے سول نافرمانی کی مہم ختم کرنے اور حکمراں عبوری فوجی کونسل کے ساتھ مذاکرات کی بحالی سے اتفاق کیا ہے۔انھوں نے یہ فیصلہ ایتھوپیا کی ثالثی کی کوششوں کے بعد کیا ہے۔

    ایتھوپین ثالث کار محمود ضریر نے خرطوم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد برائے آزادی اور تبدیلی نے سول نافرمانی کی مہم ختم کرنے سے اتفاق کیا ہے اور دونوں فریقوں نے اقتدار ایک سول انتظامیہ کے حوالے کرنے کے لیے جلد مذاکرات کی بحالی سے بھی اتفاق کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ محمد ضریر گذشتہ ہفتے ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد کے دورے کے بعد سے خرطوم ہی میں مقیم تھے اور وہ سوڈان میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے حزب اختلاف کے لیڈروں اور فوجی جرنیلوں سے ملاقاتیں کررہے تھے۔

    وزیر اعظم ابی احمد نے سوموار کو سوڈان کی حکمراں عبوری فوجی کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان سے فون پر بات چیت کی تھی اور ان سے مصالحتی کوششوں میں پیش رفت کے ضمن میں تبادلہ خیال کیا تھا۔

    احتجاجی تحریک نے الگ سے ایک بیان میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سول نافرمانی کی تحریک ختم کردیں اور بدھ سے اپنے کام پر آجائیں اور کاروبار شروع کردیں۔

    واضح رہے کہ سوڈان میں حکمراں فوجی کونسل کے خلاف احتجاجی تحریک کے لیڈروں کی اپیل پر منگل کو بھی عام ہڑتال تھی جبکہ خرطوم اور دوسرے شہروں میں دکانیں اور کاروباری مراکز جزوی یا مکمل طور پر بندرہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اتوار کو سول نافرمانی کے پہلے روز تشدد کے مختلف واقعات میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھےِ۔

    سوڈانی پیشہ وران تنظیم ( ایس پی اے) نے ہفتے کے روز 3 جون کو وزارتِ دفاع کے باہر احتجاجی تحریک کے زیر اہتمام دھرنے کے شرکاء کے خلاف خونیں کریک ڈاؤن کے ردعمل میں ملک گیر سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا اور عوام سے اس میں بھرپور شرکت کی اپیل کی تھی۔

  • جون کے آخر میں امریکا، روس اور اسرائیل سربراہ کانفرنس کا اعلان

    جون کے آخر میں امریکا، روس اور اسرائیل سربراہ کانفرنس کا اعلان

    تل ابیب : اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کے حل کا سیاسی پہلو فی الحال صیغہ راز میں ہے اور مناسب وقت پر اس کا اعلان کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے جون کے آخری ہفتے میں امریکا، روس اور اسرائیل پر مشتمل سربراہ اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر جیریڈ کوشنر نے 1967ء کے بعد پہلی بار امریکا کا تیار کردہ اسرائیل کا نقشہ نیتن یاھو کو پیش کیا جس میں مقبوضہ وادی گولان کو اسرائیلی ریاست کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

    امریکی ایلچی جیریڈ کوشنر، مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی امن مندوب جیسن گرین بیلٹ پر مشتمل وفد نے یروشلم میں نیتن یاھو کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں ایران کے لیے امریکی ایلچی برائن ہک اور امریکا میں اسرائیلی سفیر رون دیرمر بھی موجود تھے، ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے تناظر میں جون کے آخر میں بحرین میں عالمی اقتصادی کانفرنس کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اسرائیل میں کنیسٹ کے دوبارہ انتخابات کے لیے انتخابی مہم جاری ہوگی مگر ہم بحرین میں اقتصادی کانفرنس کا انعقاد ضرور کریں گے۔

    اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کے حل کا سیاسی پہلو فی الحال صیغہ راز میں ہے اور مناسب وقت پر اس کا اعلان کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب میں اذان اور تلاوت قرآن کے عالمی مقابلے کا اعلان

    سعودی عرب میں اذان اور تلاوت قرآن کے عالمی مقابلے کا اعلان

    ریاض : حکام کی جانب سے حسن تلاوت قرآن کریم کے عالمی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں 12 ملین ریال کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام اذان اور حُسنِ تِلاوت قرآن کریم کے بین الاقوامی مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس مقابلے میں پوری مُسلم دنیا کے موذن اور قراءحضرات شرکت کرسکتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مقابلہ جیتنے والے خوش نصیبوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ ریال کے نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

    امریکی کرنسی میں انعامی رقم کی مالیت 32 لاکھ ڈالرسےزیادہ ہے۔ خیال رہے کہ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی طرف سے رواں سال جنوری میں اس مقابلے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    عرب ٹی وی کے مطابق تفریحی ادارے کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے حسن تلاوت و اذان مقابلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پوری دنیا میں تلاوت کلام پاک کے کلچر کوعام کرنا ہے کیونکہ قرآن پاک اپنے صوتی حسن، اپنے معنوی اور روحانی اثرات اور سامع پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے اپنی امتیازی خصوصیت رکھتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس مقابلے کے انعقاد سےعالمی سطح پر قرآن پاک، علوم قرآن اور اس کتاب اللہ کی رشد وہدایت پرمبنی تعلیمات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مقابلے میں پہلا انعام حاصل کرنے والے خوش نصیب کو 50 لاکھ ریال، دوسرے کو 20 لاکھ اور تیسرے کو 10 لاکھ ریال کی رقم جب کہ چوتھے نمبر پر آنے والے کو پانچ لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائےگی۔

    تلاوت کلام پاک کے ساتھ ساتھ اذان کے مقابلے کا مقصد دُنیا بھر میں اذان کی اہمیت اور حرم نبوی الشریف میں میں بلند ہونے والی اذان کی آواز کو دور دور تک پہنچانا ہے۔

    اذان کے مقابلے میں پہلے پوزیشن حاصل کرنے والے کو 20 لاکھ ریال، دوسرے کو 10 لاکھ، تیسرے کو نصف ملین اور چوتھے درجے پرآنے والے موذن کو اڑھائی لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائے گی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تلاوت قرآن اور اذان کے عالمی مقابلے میں حصہ لینے کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے۔ دلچسپی رکھنے والے قراءحضرات (قرآن احسن ایوارڈ) پر اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

  • سعودی عرب نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے دو متاثرین کو گھر دینے کا اعلان کردیا

    سعودی عرب نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے دو متاثرین کو گھر دینے کا اعلان کردیا

    ریاض : سعودی عرب نے کرائسٹ متاثرین کے خاندانوں کو گھر دینے کا اعلان کردیا، جن میں ایک پاکستانی اور ایک شام سے تعلق رکھنے والی فیملی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی عالمی تنظیم ”مسلم ورلڈ لیگ “نے کرائسٹ چرچ میں مسجد النور میں شہید ہونیوالے افراد کے دو خاندانوں کو گھر خرید کر دینے جبکہ باقی شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو رواں سال اپنے خرچ پر حج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی حکام کا کہنا تھا کہ جن شہداء کے خاندانوں کو گھر دیا جائے گا ان میں ایک پاکستانی اور ایک شام سے تعلق رکھنے والی فیملی شامل ہے۔

    مسلم ورلڈ لیگ کے ریجنل ڈائریکٹر مصحب ایبن نے میڈیا کو بتایا کہ ہم کرائسٹ چرچ کی مسلم کمیونٹی کو متحد اور مضبوط کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگست میں تمام متاثرین حج کیلئے تیار ہوں گے،وہ لوگ، شہید ہونیوالے دو خاندانوں کیلئے گھر بھی اگست تک تیار ہو جائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ جو اس سال زخمی ہونے کے باعث سفر نہیں کرسکیں گے ان کو آئندہ سال حج کرایا جائے گا، تقریبا سو سے زائد لوگ ہیں جن کو ہم نے رواں سال حج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس موقع پر النور مسجد میں شہید ہونیوالے پاکستانی شہری نعیم راشد کی بیوہ عنبرین نے بتایاکہ نیا گھر ملنا اورحج کےلئے جانا ہماری فیملی کےلئے لائف چینجنگ ہوگا، ابھی تک ہم غم سے باہر نہیں آسکے لیکن اپنا گھر اوراللہ تعالیٰ کے گھر میں جانے کی سعادت حاصل کرنا ہماری فیملی کے لیے بہت بڑا ریلیف ہوگا۔

    انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ تنظیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ اس تنظیم نے مشکل گھڑی میں ہماری مدد کی ہے، شام سے تعلق رکھنے والی فیملی کے رکن خالد مصطفی اورحمزہ مصطفی بھی مسجد النور میں فائرنگ کے واقعہ میں شہید ہو گئے تھے ،تنظیم اس شامی فیملی کو بھی گھر دےگی۔

  • اسٹیٹ بینک آئندہ 2 ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا

    اسٹیٹ بینک آئندہ 2 ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی زیرصدارت مانیٹری پالیسی کا اجلاس ہوگا جس کے بعد پالیسی بیان جاری کیا جائے گا۔

    مالیاتی شعبہ پالیسی ریٹ میں 50 سے 125 بیسسز پوائنٹس اضافے کے اندازے لگائے جا رہے ہیں جبکہ پالیسی ریٹ اس وقت 10.75 فیصد ہے۔

    ملکی شرح سود اس وقت تاریخ کی بلند ترین سطح پر موجود ہے جبکہ پالیسی ریٹ 10 اعشاریہ 75 فیصد 2 ماہ قبل رکھا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری 2019 میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں 25 بیسز پوائنٹ کا اضافہ کرکے شرح سود 10.25 فیصد مقرر کردی گئی تھی۔

    سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ اب بھی بلند ہے لیکن پچھلے 12 ماہ میں اس خسارے میں کمی ہو رہی ہے۔

    طارق باجوہ کا کہنا تھا کہ پہلے 6 ماہ میں اسٹیٹ بینک سے حکومتی قرضوں میں اضافہ ہوا اور مالیاتی خسارہ گزشتہ سال کی نسبت بڑھا، جولائی تا نومبر بڑے صنعتی یونٹس میں 0.9 فیصد اضافہ ہوا۔