Tag: اعلان

  • وینزویلا کے اہم فوجی جنرل نے صدر ماڈورو کی مخالفت کا اعلان کردیا

    وینزویلا کے اہم فوجی جنرل نے صدر ماڈورو کی مخالفت کا اعلان کردیا

    کراکس : وینزویلا کی فضائی افواج کے سربراہ جنرل فرانسیسکو یانیر نے دستوری حکومت کے مخالف اپوزیشن رہنما جون گائیڈو کی حمایت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں صدر نکولس مدورو کیخلاف احتجاج جاری ہے جبکہ حزب اختلاف کے حامیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی ہیں اور نکولس میڈورو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وینزویلن ایئرفورس کی اسٹریٹیجک منصوبہ بندی کے سربراہ جنرل فرانسیسکو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام میں اپوزیشن لیڈر سے اظہار وفاداری کیا۔

    جنرل فرانسیسکو یاینز کا کہنا تھا کہ ملک کی 90 فیصد افواج نکولس ماڈورو کے مخالف ہے، وینزویلا کی عوام صدر ماڈورو کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

    وینزویلن فضائیہ کے اعلیٰ افسر نے نکولس ماڈورو کے آمرانہ طرز حکومت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں وینزویلا کی فوج کو قائم مقام صدر جون گائیڈو کو صدر تسلیم کرنے اور نکولس ماڈورو کو منصب صدارت سے ہٹانے کی دعوت دیتا ہوں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ جنرل فرانسیسکو نے یہ ویڈیو کب اور کس مقام پر ریکارڈ کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسٹریٹیجک منصوبہ بندی کے سربراہ کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام کے بعد وینزویلین ایئرفورس کی اعلیٰ کمانڈ نے جنرل فراسیسکو پر غداری کا الزام کا عائد کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کا کہنا ہے کہ وینزویلا کی تمام افواج جنرل فرانسیسکو کے ساتھ شامل ہوجائے۔

    اپوزیشن رہنما جون گائیڈو کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملٹری حکام کی حمایت حاصل کرنے کےلیے خفیہ میٹنگ کی تھی نکولس ماڈورو کو صدارتی محل سے نکالنے کےلیے وہ فوج کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ وینزویلا میں 23 جنوری کو اپوزیشن لیڈر اور پارلیمںٹ کے اسپیکر جون گائیڈو نے خود کو عبوری صدر قرار دیا تھا جس کے بعد امریکا اور بعض دوسرے علاقائی ممالک نے صدر نکولس مادورو کی جگہ گائیڈو کو ملک کا عبوری صدر تسلیم کرلیا ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکا میں تعینات وینزویلا کے ملٹری اتاشی نے بھی اپوزیشن رہنما کی حمایت کردی

    یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا میں تعینات وینزویلا کے ملٹری اتاشی کرنل جوش لوئس سلوا کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری ہوئی تھی جس میں وہ نکولس ماڈورو سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما جون گائیڈو اعلان وفاداری کررہے تھے۔

  • روس نے بھی آئی این ایف معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کردیا

    روس نے بھی آئی این ایف معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کردیا

    ماسکو : آئی ایف معاہدے سے امریکی انخلاء پر ردعمل دیتے ہوئے روس نے بھی ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کے معاہدے کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے روس پر جوہری ہتھیاروں کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کا معاہدہ معطل کردیا، روسی صدر نے امریکا کو یورپ میں جوہری میزائل نصب کرنے پر خطرناک نتائج کی دھمکی دے دی۔

    روس نے آئی این ایف معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایٹمی معاہدے سے علیحدگی کو درست ثابت کرنے لیے روس پر الزام عائد کررہا ہے۔

    صدر پیوٹن نے روسی حکام کو امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کی کمی سے متعلق گفتگو کا آغاز نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روس سپر سانک میزائل سمیت کئی میزائل تیار کرے گا۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ روس یورپ میں اس وقت تک میزائل نصب نہیں کرے گا جب تک امریکا یورپ میں زمین سے زمین پر درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل نصب نہیں کرے۔

    مزید پڑھیں: امریکا کا روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ روس نے 1987 کے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (آئی این ایف) معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

    آئی این ایف معاہدے کے مطابق زمین سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں پرپابندی ہے، یہ فاصلہ 500 سے 5500 کلومیٹرہے۔

    امریکی صدر نے کہا تھا کہ امریکا روس کو ان ہتھیاروں کی اجازت نہیں دے گا، روس برسوں سے اس معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا۔

    یاد رہے کہ روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے 2007 میں اعلان کیا تھا کہ یہ معاہدہ اب روسی مفادات میں نہیں ہے۔

  • اسرائیل کا الخلیل شہر سے عالمی مبصرین کو بے دخل کرنے کا اعلان

    اسرائیل کا الخلیل شہر سے عالمی مبصرین کو بے دخل کرنے کا اعلان

    اوسلو : ناروے نے مغربی کنارے پر واقع شہر الخلیل سے عالمی مبصرین کی بے دخلی کے اسرائیلی اعلان کو اوسلو معاہدے کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں موجود عالمی امن مبصرین کو بے دخل کرنے کے اعلان پر ناروے نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    ناورے کی وزیر خارجہ نے نیتین یاہو کے اعلان پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ الخلیل میں امن مشن ختم کرکے عالمی مبصرین کو بے دخل کرنا اوسلوں معاہدے کی خلاف ورزی ہے، مغربی کنارے کے جنوبی شہر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی مبصرین کو اس طرح الخلیل سے بے دخل کیا گیا تو ظلم و بربریت کا شکار فلسطینی شہریوں کی تشویش میں مزید اضافہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل غٓصب صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر اعظم نے الخلیل میں تعینات عالمی مبصرین کو یہ کہتے ہوئے بے دخل کرنے کا اعلان کیا تھا کہ اسرائیل میں کسی بھی ایسے عالمی مشن کی اجازت نہیں دیں گے جو اسرائیل کے خلاف استعمال ہو۔

    نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ امن مشن کیلئے کے تعینات عالمی مبصرین کے دستے اسرائیل کے خلاف سرگرم ہیں جنہیں یہاں سے نکال دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ صیہونی ریاست اسرائیلی حکومت اس سے قبل بھی عالمی مبصرین پر جانبداری اور فلسطینیوں کی حمایت کا الزام عائد کرچکا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امن مشن کےلیے عالمی مبصرین کو سنہ 1994 میں غاصب اسرائیلیوں کے ہاتھوں ابراہیمی مسجد میں عبادت میں مشغول 29 فلسطینیوں کے قتل عام کے بعد تعینات کیا گیا تھا، مذکورہ امن مشن کی مدت میں پر چھ ماہ بعد توسیع کی جاتی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امن مشن کیلئے عالمی مبصرین کے دستے میں ناروے، ڈنمارک، سوئیڈن، سوئیٹزرلینڈ، اٹلی اور ترکی کے مبصرین شامل ہیں۔

  • ایمرٹس نے مسافروں کے سامان کے وزن میں کمی کا اعلان کردیا

    ایمرٹس نے مسافروں کے سامان کے وزن میں کمی کا اعلان کردیا

    ابوظبی : اماراتی فضائی کمپنی ایمرٹس نے مسافروں کے سامان کے وزن میں کمی کا اعلان کردیا تاہم مسافروں کی سہولت کیلئے انہیں مختلف کٹیگری میں تقسیم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمرٹس نے اعلامیہ جاری ہے جس کے تحت اکنامی کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کے سامان کے وزن میں 5 کلو کمی کی جائے گی۔

    فضائی کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سامان میں کٹوتی کا اطلاق 4 فروری سے ہوگا تاہم بزنس اور فرسٹ کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کے سامان میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایمرٹس نے اکنامی کلاس کا ٹکٹ خریدنے والوں کے لیے چار کٹیگریز بنائی ہیں جس کے مطابق پہلی ’اسپیشل کٹیگری‘ ہے جس کے مسافر کو 15 کلو سامان جببکہ دوسری کٹیگری ’سیور‘ میں مسافروں کو 25 کلو سامان لے جانے کی اجازت ہوگی۔

    فضائی کمپنی کے مطابق تیسری اور چوتھی کٹیگری ’فیلکس اور فیلکس پلس‘ ہے جس کے مسافر اپنے ساتھ 30 اور 35 کلو سامان باآسانی لےجاسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : امارات ایئرلائنزکی پاکستان کے لیے پروازوں کی تعداد میں کمی

    خیال رہے کہ دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن وے کا مرمتی کام 16 اپریل سے شروع ہوگا، دبئی کے ہوائی اڈے کے رن کا کام 30 مئی تک جاری رہے گا، مرمتی کام کی وجہ سے امارات ایئرلائنز کی پاکستان کے لیے چند پروازیں متاثر ہوں گی۔

    ترجمان امارات ایئرلائنز کے مطابق پاکستان کے لیے پروازوں کی تعداد میں کمی ہوگی، مسافر پروازوں کی روانگی کا شیڈول ویب سائٹ سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے نیا سیکریٹری داخلہ منتخب کرنے کا اعلان کردیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے نیا سیکریٹری داخلہ منتخب کرنے کا اعلان کردیا

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس کے اختتام پر امریکا کے نئے سیکریٹری داخلہ منتخب کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے نئے سیکریٹری داخلہ کے انتخاب کا اعلان اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے کیا۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے ٹویٹر پر پیغام دیا کہ رواں برس کے اختتام پر موجودہ سیکریٹری داخلہ رایان زینک اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے جس کے بعد نئے سیکریٹری داخلہ کا اعلان کیا جائے گا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ٹویٹ میں کہا تھا کہ وایٹ ہاوس میں بجٹ کے شعبے کے ڈائریکٹر جون مائیکل کو جون کیلی کے عہدے پر تعینات کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جون کیلی کو سیکریٹری داخلہ منتخب کیا جاسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال کے آخر تک چیف آف اسٹاف 68 سالہ جان کیلی عہدہ چھوڑ دیں گے، تاہم ٹرمپ نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا آیا اُن کی جگہ کون لے گا۔

    کیلی ایک ریٹائرڈ میرین جنرل ہیں، جنھوں نے جولائی 2017ء سے چیف آف اسٹاف کے فرائض سنبھالے ہیں، جلد اُن کی جگہ کی جانے والی تقرری کے بارے میں اعلان کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ 57 سالہ رایان زینک امریکی سیاست دان اور معروف کاروباری شخصیت ہیں جو سنہ 2017 میں سیکریٹری داخلہ کے عہدے پر تعینات ہوئے تھے اور دسمبر 2018 میں ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

  • برطانیہ: چوری کرنے پر انعام کا انوکھا اعلان

    برطانیہ: چوری کرنے پر انعام کا انوکھا اعلان

    لندن : روزمرہ استعمال کی اشیاء فروخت کرنے والی ایک خاتون نے ملبوسات چوری کرنے والے افراد کو فی گھنٹہ 64 ڈالرمعاوضہ دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں لباس سمیت ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء فروخت کرنے والی ایک دکان کی مالکن نے ماہر چوروں سے کپڑے چرانے کی درخواست کردی۔

    دکان مالکن نے چوروں سے درخواست کی ہے کہ وکان سے کپٹرے چوری کریں اور 64 ڈالر معاوضہ بھی کمائیں۔

    برطانوی خاتون نےچوروں کو معاوضے کے ساتھ ساتھ چوری شدہ مال میں سے تین لباس بھی اپنے پاس رکھنے کی پیشکش کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ خاتون نے ساتھ میں شرط عائد کی ہے کہ دکان میں چوری کرنے والے افراد کو لباس چرانے کے بعد طریقہ واردات بتانا ہوگا تاکہ وہ اپنی دکان کو مزید محفوظ بناسکیں اور چوریوں میں کمی ہوسکے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دکان مالکن نے اس سلسلے میں باقاعدہ اشہتار بھی شائع کیا کہ جس کے بعد کامیاب چوروں کو ہفتے میں کئی مرتبہ دکان میں چوری کرنی ہوگی اور پھر چوری شدہ مال کی مکمل رپورٹ مالکن کو دینا ہوگی۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ میں آئے روز اپنی دکان میں قیمتی لباس کی چوری سے تنگ آچکی ہوں۔

    برطانوی شہری نے بتایا کہ انہوں نے اپنی دکان میں ہونے والی چوریاں روکنے کےلیے یہ قدم اٹھایاہے۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ چور کو واردات کے بعد طریقہ واردات بتانا ہوگاکہ اس نے کس طرح لباس یا دیگر اشیاء چوری کیں تاکہ میں حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر کرسکوں۔

    برطانیہ: ڈچز آف پورٹ لینڈ کا تاریخی تاج شاہی عمارت سے چوری

    چوریوں سے متاثرہ خاتون نے بتایا کہ کرسمس کی تیاری کے سلسلےمیں نومبرمیں دکان پر گاہکوں کا رش بہت زیادہ ہوجاتا ہے جس کے باعث سب پر نظر رکھنا ممکن نہیں رہتا۔

    خاتون نے بتایا کہ گذشتہ کئی برس سے کرسمس کے موقع پر ہونے والی چوریوں نے مجھے بہت نقصان پہنچایا ہے، اس لیے میں نے ماہر چوروں مدد کی درخواست کی ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کل میرانشاہ کا دورہ کریں گے

    وزیراعظم عمران خان کل میرانشاہ کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کل میرانشاہ کا دورہ کریں گے، عمران خان کی جانب سے بڑے امدادی پیکج کا اعلان متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل میرانشاہ کا دورہ کریں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ شمالی وجنوبی وزیرستان میں دورے کے دوران مقامی عمائدین کے جرگہ سے ملاقات کریں گے اور قبائلی اضلاع کے لیے ایک بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان بھی متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قبائلی اضلاع میں 2 یونیورسٹیز، اسپتال اور اسپورٹس کمپلیکس بنانے کا اعلان بھی متوقع ہے۔

    خیال رہے کہ عمران خان کا وزیراعظم بننے کا بعد قبائلی اضلاع کا یہ پہلا دورہ ہے۔

    کسی کو قبائلی عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے‘عمران خان


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 2 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان سے فاٹا کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی تھی جس میں فاٹا انضمام، ترقیاتی منصوبوں اور قبائلی عوام کو درپیش مسائل پربات چیت کی گئی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے قبائلی عوام نے بے شمار مشکلات برداشت کیں، قبائلی علاقوں کی تعمیروترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کسی کو قبائلی عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔

  • عمان نے اسرائیل کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا

    عمان نے اسرائیل کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا

    مسقط : سلطان قابوس سے اسرائیلی وزیر اعظم کی ملاقات کے بعد عمان نے غاصب صیہونی اسرائیل ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے انتہا پسند وزیر اعظم نیتن یاہو کے جمعے کے روز خلیجی ملک عمان کا خفیہ دورہ کرنے کے بعد ریاست عمان نے اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز بحرین میں جاری سیکیورٹی کانفرنس کے دوران عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ دیگر ریاستوں کی طرح پیش آیا جائے۔

    عمان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست اسرائیل مشرق وسطیٰ میں ایک ریاست ہے جس کی حقیقت کو چھپایا نہیں جاسکتا اسی لیے عمان فلسطین اور اسرائیل کے درمیان معاملات حل کروانے کی پیش کش کرتا ہے لیکن بحیثیت ثالث نہیں۔

    یاد رہے کہ جمعے کو اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے عمان کا دورہ کیا تھا جسے تکمیل تک خفیہ رکھا گیا تھا، جس دوران اسرائیلی وزیر اعظم نے عمان کے بادشاہ سلطان قابوس سے طویل ملاقات کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو واحد وزیر اعظم ہیں جنہوں نے 20 برس کے دوران عمان کا دورہ کیا ہے جبکہ اس سے قبل اسرائیل اور عمان کے درمیان سفارت تعلقات بھی منقطع تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ دورہ عمان کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم ہمراہ ان کی اہلیہ، موساد کے سربراہ اور قومی سلامتی کے مشیر بھی موجود تھے۔

    خیال رہے کہ نیتن یاہو کو دورہ عمان کی دعوت سلطان قابوس کی جانب سے دی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ نیتن یاہو سے قبل اسرائیل کے دو وزراء اعظم سنہ 1994 اور 96 میں عمان کا دورہ کرچکے ہیں جس کے بعد عمان میں دونوں ممالک کے تجارتی نمائندوں کے لیے دفاتر کھولے گئے تھے جسے اکتوبر 2000 میں فلسطین کے دوسرے انتفاضہ کے بعد بند کردیا گیا تھا۔

  • شاہی خاندان پر تنقید، سوشل میڈیا صارفین پر سزا اور جرمانے کا اعلان

    شاہی خاندان پر تنقید، سوشل میڈیا صارفین پر سزا اور جرمانے کا اعلان

    ریاض : سعودی حکام نے سوشل میڈیا پر  شاہی خاندان پر تنقید اور اشتعال انگیز مواد کی تشہیر کرنے پر قید اور 8 لاکھ ریال جرمانہ عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے حکام کی جانب سے نیا قانون نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت سوشل میڈیا ویب سایٹس پر سعودی شاہی خاندان پر تنقید کرنے اور مذہبی اقدار کا تمسخر اڑانے یا اشتعال انگیز مواد کے ذریعے عوامی جذبات کو اُبھارنے والے کو سزا دینے کا عندیہ دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جو بھی شہری ریاست کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے والے اور نا مناسب مواد کی تشہیر کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو 5 برس قید اور 8 لاکھ ریال جرمانے کا سامان کرنا ہوگا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے حکمرانوں نے مذکورہ اقدامات سماجی رابطوں کی ویب سایٹس پر ملک و مذہب کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈے کو روکنے کےلیے اٹھائے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی مذہبی شخصیت سلمان العودۃ کو قطر سے اچھے تعلقات استوار کرنے کے حق میں ٹویٹ کرنے پر گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سلمان العودۃ کے ٹویٹر پر ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، سعودی حکومت کی جانب سے عدالت سے درخواست کی گئی ہے سلمان العودۃ کو سزائے موت کی سزا سنائی جائے۔

    یاد رہے کہ اس پہلے بھی سعودی حکومت شاہی خاندان پر تنقید کرنے والے سعودی مبلغ اور خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے 7 سرگرم سماجی کارکن خواتین وکلاء کو گرفتار کرچکی ہے۔

  • انگلینڈ کے الیسٹر کک نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    انگلینڈ کے الیسٹر کک نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    لندن : انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز 33 سالہ الیسٹر کک نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سریز کا آخری میچ کھیلنے کے بعد عالمی کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ کے معروف بلے باز الیسٹر کک نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سریز مکمل کرنے کے بعد عالمی کرکٹ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ یہ نئے کھلاڑیوں کو آگے لانے کا بہترین موقع ہے‘۔

    انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز الیسٹر کک نے کہا ہے کہ ’میں گذشتہ چند ماہ سے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا سوچ رہا تھا اور باالاآخر اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ بھارت کے خلاف کھیلے جانے والی ٹیسٹ سریز کے آخری میچ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کروں گا‘۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ’آج کا دن میرے لیے بہت افسوس ناک ہے پھر بھی عالمی کرکٹ سے الگ ہونے کا فیصلہ ہستے ہوئے کررہا ہوں‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 33 سالہ کرکٹر الیسٹر کک نے کہا کہ ’اگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے کئی برسوں تک کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، جتنا میں نے سوچا تھا اس سے کیہں زیادہ حاصل کیا ہے‘۔

    سابق انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ آئندہ عالمی کرکٹ میں انگلینڈ کی نمائندگی نہیں کروں گا لیکن کاؤنٹی میچز ایسیکس کی جانب سے کھیلوں گا۔

    واضح رہے کہ 33 سالہ کھلاڑی الیسٹر کک نے اپنے عالمی کرکٹ کے کریئر کے دوران 160 ٹیسٹ، 92 ایک روزہ جبکہ 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، کک نے ٹیسٹ میچز میں 12 ہزار 254، ون ڈے میں 3 ہزار 204 اور ٹی ٹوئنٹی میں 61 بنائے تھے۔

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے ٹیسٹ میچز میں 32 سنچریاں اور 56 نصف سنچریاں، اور ون ڈے میں 5 سنچریاں جبکہ 19 نصف سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔