Tag: اعلیٰ ترین اعزاز

  • پاک بحریہ کے سربراہ کو ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز دیا گیا

    پاک بحریہ کے سربراہ کو ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز دیا گیا

    اسلام آباد : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کوترکیہ میں اعلیٰ عسکری اعزاز "لیجن آف میرٹ آف دی ترک آرمڈ فورسز” سے نواز دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین اعزاز "لیجن آف میرٹ آف دی ترک آرمڈ فورسز” سے نوازا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز ترک افواج کے ساتھ بحری تعاون، دفاعی شراکت داری اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، یہ اعزاز ترکیہ میں ایک پروقار تقریب کے دوران دیا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ ترک نیول فورسز کے ہیڈکوارٹرز آمد پر ایڈمرل نوید اشرف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    اس موقع پر انہوں نے ترک نیول فورسز کے کمانڈر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ بحری تعاون، دفاعی اشتراک، مشترکہ مشقوں اور خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دورہ ترکیہ کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے ترک وزیر دفاع، چیف آف جنرل اسٹاف اور کمانڈر ترک نیوی فلیٹ سے بھی اہم ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے مختلف دفاعی پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔

    ایڈمرل نوید اشرف نے استنبول نیول شپ یارڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک بحریہ کے تحت چلنے والے ملجم پروجیکٹ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گولچک نیول بیس پر ترک آبدوزوں کی تعمیراتی صلاحیتوں کا مشاہدہ بھی کیا۔

    نیول چیف نے اپنے دورے کے دوران ترک بحری جہاز سمیت متعدد نیول تنصیبات کا معائنہ کیا اور ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں مددگار ہوگا۔

  • نیول چیف کو رائل سعودی فورسز کے اعلیٰ ترین اعزاز کی تفویض

    نیول چیف کو رائل سعودی فورسز کے اعلیٰ ترین اعزاز کی تفویض

    ریاض : پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو رائل سعودی فورسز کے اعلیٰ ترین اعزاز ”کنگ عبد العزیز میڈل آف ایکسیلنس“ سے نوازا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض میں میڈل تفویض کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو رائل سعودی فورسز کے اعلیٰ ترین اعزاز ”کنگ عبد العزیز میڈل آف ایکسیلنس“ سے نوازا گیا۔

    رائل سعودی آرمڈ فوسز کے چیف آف جنرل اسٹاف نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو میڈل تفویض کیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ اِن دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں ، دورے کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف اور رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔

    ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور اور دو طرفہ دفاعی تعاون اور بحرِہند کی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاک بحریہ ترجمان کے مطابق رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف اور رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ نے خطے میں امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے  کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔