لاہور : صوبائی دارلحکومت لاہور سے اغواء ہونے والے نوجوان کی لاش مل گئی، نوجوان فرخ اٹھارہ اگست کو گھر سے نکلا تو واپس نہ آیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن سے اغواء ہونے والے نوجوان کی لاش اچھرہ سے برآمد ہوئی۔
پولیس نے بتایا نوجوان فرخ اٹھارہ اگست کو گھر سے نکلا تو واپس نہ آیا، مغوی کے والدین کا رابطہ کرنے پر پولیس نے اغواء کا مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فرخ ارشد میئو کی گاڑی فیصل ٹاؤن کے علاقہ سےلاوارث ملی تھی، پولیس نے گاڑی تحویل میں لیے کر تفتیش شروع کی تو پتہ چلا فرخ کو اغواء کیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ فرخ کی موت فلیٹ کی چھت سے گرنے سے ہوئی، اب فرخ کو چھت سے پھینکا گیا یا خود کشی ہے، اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑنے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او گارڈن ٹاؤن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔