Tag: اغوا کا ڈرامہ

  • 12 سالہ بچی کے اغوا کا ڈرامہ بے نقاب

    12 سالہ بچی کے اغوا کا ڈرامہ بے نقاب

    خانیوال : 12 سالہ بچی کے اغوا کا ڈرامہ بے نقاب کر دیا، بچی کی اغوا میں ملوث سگی ماں اور ماموں ملوث نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق خانیوال میں رشتہ داروں سے بدلہ لینے کے لیے ماں نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر اپنی ہی بارہ سالہ بیٹی کے اغوا ہونے کا ڈرامہ رچایا تاہم تھانہ سٹی پولیس نے بچی کو بازیاب کرا کے اس کی ماں اور ماموں کو گرفتار کر لیا۔

    مرضی پورا کے رہائشی محنت کش محمود کی 12 سالہ بیٹی زہرہ بتول جو کہ ساتویں کلاس کی طالبہ ہے، گزشتہ روز صبح اسکول جانے کے لیے گھر سے نکلی تو واپس لوٹ کے نہ آئی۔

    گھر والوں نے اپنے طور پر بچی کو تلاش کیا اور پولیس تھانہ سٹی کو اطلاع دی، پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

    پولیس نے بچی کے گھر کے قریب لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بچی کے اغوا کا ڈرامہ بے نقاب کر دیا۔

    ایس ایچ او سٹی سعید ملک کا کہنا تھا کہ بچی کی والدہ آمنہ بی بی کی اپنی جٹھانیوں کے ساتھ نہیں بنتی تھی اور ان کے درمیان جائیداد کا تنازہ چل رہا تھا، جائیداد ہتھیانے اور جٹھانیوں سے انتقام لینے کے لیے آمنہ بی بی نے اپنے بھائی اکمل سے مل کر اپنی بیٹی زہرہ بتول کے اغوا کا ڈرامہ رچایا تھا۔

    پولیس نے بچی کی والدہ اور اس کے بھائی اکمل کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر 12 سالہ زہرہ بتول کو ملتان سے بازیاب کرا لیا۔

    ایس ایچ او پی ٹی سی تھانہ سٹی پولیس کی جانب سے 12 سالہ بچی کی اغوا میں ملوث سگی ماں اور اس کے بھائی کو گرفتار کر کے بچی کو بازیاب کرانے کے اقدام کو شہریوں نے خوب سراہا ۔

  • کراچی میں 17 سالہ عاشق  کے اغوا کا ڈراپ سین

    کراچی میں 17 سالہ عاشق کے اغوا کا ڈراپ سین

    کراچی : کراچی میں 17 سالہ عاشق نے ماموں سے پیسے بٹوڑنے کے لیے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچایا، تاہم پولیس نے لڑکے کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہراہ نور جہاں پر 17 سالہ لڑکے کے اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا، نوجوان نے اپنے ماموں سے پیسے بٹورنے کیلئے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچایا۔

    پولیس نے بتایا کہ شہری طارق حسین شاہ نے اپنے بھانجے محمد حسن ولد نعیم سندھو کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔

    مدعی مقدمہ طارق حسین شاہ کے مطابق نوجوان حسن نے فون پر بتایا کہ چار افراد نے اغواء کرلیا ہے اور پچاس ہزار روپے تاوان کا مطالبہ کررہے ہیں۔

    پولیس نے سی پی ایل سی سینٹرل کے تعاون سے پتہ چلایا کہ لڑکا اپنے اغواء کا ڈرامہ کررہا ہے، جس کے بعد پولیس نے لڑکے کو گرفتار کرلیا۔

    نوجوان حسن نے اغوا کے ڈرامے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے پسند کی شادی کی تھی، اہلیہ کے گھر والوں کو پچاس ہزار روپے دینے تھے، گھر والے شادی سے راضی نہیں تھے اس لیے کورٹ میرج کی۔

  • اغوا و زیادتی کا جھوٹا دعویٰ کرنے والی طالبہ نے خودکشی کرلی

    اغوا و زیادتی کا جھوٹا دعویٰ کرنے والی طالبہ نے خودکشی کرلی

    حیدر آباد: بھارتی شہر حیدر آباد میں ایک طالبہ کو اغوا اور اجتماعی زیادتی کا ڈراما کرنے پر افسوس ناک انجام سے دوچار ہونا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں دو ہفتے قبل 19 سالہ ایک لڑکی نے ماں کی ڈانٹ سے بچنے کے لیے اغوا اور جنسی زیادتی کا ڈراما رچایا تھا، تاہم سچ سامنے آنے کے بعد اس نے خود کشی کر لی۔

    بتایا جا رہا ہے کہ بی فارمیسی کی سال دوم کی طالبہ نے رشتہ داروں اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر کی جانے والی تنقید کی وجہ سے خود کشی کی۔

    یہ واقعہ رواں ماہ کی 10 تاریخ کو پیش آیا تھا جب گھٹکیسر کے علاقے میں ایک طالبہ دوست کے ساتھ رات دیر تک رہی، تاہم واپسی پر ماں کی ڈانٹ سے بچنے کے لیے اس نے اغوا کی جھوٹی کہانی بنا لی۔

    لڑکی نے ماں کو بتایا کہ اسے آٹو ڈرائیور نے اغوا کیا اور لے جا کر اجتماعی جنسی زیادتی کا شکار بنایا، تاہم ماں نے فوری طور پر پولیس کو رپورٹ کیا، جس پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے لڑکی کو اسپتال داخل کیا اور کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

    اپنے بیان میں لڑکی نے پولیس اور میڈیا کو بھی گم راہ کیا، لیکن پولیس کی سائنٹفک تفتیش میں اس کا جھوٹ کھل گیا، اور اس نے اعتراف کر لیا کہ وہ اپنے دوست کے ساتھ گئی تھی اور گھر آنے میں تاخیر پر ماں کی ڈانٹ سے بچنے کے لیے جھوٹی کہانی بنائی۔

    واقعے کے بعد سے طالبہ اپنی دادی کے گھر مقیم تھی، جہاں اس نے منگل کی رات گھر میں موجود دادی کی شوگر کی گولیاں بڑی مقدار میں کھا لیں، طبیعت خراب ہونے پر اسے اسپتال منتقل کیاگیا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکی۔