Tag: اغوا کی خبریں

  • لاہور میں چار سال کا بچہ اغوا، لودھراں میں لڑکی کی اغوا کی کوشش ناکام

    لاہور میں چار سال کا بچہ اغوا، لودھراں میں لڑکی کی اغوا کی کوشش ناکام

    لاہور/ لودھراں: لاہور کے علاقے تھانہ غازی آباد کی حدود میں 4 سال کے عمیر عامر کو اغوا کر لیا گیا، اغوا کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے تھانہ غازی آباد میں چار سال کے ایک بچے کو اغوا کر لیا گیا، واردات کی فوٹیج میں 2 ملزمان نظر آ رہے ہیں جو بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل پر سوار ہیں۔

    فوٹیج کے مطابق ایک ملزم نے سفید شرٹ پہنی ہے، اس نے گھر کے باہر سے بچے کو موٹر سائیکل پر بٹھایا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اغوا کاروں کی شکلیں واضح دیکھی جا سکتی ہیں۔

    غازی آباد پولیس نے اغوا کا مقدمہ بچے کے والد عامر لطیف کی مدعیت میں درج کر لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  راولپنڈی: کم سن بچیوں کے اغوا، زیادتی، قتل میں ملوث ملزم گرفتار

    دوسری طرف پنجاب کے ضلع لودھراں میں 4 ماہ پہلے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بھائیوں نے اغوا میں ناکامی پر اپنی بہن پر فائرنگ کی جس سے بہن اور ایک قریبی رشتہ دار زخمی ہو گئے۔

    پولیس نے 3 بھائیوں سمیت 7 افراد کے خلاف ماڈل تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا، مقدمہ لڑکی کے شوہر غلام مصطفیٰ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    یاد رہے گزشتہ ماہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں کم سن بچیوں کے اغوا، زیادتی اور قتل میں ملوث 55 سالہ ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں 22 بچیوں سے زیادتی کا اعتراف کیا۔

  • فحاشی کے اڈے سے لڑکی بازیاب کرانے پر پولیس نے رشتہ داروں کو دھر لیا

    فحاشی کے اڈے سے لڑکی بازیاب کرانے پر پولیس نے رشتہ داروں کو دھر لیا

    سکھر: ایک ماہ قبل اغوا کی گئی لڑکی بازیاب کرانے پر پولیس نے رشتے داروں ہی کو گرفتار کر لیا، نارووال کی رہایشی افشاں کو رشتہ داروں نے فحاشی کے اڈے سے بازیاب کرایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے اپنی روایتی کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے ملزمان کو پکڑنے کی بجائے بے گناہوں کو دھر لیا ہے، سکھر میں رشتہ داروں نے ایک ماہ سے اغوا شدہ لڑکی بازیاب کرائی تو پولیس نے انھیں ہی گرفتار کر لیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ لڑکی کو بازیاب کرانے پر فحاشی کے اڈے کی مالکن نے پولیس بلا لی تھی، پولیس نے مظلوم لڑکی کو تحفظ دینے کی بہ جائے اس کے رشتہ داروں کو گرفتار کر لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیرپورسے مبینہ طور پراغوا ہونے والی ہندو لڑکی بازیاب

    رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ افشاں کوایک ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا، اغوا کا مقدمہ بھی پنجاب کے شہر نارووال میں درج کیا جا چکا ہے۔

    رشتہ داروں نے بتایا کہ لڑکی کے والدین کو سکھر میں فحاشی کے اڈے پر بیٹی کی موجودگی کی اطلاع ملی، تاہم والدین بوڑھے ہونے کے باعث لڑکی کو خالو اور دیگر رشتہ داروں نے بازیاب کروایا۔

    ادھر پولیس کا مؤقف ہے کہ تھانے میں اغوا کی اطلاع آئی تھی جس پر کچھ لوگوں کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کا بیان لیا جا رہا ہے، جس کی تصدیق بھی کی جائے گی۔

  • کراچی میں بچیوں کے اغوا میں ملوث نئے گینگ کا انکشاف

    کراچی میں بچیوں کے اغوا میں ملوث نئے گینگ کا انکشاف

    کراچی: شہرِ قائد میں کم عمر بچیوں کے اغوا میں ملوث ایک نئے بین الاقوامی گینگ کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک ایسے گینگ کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جو کم سن بچیوں کو اغوا کر کے ملک سے باہر اسمگل کرتا ہے۔

    گینگ کا پردہ اس وقت فاش ہوا جب ایف بی صنعتی ایریا پولیس کے ہاتھوں گرفتار ایک کارندے سے تفتیش کی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم امین اللہ ایف بی ایریا تھانے کی حدود سے 7 سال کی بچی اغوا کر کے لے جا رہا تھا، پولیس نے علاقہ مکین کی مدد سے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بچوں کے اغوا کی افواہیں پھیلانے میں ایک سیاسی جماعت ملوث ہے، پولیس کا انکشاف

    ملزم کے بارے میں پولیس نے مزید بتایا کہ وہ 7 سال اور اس سے کم عمر کی بچیوں کو اغوا کرتا ہے، اور پھر مغوی بچی کو اغوا کاروں کے بین الاقوامی گینگ کو فروخت کر دیتا ہے۔

    پولیس کے مطابق اغوا کاروں کا بین الاقوامی گینگ بچیوں کو افغانستان منتقل کرتا ہے، بچیوں کو افغانستان میں لے جانے کے بعد ان کے اہل خانہ سے تاوان مانگا جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل کراچی میں بچوں کے اغوا کی بڑھتی وارداتوں کے سلسلے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے کہا تھا کہ ان میں زیادہ تر محض افواہیں ہیں، جس میں ایک سیاسی جماعت ملوث ہے، تاکہ شہر میں خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔