اٹک: 11 سالہ بچے کو 8 لاکھ تاوان کے لیے اغوا کرنے والے میاں بیوی کو سزا مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق اٹک کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اغوا کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا، گیارہ سال کے بچے عمیر علی کو اغوا کرنے والے میاں بیوی کو سزا سنا دی۔
اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق عدالت نے میاں بیوی سمیت 7 ملزمان کو 2،2 بار عمر قید کی سزا کا حکم سنایا، ملزمان کی تمام جائیدادیں بھی بہ حق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں ملزمان نے مرزا گاؤں سے 11 سالہ بچے عمیر علی کو اغوا کیا تھا، بچے کے اہل خانہ نے 8 لاکھ روپے تاوان بھی ادا کر دیا تھا، تاہم پولیس نے پھرتی دکھاتے ہوئے ملزمان کو 24 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا تھا، ملزمان سے تاوان کے 8 لاکھ روپے بھی برآمد کیے گئے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید شہزاد ندیم بخاری نے بچے کی بازیابی کے لیے سی آئی اے، آئی ٹی لیب ٹیم اور ایلیٹ فورس پر مشتمل ٹیم تشکیل دی تھی، جس نے کام یاب کارروائی کرتے ہوئے بچے کو اغوا کاروں کے چنگل سے جلد اور بہ حفاظت بازیاب کرا لیا۔
بچے کے اغوا کی واردات کی رپورٹ مرزا گاؤں کے تھانے میں بچے کے والد فرخ سلطان کی مدعیت میں درج کرائی گئی تھی۔