Tag: اغوا

  • خاتون کی ایک ہی روز میں 2 بچے اغوا کرنے کی کوششیں کیمرے میں ریکارڈ

    خاتون کی ایک ہی روز میں 2 بچے اغوا کرنے کی کوششیں کیمرے میں ریکارڈ

    امریکی شہر لاس اینجلس میں پولیس نے ایک اغوا کار خاتون کی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کرتے ہوئے عوام سے اس کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق لاس اینجلس پولیس نے ایک اغوا کار خاتون کی 2 سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کی ہیں جن میں وہ بچے اغوا کرنے کی ناکام کوشش کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

    دونوں ویڈیوز 18 اکتوبر کی ہیں، پہلی ویڈیو ایک مقامی ریستوران کی ہے جہاں ملزمہ گاڑی کے قریب کھڑی بچے کو گود میں اٹھائے ایک عورت کے پاس جاتی ہے، اور اس سے مطالبہ کرتی ہے بچہ اس کے حوالے کردو۔

    ملزمہ کہتی ہے کہ مذکورہ 1 سالہ بچہ اس کا بھائی ہے جو اس کے حوالے کردیا جائے، بچے کو گود میں اٹھائے عورت وہاں سے دور ہٹتی ہے تو ملزمہ پیچھے سے بچے کو چھیننے کی کوشش بھی کرتی ہے۔

    اسی دوران ایک راہگیر قریب آکر ملزمہ کو وہاں سے دور بھگانے کی کوشش کرتا ہے جس کے بعد وہ وہاں سے چلی جاتی ہے۔

    بعد ازاں اسی روز وہ ایک رہائشی علاقے سے گزرتے ہوئے ایک گھر کے قریب رکتی ہے، گھر کے بیرونی حصے میں کئی بچے کھیل رہے ہیں، ملزمہ ان میں سے ایک 5 سالہ بچے کو اٹھا کر فرار ہونے کی کوشش کرتی ہے تاہم گھر والوں کی بروقت کارروائی سے اپنے مقصد میں ناکام رہتی ہے۔

    واقعے کے بعد اغوا کار خاتون فرار ہوگئی اور تاحال پولیس اسے پکڑنے میں ناکام ہے، پولیس نے ملزمہ کی فوٹیجز جاری کر کے عوام سے اس کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • والدین کے سامنے دیدہ دلیری سے بچہ اغوا کرنے کی کوشش ناکام

    والدین کے سامنے دیدہ دلیری سے بچہ اغوا کرنے کی کوشش ناکام

    امریکا میں نشے میں دھت ایک شخص نے نہایت دیدہ دلیری سے والدین کے سامنے ایک 2 سالہ بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کی، ماں نے پھرتی دکھا کر ملزم کو پکڑ لیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کی سان ڈیاگو کاؤنٹی میں پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس نے جاری کردی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی میں بیٹھی خاتون گاڑی کو ریورس کر رہی ہیں، اسی دوران ایک شخص گاڑی کی طرف بڑھتا ہے اور بغیر کسی خوف کے پچھلا دروازہ کھول کر اندر موجود 2 سالہ بچے کو اٹھانے کی کوشش کرتا ہے۔

    دروازہ کھلتے ہی اگلی سیٹ سے ماں بھی اترتی ہے اور مذکورہ شخص کو دھکے دے کر شور کرنے لگتی ہے۔

    تھوڑی دیر بعد بچے کا باپ بھی گاڑی سے اترتا ہے اور ملزم کی طرف دوڑتا ہے، عینی شاہدین کے مطابق باپ نے مذکورہ شخص سے ہاتھا پائی بھی کی۔

    اس موقع پر ہجوم جمع ہوگیا جنہوں نے بچے کے باپ اور اغوا کار کو ایک دوسرے سے علیحدہ کیا اور پولیس کے آنے تک ملزم کو پکڑے رکھا۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر 37 سالہ شخص کو حراست میں لے لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کسی نشہ آور شے کے زیر اثر لگ رہا تھا، اس پر اقدام اغوا کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔

  • گاڑی ٹرائی کرنے والا گاڑی لے کر فرار!

    گاڑی ٹرائی کرنے والا گاڑی لے کر فرار!

    امریکی ریاست یوٹاہ میں ایک شخص نے ڈیلر شپ سے گاڑی لے کر اسی گاڑی میں سیلز مین کو اغوا کرلیا، پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    یوٹاہ پولیس کا کہنا ہے کہ 43 سالہ گبسن نامی شخص نے ٹیسٹ ڈرائیو کے لیے لی گئی گاڑی واپس دینے سے انکار کردیا تھا اور خطرناک اسپیڈ پر گاڑی چلائی۔

    مذکورہ شخص ڈیلر شپ (نئی اور پرانی گاڑیوں کی خرید و فروخت کا مرکز) سے گاڑی لے کر اس کی ٹیسٹ ڈرائیو کر رہا تھا اور گاڑی میں اس کے ساتھ سیلز ایسوسی ایٹ بھی موجود تھا۔

    گاڑی کچھ دور چلانے کے بعد سیلز مین نے کہا کہ گاڑی کو واپس موڑ لیا جائے تاہم گبسن نے گاڑی واپس لے جانے سے انکار کردیا۔

    جب سیلز مین 911 کو فون کر رہا تھا تب اس نے 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی بھگائی اور اس دوران اونچی آواز میں میوزک بھی چلا دیا۔

    بعد میں گبسن نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ گاڑی روکنے سے خوفزدہ تھا کیونکہ سیلز مین اس پر زور زور سے چلا رہا تھا اور اسٹیئرنگ کے ساتھ بھی زور آزمائی کر رہا تھا۔

    پولیس نے گبسن پر اغوا کا الزام عائد کر کے اسے حراست میں لے لیا ہے۔

  • بہادر ماں کی بچے کو اغوا کاروں سے بچانے کے لیے سر توڑ کوشش

    بہادر ماں کی بچے کو اغوا کاروں سے بچانے کے لیے سر توڑ کوشش

    امریکا میں ایک بہادر ماں اغوا کاروں سے اپنے بچے کو بچانے کے لیے ان سے مقابلے پر اتر آئی تاہم اغوا کار اپنے مقصد میں کامیاب رہے۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست جارجیا میں پیش آیا جہاں بچے کے اغوا کے بعد بچوں کے حوالے سے امبر الرٹ جاری کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ماں اپنے ایک 1 سالہ بیٹے کے ساتھ گھر کے قریب چہل قدمی کر رہی تھی جب ایک گاڑی سے ایک مشکوک شخص اترا اور اس نے ماں پر بندوق تان لی۔

    ماں نے سخت مزاحمت کی اور اس دوران مبینہ اغوا کار سے بندوق چھین لی اور فائر کیا تاہم اغوا کار اس سے بچنے میں کامیاب ہوگیا۔ اسی ہاتھا پائی کے دوران گاڑی سے دوسرا ملزم نکلا اور بچے کو اس کے اسٹرولر سے اٹھا کر گاڑی میں بیٹھ گیا۔

    پہلا ملزم بھی ماں سے ہاتھا پائی چھوڑ کر گاڑی میں بیٹھا اور دونوں بچے سمیت رفو چکر ہوگئے۔ اس دوران حملہ آور کا جوتا اتر کر وہیں رہ گیا تھا جس کی تصویر پولیس کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شیئر کی گئی۔

    پولیس نے اطلاع ملتے ہی کارروائی شروع کردی، تلاش اور تفتیش کے نتیجے میں صرف چند گھنٹے بعد ہی پولیس ملزمان کو پکڑنے میں کامیاب رہی۔بچے کو بحفاظت اس کی والدہ تک پہنچا دیا گیا۔

  • فیصل آباد: اسپتال سے نومولود بچی اغوا، 2 سیکورٹی گارڈ زیر حراست

    فیصل آباد: اسپتال سے نومولود بچی اغوا، 2 سیکورٹی گارڈ زیر حراست

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں اسپتال سے نومولود بچی کے اغوا کی تفتیش کے لیے دو سیکورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال سے 4 روز قبل اغوا کی جانے والی نومولو بچی کی پوچھ گچھ کے لیے پولیس نے دو سیکورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گیٹ پر تعینات سیکورٹی گارڈز کو اغوا کار خاتون سے بات کرتے دیکھا گیا۔

    دوسری جانب سیکورٹی گارڈز کی گرفتاری پر درجہ چہارم کے ملازمین نے احتجاج کیا اور اسپتال میں کام بند کر دیا۔

    فیصل آباد: اسپتال سے نومولود بچی پراسرار طور پر لاپتہ

    یاد رہے کہ 18 اگست کو فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال سے پیدائش کے چند گھنٹے بعد ہی نومولود بچی کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ مغوی بچی کی پھوپھی نےخفیہ کیمرے کی ریکارڈنگ میں ملزمہ کو پہچان لیا تھا۔

    اسپتال انتظامیہ کو ملنے والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ اغوا کار خاتون چادر پہنی ہوئی تھی جس نے لیبر روم سے بچی کو گود میں اٹھایا اور پھر وہ اسپتال سے فرار ہوگئی۔

  • امریکی خاتون کی پڑوسی کے گھر میں داخل ہو کر بچہ اغوا کرنے کی کوشش

    امریکی خاتون کی پڑوسی کے گھر میں داخل ہو کر بچہ اغوا کرنے کی کوشش

    امریکا میں ایک خاتون رات کے 2 بجے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ کر پڑوسی کے بچے کو اغوا کرنے پہنچیں، پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا جہاں 28 سالہ ہنا برن رات کے 2 بجے پڑوسی کے گھر پہنچیں۔

    گھر کے افراد کے مطابق ہنا ان کے گھر میں داخل ہوئی اور 9 ماہ کے بچے کو اس کی ماں کے ہاتھ سے چھیننے کی کوشش کرنے لگی۔ اس کھینچا تانی کے دوران بچے کے والدین نے پولیس کو طلب کرلیا۔

    پولیس کے پہنچنے پر ایک اور پڑوسی نے بتایا کہ ہنا کچھ عرصہ قبل ان کے گھر میں بھی داخل ہو کر ایسی ہی حرکت کرچکی ہے۔ مذکورہ پڑوسی کے مطابق ہنا نے ان کے 1 سالہ پوتے کو اسی طرح اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔

    پولیس نے ہنا کا گھر چیک کیا تو وہاں بھی 2 بچے موجود تھے، ہنا سے ان کا رشتہ فی الحال معلوم نہیں ہوا۔

    تاحال ہنا کی اس کوشش کا مقصد معلوم نہیں ہوسکا، پولیس نے ہنا کو اغوا کی کوشش کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے۔

  • دن دہاڑے بچے کو اغوا کرنے والی خاتون گرفتار

    دن دہاڑے بچے کو اغوا کرنے والی خاتون گرفتار

    چین میں دن دہاڑے بچے کو اغوا کرنے والی خاتون پولیس کی گرفت میں آگئی، پولیس نے صرف 3 گھنٹے کے اندر اغوا شدہ بچے کو بازیاب کروا لیا۔

    مذکورہ واقعہ چین کے جنوبی صوبے میں پیش آیا جہاں ایک خاتون دن دہاڑے ایک بچے کو اٹھا کر آرام سے چلتی بنی۔

    بچے کے والدین کے مطابق بچہ اور اس کا چھوٹا بھائی اپنے دادا کے ساتھ کھیلنے کے لیے باہر نکلے تھے، دادا چھوٹے بچے کو دیکھ رہے تھے جب بڑا بچہ ان کی نظر سے دور ہوگیا اور سڑک پر چلنے لگا۔

    بچے کی گمشدگی کے بعد والدین نے پولیس کو اطلاع دی تو پولیس فوراً حرکت میں آئی، سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا کہ سڑک پر ایک خاتون نے بچے سے نہایت مشفقانہ انداز میں بات کی جس کے بعد بچہ ان کے پیچھے پیچھے چلنے لگا۔

    بعد ازاں خاتون نے بچے کو گود میں اٹھایا اور کچھ دور چلنے کے بعد بس میں سوار ہوگئیں۔ بس میں وہ بچے کے گھر سے 139 کلو میٹر دور دوسرے علاقے میں پہنچیں۔

    پولیس یہ تمام تفتیش کرنے کے بعد صرف 3 گھنٹے کے اندر اس گھر تک پہنچ گئی جہاں وہ خاتون اس بچے کو لے کر پہنچی تھی، پولیس کو شبہ ہے کہ مذکورہ خاتون بچوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہوسکتی ہیں۔

    بچے کو بحفاظت والدین تک پہنچا دیا گیا جبکہ خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔

  • پارک سے بچہ اغوا کرنے والا رنگے ہاتھوں گرفتار، ویڈیو دیکھیں

    پارک سے بچہ اغوا کرنے والا رنگے ہاتھوں گرفتار، ویڈیو دیکھیں

    برلن: جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک پارک سے بچہ چراتے ہوئے ایک شخص رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برلن میں ایک شخص 2 سالہ بچی کو پلے پارک سے اٹھا کر لے جا رہا تھا کہ کیمرے میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، بچی کی ماں نے اس کی مشکوک حرکتوں کی وجہ سے اس کا تعاقب کیا لیکن اسے نہ پکڑ سکی۔

    چوالیس سالہ لمبے قد کے آدمی نے بچی اس وقت اٹھائی جب اس کی ماں دوسروں کے ساتھ باتوں میں مصروف تھی، مشتبہ شخص نے بچی کو اٹھا کر کندھوں پر بٹھایا اور پارک سے آسانی سے نکل جاتا اگر اس کی ماں نے اس کی مشکوک حرکات نوٹ نہ کی ہوتیں۔

    ستائیس سالہ ماں نے مشتبہ شخص کا تعاقب کیا لیکن اس کی تیز رفتاری کا ساتھ نہ دے سکی، جس پر اس نے ایک کھوکھے والے سے مدد مانگی، جس پر چوالیس سالہ کھوکھا مالک زوران زی نے مشتبہ شخص کا تعاقب کر کے اسے پکڑ لیا۔

    زوران زی نے مشتبہ شخص سے پوچھا کہ کیا وہ اس کی بیٹی ہے، اس نے جواب دیا کہ یہ میری بچی نہیں تاہم مجھے بچے بہت پسند ہیں۔

    بعد ازاں، مشتبہ شخص کو پولیس کے حوالے کیا گیا تاہم پولیس نے بعد میں اسے یہ کہہ کر رہا کر دیا کہ گرفتاری کے وارنٹ کے لیے شرائط ناکافی ہیں، پولیس نے مشتبہ شخص کو چھوڑنے کے بعد بچی کے والدین کو مطمئن کرنے کے لیے ٹویٹر پر ایک پوسٹ کے ذریعے کہا کہ کیس میں نہ تو جنسی محرکات یا بدنیتی کے ارادے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ برلن میں اب کسی پلے گراؤنڈ میں جانا معمول سے زیادہ خطرناک نہیں رہا ہے، تاہم دوسری طرف بچی کے والدین ایک ایسے شخص کی رہائی پر تحفظات کا اظہار کیا جسے ایک بچی اٹھاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔

  • پولیس کی بروقت کارروائی، کورنگی کراچی کی مغوی بچی بازیاب

    پولیس کی بروقت کارروائی، کورنگی کراچی کی مغوی بچی بازیاب

    کراچی: پولیس کی بروقت کارروائی میں کورنگی کراچی کی مغوی بچی بازیاب کرا لی گئی، واردات میں ملوث 3 اغوا کار بھی گرفتار کر لیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی سیکٹر51 بی سے 5 سالہ بچی اغوا کی گئی تھی، جسے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 12 گھنٹے بعد بازیاب کر لیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ بچی کے اغوا میں ملوث تینوں اغوا کاروں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ قبل ازیں بچی کے لاپتا ہونے کا مقدمہ زمان ٹاؤن تھانے میں ماموں کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

    ایف آئی آر کے مطابق بچی صبح دیگر بچوں کے ساتھ گھر کے باہر کھیل رہی تھی، اس دوران وہ اغوا کر لی گئی، صبح سے سارا دن بچی کو تلاش کیا گیا لیکن کچھ پتا نہیں چلا۔ بچی کے اہل خانہ نے پولیس کو موقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی فراہم کی، جس میں ایک شخص کو بچی کے پاس کھڑے اور پھر اس کے پیچھے جاتے دیکھا گیا۔

    کراچی، رینجرز اور ایس آئی یو کی مشترکہ کارروائی، مغوی بازیاب، 4 اغوا کار گرفتار

    بعد ازاں، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ویڈیو والے شخص کی تلاش شروع کر دی، پولیس بارہ گھنٹوں بعد ہی اغوا کاروں تک پہنچ گئی اور بچی کو بازیاب کرا لیا گیا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل ایس آئی یو نے کراچی میں ایک کارروائی میں محمود آباد کے علاقے سے اغوا ہونے والے شہری غلام شبیر کو بازیاب کرایا تھا، اور 4 اغوا کاروں کو گرفتار کیا گیا تھا، مغوی کو 27 اپریل کو اٹھایا گیا تھا۔ ملزمان نے مغوی کی رہائی کے لیے 5 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

  • دعا منگی اور بسمہ اغوا کیس میں بڑی کامیابی، اہم ملزم گرفتار

    دعا منگی اور بسمہ اغوا کیس میں بڑی کامیابی، اہم ملزم گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں اغوا ہونے والی لڑکیوں دعا منگی اور بسمہ کے کیس میں تفتیشی اداروں نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسلام آباد سے اغوا کار گینگ کا اہم ملزم گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے شہر قائد میں اغوا کے واقعات میں ملوث گینگ کا سراغ لگا کر اہم ملزم کو گرفتار کر لیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ ملزم کو تکینکی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

    ذرایع نے بتایا کہ گرفتار ملزم مظفر بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ملزم کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا، مظفر کا تعلق قوم پرست جماعت سے ہے، گرفتار ملزم کا اغوا کی دونوں وارداتوں میں اہم کردار رہا ہے۔

    دعا منگی اور بسمہ اغوا کیس، تحقیقاتی اداروں کو کامیابیاں ملنے لگیں

    ذرایع نے مزید بتایا کہ تفتیشی ادارے نے کلفٹن کے علاقے میں گھر پر چھاپا مارا تھا، چھاپے کے دوران اہم سراغ ملے جن سے ملزم مظفر کا پتا چلا، جس کے بعد ملزم کو تفتیشی ادارے نے 2 ماہ سے آبزرویشن پر رکھا ہوا تھا، گرفتار ملزم نے دونوں اغوا کی وارداتوں میں تاوان لینے کا بھی اعتراف کیا۔

    تفتیشی ادارے ملزم مظفر کو کراچی منتقل کر رہے ہیں، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات تفتیشی ادارے کی تحویل میں، ملزم سے تفتیش کے بعد مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔ دریں اثنا، اب سے کچھ دیر بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی ممکنہ طور پر ملزمان کی گرفتاری سے متعلق پریس کانفرنس کریں گے۔