Tag: افریقا

  • کھلے جنگل میں درندے کو پیار کرنے کا بھیانک انجام، ویڈیو وائرل

    کھلے جنگل میں درندے کو پیار کرنے کا بھیانک انجام، ویڈیو وائرل

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا کے کھلے جنگل میں ایک شخص کو درندے کو پیار کرنے کی کوشش نہایت مہنگی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے ایک وائلڈ لائف پارک کے اندر درندے کو پیار کرنے کا بھیانک انجام نکل آیا، ایک شخص نے شیرنی کے سر پر پیار سے سہلانا چاہا اور پھر وہ ہوا جس کا اس نے سوچا بھی نہیں تھا۔

    جب پیٹر نامی شخص وائلڈ پارک میں شیرنی کے سر پر پیار سے ہاتھ پھیر رہا تھا، تو اس وقت اس کی بیوی اس منظر کو موبائل کیمرے میں قید کر رہی تھی، لیکن پھر جو ہوا، اسے دیکھ کر بیوی کی بھی چیخیں نکل گئیں۔

    اکثر لوگ جانوروں کو پیار کرتے ہیں، لیکن کچھ لوگ جنگلی درندوں کو بھی پیار کرنے کی جرات کر لیتے ہیں، ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص شیر کے سر پر مزے سے ہاتھ پھیر رہا ہے۔

    پیٹر نامی شخص نے وائلڈ لائف پارک میں لوہے کی باریک جالی میں ہاتھ ڈال کر شیر کے سر پر ہاتھ پھیرنا شروع کیا، شیر کو شاید انسان کے ہاتھ کا لمس اچھا لگا، اس لیے اس نے کچھ نہیں کہا، لیکن پھر وہاں شیرنی آ گئی، پیٹر نے اس کے بعد شیرنی کے سر پر بھی ہاتھ پھیرنے کی کوشش کی۔

    لیکن پیٹر کو ایسا کرنا بہت ہی مہنگا پڑ گیا، شیرنی نے ایک دم سے پیار کے لیے بڑھنے والا اس کا ہاتھ جبڑوں میں جکڑ لیا اور اسے بھنبھوڑنے لگی، اس منظر کی موبائل سے ویڈیو بنانے والی بیوی کے ہاتھوں کے طوطے بھی اڑ گئے اور وہ ویڈیو بنانا بھول گئی اور چیخنے چلانے لگی۔

    پیٹر نے جلدی سے جال پکڑ کر اپنا ہاتھ شیرنی کے منہ نکالنے کی جدوجہد شروع کی اور یہ اس کی خوش قسمتی کہ جلد ہی اس کا ہاتھ شیرنی کے جبڑوں سے آزاد ہو گیا لیکن ذرا دیر میں وہ لہو لہان ہو چکا تھا۔

    واقعے کے بعد پیٹر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔

  • افریقی محقق کا کرونا ویکسین کے حصول سے متعلق اہم اعلان

    افریقی محقق کا کرونا ویکسین کے حصول سے متعلق اہم اعلان

    جوہانسبرگ: جنوبی افریقی محقق نے کہا ہے کہ افریقا اگلے برس کی پہلی سہ ماہی میں کرونا ویکسین کا حامل ہو سکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقی یونی ورسٹی وِٹ واٹرز رینڈ کے پروفیسر شبیر مضی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا اگر کرونا ویکسین کے جاری انسانی آزمائش میں کامیاب ہو گیا تو اگلے برس 2021 کے پہلے تین ماہ میں افریقا کے پاس ویکسین موجود ہوگی۔

    جنوبی افریقا میں تیار کی جانے والی ویکسین ChAdOx1 nCoV-19 ان 19 ویکسینز میں سے ایک ہے، انسانوں پر جن کی آزمائش اس وقت دنیا کے مختلف ممالک میں جاری ہے، تاہم یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ اس دوڑ میں کون سب سے پہلے کرونا ویکسین حاصل کر لے گا۔

    مذکورہ ویکسین کو برازیل میں بھی آکسفرڈ یونی ورسٹی کے سائنس دانوں کے ذریعے ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، یہ سائنس دان برطانوی دوا ساز کمپنی آسترا زینیکا کے ساتھ مل کر ویکسین کی تیاری پر کام کر رہے ہیں۔

    کرونا ویکسین بنانے والوں کو غیر متوقع چیلنجز کا سامنا

    جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ میں قائم وِٹ واٹرز رینڈ یونی ورسٹی میں ویکسینالوجی کے پروفیسر اور ویکسین کی تیاری کے منصوبے کے سربراہ شبیر مضی نے بتایا کہ افریقا میں اگلے برس کے شروع میں ایک ویکسین تجارتی سطح پر آ سکتی ہے، لیکن اس کا مکمل انحصار کلینیکل ٹرائلز کے نتائج پر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جن 19 ویکسینز کی انسانوں پر آزمائش جاری ہے، ان میں سے اگر صرف 2 بھی کامیاب رہیں تو یہ نہایت مثبت نتیجہ ہوگا۔

    شبیر مضی نے کہا کہ انسانوں پر آزمائش کا انحصار ان 18 سے 65 برس عمر کے 2 ہزار رضاکاروں پر ہے جنھیں ویکسی نیشن کے بعد 12 ماہ تک نگرانی میں رکھا جائے گا، ابتدائی نتائج رواں برس نومبر یا دسمبر میں متوقع ہیں، ویکسین کی افادیت اس وقت تسلیم کی جائے گی جب ہمارے پاس ٹیکے لگانے کے ایک ماہ بعد اندازے کے مطابق صرف 42 کو وِڈ 19 کیسز ہوں۔

    شبیر مضی کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ 25 سال سے افریقی مینوفیکچررز نے کوئی بھی ایک ویکسین تک نہیں تیار کی۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقا میں اب تک کرونا وائرس انفیکشن سے 3,720 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 2 لاکھ 38 ہزار کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

  • نائجیریا کے شمال مغربی حصے میں حملہ، 47 افراد ہلاک

    نائجیریا کے شمال مغربی حصے میں حملہ، 47 افراد ہلاک

    نائجیریا: افریقی ملک نائجیریا میں مسلح ڈاکوؤں نے ایک گاؤں پر حملہ کر کے 47 افراد کو گولیوں سے بھون دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہفتے کی صبح نائجیریا کی شمال مغربی ریاست کٹسینا کے ایک گاؤں میں مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کر کے 47 افراد کو ہلاک کر دیا۔

    کٹسینا پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ 300 سے زائد مبینہ ڈاکوؤں نے کیا، یہ حملہ غذائی اجناس چوری کرنے کے لیے کیا گیا تھا، جو حکومت نے کٹسینا کے علاقے میں تقسیم کی تھی۔

    واقعے کے بعد پولیس، نائجیرین آرمی، ایئر فورس اور سول ڈیفنس کے اہل کار علاقے میں بھیجے گئے، پولیس ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لیے جنگل میں کومبنگ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق حکومت نے کرونا وائرس لاک ڈاؤن میں مقامی افراد کی مدد کے لیے ریلیف کا سامان پہنچایا تھا، ڈاکوؤں نے گاؤں والوں سے اس سامان کا مطالبہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ شمال مغربی نائجیریا میں گزشتہ ایک برس میں جرائم پیشہ گروہوں کے ہاتھوں سیکڑوں لوگ ڈکیتیوں کے دوران یا اغوا کر کے ہلاک کیے جا چکے ہیں، افریقا کے اس گنجان آباد ملک میں ایسے حملے سیکورٹی چیلنج بن چکے ہیں، کیوں کہ سیکورٹی فورسز بوکو حرام کے حملوں سے بھی نمٹ رہی ہیں۔

  • پاکستان کا افریقا سے موجودہ تجارتی حجم 4.28 ارب ڈالر سالانہ ہے، عبدالرزاق داؤد

    پاکستان کا افریقا سے موجودہ تجارتی حجم 4.28 ارب ڈالر سالانہ ہے، عبدالرزاق داؤد

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان کا افریقا سے موجودہ تجارتی حجم 4.28 ارب ڈالر سالانہ ہے، حکومتی پالیسی سے افریقا سے تجارتی حجم 6 سال میں دوگنا ہو جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد نے افریقی ممالک کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سے پاکستان،افریقا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    رزاق داؤد نے کہا کہ افریقا کو چاول، انجینئرنگ، فوڈز، بجلی کے آلات برآمد کیے جاسکتے ہیں، دوا سازی، کھیلوں کا سامان، سرجیکل آلات، کٹلری کی برآمد ممکن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی سے افریقا سے تجارتی حجم 6 سال میں دوگنا ہوجائے گا، پاکستان کا افریقاسے موجودہ تجارتی حجم 4.28 ارب ڈالر سالانہ ہے۔

    افریقہ مستقبل کا برصغیر ثابت ہوگا، وزیرخارجہ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت خارجہ میں افریقی ممالک کی 2 روزہ سفرا کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افریقی ملکو ں کی شرح نموں میں اضافہ ہو رہا ہے، افریقہ مستقبل کا برصغیر ثابت ہوگا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افریقہ کا 2 ٹریلین ڈالر سے زائد کا جی ڈی پی ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ افریقی ممالک سے حکومتی، عوامی رابطوں کے فروغ کی ضرورت ہے۔

  • مالی میں چیک پوسٹ پر حملہ میں 53 فوجی ہلاک

    مالی میں چیک پوسٹ پر حملہ میں 53 فوجی ہلاک

    افریقی ملک مالی میں چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کے حملے میں 53 فوجی ہلاک ہوگئے تاہم اب تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی.

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے نائجر سرحد کے قریب میناکا ریجن میں واقع ملکی سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 53 فوجی مارے گئے۔

    اس حملے کو مالی کی تاریخ میں رواں دہائی کا سب سے خونریز واقعہ قرار دیا گیا ہے جب کہ فوج نے اپنی ٹوئٹ کہا ہے کہ یہ دہشتگردانہ حملہ ہے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ حملے میں 10 افراد معجرانہ طور پر محفوظ رہے ہیں اور انہیں بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے تاہم اب تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    حملے کے بعد مذکورہ ریجن میں سیکورٹی فورسز کے اضافی دستے تعینات کردیے گئے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    مالی میں پرتشدد واقعہ کا سلسلہ 2012 سے اس وقت شروع ہوا جب شدت پسند تنظیم نے فرانس کی مدد سے ملک کے شمالی حصے پر قبضہ کرلیا تاہم ملکی افواج نے شدت پسندوں سے علاقے کا قبضہ چھڑوا کر کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔

    رواں سال ستمبر کے آخر میں اسی طرح کے ایک حملے میں 38 فوجی ہلاک ہوگئے تھے، حملہ آوروں نے دو فوجی کیمپس پر دھاوا بول کر وہاں موجود فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتارا تھا۔

  • مالی: شکاری قبیلے کا گاؤں پر حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 134 ہو گئی

    مالی: شکاری قبیلے کا گاؤں پر حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 134 ہو گئی

    بماکو: خود کو روایتی شکاری کہلوانے والے مسلح افراد کے ایک گروہ نے مغربی افریقی ملک مالی کے ایک گاؤں پر حملہ کر کے 134 افراد کو تہہ تیغ کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز وسطی مالی کے گاؤں پر ڈوگن ہنٹرز نے حملہ کر کے 134 فولانی چرواہوں کو قتل کر دیا، کہا جا رہا ہے کہ مسلم نسلی گروپ فولانی اور ڈوگن قبائل میں برسوں سے نسلی فسادات ہوتے آ رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش کے نمائندے فرحان حق کا کہنا ہے کہ گاؤں اوگوساگو میں حاملہ خواتین اور بچوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلح افراد نے ہفتے کے دن صبح کے وقت حملے سے قبل گاؤں کا محاصرہ کیا، شکاریوں نے گاؤں میں فولانی نسلی کمیونٹی کو نشانہ بنایا جن پر الزام لگایا گیا کہ ان کے جہادیوں سے تعلقات ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیوزی لینڈ میں اسکارف کی مانگ بڑھ گئی، پارک میں 15 ہزار افراد کا مسلمانوں سے اظہارِ یک جہتی

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گاؤں والوں کو آتشیں ہتھیار اور ماچس سے نشانہ بنایا گیا، گاؤں کے تمام جھونپڑے بھی جلائے گئے۔

    قریبی گاؤں کے میئر نے واقعے کو قتل عام کا واقعہ قرار دیا، دوسری طرف یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ڈوگن اور نیم خانہ بدوش فولانی چرواہوں کے مابین تصادم پانی اور زمین پر بھی ہو سکتا ہے۔

    تاہم ڈوگن قبیلے کا الزام ہے کہ فولانیوں کا جہادی گروپس کے ساتھ تعلق ہے، جب کہ فولانیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مالی کی فوج نے شکاریوں کو حملے کے لیے اسلحہ فراہم کیا۔

  • افریقا میں طوفان، ہلاکتوں کی تعداد 700 سے بڑھ گئی

    افریقا میں طوفان، ہلاکتوں کی تعداد 700 سے بڑھ گئی

    موزمبیق: افریقا میں طوفان اڈائی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، طوفان کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 700 سے بڑھ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقا میں طوفان اڈائی کی تباہی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سات سو تک پہنچ گئی ہے، موزمبیق میں ہلاکتوں کی تعداد چار سو سے بڑھ گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افریقی ملک زمبابوے میں 260 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ملاوی میں 60 کے لگ بھگ اموات ہوئیں۔

    مجموعی طور پر موزمبیق، زمبابوے اور ملاوی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات سے متجاوز ہو چکی ہے، مزید اموات کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، طوفان کی وجہ سے متعدد شہروں میں درجنوں افراد لاپتا ہیں۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ قبل آنے والے تباہ کن طوفان میں مرنے والوں کی اصل تعداد کا پتا تب چلے گا جب سارا پانی نکل جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  افریقا میں فوجی بغاوت ناکام، صورتحال قابو میں ہے، حکومت

    کہا جا رہا ہے کہ طوفان کے باعث جنوبی افریقا میں 17 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں، بجلی غائب ہے، گلیوں اور راستوں میں پانی بہہ رہا ہے، گھر بہہ چکے ہیں جب کہ سڑکیں بری طرح تباہ ہو چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ 14 مارچ کو طوفان اڈائی پانچ لاکھ افراد پر مشتمل ایک شہر بیرا کے قریب 177 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ اترا تھا۔

    ایک اندازے کے مطابق 90 ہزار موزمبیقی باشندے عارضی مقامات پر پناہ گزیں ہو چکے ہیں، جب کہ ہزاروں دیگر تا حال سیلابی پانیوں میں گھرے ہوئے ہیں۔