Tag: افزائش نسل

  • پاکستان کا نایاب پرندہ گدھ سال میں کتنے انڈے دیتا ہے؟ حیرت انگیز رپورٹ

    پاکستان کا نایاب پرندہ گدھ سال میں کتنے انڈے دیتا ہے؟ حیرت انگیز رپورٹ

    لاہور : پاکستان میں گدھ نایاب ہوگئے جن کی افزائش کیلئے چھانگا مانگا مینں ایک خصوصی والچر ہاؤس تعمیر کیا گیا ہے۔

    یہ پرندہ اپنی بقا کے مسئلے سے دوچار ہے، محکمہ جنگلی حیات نے نایاب گدھ ریسکیو کرکے ان کی افزائش نسل کیلئے چھانگا مانگا کے جنگل میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کے تعاون سے بحالی سنٹر قائم کیا گیا ہے۔

    خصوصی والچر ہاؤس پر جنگلی حیات کے ماہرین کی زیر نگرانی گدھ کی افزائش نسل کی کوششیں جاری و ساری ہیں۔

    ابتدائی طور پر یہاں 8 گدھ لائے گئے تھے جو اب تک 35 ہوگئے ہیں، اس پرندے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی مادہ سال میں صرف ایک انڈہ دیتی ہے جس کی وجہ سے اس کی افزائش میں تیزی نہیں ہے۔

    اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ گِدھوں کی کمی سے ماحول خراب ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ مردار جانوروں کو ختم کرنے میں یہ اہم، کردار ادا کرتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز چھانگا مانگا صابر چوہدری کی رپورٹ کے مطابق ماحول دوست گدھ نامی پرندے کی نسل تشویشناک حد تک کم ہورہی ہے، جس کی بڑی وجہ جانوروں کو دی جانے والی ادویات ہیں۔

  • شتر مرغ کی افزائش نسل کو سندھ میں فارمنگ کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری

    شتر مرغ کی افزائش نسل کو سندھ میں فارمنگ کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: شتر مرغ کی افزائش نسل کو سندھ میں فارمنگ کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، اب سندھ میں شترمرغ فارمنگ کو وہ تمام سہولتیں حاصل ہوں گی جو پولٹری فارمنگ کو حاصل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز صوبائی وزیر لائیو اسٹاک عبدالباری پتافی نے ٹنڈوآدم میں سندھ کے پہلے شترمرغ بریڈنگ فارم کا افتتاح کیا، اس موقع پر سیکریٹری لائیو اسٹاک کی جانب سے شتر مرغ کو فارمنگ کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔

    صوبائی وزیر لائیو اسٹاک کا کہنا تھا کہ حکومت شتر مرغ فارمنگ کو سندھ میں بھی فروغ دے گی اور اس سلسلے میں حائل تمام قانونی رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

    صوبائی وزیر لائیو اسٹاک عبدالباری پتافی نے ٹنڈوآدم میں سندھ کے پہلے شترمرغ بریڈنگ فارم کا افتتاح کیا

    دریں اثنا، فارمرز کی جانب سے سندھ حکومت کے اس اقدام کو سراہا گیا، آسٹرچ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر راجہ طاہر لطیف نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے اب سندھ حکومت شترمرغ کے بریڈنگ فارمز کے قیام کی بھی حوصلہ افزائی کرے گی۔

    سندھ کے شہر ٹنڈوآدم میں صوبے کا پہلا شترمرغ بریڈنگ فارم

    ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر دیگر صوبوں کی طرح اس فارمنگ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے فارمرز کو محدود مدت کے لیے سبسڈی بھی دی جائے، فوری طور پر عوامی سطح پر آگاہی مہم کا بھی آغاز کیا جائے تاکہ عوام کی دل چسپی کو دیکھتے ہوئے حکومت آنے والے بجٹ میں شتر مرغ فارمرز کی سپورٹ کے لیے کوئی مناسب رقم مختص کرے۔

    آسٹرچ ایسوسی ایشن کے مطابق سندھ کی آب و ہوا شتر مرغ کی بریڈنگ کے لیے انتہائی موزوں ہے۔

  • تھائی لینڈ، زیادہ بچوں والے جوڑوں کے لیے پُرکشش مراعات کا اعلان

    تھائی لینڈ، زیادہ بچوں والے جوڑوں کے لیے پُرکشش مراعات کا اعلان

    بنکاک : آبادی کی کمی کے شکار تھائی لینڈ کی حکومت افزائش آبادی کے لیے خواتین کو ٹیکسوں میں چھوٹ، قرضوں کی فراہمی، ادویات کی مفت تقسیم اور بہبود آبادی سے متعلق معلومات کی فراہمی سمیت مختلف طریقے اپنا رہی ہے.

    ان اقدامات کا فیصلہ اس رپورٹ کے بعد کیا گیا جس میں‌ بتایا گیا ہے کہ 1983 میں شرح پیدائش 3.2 فیصد تھی جو اب گھٹ کے صرف ایک فیصد رہ گئی ہے اسی طرح 1960 میں اوسطاً ایک عورت چھ بچوں کو جنم دیتی تھی اور اب اوسطآ ایک خاتون ایک بچے کو جنم دے رہی ہے، جس کے باعث تھائی لینڈ میں نوجوانوں کی تعداد معمر لوگوں کے مقابلے میں بہت کم رہ گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ تھائی لینڈ کو ضعیف لوگوں کا ملک کہا جانے لگا ہے۔

    تھائی حکومت بچوں کی پیدائش میں اضافے کے لیے شادی شدہ جوڑوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے جس کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ اورنقد انعامات جیسی پُرکشش مراعات بھی شامل ہیں. ساتھ ہی ساتھ حال ہی میں تھائی حکومت نے افزائش آبادی کے لیے ’ویلنٹائن ڈے‘ کے موقع پر فولک ایسڈ اور وٹامن کی گولیاں بھی شہریوں میں تقسیم کیں جس کا مقصد افزائش نسل کے لیے درکار غذائیت کی کمی کو دواؤں کی مدد سے پورا کرنا تھا۔

    تھائی لینڈ کی وزارت صحت کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ افزائش آبادی کی حوصلہ افزائی کے لیے محبت کے عالمی دن کے موقع پرخوبصوت تحائف کی شکل میں شہریوں میں فولک ایسڈ اور آئرن کی گولیوں کے ساتھ ساتھ ان کے استعمال کی احتیاطی تدابیر اورافزائش نسل کے لیے طبی ہدایات بھی فراہم کی گئیں، ان تمام اقدامات کا مقصد تھائی خواتین کو زیادہ بچے جنم دینےکی طرف راغب کرنا تھا۔

    یاد رہے کہ عالمی بینک کی رپورٹس کے مطابق مشرقی ایشیا کے ترقی پذیر ممالک میں چین و سنگا پور کے علاوہ اس کے پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں بوڑھے افراد کی غیر معمولی تعداد موجود ہے، تھائی لینڈ کی آبادی 67.5 ملین ہے جب کہ سالانہ آبادی کی شرح محض 0.3 فیصد ہے جب کہ کل آبادی میں ایک سے 14 سال کے عمر کے بچوں کی تعداد محض 19 فیصد ہے جب کہ ستر فیصد افراد چالیس سے سال اوپر کے لوگ ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سفید پشت والے گدھ کی پاکستان میں پہلی مرتبہ کامیاب افزائش نسل

    سفید پشت والے گدھ کی پاکستان میں پہلی مرتبہ کامیاب افزائش نسل

    لاہور:ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے چھانگا مانگا میں قائم کردہ کنزرویشن سینٹر میں معدومیت سے دوچارسفیدپشت والے گدھ کی پاکستان میں پہلی مرتبہ کامیاب افزائش نسل کی ہے۔

    اس سال فروری کے آغاز میں چھانگا مانگا فارسٹ ریزرو میں قائم کردہ کنزرویشن سینٹرمیں گدھ کے دو چوزے پیدا ہوئے، سفیدپشت والے گدھ کی نسل معدومیت کے شدید خطرے سے دوچار ہے اور 1990 سے لیکر اب تک پاکستان، بھارت اور نیپال میں ان کی 90 فیصد سے زائدآبادی کا خاتمہ ہوچکا ہے ۔

    ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ، حماد نقی خان نے گدھ کی کامیاب افزائش نسل کے لیے کام کرنے والی ٹیم کو مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ سفیدپشت والے گدھ کی کامیاب افزائش نسل اسے معدومیت کے دہانے سے واپس لانے والی جدوجہد کی ایک اہم کامیابی ہے ۔ جوکہ معدومیت کے خطرے سے دوچار گدھوں کی آبادی میں اضافے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کنزرویشن سینٹرمیں ان پرندوں کی دیکھ بھال کے پروٹوکول اور دیکھ بھال کے اعلی معیار کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

    اس کنزرویشن سینٹر کے ساتھ ساتھ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے 2012میں نگر پارکر، سندھ، میں سفید پشت اور لمبی چونچ والے گدھوں کے لیے ایک محفوظ علاقہ بھی قائم کیا ہے جہاں پر آخری بچے ہوئے گدھوں کو ان کی قدرتی ماحول میں تحفظ دیا جا رہا ہے۔