Tag: افسران

  • سٹیزن پورٹل کی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات

    سٹیزن پورٹل کی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات

    اسلام آباد: وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر درج کروائی جانے والی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کردی، وزیر اعظم آفس نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سٹیزن پورٹل کے حوالے سے وزیر اعظم آفس کو شکایت موصول ہوئی کہ غیر مجاز اہلکار شہریوں کی شکایات کو بغیر حل کیے نمٹا رہے ہیں جس کے بعد مذکورہ شکایات کے ازالے سے متعلق احتساب شروع کردیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے شہریوں کی شکایات کا حل مجاز افسران کے حتمی فیصلے سے مشروط کردیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماتحت افسران، شہری کی شکایت کو بغیر نتیجہ نمٹا نہیں سکتے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شکایت نمٹانے سے قبل مجاز افسر کی اجازت ضروری ہوگی، شہریوں کی شکایات کے حل میں کوتاہی قبول نہیں۔ شہریوں کی شکایات کو حل یا ختم کرنے کا فیصلہ مجاز افسر ہی کرے گا۔

    وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد وزیر اعظم آفس کی جانب سے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا گیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ شہری کی شکایات سے متعلق غلط بیانی یا کوتاہی کا ذمہ دار ادارے کا مجاز افسر ہوگا۔ غیر مجاز افسران کی شہریوں کی شکایات کے حل کی رپورٹ بدنیتی یا غفلت تصور ہوگی۔

    اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ پورٹل پر آنے والی شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی۔

    رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سر فہرست رہے، وفاقی وزارتوں اور اداروں نے 5 لاکھ 9 ہزار 153 سے زائد شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سے 92 فیصد شکایات حل کی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی، سندھ کے صوبائی محکمے صرف 40 فیصد شکایات حل کر سکے، 37 ہزار میں سے 84 فیصد زیر التوا شکایات سندھ حکومت کی ہیں۔

    اسی طرح خیبر پختونخواہ حکومت نے 87 فیصد اور پنجاب نے 88 فیصد شکایات حل کیں، بلوچستان نے 79 فیصد جب کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے 74 فیصد شکایات حل کیں۔

  • سرکاری محکمےعوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کریں، وزیراعلیٰ سندھ

    سرکاری محکمےعوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کریں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تین سال سے ایک پوسٹ پر کام کرنے والے افسران کو ہٹانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، اٹارنی جنرل سلمان، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو نے شرکت کی۔

    اجلاس میں سیکریٹری سروسز نوید شیخ، سیکریٹری صحت اور وزیراعلیٰ سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری فیاض جتوئی بھی موجود تھے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں تین سال سے ایک پوسٹ پر کام کرنے والے افسران کو ہٹانے کی ہدایت کی، فیصلہ بہترگورننس، اداروں کی کارکردگی کو بہترکرنے کے پیش نظرکیا گیا۔

    مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری کواداروں کو بہتربنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکمےعوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کریں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں بہتر کارکردگی کے لیے لوکل گورنمنٹ میں اچھے افسران کوتعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    کے فور منصوبے کی تکمیل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے: مراد علی شاہ

    ‌یاد رہے کہ رواں سال 29 جون کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کے فور منصوبےکی تکمیل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • ایف آئی اے کے 7 افسران نے خود ہی اپنی پروموشن کرلی

    ایف آئی اے کے 7 افسران نے خود ہی اپنی پروموشن کرلی

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے افسران بڑے عہدے داروں اور ادارے کے ساتھ ہاتھ کر گئے، 7 افسران نے بغیر کسی کے علم میں لائے خود ہی اپنی پروموشن کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے 7 افسران نے متعلقہ ڈائریکٹرز کے علم میں لائے بغیر خود ہی اپنی پرموشن کرلی۔ ڈائریکٹرز آفسز میں تعینات افسران نے مجاز اتھارٹی کو بتائے بغیر پروموشن لیٹر جاری کیے۔

    مذکورہ ساتوں افسران نے غیر قانونی طور پر گریڈ 18 میں اپنی ترقی کے لیٹر خود جاری کیے اور ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو بھی بھنک نہ پڑنے دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 2012 پروموشن کمیٹی میں ان 7 افسران نے گریڈ 17 میں ترقی پائی تھی۔ غیر قانونی طور پر اپنی ترقی کے لیٹر جاری کرنے والے افسران کے خلاف کرمنل انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق طاقتور لابی رکھنے والے ساتوں افسران انکوائری کے باوجود تاحال اپنے عہدوں پر براجمان ہیں۔

  • کرپشن میں ملوث افراد کی سرکاری عہدوں پرتعیناتی:عدالت نے مہدی شاہ ودیگر سے متعلق رپورٹ طلب کرلی

    کرپشن میں ملوث افراد کی سرکاری عہدوں پرتعیناتی:عدالت نے مہدی شاہ ودیگر سے متعلق رپورٹ طلب کرلی

    کراچی: کرپشن میں ملوث افراد کی سرکاری عہدوں پرتعیناتی کے کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ کتنی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی آگاہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن میں ملوث افراد کی سرکاری عہدوں پرتعیناتی کے کیس کی سماعت کے دوران چیف سیکرٹری نے تعینات 36 افراد سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

    سندھ ہائی کورٹ نے مہدی شاہ، سردارشاہ، زاہد شاہ ودیگرسے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ یہ بھی بتایا جائے ان افسران نے کرپشن کی کب کی، کتنی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی آگاہ کیا جائے۔

    وکیل عاقل اعوان نے کہا کہ حکومت یا نیب سے رپورٹ مانگی جائے، ہم پرپہلے ہی بہت بوجھ ہے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ ان ٹانگوں نے پہلے بہت بوجھ اٹھایا مزید اٹھالیں گے توفرق نہیں پڑے گا۔

    وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم نامے کوغلط اندازمیں پیش کیا گیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم کیس سمجھناچاہتے ہیں پھرواضح حکم نامہ جاری کریں گے۔

    چیف جسٹس ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ کرپشن کرکے کچھ رقم رضا کارانہ واپس کردیتے ہیں، اطلاعات ہیں ڈپٹی کمشنرزسمیت متعدد افسران اہم عہدوں پرہیں۔

    بعدازاں سندھ ہائی کورٹ نے کرپشن میں ملوث افراد کی سرکاری عہدوں پرتعیناتی کے کیس کی سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے کہ 16 جنوری 2019 کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے تھے کہ نیب والے سوائے لوگوں کو تنگ کرنے کے کیا کیا کررہے ہیں، کال اپ نوٹس کے بعد سکون سے بیٹھ جاتے ہیں۔

  • روسی جاسوس پر حملہ روسی ایجنسی ’جی آر یو‘ کے افسران نے کیا، برطانیہ کا دعویٰ

    روسی جاسوس پر حملہ روسی ایجنسی ’جی آر یو‘ کے افسران نے کیا، برطانیہ کا دعویٰ

    لندن : برطانوی حکام نے دعویٰ ہے کہ سابق روسی جاسوس اور اس کی بیٹی پر قاتلانہ حملہ میں روس کی خفیہ ایجنسی ’جی آر یو‘ کے دو افسران ملوث ہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی پولیس نے چند ماہ قبل برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپال اور اس کی بیٹی یولیا اسکریپال پر اعصاب شکن زہر کے حملے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے سابق روسی جاسوس اور اس ک بیٹی پر قاتلانہ حملے میں ملوث دو ملزمان کے نام جاری کیے ہیں جو روس کے شہری ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سرگئی اسکریپال اور یویلیا پر اعصاب شکن کیمیکل سے حملہ کرنے والے روسی شہری الیگزینڈر پیٹروف اور رسلین بوشیروف کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے اسکاٹ لینڈ یارڈ اور سی پی ایس کے پاس کافی ثبوت ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برطانوی حکام کی جانب سے روسی شہریوں الیگزینڈر پیٹروف اور رسلین بوشیروف کی گرفتاری کے لیے یورپی وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ سرگئی اسکریپا اور یویلیا اسکریپال پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کریملن حکومت سے رابطہ نہیں کیا جائے گا کیوں روسی آئین کے مطابق حکومت اپنے شہریوں ملک بدری کی اجازت نہیں دیتی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برطانوی مندوب نے اقوام متحدہ کو سالسبری حملے میں ملوث ملزمان کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی ڈبل ایجنٹ پراعصاب شکن کیمیکل سے حملہ کرنے والے ملزمان روسی خفیہ ایجنسی ’جی آر یو‘ کے افسران ہیں۔

    یاد رہے رواں برس 4 مارچ کو روس کے سابق جاسوس 66 سالہ سرگئی اسکریپال اور اس کی 33 سالہ بیٹی یویلیا اسکریپال پر نویچوک کیمیکل سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں دو روسی شہری کئی روز تک اسپتال میں تشویش ناک حالت میں زیر علاج تھے۔

  • ریلوے میں فرض شناس افسران کی تضحیک کی جارہی ہے، سعد رفیق

    ریلوے میں فرض شناس افسران کی تضحیک کی جارہی ہے، سعد رفیق

    لاہور : سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے، ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں رہ کر حکومت کی ہر غلطی کو پکڑیں گے، پی ٹی آئی نے جو وعدے کئے وہ پورے کرنا پڑیں گے۔

    رہنما مسلم لیگ نواز کا کہنا تھا کہ ریلوے میں فرض شناس افسران کی تضحیک کی جارہی ہے، وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے، عمران خان کی حکومت میں ہر چیز الٹی ہے کچھ سیدھا نہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم نے سسٹم کو ڈی ریل نہیں کیا، کنٹینر پر نہیں چڑھے، ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں، ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا، ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، آخری فتح پاکستان کےعوام کی ہوگی۔

    سابق وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کا ووٹ حق دلایا جائے، سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلاکر اوور سیز ووٹنگ پر بریفنگ دی جائے۔

  • وفاقی وزیر قانون نے محکمے کے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی

    وفاقی وزیر قانون نے محکمے کے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر قانونو انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وزارت قانون میں سست رفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نو منتخب وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی پہلا حکم جاری کرتے ہوئے محکمے کے افسروں کے بیرون ملک دورے پر پابندی عائد کر دی۔

    سیکرٹری وزارت قانون و انصاف نے بیرسٹر فروغ نسیم کا استقبال کیا اور وزیر قانون و انصاف کو انٹر نیشنل لیگل فرنٹ اور وزارت قانون وانصاف کے امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے لاء افسروں کی تقرری کا جائزہ لینےکی ہدایات جاری کی اور وفاقی عدالتوں میں خالی آسامیاں پُر کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

    وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، وزارت قانون میں سست رفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • ن لیگ حکومت کے لاڈلے افسران جن کی تنخواہ 3 لاکھ روپے سے کم نہیں

    ن لیگ حکومت کے لاڈلے افسران جن کی تنخواہ 3 لاکھ روپے سے کم نہیں

    لاہور : سابق حکومت میں پبلک سیکٹر کمپنیوں میں تعینات گریڈ 17 سے 21 کے کسی بھی افسر کی تنخواہ 3 لاکھ روپے سے کم نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق پنجاب حکومت گریڈ سترہ سے اکیس تک کے لاڈلے افسران کو پبلک سیکٹر کمپنیوں میں تعینات کر کے لاکھوں روپے کی تنخواہوں اور مراعات سے نوازتی رہی، کمپنیوں میں تعینات افسران میں سے کسی کی تنخواہ تین لاکھ روپے سے کم نہیں۔

    سب سے زیادہ لاڈلے افسر احد خان چیمہ بطور سی ای او قائد اعظم تھرمل پاور انیس لاکھ چھہتر ہزار پانچ سو وصول کرتے رہے۔

    بیسویں گریڈ کے مجاہد شیر دل سی ای او آئی ڈیپ کے طور پر گیارہ لاکھ وصول کرتے رہے جبکہ صاف پانی کمپنی میں نبیل جاوید کی تنخواہ چودہ لاکھ روپے مقرر کی گئی۔

    صاف پانی کمپنی میں وسیم اجمل چوہدری دس لاکھ انتالیس ہزار پانچ سو روپے وصول کر رہے ہیں، اسی طرح صاف پانی کمپنی کے سابق سی ای او بیسویں گریڈ کے خالد شیردل پندرہ لاکھ باون ہزار روپے وصول کرتے رہے۔

    بیسویں گریڈ کے کیپٹن عثمان صاف پانی کمپنی کے سابق سی ای او کی حیثیت سے چودہ لاکھ پچاس ہزار تنخواہ وصول کرتے رہے۔

    لاہور نالج پارک کے سی ای او شاہد زمان کی تنخواہ آٹھ لاکھ روپے ہے جبکہ اربن سیکٹر پلاننگ میں بیسویں گریڈ کے ڈاکٹر ناصر جاوید آٹھ لاکھ اسی ہزار روپے وصول کر رہے ہیں۔

    انیسویں گریڈ کے جاوید قریشی پنجاب پاپولیشن ڈیویلپمنٹ فنڈ میں سات لاکھ تنخواہ ہے اور اکیسویں گریڈ کے ملک علی عامر سیف سٹی اتھارٹی میں سات لاکھ نوے ہزار تنخواہ وصول کر رہے ہیں۔

    گریڈ سترہ کے عبدالرزاق لاہور نالج پارک میں آٹھ لاکھ پچاس ہزار تنخواہ وصول کرتے رہے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے کمپنیوں میں بھاری تنخواہوں کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے اضافی رقوم واپس کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں، چیف جسٹس نے بھاری تنخواہوں کا معاملہ نیب کو بھی بھجوایا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • پی آئی اے میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف، آڈٹ رپورٹ جاری

    پی آئی اے میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف، آڈٹ رپورٹ جاری

    کراچی: قومی ایئرلائن میں مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ خوردبرد کی خصوصی رپورٹ انٹرنل آڈیٹر نے جاری کردی جو اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے چیف انٹرنل آڈیٹر نے اسلام آباد اسٹیشن کی خصوصی آڈٹ رپورٹ جاری کردی جس میں مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ گھپلوں کا انکشاف سامنے آیا۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق مشیر ہوا بازی کے اسٹاف آفیسر اور سی ای او  کوارڈینیشن کے مینیجر نے جعلی بلوں کے ذریعے پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں افسران نے خلافِ ضابطہ اختیارات کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے مختلف مد میں جعلی بلوں کے ذریعے ادارے کے خزانے کو نقصان پہنچایا، سی ای او کے مینیجر کوارڈینیشن نے لاکھوں روپے کے بل بغیر تصدیق کے منظور کیے جبکہ مشیر ہوا بازی کے اسٹاف آفیسر نے مختلف مد میں 16 لاکھ روپے پی آئی اے سے وصول کیے۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے کو 6 ماہ میں 21 ارب روپے سے زائد کا نقصان

    آڈٹ رپورٹ میں دونوں افسران کے خلاف کاروائی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پی آئی اے انتظامیہ اثرو رسوخ کی وجہ سے سے دونوں کے خلاف کارروائی کرنے سے ہچکچا رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز نے قومی ائیرلائن میں جعلی بلوں کے ذریعے ہونے والی بے ضابطگیوں کے معاملے کو اٹھایا تو فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پی آئی اے کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ رپورٹ میں متعلقہ محکموں کوافسران سے جواب طلبی اور کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    سول ایوی ایشن کا مؤقف

    دوسری جانب سول ایوی ایشن نے اسلام آباد اسٹیشن کی آڈٹ رپورٹ کو رد کرتے ہوئے اسے یکطرفہ اور بے بنیاد قرار دے دیا، ترجمان ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ آڈٹ کے دوران اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کرنے والے افسران نے کسی قسم کا کوئی اعتراض نہیں اٹھایا اگر اُن کی طرف سے کوئی اعتراض سامنے آتا تو اُسے دور کردیتے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے میں ڈاؤن سائزنگ کا عمل شروع

    سول ایوی ایشن کے ترجمان شیر علی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حقائق کو مسخ کر کے بے بنیاد اور من گھڑت رپورٹ شائع کی گئی کیونکہ خلاف ضابطہ یا جعلی بلوں کے ذریعے کوئی رقم ادا یا موصول نہیں کی۔

    ترجمان سے اے اے نے آڈٹ رپورٹ پر آنے والے اعتراضات کا تفیصلی اور قانونی جواب آئندہ چوبیس گھنٹوں میں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے محنت، ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ پی آئی اے کی بہتری کے لیے ہمیشہ خدمات انجام دیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • پنجاب بیورو کریسی شریف برادران کی ذاتی ملازم بن گئی ہے: اعتزاز احسن

    پنجاب بیورو کریسی شریف برادران کی ذاتی ملازم بن گئی ہے: اعتزاز احسن

    کراچی: پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنے منظور نظر افسران ان کا ساتھ دے رہے ہیں، پنجاب بیورو کریسی شریف بردران کی ذاتی ملازم ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام ’اعتراض یہ ہے‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، قومی احتساب بیورو لاہور کی جانب سے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری سے متعلق اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ افسران ملک سے غداری اور شریفوں سے وفاداری کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ شریف خاندان احد چیمہ کی گرفتاری پر چلا رہے ہیں، مجھے کسی نے بتایا کہ یہ طوطے کی طرح بولے گا، احد چیمہ نجی کمپنی کے ایم ڈی بھی رہ چکے ہیں، شاہد خاقان عباسی تالا بند کرنے والے افسران کے خلاف کچھ نہیں کریں گے۔

    مسلم لیگ ن کا ووٹ بینک نوازشریف، مریم نوازکے ساتھ ہے‘ اعتزاز احسن

    ان کا کہنا تھا کہ اقامہ منی لانڈ رنگ سے زیادہ سنگین جرم ہے، تنخواہ آپ لیں نہ لیں لیکن غیر ملکی کمپنی کا ملازم ہونا ہی جرم ہے، نواز شریف کو صرف نااہل کیا گیا ہے میں تو کہتا ہوں آرٹیکل 6 لگانا چاہیے تھا، شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں میں نہیں نواز شریف وزیر اعظم ہیں۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ طلال چوہدری، دانیال عزیز کو پکڑنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، نواز شریف قانون کے بند کمرے میں قید ہیں، جسٹس بشیر کے پاس سزا دینے کے علاوہ کوئی اور آپشن موجود نہیں، کیلیبری فونٹ سے متعلق گواہ کے بیان کا انہیں فائدہ ہوسکتا ہے، لیکن پیسہ کہاں سے آیا؟ منی ٹریل جو کہ اصل مسئلہ ہے جس پر انہوں نے ابھی تک کچھ پیش نہیں کیا۔

    نواز شریف نے قانونی وآئینی اعتبار سے خود کش جیکٹ پہن لی ہے، اعتزاز احسن

    سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ن لیگی امید واروں کو آزاد قرار دینا چیلنج ہوسکتا ہے جس سے وہ اپنے آپ کو مظلوم ثابت کر رہے ہیں، سینیٹ الیکشن کے لیے اوپن بیلٹ سسٹم کر دینا چاہیے تاکہ ہارس ٹریڈنگ نہ ہو۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بی بی کی شہادت ہوئی تو پورے ملک میں آگ لگی ہوئی تھی لیکن اس وقت بھی آصف زرداری نے پاکستانی کھپے کا نعرہ لگایا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں