Tag: افطار

  • جرمن صدر کی برلن کی قدیم مسجد میں مسلمانوں کے ساتھ افطار میں شرکت

    جرمن صدر کی برلن کی قدیم مسجد میں مسلمانوں کے ساتھ افطار میں شرکت

    جرمن صدر فرینک والٹر نے برلن کی قدیم مسجد میں مسلمانوں کے ساتھ افطار کر کے یک جہتی کی مثال قائم کردی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو میں جرمن صدر ایک تقریب کے دوران مسلم کمیونٹی کے ہمراہ خوش گوار وقت گزار رہے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق اس تقریب کا مقصد جرمنی میں بڑھتے ہوئے مسلم مخالف رجحان پر قابو پانا اور مسلمانوں سے اظہارِ یک جہتی کرنا ہے۔

    جرمن صدر نے اس موقع پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہم دیگر مذاہب سے یک جہتی کا اظہار اور اپنے عمل سے انہیں اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ ہم دیگر مذاہب کا بھی احترام اسی طرح کرتے ہیں جیسے اپنے مذہب کا کرتے ہیں۔

    مسجد الحرام میں غیر ملکی عمرہ زائر کو دل کا دورہ

    تقریب میں شریک بین المذاہب گروہوں کے مطابق فرینک والٹر کا افطار میں شرکت کرنا ایک مثبت قدم ہے لیکن بڑھتے ہوئے مسلم مخالف جذبات سے نمٹنے اور رواداری کو قائم رکھنے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے جرمنی میں مسلمانوں کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جرمنی میں مسلمان عیسائیوں کے بعد دوسری سب سے بڑی کمیونٹی ہیں، جن کی آبادی تقریباً 50 لاکھ ہے۔

  • سورج کی روشنی میں ہی سحری، افطار اور نماز تراویح، دنیا کا یہ منفرد رمضان کہاں؟

    سورج کی روشنی میں ہی سحری، افطار اور نماز تراویح، دنیا کا یہ منفرد رمضان کہاں؟

    دنیا بھر میں مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان المبارک جاری ہے تاہم ایک خطہ میں دن کے وقت ہی سحری، افطار اور تراویح ہوتی ہے۔

    اس وقت دنیا بھر میں مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان المبارک جاری ہے۔ اس ماہ مسلمان اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے لیے روزہ رکھتے ہیں۔ سحری (وقت فجر شروع ہونے کا وقت) سے افطار (وقت مغرب) تک بھوکا پیاسا رہتے ہیں۔

    دنیا کے مختلف ٹائم زون کے حساب سے ہر ملک میں سحر اور افطار کے الگ الگ اوقات ہوتے ہیں تاہم رواں سال مختلف ممالک میں روزے کا دورانیہ ساڑھے گیارہ گھنٹے سے لے کر 20 گھنٹے سے زائد تک ہے۔

    دنیا کے کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جہاں سورج بہت کم وقت کے لیے غروب ہوتا ہے یا بالکل ہی غروب نہیں ہوتا۔ ان میں اکثر مکہ اور مدینہ یا پھر قریب ترین علاقوں کے اوقات کے مطابق سحر اور افطار کرتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک شہر کینیڈا میں ہے۔ نوویک برفیلے آرکٹک سرکل پر واقع ہے اور اس سال ماہ رمضان میں یہاں سورج کبھی بھی غروب نہیں ہوگا۔

    یہاں کی آبادی سورج کی روشنی میں ہی سحری کرتی، دن میں ہی افطار کرتی اور تراویح کی نماز بھی ادا کرتی ہے۔

    اس علاقے میں موجود مڈ نائٹ سن مسجد دنیا کے سب سے شمال میں واقع مساجد میں سے ایک ہے۔ یہاں آباد مسلمان اسلامی تعلیمات اور طریقوں کے مطابق سحری، افطار اور تراویح کے لیے اوقات کار طے کرتے ہیں۔

  • ماورا حسین نے شادی کے بعد پہلی افطاری کی تصاویر شیئر کردیں

    ماورا حسین نے شادی کے بعد پہلی افطاری کی تصاویر شیئر کردیں

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین حال ہی میں اداکار امیر گیلانی سے شادی کے بندھن میں بندھی ہیں۔ اداکارہ نے اپنے چاہنے والوں سے شادی کے بعد پہلی افطاری کی تصاویر شیئر کی ہیں۔

    نوبیاہتا معروف اداکارہ ماورا حسین کا اپنے سسرال میں یہ پہلا رمضان ہے جہاں وہ امیر گیلانی کے ساتھ افطاری کر رہی ہیں۔

    سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام کی اسٹوری پر اداکارہ نے نئی تصاویر شیئر کی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دستر خواں پر لذیذ پکوان موجود ہیں۔

    ان سب ڈشز میں زیادہ تر تلی ہوئی غذائیں موجود ہیں، جن سے ماورا حسین پریشان نظر آ رہی ہیں۔

    اس اسٹوری کے کیپشن میں 32 سالہ اداکارہ نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں پہلی افطار پر اضافی وزن نہیں بڑھا رہی۔

    ماورا کی اسٹوری سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ افطار کے دوران لذیذ پکوانوں کو دیکھ کر اپنا وزن متوازن رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

    اس سے قبل ماورا نے انکشاف کیا تھا کہ ’صنم تیری قسم‘ کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان نے پوری ٹیم کو بہت سپورٹ کیا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رادھیکا راؤ اور ونے سپرو کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’صنم تیری قسم‘ میں ماورا اور ہرشن وردھن رانے نے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا۔

    اگرچہ یہ فلم 2016 میں ریلیز ہونے پر ناظرین کو متاثر نہیں کرسکی لیکن اس ماہ کے شروع میں ماورا کی شادی کے موقع پر اسے دوبارہ ریلیز کیا گیا اور فلم نے غیرمعمولی پذیرائی حاصل کی۔

    فلم نے دوبارہ ریلیز پر دو دن کے اندر ہی اپنی کمائی کے ریکارڈ توڑ دیے جس کے بعد فلم ساز جوڑی نے اس کے سیکوئل کا اعلان کیا ہے۔

    صبور علی نے سالگرہ کی خوبصورت تصاویر شیئر کردیں

    تاہم حال ہی میں ماورا نے بالی ووڈ میں کام کرنے کے اپنے تجربے اور سلمان خان کی جانب سے فلم کی ٹیم کے لیے سپورٹ پر گفتگو کی۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ سلمان خان نے ’صنم تیری قسم‘ کی پوری شوٹنگ کے دوران ٹیم کو سپورٹ کیا۔

  • رمضان المبارک میں 10 لاکھ افراد کو افطار کرانے کا اعلان

    رمضان المبارک میں 10 لاکھ افراد کو افطار کرانے کا اعلان

    سعودی عرب میں وزارتِ اسلامی امور اور دعوت و ارشاد کی جانب سے ’خادم حرمین شریفین افطار پروگرام‘ کے تحت رمضان المبارک میں 61 ممالک میں 10 لاکھ افراد کو روزہ افطار کرانے کا اعلان سامنے آیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد شیخ عبد اللطیف آل الشیخ کی جانب سے اس اہم اقدام پر خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

    انہوں نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے دنیا بھر میں ضرورت مندوں کی مدد اور اسلام و مسلمانوں کی خدمت کے لیے مسلسل حمایت اور کوششوں کو سراہا ہے۔

    وزارت کے مطابق رمضان المبارک میں افطار پروگرام کے لیے مختص رقم کی منتقلی کے تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہیں، جو مذہبی اتاشیوں کے دفاتر، ثقافتی مراکز اور دعوت و ارشاد کے ذیلی اداروں کے تعاون سے کیے گئے ہیں۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے داخلی عازمین حج کے لیے ’نسک پورٹل‘ پر مزید چار پیکیجز متعارف کرادیئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق داخلی عازمین حج نسک پورٹل کے ذریعے اپنے لیے مطلوبہ پیکج لے سکتے ہیں، مگر اس میں ٹرانسپورٹ پروگرام شامل نہیں ہے۔

    رپورٹس کے مطابق نسک پورٹل پر وزارت حج وعمرہ نے رواں برس اندرون مملکت سے عازمین کے لیے جن 4 پیکجز کا اعلان کیا ہے ان میں وادی منیٰ کی خیمہ بستی میں رہائش کا پیکیج 10 ہزار 366 ریال سے شروع کیا گیا ہے۔

    دوسرا پیکیج اکنامک خیموں کا ہے جس کی قیمت 8092 ریال سے شروع ہوتی ہے، جبکہ تیسرا جمرات ٹاورز کا ہے جس کی قیمت 13150 ریال اور چوتھے پیکیج کی قیمت 12537 ریال ہے یہ کدانہ ٹاورز کا ہے اس میں کیٹرنگ کا آپشن موجود ہے تاہم تمام پیکیجز ٹرانسپورٹ پروگرام کے بغیر ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے 8 فروری سے داخلی عازمین کے لیے نسک پلیٹ فارم پر حج پیکیج کی بکنگ کا اعلان کیا تھا۔

    حج میں بچوں کو ساتھ لے جانے سے متعلق اہم فیصلہ

    وزارتِ حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ سعودی شہری اور مملکت میں مقیم غیرملکی جو اس سال حج کرنے کے خواہش مند ہیں وہ مختلف نوعیت کے پیکیجز حاصل کرنے کے لیے ’نسک‘ ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔

  • مسجد نبوی ﷺ میں افطار سے متعلق اہم خبر

    مسجد نبوی ﷺ میں افطار سے متعلق اہم خبر

    ماہ رمضان المبارک کی آمد میں 15 دن باقی رہ گئے ہیں ایسے میں مسجد نبوی ﷺ میں افطار سے اہم خبر سامنے آئی ہے۔

    ماہ رمضان المبارک میں روزہ دار کو سحر اور افطار کرانا انتہائی ثواب اور برکت والا عمل ہے۔ ہر مسلم ملک میں اس کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں مختلف مقامات اور مساجد کے ساتھ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں بڑے پیمانے پر افطار کا بندوبست اور لاکھوں افراد کو افطار کرایا جاتا ہے۔

    گزشتہ دنوں جنرل اتھارٹی برائے حرمین شریفین نے مسجدِ نبویؐ میں افطار فراہم کرنے کے خواہش مند افراد اور اداروں کے لیے ایک آن لائن پورٹل متعارف کرایا تھا۔ اب اس حوالے سے نئی خبر ہے کہ افطار پیکٹس میں ملائی اور پراٹھے کا اضافی اختیار بھی دیا گیا ہے۔

    الوطن کے مطابق معمول کے افطاری پیکٹس میں کھجور، روٹی، دقہ (مصالح) دہی، پانی وغیرہ ہوتا ہے۔ تاہم اب اس میں ملائی اور پراٹھے (فطائر) کا اضافی اختیار دیا گیا ہے، تاہم اس سے افطار پیکٹ کی قیمت میں 7 ریال کا اضافہ ہو جائے گا۔

    کیٹرنگ کمپنیوں کی جانب سے ملائی (قشطہ) اور پراٹھے یا پین کیک (فطیرہ) کی چوائس دی گئی ہے جو افراد اپنے افطاری دسترخوان میں ملائی اور پراٹھے کا اضافہ کرانا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ منظور شدہ کیٹرنگ کمپنیوں سے معاہدہ کرتے وقت اس کا اندراج کر لیں۔

    مسجد نبوی ﷺ میں افطاری خدمات فراہم کرنے والی کیٹرنگ کمپنیوں کو ادارہ امور حرمین نے اس بات کا بھی پابند کیا ہے کہ کمپنیاں منظم انداز میں افطاری دستر خوان کا بندوبست کریں گی، جس کے لیے کارکنوں کی نگرانی کے لیے سپروائزر موجود ہوں۔

    علاوہ ازیں افطاری کے لیے فراہم کی جانے والی اشیائے خورونوش معیاری ہوں۔ افطاری کو مسجد نبوی کے صحنوں میں منتقل کرنے کے لیے مخصوص ٹرالیوں کا اہتمام کیا جائے۔

    https://urdu.arynews.tv/ramadan-iftar-rules-for-madinah-announced-2025/

  • افطار کیلیے خاص چٹ پٹا : کرسپی آلو بُوندے

    افطار کیلیے خاص چٹ پٹا : کرسپی آلو بُوندے

    ماہ رمضان میں روزہ کھولنے کا لطف ہی اس وقت دوبالا ہوتا ہے کہ جب دسترخوان پر نت نئی مزیدار اشیاء سجائی گئی ہوں جنہیں دیکھ کر بھوک مزید چمک جاتی ہے۔

    لیکن مہنگائی کے اس عالم میں گھر کا بجٹ بنانا اور اسے مینج کرنا بہت مشکل ہورہا ہے ، آج ہم آپ کیلیے ایک ایسی چیز لائے ہیں جس کو بنانا بے حد آسان اور زیادہ لاگت بھی نہیں آتی۔

    جی ہاں !! یہ ہیں آلو بوندے جو کم بجٹ میں تیار ہونے والی مزیدار چیز ہے اور کھانے والے بھی انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے۔

    اجزاء

    اسے تیار کرنے کیلئے جن اجزاء کی ضرورت ہے ان میں تین سے چار عدد ابلے ہوئے آلو ، ایک درمیانی چوپ کی ہوئی پیاز، دو کھانے کے چمچ تیل، ہلدی ایک چٹکی، دھنیا چوپ کیا ہوا، دو کھانے کے چمچ رائی، چوتھائی چائے کا چمچ زیرہ، چوتھائی کھانے کا چمچ ادرک پسا ہوا۔

    اس کے علاوہ آدھا کھانے کا چمچ نمک ،حسب ذائقہ دو عدد کٹی ہوئی ہری مرچیں، آدھا چائے کا چمچ پسا ہوا دھنیا، ایک کھانے کا چمچ سونف، ایک چائے کا چمچ پسا ہوا گرم مصالحہ، دو کھانے کے چمچ لیموں کا رس اور چار سے پانچ عدد کڑی پتے شامل ہیں۔

    کوٹنگ کے لیے

    آدھا کپ بیسن، نمک حسب ذائقہ، پسی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، ہلدی ایک چٹکی اور بیکنگ سوڈا آدھا چائے کا چمچ لیں۔

    ترکیب

    ابلے ہوئے آلوؤں کو پس لیں، ایک برتن میں تیل ڈال کر گرم کر لیں اب اس میں ادرک ڈال کر تیس سیکنڈ کے لئے بھون لیں۔

    اب اس میں چوپ کی ہوئی پیاز، کڑی پتے اور کٹی ہوئی ہری مرچ ڈال کر فرائی کر لیں جب پیاز ہلکی براؤن ہوجائے تو اس میں ہلدی گرم مصالحہ، دھنیا پاوڈر اور سونف ڈال دیں۔

    اب آنچ بند کر دیں پسے ہوئے آلو کو بھی اس آمیزے میں شامل کر دیں، انہیں اچھی طرح مکس کر کے، اس پر لیموں کا رس اور دھنیا چھڑک دیں۔ اسے ٹھنڈا ہونے دیں اور 3 سے 6 گول بالز کی شکل میں کباب بنالیں۔

    ایک پیالے میں بیسن، نمک ،پسی لال مرچ ،بیکنگ سوڈا کو ڈال کر تھوڑا تھورا پانی ڈال ایک ایسا پیسٹ با لیں ،جو نہ زیادہ پتلا ہو اور نہ گاڑھا ۔

    ایک کڑاہی میں تیل کو گرم کر کے اس میں ایک ایک بال کو بیسن میں ڈبو کر ڈال کر تلتی جائیں اور براؤن ہونے پر ایک ڈش میں نکالتی جائیں۔ اس طرح سارے بالز تل لیں اور افطاری میں کیچپ اور ہری چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

  • افطار میں آج مزیدار ’پسندے کباب پراٹھے‘ بنائیں

    افطار میں آج مزیدار ’پسندے کباب پراٹھے‘ بنائیں

    ہر خاتون خانہ کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ افطاری کے دسترخوان پر تمام گھر والوں خصوصاً روزہ داروں کی افطاری کیلئے لذیذ اور صحت بخش پکوان بنا کر رکھے۔

    آج ہم نے آپ کی یہ مشکل کسی حد تک آسان کردی ہے کیونکہ آج کی افطاری کیلئے ایک بے حد ذائقے دار اور مزے دار چیز بنانے کی ترکیب آپ کیلئے پیش خدمت ہے۔

    جی ہاں !! آج ہم آپ کو مزیدار ’پسندے کباب پراٹھا‘ بنانے کی ترکیب بتائیں گے جسے کھانے کے بعد سب انگلیاں چاٹتے ہوئے آپ کے ہنر کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں گے۔

    اجزاء : 

    یہ مزیدار ڈش بنانے کیلئے جو اجزاء درکار ہیں ان میں پسندے آدھا کلو، دہی ایک پاؤ، گرم مسالہ پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، تلی ہوئی پیاز 2 بڑے چمچ پیس لیں، ادرک اور لہسن کا آمیزہ ایک چھوٹا چمچ، کچا پپیتا ایک چھوٹا چمچ، لال مرچ پاؤڈر ایک چھوٹا چمچ، ہری مرچ 4؍ عدد، ہرا دھنیا آدھی پیالی، تیل حسب ضرورت اور نمک حسب ذائقہ شامل ہیں۔

    بنانے کا طریقہ :

    دہی کو پھینٹ کر اس میں تیل، ہری مرچ اور ہرا دھنیا سمیت تمام مسالے شامل کرکے چار سے چھ گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔

    اس کے بعد تیل گرم کرکے پسندے مسالوں سمیت ڈال کر ہلکی آنچ پر چھوڑ دیں، جب پانی خشک ہو جائے اور پسندے گل جائیں تو اچھی طرح بھون لیں۔

    اس کا مسالا خشک رکھیں، پھر ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال کر دم پر رکھ دیں، اس کے بعد پراٹھے بنا کر تھوڑا پسندوں کا مسالہ رکھیں اور رول کردیں۔ اس کے بعد ہری چٹنی اور رائتے کے ساتھ افطار کے دسترخوان پر سجائیں۔

  • افطار میں بنائیے ’’شیش تاؤ‘‘ سب انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے

    افطار میں بنائیے ’’شیش تاؤ‘‘ سب انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے

    ماہ رمضان میں خواتین کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو صحت بخش اور ذائقے دار پکوان بنا کر کھلائیں۔

    اس حوالے سے آج ہم آپ کیلئے تھوڑا مختلف لے کر آئے ہیں تاکہ آج کے افطار دسترخوان پر کوئی نئی چیز موجود ہو جسے دیکھ روزہ داروں کو بھی خوشگوار احساس ہو۔

    آج کی ڈش خاص ہے جس کا نام ’’شیش تاؤ‘‘ ہے، جس کو بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے، اس کے اجزاء میں مندرجہ ذیل اشیاء درکار ہیں۔

    بکرے کی ران کا گوشت ایک کلو، گھی ایک کپ، پسا ہوا گرم مسالہ حسب ذائقہ، لیموں 4 عدد، سرکہ دو چمچ، لال مرچ اور نمک دو چمچ، ٹماٹر آدھا پاؤ، پیاز (بڑے ٹکڑوں میں کٹی ہوئی) آدھا کلو۔

    بنانے کا طریقہ :

    گوشت کے پتلے پتلے اور مختصر پارچے کاٹ لیں، لیموں کے رس میں پسا ہوا گرم مسالہ، سرکہ، مرچ اور نمک ملا دیں۔

    اس مرکب کو گرم گھی میں ڈالیں اور چمچے سے خوب اچھی طرح ہلائیں، اب اس میں گوشت کے ٹکڑے ڈالیں اور انہیں چھ سات گھنٹے تک ریفریجریٹر میں رکھا رہنے دیں۔

    بعد ازاں گوشت نکال لیں اور ہر ٹکڑے کے آگے پیچھے پیاز اور ٹماٹر کا ایک ایک ٹکڑا لگا دیں اور سیخوں پر چڑھا کر کوئلوں کے اوپر جالی رکھ کر سینکیں اور لیموں لگا کر پیش کریں۔

    کیا آپ جانتے ہیں کہ شیش تاؤ کیا ہے اور یہ کہاں کا خاص پکوان ہے؟ یہ ایک شامی پکوان ہے، شامی زبان میں شیش کا معنی وہ سلائی ہے جس پر سیخ چڑھائی جاتی ہے جبکہ طاووق کا معنی مرغی کا گوشت اور عربی زبان میں تیز آنچ ہے۔

  • یمن کے المکلا شہر میں طویل افطار دسترخوان کا اہتمام

    یمن کے المکلا شہر میں طویل افطار دسترخوان کا اہتمام

    یمن کے حضرموت گونریٹ کے المکلا شہر میں اماراتی ہلال احمر کی جانب سے طویل ترین افطار دسترخوان کا اہتمام کیا گیا، جس میں لگ بھگ 3ہزار افراد نے شرکت کی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خور المکلا شاہراہ پر قائم دسترخوان میں مختلف عمر اور طبقات سے تعلق رکھنے والے مقامی افراد اور رضاکار بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

    شہر کے کاروباری خاندانوں کے تعاون سے المکلا کے نوجوانوں کی جانب سے دسترخوان کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد معاشرے میں اخوت اور بھائی چارگی، رمضان میں محبت اور امداد کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔

    مقامی نوجوانوں اور کاروباری خاندانوں کی کوششوں سراہتے ہوئے اماراتی ہلال احمر کے حضر موت میں جاری منصوبوں کے نگران انجینئر حامد سالم قوایا نے مستقبل میں بھی مقامی افراد کے تعاون سے اسے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    مسجد نبویؐ میں رمضان کے پہلے ہفتے لاکھوں زائرین کی حاضری

    واضح رہے المکلا کے نوجوانوں کی جانب سے اماراتی ہلال احمر کے تعاون سے افطار دسترخوان کا اہتمام شہر میں امدادی کاموں کا تسلسل ہے جس کا مقصد سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

  • مسجد الحرام کے صحن میں افطار دستر خوان کے روح پرور مناظر

    مسجد الحرام کے صحن میں افطار دستر خوان کے روح پرور مناظر

    سعودی عرب میں مسجد الحرام کے صحن مبارک میں زائرین کی بڑی تعداد نے روحانیت کے ماحول میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ افطار کیا۔ اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غروب آفتاب سے قبل زائرین کی بڑی تعداد مسجد الحرام کے صحن میں بچھائے گئے دسترخوان پہنچی جبکہ رضاکار زائرین کی خدمت اور افطاری فراہم کرنے میں مصروف رہے۔

    حرم کے صحن میں ماہ مبارک کے پہلے دن افطار دسترخوان اسلامی اخوت، باہمی بھائی چارگی اور یگانگت کی منظر کشی کررہے تھے۔

    حرم کے صحن میں موجود رضا کار روزہ داروں کو افطار پیش کرنے کے لیے ایک دوسرے سے سبقت لینے کی کوشش کررہے تھے۔ حکومتی اور نجی اداروں کی زیرنگرانی پرسکون ماحول اور زائرین کے دعاؤں اور اذکار کے درمیان افطار مکمل کیا گیا۔

    سعودی عرب: رمضان پلان کے نفاذ کے بعد زائرین کو بڑی سہولت مل گئی

    مسجد الحرام کی صفائی پر مامور کارکنوں نے افطار ختم ہونے کے بعد مختصر دورانئے میں دسترخوانوں کو سمیٹ لیا تاکہ ہزاروں زائرین نماز مغرب کی ادائیگی کرسکیں۔