Tag: افطاری

  • افطاری خرید کر گھر لوٹنے والے باپ بیٹا حادثے میں جاں بحق

    افطاری خرید کر گھر لوٹنے والے باپ بیٹا حادثے میں جاں بحق

    بھارت کے تلنگا نہ کریم نگر میں ایک انتہائی دلخراش واقعہ رونما ہوا، افطاری کی خریداری کے بعد گھر واپس لوٹنے والے باپ بیٹا ٹریفک حادثے میں اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے باپ اور بیٹے کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

    رپورٹس کے مطابق شنکراپٹنم منڈل کے مکتا گاؤں کے رہنے والے 37 سالہ شیخ عظیم اور ان کا بیٹا 12 سالہ رحمان جمعہ کے روز افطاری کے لیے ضروری سامان خریدنے کے لئے گئے تھے۔

    خریداری کے بعد جب وہ گھر کے لئے واپس جانے لگے تو راستے میں ایک تیز رفتار ٹرک نے ان کی موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر ماردی۔ حادثے میں دونوں باپ بیٹا موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    ریسکیو حکام نے دونوں کی لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کے حوالے سے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    اس سے قبل بولیویا میں 2مسافر بسوں میں ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک ہوگئے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بولیویا میں مسافر بسوں میں خوفناک تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے، حادثے میں 37 افراد ہلاک اور 30زخمی ہوگئے۔

    یہ حادثہ ہفتے کی صبح جنوب مغربی شہر اویونی سے تقریباً 5 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ایک بس ڈرائیور کو تشویشناک حالت کے باعث انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے جبکہ دوسرے کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    مقامی حکام نے بتایا کہ اویونی اورکولچانی شہروں کے درمیان تیز رفتاری کے باعث بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کی شکار ایک بس کے مسافر پوٹوسی شہر میں کارنیول میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔

    چنیوٹ : بس اور مسافر ویگن میں ہولناک تصادم ، 7 افراد جاں بحق ،10 شدید زخمی

    ایک رپورٹ کے مطابق بولیویا میں ٹریفک حادثات میں سالانہ تقریباً 1400 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں افراد زخمی بھی ہوجاتے ہیں۔

  • دنیا بھر میں لوگ افطاری میں کیا کھانا پسند کرتے ہیں؟

    دنیا بھر میں لوگ افطاری میں کیا کھانا پسند کرتے ہیں؟

    رمضان المبارک کے دوران دنیا بھر میں سحری اور افطاری کے دسترخوان میں کون سے پکوان تیار کیے جاتے ہیں؟ اس کیلیے ہر ملک کے باشندے اپنی تہذیب اور روایات کے مطابق اپنے دسترخوان سجاتے ہیں۔

    ماہ رمضان میں سحری و افطاری کیلئے دنیا بھر میں خصوصی اہتمام کیا جاتا یے، تاہم کن ممالک میں افطاری کیلئے کیا کیا پکوان پسند کیے جاتے ہیں؟

    اس حوالے سے العربیہ ڈاٹ کام نے ایک رپورٹ مرتب کی ہے جسے قارئین کیلئے شائع کیا جارہا ہے, اگرچہ کھجور، پھل اور جوس جیسے کچھ کھانے ہر جگہ افطار کے دسترخوان کے لیے لازمی سمجھے جاتے ہیں، لیکن دنیا بھر میں افطار کے لیے کچھ علاقائی اور روایتی کھانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے

    مصر :
    محشی ورق العنب یعنی انگور کی بیل کے پتے چاول، گوشت اور مسالوں سے بھرے ہوتے ہیں۔ اگرچہ یہ ڈش دوسرے عرب ممالک میں معمولی تغیرات کے ساتھ بنائی جاتی ہے، تاہم یہ خالصتاً مصری ڈش ہے۔ مصر میں افطارکے لیے یہ انگور کی پتیوں سے بنے یہ چھوٹے پیکٹ گرم گرم پیش کیے جاتے ہیں۔

    بھارت :
    ہندوستان میں افطار کے لئے کچھ خصوصی ڈشز بنائی جاتی ہیں جس میں سموسے، چاٹ کا ذائقہ حیرت انگیز ہے۔ سموسے آلو سے بھری ہوئی نمکین پیسٹری ہے، جنہیں ایک پیالے میں توڑ کر دہی اور املی کی چٹنی سے ڈھانپ کر پیش کیا جاتا ہے۔ ان پکوڑوں کا یہاں عام رواج ہے۔

    عراق :
    تبسی باذنجان، جس کا ترجمہ بینگن کے تھال ہوتا ہے، رمضان کی ایک عمدہ ڈش ہے جسے عراقی گھرانوں میں افطار کے موقع پر پیش کی جاتی ہے۔ یہ ایک طرح سے بینگن کا کیسرول ہے جسے بینگن، کوفتے، ٹماٹر، پیاز اور لہسن کے تلے ہوئے ٹکڑوں سے بنایا جاتا ہے۔ یہ سب بیکنگ ڈش میں رکھے جاتے ہیں اور آلو کے ٹکڑوں سے ڈھانپ کر بیک کیا جاتا ہے

    پاکستان :
    کوئی بھی پاکستانی افطار فروٹ چاٹ کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، جو کہ چاٹ مسالہ کے ساتھ بنا ہوا تازہ پھلوں کا سلاد ہے۔ وہاں پر دہی کے شولے اور بیسن کے پکوڑے افطار میں بہت عام ہیں۔

    فلسطین :
    فلسطینیوں کا افطار مینو اس وقت مکمل ہوتا ہے جب دسترخوان پر مقلوبہ ہوتا ہے۔ یہ چاول کی ایک ڈش ہے جس میں گوشت شامل ہوتا ہے۔ اس میں چاول اور مرغی کا گوشت ملا کر کھایا جاتا ہے۔

    شام :
    محشی مشرقی وسطیٰ کی اہم ڈش ہے۔ محشی میں گھیاتوری، بینگن اور انگور کی بیل کے پتے استعمال ہوتے ہیں، جن میں چاول، مصالحے اور گوشت کے قیمے سے بنا آمیزہ بھرا جاتا ہے، اور پھر ٹماٹر کی چٹنی اور پودینے کے خشک پتوں میں گھنٹہ تک پکایا جاتا ہے۔

    سوڈان :
    سوڈان میں رمضان کے لیے ایک لازمی ڈش عصیدہ اور ملاح ہے۔ عصیدہ ایک قسم کا حلوہ ہے جو گندم کے آٹے سے بنایا جاتا ہے، اور بعض اوقات مکھن یا شہد بھی شامل کیا جاتا ہے۔ اسے ملاح یا اسٹو کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔

    تنزانیہ :
    "قیمات” زعفران کے ذائقے والے چینی کے شربت میں ڈھکے ہوئے کرکرے تلے ہوئے میٹھے پکوڑے، تنزانیہ میں رمضان کا خاص کھانا ہے جو افطار میں کھجور کے ساتھ یا رات کے کھانے کے بعد میٹھے کے طور پر بھی کھائے جاتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات :
    "ثرید” ایک روایتی اماراتی ڈش ہے جو روٹی کے ٹکڑوں اور شوربے سے تیار کی جاتی ہے۔ غذائیت سے بھرپور ٹماٹر سے بنا شوربہ جسے سلونا کہا جاتا ہے اس میں گوشت، یخنی، مسالہ، گاجر اور آلو شامل ہوتے ہیں

    یمن :
    "فتّة” گھر کی بنی پیٹا روٹی، گرم دودھ، یمنی گھی یا خالص مکھن، اور شہد سے بنایا جاتا ہے۔

  • وائرل ویڈیو: افطاری کا سامان نہ دینے پر پولیس افسر کی بیکری ملازم کو دھمکیاں

    وائرل ویڈیو: افطاری کا سامان نہ دینے پر پولیس افسر کی بیکری ملازم کو دھمکیاں

    حیدرآباد: سندھ کے شہر حیدرآباد میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں افطاری کا سامان نہ دیے جانے پر پولیس افسر نے بیکری ملازم کو دھمکیاں دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں مبینہ طور پر مفت افطاری نہ ملنے پر پولیس افسر آپے سے باہر ہو گیا، بیکری ملازم کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں، واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

    ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس افسر کی شناخت اختر کٹپر کے نام سے ہوئی ہے جو کہ مختلف تھانوں میں ایس ایچ او رہ چکا ہے۔ اختر کٹپر کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے، پولیس افسر نے کہا ’’میں نے مفت میں سامان کا نہیں کہا، بیکری میں آدھا سامان دے کر رقم پوری لی گئی تھی۔‘‘

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتاہے کہ ایس ایچ او خالد بیکری ملازم غفار ہاجانو کو کہتا ہے کون ہو تم، سب چور ہو تم لوگ، میں نے کئی لوگوں کو پکڑا ہے جی آر او کالونی میں، سیری اور مٹیاری کی ہاجانو برادری کو جانتا ہوں، ایسے جوتے ماروں گا کہ زندگی بھر یاد رکھو گے، وہ حال کروں گا کہ رات کو گھر بھی نہیں جا پاؤ گے، کیا سمجھتے ہو تم خود کو سب چور ہو۔

    پولیس افسر نے کہا تم نے کیسے کہہ دیا کہ روزہ کھولنے کے لیے سامان نہیں ہے، جاؤ اپنے وڈیروں کو لے کر آؤ، سب کو جانتا ہوں، مہمان میرے گھر بیٹھے ہیں اور یہ کہتا ہے کہ سامان نہیں ہے۔

  • افطاری میں ’امرود کا شربت‘ گھر میں بنا کر لازمی پئیں

    افطاری میں ’امرود کا شربت‘ گھر میں بنا کر لازمی پئیں

    روزہ رکھنے کے بعد شام کو افطار کے وقت ہمارا معدہ بالکل خالی ہوتا ہے اور اگر اس کو تلی ہوئی اشیاء یا مرغن غذاؤں سے بھر دیں گے تو یقیناً صحت پر اس کا برا اثر ہی پڑے گا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں معروف شیف ثمرین جنید نے معدے کی تیزابیت سے بچنے اور پیٹ بھرنے کیلئے ناظرین کو مفید مشورے بھی دیے اور مختلف صحت مند اشیاء بنانے کی ترکیب بھی بیان کی۔

    انہوں نے بتایا کہ افطار کے وقت زیادہ تر ان چیزوں کو کھائیں جو فرائی نہ کی گئی ہوں اور نہ ہی وہ مرغن ہوں بلکہ پھل فروٹ، مختلف اقسام کے سلاد اور دہی کا استعمال لازمی کریں۔

    انہوں نے کہا کی پیاس کی طلب کو پورا کرنے کیلئے سادہ پانی کے علاوہ اگر کوئی شربت پینا ہے تو گھر میں ہی امرود کا شربت بنائیں جو بہت آسان ہے۔ بازار کے ملنے والے پاؤڈر یا سوفٹ ڈرنکس سے ممکن ہو سکے اجتناب برتیں۔

    امرود کا شربت بنانے کیلئے ایک کلو امرود کچے پکے مکس لیں اس کو ایک برتن میں ڈال کر پانی شامل کریں اور اسے ہاتھ سے اتنا بلینڈ کریں کہ پیسٹ سا بن جائے، پھر اس کو چھان کر ابالنے کیلئے چولہے پر رکھ دیں۔

    اس کے اندر حسب ذائقہ کالا نمک اور ایک کلو امرود میں تین سے چار چمچ چینی شامل کرلیں، یا چینی کی جگہ اسٹیویا ڈالا جائے تو زیادہ اچھی بات ہے۔ ابالتے ہوئے اس میں چمچ چلاتے رہیں تاکہ زیادہ گاڑھا نہ ہوجائے اور ضرورت کے تحت اس میں چند گھونٹ پانی ڈال سکتے ہیں۔

    دس منٹ بعد اس میں جب ابال آّجائے تو اسے ٹھنڈا کرنے بوتلوں میں بھرلیں اور بعد میں ایک گلاس پانی میں ایک یا دو چمچ امرود کا پیسٹ شامل کرکے نوش فرمائیں۔

    اسٹویا کیا ہے ؟

    اسٹیویا ایک قدرتی میٹھا ہے جو اسٹیویا کے پودے کے پتوں سے حاصل کیا جاتا ہے چونکہ اس میں صفر کیلوریز ہیں لیکن یہ ٹیبل شوگر سے 200 گنا زیادہ میٹھی ہے، ایک چٹکی اسٹیویا پاؤڈر تقریباً ایک چائے کا چمچ ٹیبل شوگر کے برابر ہے۔

    اسٹیویا

    اس کے پتوں میں کرومیم، زنک، پوٹاشیم، میگنیشیم، کیلشیم، سیلینیم، تانبے، فاسفورسس، سٹییو میکرو اور مائیکرو یلیٹس کی بڑی تعداد اس میں موجود ہوتی ہے۔

  • ماہ رمضان میں یہ چیزیں کھانے سے لازمی اجتناب کریں

    ماہ رمضان میں یہ چیزیں کھانے سے لازمی اجتناب کریں

    رمضان کے ماہ مقدس میں انسان کو نہ صرف جسمانی بلکہ روحانی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔ کئی گھنٹوں تک معدہ خالی رہنے کے باعث جسم میں کچھ تبدیلیاں بھی آتی ہیں۔

    پورے دن میں صرف دو وقت کھانا کھانے سے صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہی لیکن یہ اسی وقت ممکن ہے کہ جب افطاری اور سحری میں متوازن اور صحت مند غذا کا استعمال کیا جائے

    رمضان المبارک میں صحت مند رہنے کیلیے ماہرین صحت کا مشورہ ہے کہ روزہ داروں کو سحر وافطار میں مندرجہ ذیل پکوانوں یا بازاری کھانوں سے پرہیز کرنا چاہیے۔

    ماہ رمضان میں ہر ممکن کوشش کی جائے کہ سحری کے اوقات میں ایسی غذا کا استعمال کیا جائے جو کہ وٹامنز، معدنیات سے بھرپور ہوں اور ان کیلوریز کی کمی کو پورا کریں جو دن کے وقت روزے کے دوران جسم سے ضائع ہوتی ہیں۔

    اس حوالے سے سحر و افطار میں تلی ہوئی اور چکنائی سے بھرپور غذائیں استعمال کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس کا استعمال آپ میں تھکاوٹ کے احساس کو بڑھا سکتا ہے اور یہ کھانا آپ کے معدے میں صحت مند کھانے کی جگہ لے کر صحت کیلیے نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے۔

    iftar

    نمک سے بھرپور غذائیں جسم میں پانی کی کمی کا باعث بنتی ہیں اور اس کا زیادہ استعمال اس موسم میں آپ کو دوران روزہ نڈھال کرسکتا ہے اس لیے ایسی غذاؤں سے بھی پرہیز ہی بہتر ہوگا۔

    شکر کا زیادہ استعمال تو عام دنوں میں ہی صحت کیلیے کافی نقصان دہ ہوتا ہے لیکن یہاں شکر سے مراد صرف مٹھائیاں ہی نہیں بلکہ مٹھاس سے بھرپور دیگر غذائیں بھی ہیں جن میں عام طور پر کیلوریز بہت زیادہ ہوتی ہے لیکن صحت بخش ہرگز نہیں یہ غذائیں جسم کو جلد اور مختصر مدت کیلیے توانائی ضرور فراہم کرتی ہیں لیکن انہیں کھانے کے بعد جلد ہی تھکاوٹ کا احساس ہوتا ہے۔

    جنک فوڈز

    کیفین کا زیادہ استعمال جسم میں مائعات کو کم کرتا ہے اور اس کے استعمال کے بعد پیاس کا احساس تیز ہوجاتا ہے کیونکہ کیفین ایک ڈائیوریٹک ہے اس لیے سحر و افطار بالخصوص سحری کے دوران کیفین والے کھانے اور مشروبات جن میں سب سے اہم کافی، چائے اور چاکلیٹ شامل ہیں کھانے پینے سے گریز کریں یا کم سے کم استعمال کریں۔

    سادہ یا ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل غذائیں جن میں سفید روٹی اور پیسٹری وغیرہ شامل ہے یہ غذائیں جلد ہضم ہوجاتی ہیں اور اسی وجہ سے جلد بھوک کا احساس ہونے لگتا ہے اس لیے ایسی غذاؤں کا استعمال بھی کم سے کم کیا جائے تو بہتر ہے۔

    کولڈ ڈرنکس

    سافٹ ڈرنکس معدے میں جلن کا باعث بنتے ہیں خاص طور پر اگر وہ ٹھنڈے ہوں۔ یہ مشروبات بدہضمی کا باعث بھی بن سکتے ہیں اس لیے ان کی جگہ اگر ایک گلاس سادہ پانی پی لیا جائے تو وہ زیادہ بہتر ہے۔

  • کفر کا نظام چل سکتا مگر ظلم کا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی

    کفر کا نظام چل سکتا مگر ظلم کا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی

    لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا پیسہ چوری ہوکر باہرگیا، دبئی میں پاکستانیوں کے 10.4 ارب ڈالرز پراپرٹی کی صورت میں موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق زمان پارک کے باہر افطار کے وقت کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے شریف خاندان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی اربوں کی پراپرٹیاں لندن میں ہیں جبکہ لندن میں کوئی کاروبار نہیں کرتا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے پیسہ ڈالر میں باہر جاتا ہے اور یہ پیسہ یہاں سے چوری کرکے لیجایا گیا، اس وقت پاکستانیوں کا 10.4ارب ڈالر پراپرٹی کی صورت میں دبئی میں پڑا ہے۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حضرت علی کا قول ہےکہ ‘کفر کا نظام چل سکتا مگر ظلم کا نہیں’۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی گذشتہ کئی دنوں سے زمان پارک کے باہر موجود کارکنان کے ساتھ افطار کرتے ہیں اور ان سے مختصر خطاب بھی کرتے ہیں۔

    عمران خان افطاری کے دوران کارکنان میں گھل مل جاتے ہیں جبکہ اس دوران وہ بچوں کے ساتھ فوٹو سیشن اور انہیں اپنے ساتھ بٹھاکر افطاری بھی کراتے ہیں، عمران خان کے ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوتے ہیں اور صارفین اپنے اپنے انداز پر اس پر کمنٹ کرتے ہیں۔

  • رمضان میں اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    رمضان میں اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے رمضان المبارک میں اندرون ملک جانے والی پروازوں کے حوالے سے اہم اعلان کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی اے اے نے رمضان المبارک کے دوران ملک کے اندر پروازوں میں مسافروں کو افطاری باکس فراہمی کی اجازت دے دی ہے۔

    ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے این سی او سی کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ این سی او سی اجلاس میں مسافروں کو رمضان المبارک میں کھانے کی فراہمی کی اجازت دی گئی ہے۔

    ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں ایئر لائنز کو روزہ داروں کے لیے خاص انتظامات کر نے کی اجازت دی گئی ہے، سی اے اے نے ہدایت جاری کی ہے کہ ایئر لائنز روزہ داروں کے لیے افطاری باکس چیک ان کاؤنٹر پر افطاری کے وقت فراہم کریں گی۔

    سی اے اے کے مطابق اندرون ملک پروازوں میں کھانے کی فراہمی ماہ مقدس کے اختتام پر ختم ہو جائے گی، خیال رہے کہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث اندرون ملک فلائٹس میں دوران پرواز اشیائے خور و نوش کی فراہمی پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ رمضان المبارک میں بھی دوران پرواز مسافروں کو فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔

  • برطانیہ میں افطاری کے لیے نکلنے والی لڑکی کو گولی مار دی گئی

    برطانیہ میں افطاری کے لیے نکلنے والی لڑکی کو گولی مار دی گئی

    مانچسٹر: برطانیہ میں لنکا شائر کے صنعتی علاقے بلیک برن میں کار سوار ملزم کی فائرنگ سے 19 سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق بلیک برن میں مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کو نامعلوم کار سوار شخص نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

    بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق لڑکی کا تعلق مسلم کمیونٹی سے ہے، اور وہ گھر سے افطاری کا سامان لینے کے لیے نکلی تھی، پولیس نے قتل کے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

    یہ واقعہ گزشتہ روز کنگ اسٹریٹ پر 3 بجے سہ پہر پیش آیا، علاقے میں گولی چلنے کی آواز سنی گئی اور اس کے بعد ایک نوجوان لڑکی کو سڑک پر بے حس حرکت پایا گیا، جسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا تاہم اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی عمر 19 سال تھی، اس کی فیملی کو بھی مطلع کر دیا گیا، پولیس نے عوام سے اپیل بھی کر دی ہے کہ اگر کسی نے اس واقعے کو رونما ہوتے دیکھا ہو تو رابطہ کرے۔

    لندن؛ حملے میں زخمی موذن نماز جمعہ کیلیے مسجد پہنچ گئے

    انویسٹی گیشن ٹیم کے افسر جوناتھن ہومز کا کہنا تھا کہ یہ افسوس ناک اور بے رحم قتل ہے جس نے ایک لڑکی سے اس کی زندگی چھین لی، ہم دکھ کی اس گھڑی میں لڑکی کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے ذمہ دار کو پکڑا جائے گا، ہمارا خیال ہے کہ ہلکے رنگ کی ایک ٹویوٹا ایوینس گاڑی اس واقعے میں ملوث ہو سکتی ہے۔

  • پھلوں کے بادشاہ آم کی برآمدات کا آغاز 20 مئی سے ہوگا

    پھلوں کے بادشاہ آم کی برآمدات کا آغاز 20 مئی سے ہوگا

    کراچی: رمضان کا آغاز ہو چکا ہے تاہم شہر قائد کے شہری ابھی تک آم کے ذائقے سے محروم ہیں، ادھر ایکسپورٹر ایسوسی ایشن نے بتایا ہے کہ پھلوں کے بادشاہ آم کی برآمدات کا آغاز 20 مئی سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپوٹرز ایسوی ایشن کا کہنا ہے کہ 20 مئی سے آم کی برآمدات کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

    ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ رواں سیزن آم کی پیداوار 18 لاکھ ٹن رہی ہے، جس میں سے ایک لاکھ ٹن آم برآمد کیا جائے گا۔

    فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپوٹرز ایسوسی ایشن کے وحید احمد نے بتایا کہ آم کی برآمد سے 8 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا، موسمی تبدیلی کی وجہ سے پیداوار میں 30 فی صد کمی کا سامنا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  رمضان المبارک: پاکستان بھر میں کھجور کی قیمتوں میں چالیس سے پچاس فیصد اضافہ

    خیال رہے کہ آموں کا موسم شروع ہونے کو ہے، ادھر رمضان کا آغاز ہو چکا ہے اور روزہ داروں کی افطاریاں بغیر آم کے گزر رہی ہیں تاہم چند دن میں یہ انتظار ختم ہونے کو ہے۔

    واضح رہے کہ رمضان المبارک کا آغاز ہونے کے باوجود بھی کھجورکی قیمت کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئیں اور قیمتوں میں چالیس تا پچاس فیصد اضافہ ہوگیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  رمضان میں مہنگے پھلوں کی خریداری کی بائیکاٹ مہم شروع کرنے کا اعلان

    خیال رہے کہ گزشتہ برس کی طرح کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے کراچی میں رمضان کے پہلے عشرے میں مہنگے پھلوں کی خریداری کی بائیکاٹ مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا صارفین ذخیرہ اندوز منافع خوروں کی سازش کو اپنے کامیاب بائیکاٹ مہم سے ناکام بنائیں۔

  • مزیدار چٹنیاں جس کے بغیر افطاری کا دسترخوان بے رونق

    مزیدار چٹنیاں جس کے بغیر افطاری کا دسترخوان بے رونق

    سحر و افطار کا اہتمام کرنا رمضان المبارک کی اہم روایت ہے اور رمضان مین صحت بخش غذا کا انتخاب آپ کو صحت مند اور توانا رکھتا ہے، پکوڑے٬ سموسے٬ فروٹ چاٹ اور دہی بڑوں کے بغیر افطاری ادھوری سی لگتی ہے، افطار میں موجود سموسے ہو یا پکوڑے بغیر مزیدار چٹنی مزہ نہیں دیتے ، چٹنیاں ان اشیاﺀ کے ذائقے میں مزید اضافہ کردیتی ہے۔

    سموسے٬ پکوڑے یا رول کے ساتھ پیش کرنے کے لیے مزیدار چٹنیاں اب آپ گھر پر بھی تیار کرسکتی ہیں۔

    آلو بخارے کی چٹنی


    اجزاء

    آلو بخارا – ایک پاؤ

    چی – ایک پاؤ

    بادام کی گری – دس عدد

    کشمش – آدھا چھٹانک

    لہسن – چار جوئے

    ثابت مرچ – چار عدد

    کلونجی – ایک چائے کا چمچ

    سفید سرکہ – ½ پیالی

    نمک – آدھا چائے کا چمچ

     

    ترکیب

    الو بخاروں کو گرم پانی میں بھگودیں، جب وہ نرم پڑجائیں تو ہاتھ سے اچھی طرح میش کرلیں، اب اس میں 1 پیالی املی کا گاڑھا رس ملادیں، پھر ایک مٹی کی ہانڈی میں املی، آلو بخارے، چینی یا گڑھ، ابلے بادام، باریک کٹی لہسن، عدد ثابت لال مرچ، کلونجی اورسفید سرکہ ملا کر ہلکی آنچ پر پکالیں۔، گاڑھی ہونے کے بعد چولھے سے اتارلیں اور ٹھنڈا کرلیں۔

    املی اور پودینے کی چٹنی


    اجزا

    املی کا رس – ایک کپ

    پودنہ – آدھی گٹھی

    لال مرچ پاؤڈر – ایک کھانے کا چمچ

    زیرہ – ایک کھانے کا چمچ

    نمک – حسب ضرورت

    ترکیب

    سب سے پہلے املی کو ایک کپ پانی میں 20منٹ کے لیے بھگو دیں پھر املی کا رس نکالیں ، اب بلینڈر میں املی کا رس ، زیرہ، لال مرچ پاؤڈر ، پودینہ اور نمک ڈال کر بلینڈ کر لیں، مزیدار املی اور پودنہ کی چٹنی تیار ہے، پکوڑوں کے ساتھ سرو کریں۔

    ہری چٹنی


    اجزا

    ہرا دھنیا -ایک گٹھی

    لہسن – 2عدد

    ہری مرچ – 2 سے 3عدد

    پیاز – آدھی

    سفید زیرہ – ایک کھانے کا چمچ

    نمک – حسب ضرورت

    سفید تل – ڈیڑھ کھانے کا چمچ

    تیل – 2 کھانے کے چمچ

    املی کا رس – 2 کھانے کے چمچ

    ترکیب

    ایک بلینڈر میں ہرا دھنیا، لہسن، ہری مرچ ، پیاز ،سفید زیرہ ، نمک، سفید تل ،تیل اور املی کا رس ڈال کر بلینڈ کر لیں ، ہری چٹنی تیار ہے۔

    املی کی چٹنی


    اجزاء

    املی – ایک پاؤ

    پانی – دو پیالی

    پسی لال مرچ – ایک کھانے کا چمچ

    سونٹھ – تین کھانے کے چمچ (پسی ہوئی)

    سفید زیرہ – ایک کھانے کا چمچ (بھنا اور پسا ہوا)

    کالا نمک – ایک چٹکی

    نمک – حسبِ ذائقہ

    ترکیب

    پہلے اِملی کو گرم پانی میں ڈال کر گاڑھا رس نکال لیں، اب اسے ایک نان اسٹک پین میں ڈال کر پسی لال مرچ، پسی ہوئی سونٹھ اور بھنا اور پسا ہوا سفید زیرہ کے ساتھ پانچ منٹ پکا لیں۔

    پھر اسے اُتار کر ٹھنڈا ہونے دیں، آخر میں کالا نمک اور نمک ڈالیں، مزے دار اِملی کی چٹنی تیار ہے۔

    کیری کی چٹنی 


    اجزاء

    آم – کچے ایک کلو

    چینی – ایک کلو

    نمک – ایک چائے کا چمچ

    سرخ مرچ – ایک کھانے کا چمچ

    پیاز – ایک عدد

    ادرک – کٹی ہوئی ایک کھانے کا چمچ

    لہسن – پسا ہوا۔ ایک کھانے کا چمچ

    سرکہ – ایک پیالی

    بادام – ایک چھوٹی پیالی۔ بھگو کر چھیل لیں

    کشمش – تھوڑی سی

    کالی مرچ – ایک چائے کا چمچ

    کوکنگ آئل – ایک پیالی

    ترکیب

    آم چھیل کر چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ اس میں پانی ڈال کر دو چار ابال دے کر اتار لیں اور چھلنی میں ڈال کر خشک کر لیں۔ دیگچی میں آئل گرم کر کے پیاز ہلکی پراون کریں اور آئل سے نکال لیں ۔ اسی آئل میں لہسن ڈال کر چمچہ چلائیں اور آموں کے ٹکڑے بھی اس میں ڈال کر فرائی کریں اور پھر انہیں بھی نکال لیں ۔ اس میں اب سرخ مرچ اور ادرک ڈال کر فرائی کریں اور پھر پیاز ، آم ، کشمش ، بادام ، کالی مرچ اور چینی ڈال دیں۔ تھوڑا سا چمچ چلائیں تاکہ چینی پانی چھوڑ دے۔ ایک کپ پانی ڈالیں ، جب شیرا گاڑھا جو جائے اور آم گل جائیں تو اتار لیں اور سرکہ ملا لیں ۔ ٹھنڈا ہونے پر آپ اس کو مرتبان میں بھی محفوظ کر سکتے ہیں۔

    ٹماٹر کی چٹنی


    اجزاء

    ٹماٹر – 3عدد

    لال مرچ – آدھا چمچ

    سرکہ – 2چمچ

    لہسن – ایک چمچ پیسا ہوا

    کارن فلور – ایک چمچ

    نمک – حسب ضرورت

     

    ترکیب

    ٹماٹر کو ایک برتن میں ابلنے کے لیے رکھ دیں ،جب ٹماٹر نرم ہو جائیں تو انکا چھلکا اتار لیں، اب بلینڈر میں ٹماٹر،لال مرچ، سرکہ لہسن ،کارن فلاور اور نمک ڈال کر بلینڈ کر لیں ،اب اس کو ایک جگ میں رکھ کر محفوظ کر لیں مزیدار ٹماٹر چٹنی تیار ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں