Tag: افطار دستر خوان

  • افطار میں چنے کی چاٹ صحت کیلیے کتنی فائدہ مند ہے؟

    افطار میں چنے کی چاٹ صحت کیلیے کتنی فائدہ مند ہے؟

    ماہ رمضان میں لوگ سحر و افطار میں طرح طرح کے پکوان بناتے ہیں لیکن اگر افطار دسترخوان میں چنے کی چاٹ نہ ہو تو اس کے بغیر افطاری ادھوری سی لگتی ہے۔

    چاٹ اگر چنے کی ہو اور ساتھ آلو بھی ہوں تو پھر تو بات ہی الگ ہے تو آج پیش خدمت  ہے آپ کے لئے چنا چاٹ آپ بھی خود اپنے گھر بنا سکتے ہیں۔

    چنے نہ صرف ذائقے دار ہوتے ہیں بلکہ یہ صحت کے لیے بھی بہت مفید ہیں۔ چنے غذائیت سے بھرپور خوراک ہے جن میں وٹامن، فائبر اور پروٹین وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔

    امریکہ کے ہارورڈ میڈیکل اسکول کے ایک مضمون کے مطابق ایک کپ پکے ہوئے چنوں میں 14.5 گرام پلانٹ بیسڈ پروٹین پایا جاتا ہے۔

    پلانٹ بیسڈ پروٹین ایسا پروٹین ہوتا ہے جو دالوں، سبزیوں، بیج اور خشک میوے جات سے حاصل کیا جاتا ہے۔

    ایک کپ پکے ہوئے چنوں میں 12.5 گرام فائبر بھی پایا جاتا ہے جو نظامِ ہاضمہ کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے۔

    ہارورڈ میڈیکل اسکول کے مضمون کے مطابق چنے آپ کا پیٹ دیر تک بھرا رکھتے ہیں جس سے آپ کو جلد بھوک محسوس نہیں ہوتی۔

    پروٹین اور فائبر کے علاوہ چنوں میں بہت سے وٹامن اور منرلز بھی پائے جاتے ہیں۔ ان میں وافر مقدار میں مینگنیز پایا جاتا ہے جو دماغ کے لیے فائدے مند ہوتا ہے۔

    چنوں میں وٹامن بی، کاپر، آئرن، زنک اور فاسفورس بھی پایا جاتا ہے۔اس کے علاوہ چنوں میں وٹامن اے، ای اور سی بھی موجود ہوتا ہے۔

    آلو چنا چاٹ بنانے کی ترکیب

    ایک پیالے میں کابلی چنے، آلو ، ہری مرچ، پیاز، لیموں کا رس، چینی، زیرہ، پسی لال مرچ، کٹی لال مرچ، چاٹ مصالحہ، نمک، ٹماٹر اور ہرا دھنیا ڈال کر اچھے سے مکس کریں۔

    اب اس پر ہرا دھنیا، املی کی چٹنی اور پاپڑی ڈال کر سرو کریں۔اگر آپ چاہیں تو لیمو بھی ڈال سکتے ہیں۔

  • ابوظہبی کی شیخ زید گرینڈ مسجد میں سب سے بڑا افطار دستر خوان سج گیا

    ابوظہبی کی شیخ زید گرینڈ مسجد میں سب سے بڑا افطار دستر خوان سج گیا

    ابوظہبی کی شیخ زید گرینڈ مسجد میں متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا دستر خوان سج گیا، روزانہ 35 ہزار سے زائد افراد کیلئے افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تمام افراد کو افطار اور کھانے کی سہولیات پہنچانے کے لیے روزانہ بارہ ٹن مرغی اور چھ ٹن بکرے کا گوشت پکایا جاتا ہے جن سے مزیدار طعام بنانے کے لیے تقریباً ایک ہزار اسٹاف تعینات ہے۔

    یہ سب مل کر حفظانِ صحت کے بین الاقوامی معیارات کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے کھانے کی خریداری، صفائی، پکوان کی تیاری اور دیگر امور سنبھالتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ابوظہبی کی شیخ زید مسجد میں افطاری کا اہتمام ہر سال کیا جاتا ہے۔

    دوسری جانب واضح رہے کہ دبئی پولیس نے رمضان المبارک کی مناسبت سے ”عقلمندی سے عطیہ دیں ”کے عنوان سے ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔

    دبئی پولیس کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کا مقصد عوام کو پیشہ ور گداگروں کے دھوکے سے بچانا اور مستحق افراد کی صحیح طریقے سے مدد کو یقینی بنانا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سڑکوں، مساجد اور عوامی مقامات کے قریب گھومنے والے گداگروں کی جھوٹی کہانیوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔

    دبئی پولیس کے مطابق یہ پیشہ ور گداگر لوگوں کی ہمدردی کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں اور ان کے عطیات کو غلط استعمال کرتے ہیں۔

    دبئی نے ویزا اور دیگر سروسز کیلیے نئی سہولت فراہم کر دی

    پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عطیات صرف مستند فلاحی اداروں کو دیں اور گداگری کی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

    پولیس کے مطابق ذمہ داری سے عطیات دینے سے نہ صرف کمیونٹی محفوظ رہے گی بلکہ اصل مستحق افراد کو ان کا حق مل سکے گا۔

  • سعودی عرب میں تین نسلوں کو اکھٹا کرنے والا ”افطار دستر خوان“

    سعودی عرب میں تین نسلوں کو اکھٹا کرنے والا ”افطار دستر خوان“

    سعودی عرب میں جدہ کے علاقے العماریہ کے شہری ”افطار دستر خوان“ کے حوالے سے آج بھی سالوں پرانی روایت پر قائم ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق ”افطار دستر خوان“ میں شامل ہونے والے بیشتر افراد دیگر علاقوں میں منتقل ہوچکے ہیں، اس کے باوجود ماہ مقدس میں ہونے والی اس اجتماعی افطار میں ضرور شریک ہوتے ہیں۔

    اخبار 24 کی رپورٹ کے مطابق ایک نوجوان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے بڑوں سے اس روایت کے بارے میں سنا تھا اور آج ہم اس پر اسی طرح عمل کرتے ہیں جس طرح ہمارے بزرگ کرتے تھے۔

    نوجوان نے کہا کہ اگرچہ روز مرہ کی بڑھتی ہوئی مصروفیات کے باعث بیشتر اہل علاقہ دوسرے مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں، اس کے باوجود رمضان کا افطار دسترخوان ہم سب کو اکٹھا کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

    اس روایت کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ دور دراز مقامات پرمنتقل ہوجانے والے اہل محلہ سال میں کم از کم ایک بار رابطہ قائم کرلیتے ہیں، جس سے ہمارا باہمی تعلق مزید گہرا ہوجاتا ہے۔

    میکڈونلڈ نے مسلم ممالک میں ہونے والے بائیکاٹ سے پریشان ہوکر حل نکال لیا

    العماریہ محلے سے منتقل ہونے والے شہری عبید نے بتایا کہ ’رمضان کا افطار دستر خوان ہم سب کو جمع کرنے کا ایک بہانہ ہے۔ اجتماعی افطاری پر اکھٹے ہو کر ہم اپنے ماضی کو یاد کرتے ہیں جو خوش آئند ہے۔

  • طویل ترین افطار دستر خوان کا اہتمام کس ملک میں کیا جاتا ہے؟

    طویل ترین افطار دستر خوان کا اہتمام کس ملک میں کیا جاتا ہے؟

    دنیا بھر میں لوگ رمضان کے با برکت مہینے کی رحمتوں کو سمیٹنے کے لئے سحر و افطار کا اہتمام کراتے ہیں، مصر کے دار الحکومت قاہرہ کے قدیم محلے المطریہ میں مشرق وسطی کے طویل ترین عوامی دستر خوان کا اہتمام کیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اہل محلہ کی ذاتی کوشش کے باعث اہل علاقہ کے علاوہ سیاحوں کی بھی بڑی تعداد افطار کرنے کے لئے یہاں پہنچتی ہے، جہاں روح پرور مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔

    اہل محلہ کی ذاتی کوششوں کے سبب رواں سال بھی 750 میٹر طویل دستر خوان بچھایا گیا جس میں میڈیا نمائندوں کے علاوہ سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    اس دستر خوان کی خاص بات یہ ہے کہ یہ جن گھروں کے سامنے سے گزرتا ہے ان گھروں کے رہنے والوں کی جانب سے مختلف اقسام کے لذیذ کھانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ 10 سال سے ہر 15 ویں رمضان کو یہاں عوامی دستر خوان کا اہتمام ہوتا ہے جو آہستہ آہستہ قومی تہوار بنتا جارہا ہے۔ امسال عوامی دستر خوان میں کم و بیش 10 ہزار افراد شریک ہوئے۔

    بھارت میں ہولی کا تہوار، مساجد کو ڈھانپ دیا گیا

    رپورٹس کے مطابق محلے کے 5 لڑکوں نے 2013 میں عوامی دستر خوان کا آغاز کیا تھا، جسے اہل محلہ کی جانب سے خوب پذیرائی ملی اور ہر سال دستر خوان بڑھتا چلا گیا۔