Tag: افطار

  • دمام: 17ویں افطار خیمے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں

    دمام: 17ویں افطار خیمے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں

    دمام میں فلاحی تنظیم ’نور‘ کی جانب سے ماہ رمضان المبارک افطار خیمے کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، فلاحی تنظیم ’نور‘ کی جانب سے گزشتہ 16 برسوں سے مستقل بنیادوں افطاری دسترخوان کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افطار خیمے میں نومسلموں کو بھی مدعو کیا جاتا ہے، ریجنل فلاحی تنظیم کی جانب سے امسال 50 ہزار افراد کے لیے افطار کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق افطار خیمے میں آنے والوں کے لیے احکام رمضان اور دیگر موضوعات پر مختلف زبانوں میں خصوصی درس کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

    تنظیم کے چیئرمین عبدالھادی الشمری کے مطابق امسال لگایا جانے والا 17 افطار خیمہ دمام کی شاہ فہد شاہراہ پر جامع مسجد الفرقان کے ساتھ ہوگا۔

    غزہ میں جاری جنگ ’تہذیب انسانی کیلیے باعث شرم‘ہے، چین

    فلاحی تنظیم ”نور“ ماہ رمضان میں مفت عمرہ کرانے کا اہتمام بھی کرتی ہے، جس کے تحت لوگوں کو دمام سے مکہ مکرمہ لانے اور واپس لے جانے کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ سروس مہیا کی جاتی ہے۔

  • افطار میں مزیدار ’’بریڈ اسٹفنگ‘‘ بنائیں

    افطار میں مزیدار ’’بریڈ اسٹفنگ‘‘ بنائیں

    ماہ رمضان میں ہر خاتون خانہ کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کیلئے سحر اور افطار میں اچھے اور ذائقے دار پکوان بنا کر دسترخوان پر رکھے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں خاتون شیف صبا نے ناظرین کو مزیدار ’’بریڈ اسٹفنگ‘‘ بنانے کی ترکیب بتائی جو بنانے میں بھی نہایت آسان ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بازار سے رول پٹیاں (پانڈا پٹی) تو مل جاتی ہیں اگر نہ مل سکیں تو ڈبل روٹی (بریڈ) اس کا بہترین متبادل ہے۔

    صبا نے کہا کہ بریڈ اسٹفنگ تین فلنگ کے طریقوں سے بنائی جاتی ہے جس میں پہلے آلو اور پھر سبزیاں اور تیسری چیز چکن بھر کر بنایا جاتا ہے۔

    اس کیلیے آلو کا بھرتا بنا کر اس میں پیاز پسی ہوئی کالی مرچ اور دیگر مسالے جو بھرتے میں استعمال کیے جاتے ہیں انہیں بریڈ میں بھر کر بنا سکتے ہیں اگر چکن پاؤڈر شامل کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ میں نے دوسری فلنگ میں چکن کے ساتھ چیز اور تکہ مسالہ شامل کیا ہے اور ڈبل روٹی کو پتلا کرکے اس میں چکن ڈالیں اور چاروں طرف سے موڑ کر درمیان میں توتھ پک لگا کر اسے فرائی کرلیں۔ اسی طرح سبزی کا رول کا بھی بنے گا۔

  • ”افطار“ عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل

    ”افطار“ عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل

    رمضان المبارک میں کئے جانے والے ”افطار“ کواقوام متحدہ کی ثقافتی تنظیم یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونیسکو کی جانب سے ماہ رمضان کے اس اہم ترین حصے کو غیر محسوس ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    غیر محسوس ثقافتی ورثے میں ایسے عناصر شامل ہوتے ہیں جن کی کوئی ٹھوس شکل نہیں ہوتی، لیکن ایسے عناصر کو برادریوں یا قوموں کی ثقافت یا شناخت تصور کیا جاتا ہے، مثلاً رسم و رواج، علم، لوک داستان، روایات، عقائد،زبانیں وغیرہ اس فہرست میں شامل ہیں۔

    آذربائیجان، ازبکستان،ایران، ترکی نے مشترکہ طور پر یونیسکو سے درخواست کی تھی کہ افطاری کی مسلم سماجی روایت کو ثقافتی ورثے میں شامل کیا جائے۔

    یونیسکو کی بین الحکومتی کمیٹی نے غیر سرکاری ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے ثقافتی ورثے کے حصے کے طور پر افطار کی منظوری دی۔

    یونیسکو نے 6 دسمبر کو ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں ہر روز دنیا بھر کے مسلمان غروب آفتاب کے وقت افطار کرتے ہیں۔

    یونیسکو کے بیان کے مطابق افطار کے وقت لوگ ایک جگہ جمع ہوتے ہیں جس سے یکجہتی، سخاوت و سماجی بھلائی کو فروغ ملتا ہے اور خاندان اور برادری کے درمیان تعلقات مضبوط ہوتے ہیں۔

    بابا صدیق کی افطار پارٹی میں بالی ووڈ اداکاروں کی شرکت، تصاویر وائرل

    واضح رہے کہ زیادہ تر مسلم ممالک میں افطاری کے ابتداء میں کھجور کا استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ اس کے علاوہ دیگر لذیذ لوازمات اور مشروبات بھی پیش کئے جاتے ہیں۔

  • ‘پیسےکا بت بڑے بڑے انسان کو غلام بنا دیتا ہے’

    ‘پیسےکا بت بڑے بڑے انسان کو غلام بنا دیتا ہے’

    لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا میں عزت کمانی ہےتو سچائی،انصاف کرنیوالی خصوصیت ہونی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق زمان پارک کے باہر کارکنان کے ساتھ افطاری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عزت کا تعلق پیسوں سے نہیں سچائی اور انصاف سے ہوتا ہے، چاہتا ہوں کہ آپ سب لیڈر بنیں، لیڈر بننے کے لئے ہمارا  کردار اپنی نبی کریم ﷺ جیسا ہونا چاہئے۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی اس وقت تک مسلمان نہیں ہوسکتا جب تک وہ اللہ اور نبی ﷺ سے پیارنہ کرے،ہمیں عظیم انسان بنناہےتو اللہ کےنبی ﷺ کےراستےپرچلناچاہیے،ان جیسا نہ پہلے کبھی آیا نہ دوبارہ آئےگا،ان کی زندگی کو پڑھیں گےتو ان کی زندگی سےسیکھیں گے۔

    انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر بننے کے لئے سب سےپہلےصادق اورامین ہوناچاہیے،اس کے بعد دلیرہوناچاہیے،بزدل آدمی نوازشریف بن سکتاہےدلیرنہیں، میں نواز شریف کانام نہیں لیناچاہتاتھابس مثال دیناچاہتا تھا۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے لا الہ الااللہ سے دلیری حاصل کی ہے، یہ انسان کی غیرت کا دعویٰ ہے کہ اللہ میں تیرے سواکسی کےسامنےنہیں جھکتا۔

    کارکنان کو مخاطب کرتے عمران خان نے کہا کہ آپ جیسے نظریاتی کارکنان نکل رہے ہیں جن سے حقیقی آزادی آئے گی، کبھی بھی غلام بڑےکام نہیں کرسکتا وہ اچھےغلام رہتےہیں،آزاد انسان اچھےکام کرتے ہیں اوربلند پروازکرتےہیں۔

  • 7 ہزار فٹ کی بلندی پر افطار، تصاویر وائرل

    7 ہزار فٹ کی بلندی پر افطار، تصاویر وائرل

    ریاض: سعودی عرب کے پہاڑوں پر افطار کرنے والے چند لوگوں کی تصویر نے انٹرنیٹ صارفین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    العربیہ نیوز کے مطابق شہریوں کے ایک گروپ نے بلند و بالا فیفا پہاڑ کے کنارے پر بیٹھ کر افطاری کی، اس منظر کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں تو لوگ مسحور ہوگئے۔

    اتنی بلندی پر افطار کا یہ منظر خوبصورتی کے ساتھ ساتھ خوف اور حیرانی کے احساسات پیدا کر رہا ہے۔

    جازان میں ٹور گائیڈ بسام الفیفی نے اس منظر کو کیمرے کے لینز میں محفوظ کر کے امر کردیا، سوشل میڈیا پر اس تصویر پر بڑا رد عمل دیکھنے میں آیا اور تصاویر کی بے حد تعریف کی گئی۔

    فوٹو گرافر بسام الفیفی نے بتایا کہ میں فیفا کے علاقے میں سیاحتی دوروں کا اہتمام کرتا ہوں اور جازان کے علاقے میں سیاحتی تجربات کرنے میں مہارت رکھتا ہوں، میرے پاس مہمانوں کا ایک گروپ تھا اور میں نے ان خوبصورت لمحات کو ان کے ساتھ شیئر کرنے کی کوشش کی۔

    بسام کا کہنا تھا کہ انہوں نے روایتی ملبوسات پہن لیے، میں ان سے وعدہ کیا کہ وہ خطے کے مشہور پکوانوں کے درمیان افطاری کا ایک منفرد تجربہ کریں گے۔

    بسام نے مزید کہا کہ ہماری کاوش سے یہ تصویر سامنے آئی اور ہر کوئی ان لمحات سے لطف اندوز ہوا، سوشل میڈیا پر متحرک افراد نے اس فضائی فوٹو گرافی کے ذریعے اس تجربے کے دوران کھینچے گئے مناظر کی خوبصورتی کو سراہا اور اس فوٹیج کو بڑے پیمانے پر آگے شیئر کیا۔

    فیفا کے پہاڑ سعودی عرب کے انتہائی جنوب مغرب میں واقع ہیں، فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے یہ پسندیدہ مقام ہے، لوگوں کی بڑی تعداد خوبصورت ماحول اور دلکش فطرت سے لطف اندوز ہونے کے لیے اس خطے کا رخ کرتی ہے۔

    یہ خطہ جوش و خروش سے بھرپور اور بلند و بالا مقامات سے محبت کرنے والوں کے لیے موزوں ہے، یہاں پہاڑوں کا ایک سلسلہ موجود ہے۔ یہ خطہ سطح سمندر سے 7 ہزار فٹ بلند اور آثار قدیمہ کے متعدد مقامات لیے ہوئے ہے۔

    فیفا کے پہاڑوں کو ان کی بلندی، بادلوں کے ساتھ ان کے ملنے اور بادلوں کے اندر سے برسنے والی بارش کو دیکھنے کا موقع فراہم کرنے کے باعث جرات القمر یعنی چاند کے پڑوسی کہا جاتا ہے۔ یہ سلسلہ 18 پہاڑوں کو لیے ہوئے ہے اور یہاں جمالیاتی حس کو لطف دینے والے شاندار مظاہر موجود ہیں۔

  • عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ افطار پروگرام کا سلسلہ شروع کردیا

    عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ افطار پروگرام کا سلسلہ شروع کردیا

    اسلام آباد / لاہور: سابق وزیر اعظم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج گوجرانوالہ ڈویژن کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ افطارکریں گے اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ افطار پروگرام کا سلسلہ شروع کردیا، عمران خان روزانہ کی بنیاد پر مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے ساتھ افطار کریں گے۔

    عمران خان آج گوجرانوالہ ڈویژن کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ افطارکریں گے، اس دوران وہ کارکنوں کو آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

    گزشتہ روزعمران خان نے لاہور، قصور اور ننکانہ کے کارکنوں کے ساتھ افطار کیا جبکہ کل یعنی 3 اپریل سوموار کے روز عمران خان جنوبی پنجاب کے کارکنوں کے ساتھ افطار کریں گے۔

  • ویڈیو: افطار کے وقت لٹیروں نے دکان میں موجود افراد کو لوٹ لیا

    ویڈیو: افطار کے وقت لٹیروں نے دکان میں موجود افراد کو لوٹ لیا

    کراچی: ڈکیتوں نے روزہ داروں کا افطار کرنا بھی مشکل بنا دیا ہے، کراچی میں عین افطار کے وقت لٹیروں نے ایک دکان میں موجود افراد کو لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا، بلاک 14 میں افطار کے وقت لوٹ مار کی واردات ہوئی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی۔

    یہ واردات موٹر سائیکل سوار 2 لٹیروں نے کی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افطاری کرتے 9 افراد خوف کے عالم میں بیٹھے رہے، اور لٹیرے نے اطمینان سے کیش کاؤنٹر کا صفایا کیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مسلح لٹیرا اطمینان سے 9 افراد کی جیبوں سے بھی نقدی نکالتا رہا، جب کہ ایک شخص نے لٹیروں کو آتا دیکھ کر اپنی جیب سے پہلے ہی موبائل نکال کر دکان کے ایک کونے میں پھینک دیا تھا۔

    واردات کے دوران روزہ دار افطار بھی کرتے رہے، جب کہ ماسک لگائے لٹیرے واردات کر کے بہ آسانی فرار ہو گئے۔

  • افطار کے بعد سگریٹ پینے والے ہوشیار!

    افطار کے بعد سگریٹ پینے والے ہوشیار!

    رمضان المبارک کا روح پرور مہینہ جاری ہے اور اس ماہ میں مسلمان اس کی رحمتوں اور برکتوں سے فیض یاب ہونے میں مشغول ہیں۔ تاہم ایسے افراد جو روزہ کھولتے ہی سگریٹ پینے کے عادی ہیں وہ اپنے آپ کو جسمانی طور پر سخت خطرات میں مبتلا کردیتے ہیں۔

    ترکی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں ماہرین کا کہنا ہے کہ روزہ افطار کرنے کے بعد سگریٹ پینے سے زیادہ خطرناک عمل کوئی نہیں۔

    تحقیق کے مطابق افطار کے وقت جسم کو پانی، گلوکوز اور آکسیجن کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے میں سگریٹ کے ایک کش سے شریانیں سکڑ جاتی ہیں اور خون میں آکسیجن مناسب مقدار میں جذب نہیں ہوتی۔

    اس کے نتیجے میں خون گاڑھا ہو جاتا ہے جس سے اس کے جمنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، دل کی دھڑکن بے ربط ہو جاتی ہے، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور ان سب عوامل سے دل کی بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔

    تحقیق میں شامل ایک ماہر طب کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں افطار کے فوری بعد سگریٹ نوشی نہ صرف امراض قلب میں مبتلا کر سکتی ہے بلکہ اس کے ساتھ یہ جسمانی جھٹکوں اور ہاتھ پاؤں میں کپکپاہٹ کا باعث بھی بننے لگتی ہے۔

    تحقیق کے مطابق آسان لفظوں میں افطار کے فوراً بعد سگریٹ پینا آپ کی اچانک موت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

    ماہرین طب کا کہنا ہے کہ رمضان میں سگریٹ نوشی سے خون کی شریانوں کی دیواروں کو شدید نقصان پہنچتا ہے جو باقی سال بھر پہنچنے والے نقصان سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔ طویل وقفے کے بعد سگریٹ پینے سے جسم کا تمام مدافعتی نظام درہم برہم ہوجاتا ہے جو سخت نقصان دہ ہے۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ یوں تو سگریٹ نوشی کے خطرات کو دیکھتے ہوئے اس کا استعمال کم کردینے میں ہی عافیت ہے، تاہم اگر سگریٹ کی شدید طلب ہو تو افطار کے 30 سے 40 منٹ بعد سگریٹ نوشی کی جاسکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک سگریٹ نوشی ترک کرنے کا اچھا موقع ہے کیونکہ جب انسان روزے کی حالت میں دن بھر میں تقریباً 13 سے 14 گھنٹے تک سگریٹ نہیں پیتا، تو یہ عمل سال بھر بھی کرسکتا ہے۔

    اسی طرح روزے دار کی طبیعت میں نظم و ضبط بھی پیدا ہوجاتا ہے جس سے وہ سگریٹ نوشی سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کر سکتا ہے۔

  • افطار کے لیے مزیدار قیمے کی کچوریاں بنائیں

    افطار کے لیے مزیدار قیمے کی کچوریاں بنائیں

    ماہ رمضان میں افطار میں ایسی چیزیں کھانی ضروری ہیں جو ذائقہ دار بھی ہوں اور غذائیت بخش بھی تاکہ دن بھر کی توانائی کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔

    اسی لیے آج ہم آپ کو مزیدار قیمے کی کچوریاں بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    قیمہ: آدھا کلو

    پیاز آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی: 2 عدد درمیانی

    ادرک لہسن پسا ہوا: 1 کھانے کا چمچ

    لال مرچ پسی ہوئی: 1 چائے کا چمچ

    ثابت دھنیا: 1 کھانے کا چمچ

    کالی مرچ پسی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    سفید زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    ہری مرچیں باریک کٹی ہوئی: 3 سے 4 عدد

    ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا: 1 گٹھی

    لیموں کا رس: 2 کھانے کے چمچ

    میدہ: 1 کلو

    میٹھا سوڈا: 1 چائے کا چمچ

    اجوائن: آدھا چائے کا چمچ

    گھی: تلنے کے لیے

    ترکیب

    سب سے پہلے میدے میں نمک٬ میٹھا سوڈا، اجوائن اور 4 کھانے کے چمچ گھی ڈال کر 8 سے 10 منٹ تک اچھی طرح گوندھیں، پھر ململ کے گیلے کپڑے میں لپیٹ کر 10 سے 15 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    دیگچی میں ایک کھانے کا چمچ گھی درمیانی آنچ پر 2 سے 3 منٹ تک گرم کریں، قیمہ٬ ادرک لہسن٬ کالی مرچ اور لال مرچ ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ قیمے کا پانی خشک ہو جائے۔

    اب ثابت دھنیا اور زیرہ ڈال کر 2 سے 3 منٹ بھون لیں۔

    چولہے سے اتار کر اس میں پیاز٬ ہری مرچیں٬ ہرا دھنیا اور لیموں کا رس ملا لیں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

    کچوریوں کے لیے آٹے کے پیڑے بنا لیں اور ہاتھ کو گیلا کر کے پیڑے کو ذرا سا پھیلا لیں، ہر پیڑے میں ایک ایک چمچ قیمہ بھر کر پیڑے کو اچھی طرح بند کریں اور 10 سے 15 منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

    کڑاہی میں گھی کو درمیانی آنچ پر 3 سے 5 منٹ گرم کریں، دوبارہ ہاتھ کو گیلا کر کے پیڑے کو ہتھیلی پر رکھ کر ہلکا سا دبائیں۔

    گرم گھی میں سنہرا ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔

    کچوریوں کو ٹشو پیپر یا خاکی کاغذ پر نکال کر کیچپ اور چٹنی کے ساتھ گرما گرم سرو کریں۔

  • افطار کے لیے چکن چیز پراٹھا تیار کریں

    افطار کے لیے چکن چیز پراٹھا تیار کریں

    ماہ رمضان میں افطار میں ایسی چیزیں کھانی ضروری ہیں جو ذائقہ دار بھی ہوں اور غذائیت بخش بھی تاکہ دن بھر کی توانائی کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔

    اسی لیے آج ہم آپ کو چکن چیز پراٹھا بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    ڈو بنانے کے اجزا

    گندم کا آٹا: 2 کپ

    نمک: 1 چٹکی

    کھانے کا تیل: حسب ضرورت

    نیم گرم دودھ: حسب ضرورت

    چکن فلنگ کے اجزا

    ابلی ہوئی چکن کے ریشے: 300 گرام

    ہری مرچ چوپ کی ہوئی: 2 عدد

    نمک: حسب ضرورت

    گرم مصالحہ: 1 چوتھائی کھانے کا چمچ

    پیاز: 1 عدد

    ہرا دھنیہ: 2 کھانے کے چمچ

    دھنیہ پاؤڈر: آدھا کھانے کا چمچ

    لال مرچ کٹی ہوئی: 1 کھانے کا چمچ

    زیرہ پاؤڈر: آدھا کھانے کا چمچ

    چیڈر چیز کدوکش کیا ہوا، 4 کھانے کے چمچ

    موزریلا چیز کدوکش کیا ہوا: 4 کھانے کے چمچ

    ترکیب

    ایک برتن میں ابلی ہوئی چکن کے ریشے لیں، اس میں ہری مرچ، نمک، گرم مصالحہ، پیاز، ہرا دھنیہ، دھنیہ پاؤڈر، لال مرچ کٹی ہوئی اور زیرہ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔

    ایک برتن میں آٹا لیں اس میں نمک اور کھانے کا تیل ڈال کر ملا لیں۔

    اب اس میں دودھ ڈال کر گوندھ لیں اور 15 سے 20 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    اس کا پیڑا بنا کر بیل لیں۔

    تیار کی ہوئی چکن فلنگ ڈال کر پھیلا دیں۔

    اب اس میں موزریلا چیز اور چیڈر چیز ڈال دیں۔

    ایک اور پیڑا بیل کر اس کو بند کر دیں۔

    توے پر ڈال کر پکا لیں۔

    مزے دار چکن چیز پراٹھا تیار ہے۔