Tag: افطار

  • ماہ رمضان میں افطار کا لازمی جز ۔ گرما گرم مزیدار پکوڑے

    ماہ رمضان میں افطار کا لازمی جز ۔ گرما گرم مزیدار پکوڑے

    ماہ رمضان کا آغاز ہونے والا ہے اور افطار پکوڑوں کے بغیر ادھورا سمجھا جاتا ہے۔ آج ہم آپ کو مختلف اقسام کے پکوڑوں کی ترکیب بتارہے ہیں جنہیں کھا کر اہل خانہ آپ کے گن گانے پر مجبور ہوجائیں گے۔


    شاہی پکوڑے

    اجزا

    بریڈ یا نان

    بیسن: 2 کپ

    پیاز: کپ (باریک کٹی ہوئی)

    سبز مرچیں: 3 سے 4 عدد

    سبز دھنیہ: آدھا کپ

    انار دانہ: حسب ضرورت

    ترکیب

    گھر کے افراد کے حساب سے حسب ضرورت بریڈ کے پیس لے لیں اور پھر ایک سلائس کے 2 یا 4 پیس کاٹ لیں۔

    اب چاہیں تو بیسن کا سادہ آمیزہ نمک، مرچ، مصالحے ڈال کر بنا لیں ورنہ دوسری صورت یمں بیسن میں باریک کٹی پیاز، سبز مرچیں، نمک، سرخ مرچیں، تازہ سبز دھنیہ اور انار دانہ حسب ضرورت ڈال کر آمیزہ تیار کرلیں۔

    آمیزہ تیار کرنے کے بعد اس میں کٹی ہوئی بریڈ سلائس کو ڈبو کر ڈیپ فرائی کرلیں۔

    مزیدار شاہی پکوڑے تیار ہیں۔ چٹنی اور کیچپ کے ساتھ افطار پر پیش کریں اور خوب داد وصول کریں۔

    بریڈ موجود نہ ہونے کی صورت میں نان کے پیس لے کراس سے بھی شاہی پکوڑے بنائے جا سکتے ہیں۔


    چائینیز پکوڑے

    اجزا

    بینگن: 2 عدد

    پھول گوبھی: 1 پھول چھوٹا

    آلو: 2 عدد

    پیاز 2 عدد

    شملہ مرچ: 3 عدد

    میدہ: 2 کپ

    لال مرچ: 1 چائے کا چمچ

    زیرہ پاوڈر: 1 چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    لیموں کا جوس: 2 کھانے کے چمچ

    پانی: 1 کپ

    تیل: حسب ضرورت

    اجینو موتو (چائینیز سالٹ): 1 چائے کا چمچ

    ترکیب

    ایک پیالے میں میدہ، سفید زیرہ، نمک، لال مرچ، لیموں کا جوس اور پانی ملا کر پیسٹ بنالیں۔

    بینگن کو چھلکوں سمیت چھوٹے کیوبز کی طرح کاٹ لیں۔

    گوبھی کے پھول الگ کرلیں۔

    پیاز اور شملہ مرچ کو بھی باریک کاٹ لیں۔

    اب ان سب کٹی ہوئی سبزیوں پر تھوڑا میدہ چھڑک دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کریں پھر سبزیوں کو پیسٹ میں مکس کر کے تیل میں ڈال کر فرائی کریں۔

    سبزیاں تھوڑی تھوڑی کر کے فرائی کریں اور جب یہ پکوڑوں کی طرح فرائی ہوجائیں تو نکال لیں۔


    پران پکوڑے

    اجزا

    پران: 12 سے 15 عدد

    ہری مرچیں: 3 عدد

    ادرک: 1 چائے کا چمچ

    لہسن: 1 چائے کا چمچ

    لال مرچ: 1 چائے کا چمچ

    ہلدی: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    اجینو موتو: 1 چائے کا چمچ

    شملہ مرچ: 3 کھانے کے چمچ

    پیاز: 2 کھانے کے چمچ

    سویا ساس: 2 کھانے کے چمچ

    ہری پیاز: 3 کھانے کے چمچ

    کالی مرچ: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    گھی: ڈیڑھ کپ

    ترکیب

    سب سے پہلے الگ سے پران کو گھی میں فرائی کر کے نکال لیں۔

    پھر لہسن٬ ادرک٬ ہری مرچیں٬ پیاز٬ شملہ مرچ٬ ہری پیاز کو فرائی کر کے اس میں نمک٬ اجینو موتو٬ ہلدی٬ لال مرچ٬ سویا سوس ڈال کر آخر میں فرائی شدہ پران شامل کرلیں۔

    مزے دار پران پکوڑے کھانے کے لیے تیار ہیں۔


    چکن قیمہ پکوڑے

    اجزا

    باریک کٹی چکن: 250 گرام

    پھینٹے ہوئے انڈے: 2 عدد

    بیسن: 4 کھانے کے چمچے

    پسی ہوئی لال مرچ: 1 چائے کا چمچہ

    کٹی ہوئی ہری مرچ: 2 عدد

    ہلدی: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

    نمک: ایک چائے کا چمچ

    کٹا ہرا دھنیہ: حسب ضرورت

    چاٹ مصالحہ: آدھا کھانے کا چمچ

    باریک کٹی ہری پیاز: آدھا کپ

    ترکیب

    تمام اجزا یعنی بیسن، بیکنگ پاؤڈر، پسی ہوئی لال مرچ، ہلدی، نمک، پانی، باریک کٹی چکن، کٹی ہری مرچ اور کٹا ہرا دھنیہ ڈال کر ایک پیالے میں مکس کر کے 30 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    اب پین میں تیل گرم کر کے اس کو پکوڑے کی شکل میں خستہ اور گولڈن ہونے تک فرائی کرلیں۔


    چنے کی دال کے پکوڑے

    اجزا

    چنے کی دال: 1 پاؤ

    پسی ہوئی سرخ مرچ: 1 چائے کا چمچ

    پسا ہوا زیرہ: 2 چائے کے چمچ

    باریک کتری ہوئی پیاز: 1 پاؤ

    نمک: حسب ذائقہ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    کھانے کا سوڈا: آدھا چائے کا چمچ

    ہری مرچیں: 8 عدد، باریک کتر لیں

    ہرا دھنیہ: حسب ضرورت

    تیل: تلنے کے لیے

    ترکیب

    چنے کی دال کو پانی میں بھگو دیں۔

    جب پکوڑے بنانے ہوں تو دال کا پانی نکالیں اور دال کو اچھی طرح پیس لیں۔

    اب اس میں نمک، پسی ہوئی سرخ مرچ، ہلدی، پسا ہوا زیرہ، کھانے کا سوڈا، پیاز، ہرا دھنیہ اور ہری مرچیں شامل کر کے اچھی طرح ملالیں۔

    اس کے بعد تیل گرم کر کے دال کا آمیزہ تھوڑا تھوڑا کر کے پکوڑے کی شکل میں کڑھائی میں ڈالیں اور اچھی طرح تل لیں۔


    آلو کے پکوڑے

    اجزا

    آلو: 2 سے 3

    نمک، مرچ: حسب ذائقہ

    دھنیہ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    ہلدی: چوتھائی چمچ

    زیرہ پاؤڈر: حسب پسند

    انار دانہ: حسب ضرورت

    ترکیب

    بیسن میں تمام مصالحے ڈال دیں اور مکس کریں۔

    پھر پانی بہت تھوڑا تھوڑا ڈال کر مکس کرتی جائیں، پھر اس آمیزے میں آلو کے قتلے ڈال کر فرائی کرلیں۔

    مزیدار آلو کے پکوڑے تیار ہیں۔


    پالک کے پکوڑے

    اجزا

    پالک: آدھی گڈی

    بیسن: 1 کپ

    پیاز: 2 عدد درمیانہ سائز کی، کٹی ہوئی

    ہری مرچ: 2 باریک کٹی ہوئی

    ہرا دھنیہ: آدھا کپ

    سفید زیرہ: آدھا چائے کا چمچ

    ہلدی: چوتھائی چائے کا چمچ

    لال مرچ کٹی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: آدھا چائے چمچ

    تیل: حسب ضرورت

    نمک: حسب ذائقہ

    ترکیب

    بیسن چھان لیں اور پالک باریک کاٹ لیں۔

    پالک دھو کر بیسن میں شامل کر دیں۔

    بیسن میں ہی تیل کے علاوہ سب کچھ ڈال دیں اور مکس کر کے 15 منٹ رکھ دیں۔

    پھر تیل گرم کریں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔

  • دبئی چیریٹی نے رمضان المبارک میں افطار کی تقسیم کیلئے کروڑوں درہم کا چندہ جمع کرلیا

    دبئی چیریٹی نے رمضان المبارک میں افطار کی تقسیم کیلئے کروڑوں درہم کا چندہ جمع کرلیا

    ابوظبی : دبئی چیریٹی ایسوسی ایشن نے ماہ مبارک رمضان میں 75 ہزار سے زائد افطار پیکٹس امارات کی 25 مساجد میں تقسیم کےلیے پانچ لاکھ درہم کی خطیر رقم جمع کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی چیریٹی ایسوسی ایشن انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر ماہ مبارک رمضان کے دوران ملکی و غیر ملکی افطار منصوبوں کے لیے بائیس لاکھ درہم کی خطیر رقم جمع کرنے میں مصروف ہیں۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ ایسوسی ایشن چھ حصّوں میں اپنے منصوبوں کی مہم چلارہی ہے، مہم میں فوڈ پیکجز، افطار، زکات الفطر، عید کے کپڑے، زکات اور ضروریات زندگی کے دیگر اشیاء شامل ہیں۔

    ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل احمد المسماری کا کہنا ہے کہ 23 ممالک کے ہزاروں کمزور و مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا جس میں یتمیم ، بیواہ، کم آمدن والے خاندان شامل ہیں۔

    احمد المسماری کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن کا مقصد 15 ہزار خاندانوں کی مدد کرنا ہے اور مذکورہ تعداد کے لیے کھانے کی اشیاء کی مالیت کم از کم 25 لاکھ درہم ہے،۔

    ان کا کہنا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی 25 مساجد میں مقامی ہوٹلوں کی معاونت سے 5 لاکھ درہم مالیت کے 75 ہزار سے زائد افطار پیکٹ تقسیم کیے جاییں گے، یومیہ کم از کم 2500 پیکٹ تقسیم کیے جائیں گے۔

    المسمار کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن دنیا بھر کے 23 ممالک کی 1 ہزار مساجد میں 1 کروڑ درہم کے کھانے تقسیم کیے جائیں گے۔

  • افطار میں گجراتی دہی بڑے بنائیں

    افطار میں گجراتی دہی بڑے بنائیں

    ماہ رمضان میں افطار میں پکوڑے، دہی بڑے بنانا تو عام سی بات ہے لیکن افطار کا اصل مزہ اس وقت آتا ہے جب کچھ نیا بنانے کا تجربہ کیا جائے جو نہ صرف لذیذ ہو بلکہ صحت بخش بھی ہو۔

    آج ہم آپ کو ایسا ہی کچھ نیا تجربہ کرنے کے لیے گجراتی دہی بڑے بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    ان دہی بڑوں کو گجراتی زبان میں کمودیا بھی کہا جاتا ہے۔


    اجزا

    ماش کی دال: ڈیڑھ کپ

    نمک: حسب ذائقہ

    تیل: فرائی کے لیے

    دہی: 1 کلو

    املی کی میٹھی چٹنی: حسب ضرورت

    ناریل: پسا ہوا

    ہرا دھنیہ: آدھی گڈی، باریک کٹا ہوا

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    لال مرچ: 1 چائے کا چمچ

    چاٹ مصالحہ: 1 کھانے کا چمچ


    بگھار کے لیے

    تیل: 2 کھانے کے چمچ

    رائی: 1 کھانے کا چمچ

    کڑی پتہ: 2 ڈنڈی


    ترکیب

    ماش کی دال کو 2 سے 3 گھنٹے کے لیے بھگو دیں۔ پھر اس کا پانی نکال کر پیس لیں۔ دال بالکل باریک نہ ہو، بھربھری رہنی چاہیئے۔

    اب اس نمک ملا دیں۔

    تیل کڑھائی میں گرم کریں اور بڑے بڑے پکوڑے بالکل ہلکے ہاتھ سے ڈال کر فرائی کریں۔

    پکوڑے گولڈن ہوجائیں تو نکال کر ایک کھلے برتن میں پانی میں ڈالتے جائیں۔

    اس کے بعد دہی میں صرف چینی ڈال کر پھینٹ لیں۔

    ایک ڈش لیں، پکوڑوں میں سے دونوں ہاتھ سے ہلکا ہلکا دبا کر پانی نچوڑ لیں۔ ڈش میں یہ پکوڑے رکھیں اوپر دہی ڈالیں۔

    اب اس پر املی کی چٹنی٬ ناریل٬ نمک٬ لال مرچ، چاٹ مصالحہ٬ بگھار اور ہرا دھنیہ ڈال دیں۔

    مزیدار گجراتی دہی بڑے تیار ہیں، افطار میں پیش کر کے داد وصول کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • گہرے سمندر میں افطار، پاکستانی نوجوان نے سب کو حیران کردیا، ویڈیو دیکھیں

    گہرے سمندر میں افطار، پاکستانی نوجوان نے سب کو حیران کردیا، ویڈیو دیکھیں

    ریاض: پاکستانی نوجوان اور اُس کے ساتھی نے سمندر کی تہہ میں افطار کر کے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، انٹرنیٹ پر ویڈیو دیکھنے والے صارفین حیران رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانی نوجوان یحییٰ اور اُس کے ساتھی سعودی عرب اور پاکستان کا جھنڈا ہاتھ میں تھامے سمندر کی گہرائی میں گئے اور انہوں نے اذان کے بعد روزہ افطار کیا۔

    فیس بک پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اذانِ مغرب سے چند منٹ قبل دونوں تیراک آکسیجن ماسک اور سوئمنگ کاسٹریوم پہن کر سمندر کی تہہ میں گئے۔

    ایک نوجوان نے اذان دی جس کے بعد پھر انہوں نے کھجور کھا کر روزہ افطار کیا اور پھر دیگر پھل بھی کھائے، افطاری کے بعد دونوں نے نماز ادا کی اور پھر دعا بھی کی۔ اس دوران دوسرا نوجوان سعودی عرب اور پاکستان کا جھنڈا سمندر کی تہہ میں لہراتا رہا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی خاتون تیراک نے قائد اعظم کو یومِ ولادت کے موقع پر انہیں انوکھے انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سمندر کی گہرائی میں پاکستان کا جھنڈا لہرا تھا۔

    عظمیٰ طاہر نے یوم ولادت کی مناسبت سے قائد اعظم محمد علی جناح کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دنیا کو حیران کردیا۔ جدہ میں مقیم پاکستانی خاتون عظمیٰ طاہر اپنے دو ساتھیوں سمیت سمندر  (بحیرہ احمر) کی 50 فٹ گہرائی میں اتریں اور انہوں نے پاکستان کا پرچم لہرایا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • قیامت خیز گرمی میں روزے داروں کیلئے افطار میں دہی سے بنے مشروبات

    قیامت خیز گرمی میں روزے داروں کیلئے افطار میں دہی سے بنے مشروبات

    کراچی سمیت ملک بھر میں گرمی کی لہر جاری ہے اور اس موسم میں روزہ کا دورانیہ پندرہ گھنٹے سے زیادہ ہے اس لیے روزہ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے تاکہ صحت متاثر نہ ہو چونکہ گرمی کا موسم ہے اور جسم سے پانی بذریعہ پسینہ خارج ہو جاتا ہے اس لئے شدت کی پیاس لگتی ہے اور بعض افراد افطاری ٹھنڈے مشروبات سے کرتے ہیں۔

    افطار اور  سحر میں گرمیوں کی بہترین غذا ’’دہی‘‘ کا استعمال بہت مفید ہے ، آپ اس سے مزیدار ٹھنڈی لسی بنا سکتے ہیں، رائتہ اور دیگر اشیا، تاہم کیلا ، اسٹرابیری اور دیگر چیزوں کے ساتھ بھی ملا کر مشروبات تیار کئے جاسکتے ہیں ، جو آپ سخت گرمی میں ٹھنڈک کا احساس دیں گے۔

    دہی سے ہی چند ذائقے دار  مشروبات کی تراکیب

    آم کی لسی


    اجزاء

    آم کے ٹکڑے

    ڈیڑھ کپ ۔ دہی

     چینی ۔ تین کھانے کے چمچ

    برف کے ٹکڑے ۔ ڈیڑھ کپ

     

    ترکیب

    بلینڈر میں دودھ، دہی، آم کے ٹکڑے،چینی اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں، بڑے گلاسوں میں ڈال کر ساتھ لکڑی کی سیخوں پہ آم کے بالز لگا کر ہینے کےلئے پیش کریں مزیدار اور ٹھنڈی لسی گرمی میں بہت مزہ دے گی۔

    بنانا اینڈ یوگرٹ شیک


    اجزاء

    کیلے ۔ 6 سے 8 عدد

    دہی۔  ایک سے آدھی پیالی

    دودھ ۔ 2پیالی

    براؤن شوگر ۔ 4 سے 6 عدد

    الائچی پاؤڈر ۔ آدھا چائے کا چمچا

    پودینے کی پتیاں ۔ سجانے کے لیے

     

    ترکیب

    کیلے، دودھ، دہی، الائچی پاؤڈر اور براؤن شوگر کو اچھی طرح ملا کر بلینڈ کر لیں۔ اس کے بعد اسے گلاس میں ڈال کر پودینے کی پتیوں سے سجائیں اور پیش کریں۔ لیجئے تیار ہے مزیدار بنانا اینڈ یوگرٹ شیک۔

    اسٹرابیری یوگرٹ


    اجزاء

    اسٹرابیری ۔ ایک پیکٹ

    کنڈینسڈ ملک ۔ دو ٹِن

    فریش کریم ۔ دو پیکٹ

    اسٹرابری جیلی پاؤڈر ۔ دو پیکٹ

    پانی حسبِ ضرورت

    جیلیٹن پاؤڈر ۔ دو کھانے کے چمچ

     

    ترکیب

    ایک بڑے پیالے میں دہی ڈال کر اس میں کنڈینسڈ ملک فریش کریم اور اسٹرابری جیلی پاؤڈر   اچھی طرح ملائیں ، اب اس میں باریک کٹی اسٹرابری  شامل کر دیں، پھر ایک بڑے برتن میں پانی گرم کرلیں۔

    اس کے بعد ایک چھوٹے برتن میں جیلیٹن پاؤڈر  تھوڑے سے پانی میں گھول کر اسے بڑے برتن میں رکھ کر پکائیں    جب وہ گھل جائے تو اسے تیار کیے ہوئے دہی کے مکسچر  میں ملاکر ایک گھنٹے  کے لیے فریج  میں رکھیں، آخر میں اس پر چند اسٹرابری  سے گارنش  کرکے سرو  کریں۔

    اورنج یوگرٹ شیک


    اجزاء

    اورنج جوس۔  تین کپ

    لو فیٹ دہی ۔ دو کپ

    چینی ۔ دو کھانے کے چمچ

    برف ۔ حسب ضرورت

     

    ترکیب

    بلینڈر میں اورنج جوس، لو فیٹ یوگرٹ، چینی اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں اور گلاس میں ڈال کر پیش کریں۔

    مینگو بنانا یوگرٹ


    اجزاء

    آم (کیوبز کاٹ لیں) ۔ دو عدد

    کیلے (سلائس کاٹ لیں) ۔ چار عدد

    شہد ۔ دو کھانے کے چمچ

    دہی ۔ ایک کپ

    دودھ ۔ ایک کپ

    چینی ۔ حسب ذائقہ

    برف (کیوبز) ۔  حسب ضرورت

    پودینہ سجانے کے لیے

     

    ترکیب

    ایک بلینڈر میں کیلے٬ دہی٬ دودھ٬ چینی٬ شہد ملا کر اچھی طرح بلینڈ کریں- آخر میں برف ڈال کر بلینڈ کریں اور گلاسوں میں ڈال کر پودینے سے سجا کر پیش کریں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • روزے میں ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے طریقے

    روزے میں ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے طریقے

    رواں برس ماہ رمضان شدید گرمیوں کے موسم میں آیا ہے جس سے روزے داروں کے لیے بیک وقت دینی عبادت کرنا اور صحت کا خیال رکھنا ایک مشکل مرحلہ بن گیا ہے۔

    موسم گرما کے روزے میں سب سے مشکل کام جسم کو پانی کی کمی اور سارا دن پیاس نہ لگنے کے احساس سے بچانا ہے۔ خصوصاً ان افراد کے لیے جو دن کے اوقات میں سفر کے لیے نکلیں یا باہر کام کریں۔

    علاوہ ازیں گھریلو خواتین جن کا زیادہ تر وقت کچن میں چولہے کے آگے گزرتا ہے ان کے لیے بھی خود کو ہائیڈریٹ رکھنا بہت ضروری ہے۔

    ہیٹ ویو کے دوران اگر روزہ ہو تو اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیئے کہ روزے دار ہیٹ اسٹروک کا شکار نہ ہو۔

    اس ضمن میں ضروری ہے کہ آپ کو ہیٹ اسٹروک کی علامات معلوم ہوں تاکہ ان کے ظاہر ہوتے ہی آپ فوری طور ہنگامی تدابیر اور احتیاط اپنا سکیں۔

    مزید پڑھیں: ہیٹ اسٹروک کی علامات اور بچاؤ

     

    کون زیادہ خطرے میں ہے؟

    ماہرین طب کے مطابق 60 سال سے زائد عمر کے افراد، اور ذیابیطس، امراض قلب اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض افراد کا جسم کمزور ہوتا ہے اور یہ گرمی سمیت کسی بھی چیز کا اثر فوری طور پر قبول کرلیتے ہیں۔

    لہٰذا ایسے افراد خاص طور پر جسم کے اندر پانی کی کمی نہ ہونے دیں اور اس ضمن میں خصوصی احتیاط برتیں۔

    سحروافطارمیں کیا کھایا جائے؟

    دن بھر پانی کی کمی سے بچنے اور صحت مند رہنے کے لیے ضروری ہے کہ سحر و افطار میں ایسی غذاؤں کا استعمال کیا جائے جو جسم کی غذائی ضروریات بھی پوری کریں اور آپ کو توانائی پہنچائیں۔

    :ماہرین طب کے مطابق سحر وا فطار میں

    مائع اشیا جیسے پانی اور جوسز کا استعمال کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: افطار کے لیے مشروبات

    پانی والے پھلوں خاص طور پر تربوز کا استعمال کیا جائے۔ علاوہ ازیں کھیرا اور مختلف سلاد کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔

    سحری میں کیفین مشروبات، چائے کافی سے حتی الامکان پرہیز کریں۔

    مصالحہ دار اور چٹپٹی غذاؤں کے بجائے سادہ کھانے استعمال کیے جائیں۔

    سحری میں دہی اور لسی بہترین غذائیں ہیں۔

    سحری میں کولڈ ڈرنک سے دور رہیں۔ یہ آپ کے وزن میں اضافہ کریں گی۔

    روزہ کے بعد کھجور اور 2 گلاس پانی کے ساتھ افطار کریں۔

    مزید احتیاطی تدابیر

    افطار کے اوقات میں ایک ساتھ 7 یا 8 گلاس پانی پینا نہ صرف بے فائدہ ہے بلکہ صحت کے لیے نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے۔

    رات میں نماز تراویح یا کسی اور مقصد سے گھر سے باہرجائیں تو پانی کی بوتل ساتھ لے کر جائیں۔

    رات کو ایک پانی کی بوتل اپنے قریب رکھیں۔

    کوشش کریں کہ گرم اور دھوپ والی جگہوں پر کم سے کم جائیں۔

    ہیٹ اسٹروک کی صورت میں

    اگر روزے دار کو پسینہ آنا بند ہوجائے، جسم ایک دم گرم ہوجائے، چکر آنے لگے تو یہ ہیٹ اسٹروک کی علامت ہے۔

    ایسی صورت میں روزہ کو مزید برقرار نہ رکھنا بہتر ہے۔ ہیٹ اسٹروک کا شکار شخص کے جسم پر ٹھنڈا پانی ڈالیں، اسے ٹھنڈے پانی کے ٹب میں بٹھا دیا جائے اور گرمی سے بچایا جائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • متحدہ عرب امارات میں پہلا افطار

    متحدہ عرب امارات میں پہلا افطار

    دنیا بھر میں رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں بھی اس ماہ مقدس کا مذہبی جوش و جذبے سے استقبال کیا گیا۔

    متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران سپر مارکیٹس میں 10 ہزار اشیا کی قیمتیں نصف کردی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ رعایت پورے ماہ کے لیے جاری رہے گی۔

    امارات میں پہلے روزہ افطار کے موقع پر روایتی رونقیں دیکھنے میں آئیں اور لوگوں نے اس اہم موقع پر اپنے ساتھ غربا و نادار افراد کو بھی شریک کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فنکاروں کا پسندیدہ افطار

    فنکاروں کا پسندیدہ افطار

    ماہ رمضان اپنی رحمتیں و فضیلتیں نچھاور کیے ہوئے ہے اور ایسے میں ہر شخص چاہتا ہے کہ ان برکات کو سمیٹ کر اپنے دامن میں بھر لے۔

    اس ماہ میں مزے مزے کی ڈشز بنانے کا سلسلہ بھی اپنے عروج پر ہے اور ہر شخص سحر و افطار میں منفرد ڈشز بنانا اور کھانا چاہتا ہے۔

    اس موقع پر ہم نے کچھ فنکاروں سے بھی ان کے پسندیدہ افطار کے بارے میں پوچھا اور اب ان کی پسند آپ تک پہنچارہے ہیں۔

    ارمینہ رانا خان


    سپر ہٹ فلم ’جاناں‘ کی اداکارہ ارمینہ رانا خان کو افطار میں فروٹ سلاد، گھر کے بنے ہوئے دہی بڑے اور ایک کپ چائے پسند ہے۔

    عمران عباس


    رمضان کے بارے میں اداکار عمران عباس کے خیالات کچھ مختلف ہیں۔ ان کے خیال میں پورا سال اپنی صحت کا خیال رکھنے کے بعد رمضان میں تھوڑی سی بد پرہیزی کرنے میں کوئی حرج نہیں۔

    ان کے خیال میں افطار لال شربت، پکوڑں اور جلیبی کے بغیر ادھورا ہے۔

    بشریٰ انصاری

    بشریٰ انصاری کو افطار میں صرف تازہ پھلوں کی چاٹ پسند ہے۔

    احمد علی بٹ


    مزاحیہ اداکار احمد علی بٹ کا کہنا ہے کہ افطار میں ہلکی پھلکی اور غذائیت بخش اشیا ہونی چاہئیں بشمول مشروبات، تازہ پھل، سلاد اور بھنی ہوئی مرغی اور ہاں احمد علی بٹ کا افطار سموسے اور پکوڑوں کے بغیر ادھورا ہے۔

    عمیر جسوال

    معروف گلوکار عمیر جسوال کو افطار کے دستر خوان پر صرف فروٹ چاٹ اور لیمونڈ چاہیئے۔

    طوبیٰ صدیقی

    فلم ’دوبارہ پھر سے‘ کی اداکارہ طوبیٰ صدیقی کو افطار میں چنا چاٹ، پکوڑے اور سرخ شربت درکار ہے۔

    علی حیدر

    معروف گلوکار علی حیدر کو سادہ اور روایتی افطار یعنی کھجور، پکوڑے، لال شربت، چائے اور بعد ازاں فروٹ چاٹ پسند ہے۔

    فیصل قریشی

    فیصل قریشی کا پسندیدہ افطار کھجور، ایک پکوڑے، پانی، چنا چاٹ، اور کچھ پھلوں پر مشتمل ہے۔

    وسیم بادامی

    کیا آپ جانتے ہیں پاکستان کی مقبول ترین رمضان نشریات شان رمضان کے میزبان وسیم بادامی اپنا روزہ کس سے افطار کرتے ہیں؟

    چائے کے دھتی وسیم بادامی اپنا روزہ بھی چائے کے گھونٹ سے افطار کرتے ہیں۔

    ماریہ میمن

    اے آر وائی نیوز کی مقبول اینکر ماریہ میمن اپنا روزہ پانی اور فروٹ چاٹ سے افطار کرتی ہیں اور اس کے فوراً بعد رات کا کھانا کھانا پسند کرتی ہیں۔

    ان کے مطابق افطار کی روایتی اشیا پکوڑے اور سموسے وزن میں اضافے کا باعث بنتے ہیں لہٰذا وہ ان سے پرہیز کرتی ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بنگلہ دیش میں بدھ عبادت گاہ میں افطار کا اہتمام

    بنگلہ دیش میں بدھ عبادت گاہ میں افطار کا اہتمام

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں ایک بدھ خانقاہ سے مسلمانوں کے لیے افطار تقسیم کی جارہی ہے۔ یہ 2 مذہبی گروہوں کے درمیان بین المذہبی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔

    خانقاہ کی جانب سے اس منصوبے کا آغاز 6 سال قبل کیا گیا تھا۔ خانقاہ کی انتظامیہ کے مطابق ان کا مقصد غریب مسلمانوں کی مدد کرنا ہے۔

    اس منصوبے کا آغاز خانقاہ کے سب سے بڑے راہب سدھاندو موہترو کی جانب سے کیا گیا تھا۔ وہ اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ انسانوں کی زندگی کا سب سے بڑا مقصد انسانیت ہی ہے۔

    bd-5

    علاقے میں رہائش پذیر ایک دکاندار ابو البشر کے مطابق اس خانقاہ کے راہب اس سے قبل بھی فلاحی کاموں میں حصہ لیتے رہتے ہیں۔ اس کے مطابق ان کا ہدف غریب لوگوں کی امداد ہے۔

    bd-4

    رمضان میں تقسیم کی جانے والی افطاری ایک مقامی ریستوران میں تیار کی جاتی ہے۔ ریستوران مالک کا کہنا ہے کہ وہ پچھلے 5 برس سے یہ کام سر انجام دے رہا ہے۔ وہ افطار کے لیے مقامی کھانے تیار کرتا ہے جسے کھجوروں کے ساتھ ایک ڈبے میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

    bd-3

    ایک راہب کے مطابق ہر روز تقریباً 300 مسلمان اس افطار سے فیض یاب ہوتے ہیں۔ لوگ اس کے لیے 3 بجے سے ہی خانقاہ کے سامنے قطار بنا کر کھڑے ہوجاتے ہیں۔

    bd-2

    افطار حاصل کرنے والے ایک شخص کا کہنا ہے، ’غریب لوگوں کے لیے یہاں کا افطار ایک نعمت ہے۔ ہمیں بہت عزت و احترام سے یہاں افطار دیا جاتا ہے اور ہم ایسے ہی کام کی توقع اپنے ہم مذہب افراد سے بھی کرتے ہیں‘۔

    bd-6

    ملک میں بڑھتی ہوئی مذہبی شدت پسندی کے بارے میں یہ راہب قطعی پریشان نہیں۔ وہ اب بھی اپنے آپ کو محفوظ خیال کرتے ہیں اور ان کے مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے لوگوں سے بھی اچھے تعلقات ہیں۔

    bd-7

    راہب موہترو نے ایک بار کہا تھا، ’ہم آپس میں کیوں لڑیں؟ ہم سب بنگلہ دیشی ہیں۔ یہ ملک ہم سب کا ہے۔ ایک دوسرے کی مدد کر کے ہی ہم اپنے ملک کو عظیم بنا سکتے ہیں‘۔

    ان کے پیروکار ان کے انہی افکار کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔