Tag: افغان

  • ٹرمپ نے یو اے ای میں پھنسے افغان شہریوں کی مدد کا اعلان کر دیا

    ٹرمپ نے یو اے ای میں پھنسے افغان شہریوں کی مدد کا اعلان کر دیا

    واشنگٹن: امریکا میں افغان شہریوں کی عارضی حیثیت ختم کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ یو اے ای میں پھسنے افغانیوں کی تکلیف پر پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات میں پھنسے افغان شہریوں کی مدد کا اعلان کر دیا ہے، رواں برس اپریل میں ٹرمپ انتظامیہ نے خود ہزاروں افغان اور کیمرونی شہریوں کے لیے ملک بدری سے بچاؤ کی عارضی حیثیت ختم کر دی تھی، جسے بعد ازاں عدالت نے روک دیا تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنے پیغام میں کہا کہ افغانستان پر طالبان کنٹرول کے بعد مفرور افغانی متحدہ عرب امارات میں ہیں، ان شہریوں کو محفوظ بنایا جائے گا، اور اس پر کام شروع ہو چکا ہے۔

    واضح رہے کہ یو ای اے کچھ افغان شہریوں کو طالبان کے حوالے کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔ متحدہ عرب امارات امریکا کا قریبی سیکیورٹی پارٹنر ہے، اس نے 2021 میں کابل سے بے دخل کیے گئے کئی ہزار افغانوں کو عارضی طور پر رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔


    امریکا میں مقیم ہزاروں افغان شہریوں کی خصوصی حیثیت ختم کر دی گئی


    کابل سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد سے تقریباً 200,000 افغانوں کو سابق صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ امریکا لائی تھی، روئٹرز کے مطابق ان برسوں کے دوران تقریباً 17,000 افغان ابوظہبی کی سہولت ’’ایمریٹس ہیومینٹیرین سٹی‘‘ کے ذریعے گزارے گئے، تاہم 30 سے زائد بقیہ افغان بدقسمتی سے وہاں پھنسے رہے۔

    اب یہ خبر آئی ہے متحدہ عرب امارات نے افغان شہریوں کی طالبان کو حوالگی کا عمل شروع کر دیا ہے، اور چند شہری حوالے بھی کیے جا چکے ہیں۔

  • 20 ہزار ٹن کھاد لے کر افغان بحری جہاز گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز

    20 ہزار ٹن کھاد لے کر افغان بحری جہاز گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز

    اسلام آباد: افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا دوسرا جہاز گوادر پورٹ پر کامیابی سے پہنچ گیا، 20 ہزار ٹن ڈی اے پی کھاد لے کر افغان بحری جہاز گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔

    وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر پورٹ اب خطے کے لیے ایک اہم تجارتی گیٹ وے بنتا جا رہا ہے، افغان جہاز کی کامیاب آمد سے عالمی اعتماد میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    انھوں نے کہا گوادر کے ذریعے افغانستان کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی مزید بہتر ہوگی، گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، یہ بندرگاہ مکمل طور پر تجارتی سامان سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    گوادر بندرگاہ کھاد افغان بحری جہاز

    جنید انوار چوہدری نے کہا پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، گوادر سے ٹرانزٹ کے اخراجات میں کمی کی امید ہے، یہ پورٹ خطے کی تجارت کا مرکز بن رہا ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ فروری کے بعد افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت یہ دوسرا جہاز گوادر پہنچا ہے،گوادر کی پیش رفت پاکستان کی کامیاب بحری پالیسیوں کا ثبوت ہے۔

  • سٹیزن کارڈ رکھنے والے افغان باشندوں کی رضاکارانہ واپسی کی ڈیڈ لائن ختم

    سٹیزن کارڈ رکھنے والے افغان باشندوں کی رضاکارانہ واپسی کی ڈیڈ لائن ختم

    اسلام آباد: سٹیزن کارڈ رکھنے والے افغان باشندوں کی رضاکارانہ واپسی کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مقیم وہ افغان باشندے جو سٹیزن کارڈ رکھتے ہیں، ان کی رضاکارانہ واپسی کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے، ان کو بے دخل کرنے کے لیے پشاور اور لنڈی کوتل میں 2 عارضی کیمپ قائم کر لیے گئے ہیں۔

    افغان حکام نے بھی طورخم کے قریب استقبالیہ اور رجسٹریشن کیمپ قائم کر دیے ہیں، سٹیزن کارڈ رکھنے والے افغان باشندوں کو بائیو میٹرک کے بعد واپس بھیجا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 31 مارچ تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغانوں کی کل تعداد 8 لاکھ 85,902 ہے۔ حکومت کی جانب سے غیر ملکیوں واپس ان کے ممالک بھیجنے کے فیصلے کے بعد سے ملک سے غیر قانونی، غیر ملکی اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کا انخلا جاری ہے۔

    تاہم حکومت پاکستان کے فیصلے کے مطابق پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے، اور مقررہ تاریخ گزر گئی ہے، اس لیے متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔

  • 31 مارچ کے بعد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو گرفتار کر کے ملک بدر کیا جائے گا، بڑا فیصلہ

    31 مارچ کے بعد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو گرفتار کر کے ملک بدر کیا جائے گا، بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں اور افغانیوں کے خلاف 31 مارچ 2025 کے بعد سخت ایکشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کی ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کی جائے گی، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈر کی پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن 31 مارچ ہے، مقررہ تاریخ کے بعد مقیم غیر قانونی، غیر ملکیوں اور افغان شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایسے افراد کو گرفتار کر کے ملک بدر کر دیا جائے گا، پاکستان میں مقیم تمام افغان شہریوں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ باعزت طور پر واپس چلے جائیں، پاکستان میں بڑھتی دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کے براہ راست ملوث ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

    4 مارچ 2025 کو بنوں کینٹ خود کش حملوں میں فتنہ الخوراج کے 16 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے تھے، ان ہلاک خوارجین میں افغان دہشت گرد بھی شامل تھے اور اس حملے کی منصوبہ سازی افغان سرزمین پر کی گئی تھی۔

    حکومت کا غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے بھی ہدایت کی ہے کہ ’’غیر قانونی مقیم غیر ملکی اور افغان سٹیزنز کارڈ ہولڈر 31 مارچ تک رضاکارانہ پاکستان چھوڑ دیں، یکم اپریل سے تمام غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی ملک بدری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔‘‘

  • ویڈیو رپورٹ: 4 لاکھ 68 ہزار 151 غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی

    ویڈیو رپورٹ: 4 لاکھ 68 ہزار 151 غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی

    اسلام آباد: غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، گزشہ روز بھی 837 غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق غیر قانونی افغان باشندے جوق در جوق اپنے وطن افغانستان واپس جا رہے ہیں، گزشہ روز 837 غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی ہوئی، جن میں 243 مرد، 206 خواتین اور 388 بچے شامل تھے۔

    افغانستان روانگی کے لیے 52 گاڑیوں میں 87 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے، 14 جنوری تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 4 لاکھ 68 ہزار 151 تک پہنچ چکی ہے اور واپسی کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

  • ویڈیو رپورٹ: مزید 902 افغان شہریوں نے پاکستان چھوڑ دیا

    ویڈیو رپورٹ: مزید 902 افغان شہریوں نے پاکستان چھوڑ دیا

    اسلام آباد: غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز 902 افغان شہریوں کی واپسی عمل میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان باشندے جوق در جوق اپنے وطن لوٹ رہے ہیں، حکومت پاکستان کے اعلان سے قبل بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی کثیر تعداد گرفتاری کے ڈر سے پاکستان سے واپس افغانستان جاتی رہی ہے۔

    گزشتہ روز 902 افغان شہریوں کی اپنے وطن واپس ہوئی، جن میں 274 مرد 168 خواتین اور 460 بچے شامل تھے، افغانستان روانگی کے لیے 38 گاڑیوں میں 62 خاندانوں کی وطن واپسی عمل میں آئی ہے۔

    7 جنوری تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 4 لاکھ 61 ہزار 783 تک پہنچ چکی ہے اور واپسی کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

  • ویڈیو رپورٹ: ایران بھی تمام غیر قانونی افغان تارکین وطن کو ملک بدر کر دے گا

    ویڈیو رپورٹ: ایران بھی تمام غیر قانونی افغان تارکین وطن کو ملک بدر کر دے گا

    غیر قانونی افغان باشندوں سے خطے کے دیگر ممالک بھی تنگ نظر آتے ہیں، اور وہ بھی انھیں واپس بھیجنے پر مجبور ہیں، ایران اور پاکستان نے تقریباً 8 لاکھ 50 ہزار سے زائد غیر دستاویزی افغان شہریوں کو طالبان کے زیر اقتدار افغانستان واپس بھجوا دیا ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی نے اعلان کیا ہے کہ تہران تمام ’’غیر قانونی‘‘ تارکین وطن کو ملک بدر کر دے گا۔

    پاکستان ایک طویل عرصے سے افغان باشندوں کی میزبانی کر رہا ہے تاہم گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی بڑھتی مجرمانہ سرگرمیوں کی وجہ سے پاکستان کو ان کو واپس بھیجنا پڑا، پاکستان کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کی واپسی کا عمل جاری ہے۔

    خطے میں صرف پاکستان واحد ملک نہیں ہے، جس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو واپس بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ تین مہینوں میں ایران اور پاکستان نے تقریباً 8 لاکھ 50 ہزار سے زائد غیر دستاویزی افغان شہریوں کو طالبان کے زیر اقتدار افغانستان واپس بھجوایا ہے۔

    طالبان کے پناہ گزینوں اور وطن واپسی کے وزیر عبدالرحمٰن راشد نے پیر کو مقامی طلوع نیوز چینل کو بتایا کہ ایران نے ستمبر کے آخری ہفتے سے تقریباً 345,000 غیر قانونی افغان باشندوں کو ملک بدر کیا ہے، ریڈیو فری یورپ کی رپورٹ کے مطابق ایران نے ملک میں لاکھوں افغان مہاجرین اور تارکین وطن پر ملک کے 31 صوبوں میں سے نصف سے زیادہ میں رہنے، سفر کرنے یا ملازمت کی تلاش پر پابندی لگا دی ہے۔

    اکتوبر میں، ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تہران تمام ’’غیر قانونی‘‘ تارکین وطن کو ملک بدر کر دے گا، جن میں سے زیادہ تر افغان شہری ہیں، آمو ٹی وی کے مطابق ایران روزانہ کی بنیاد پر 1500 سے 2000 ہزار غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو وطن واپس بھیج رہا ہے، تہران کا اندازہ ہے کہ اس وقت ملک میں 50 لاکھ سے زائد افغان باشندے مقیم ہیں، ایرانی حکام اب ان میں سے کم از کم نصف کو ملک بدر کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ ان کے پاس ملک میں رہنے کے لیے دستاویزات نہیں ہیں۔

    حکومت پاکستان نے اس حوالے سے بارہا واضح کیا ہے کہ کریک ڈاوٴن میں تقریباً 2.3 ملین قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا ہے، پاکستان میں غیر قانونی افغان شہریوں نے رواں سال ایک درجن سے زائد خود کش بم دھماکے کیے جو حکومت پاکستان کی پالیسی کے جائز ہونے کی واضح دلیل ہے۔

    دنیا کے کسی بھی ملک کی طرح پاکستان کو اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے ملک اور عوام کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کرے، غیر قانونی افغان باشندوں کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

  • 5046 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، ڈیڈ لائن میں 3 دن باقی

    5046 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، ڈیڈ لائن میں 3 دن باقی

    اسلام آباد: غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے میں صرف 3 دن رہ گئے ہیں، جب کہ افغان شہریوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 27 اکتوبر تک 5046 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے ہیں، واپس جانے والے افغان شہریوں میں 1241 مرد، 1052 خواتین اور 2753 بچے شامل ہیں، 153 گاڑیوں میں 310 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی۔

    پاکستان نے ہمیشہ ایک ہمدرد اور ذمہ دار ہمسائے کا کردار ادا کیا ہے، جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، پاکستان کئی دہائیوں سے افغانستان کے جنگی متاثرین کو اپنے ملک میں پناہ دیے ہوئے ہے۔

    تاہم اب حکومت پاکستان نے غیر قانونی شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی ہے، پاکستان میں دہشت گردی، منشیات، کلاشنکوف کلچر، اسمگلنگ جیسے بے شمار جرائم افغان پناہ گزینوں کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں، حکومت پاکستان اور عسکری قیادت نے پاکستان کی سالمیت کے پیش نظر ان جرائم کو ختم کرنے کا اٹل فیصلہ کر لیا ہے۔

    غیر ملکی باشندوں کے ملک چھوڑنے کے لیے پولیس نے پوسٹر لگا دیے، مساجد سے اعلانات

    حکومتی احکامات کے پیشِ نظر طورخم اور چمن بارڈر سے روزانہ ہزاروں افغان باشندے اپنے وطن واپس جا رہے ہیں، 27 اکتوبر کو 5046 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، اور یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے، اب تک مجموعی طور پر 81,974 افغان پناہ گزینوں کی اپنے وطن واپسی ہو چکی ہے۔

    افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی دونوں ممالک اور خطے کے پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

  • غیر ملکی باشندوں کے ملک چھوڑنے کے لیے پولیس نے پوسٹر لگا دیے، مساجد سے اعلانات

    غیر ملکی باشندوں کے ملک چھوڑنے کے لیے پولیس نے پوسٹر لگا دیے، مساجد سے اعلانات

    کراچی: غیر ملکی باشندوں کے ملک چھوڑنے کے لیے کراچی میں پولیس نے پوسٹر لگا دیے ہیں، اور مساجد سے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو دیے گئے الٹی میٹم میں 3 روز باقی ہیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے اس حوالے سے بینرز بھی لگا دیے گئے ہیں، جب کہ کئی علاقوں میں مساجد سے اعلانات کروانے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

    ڈسٹرکٹ ساؤتھ صدر پولیس نے بھی مہم تیز کر دی ہے، پولیس کی جانب سے آویزاں کیے جانے والے پوسٹر پر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر آپ کے علاقے میں کوئی ایسا افغان موجود ہو جسے آپ جانتے ہوں، اور جس کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ ہو تو فوراً پولیس کو مطلع کر دیں۔

    پولیس کے مطابق کسی غیر ملکی کے لیے پاکستانی شناختی کارڈ رکھنا قانوناً جرم ہے، اس سلسلے میں اطلاع دینے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا۔

    پولیس کی جانب سے پیغام میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی افغان باشندوں کو گھر، دکان یا فلیٹ دینا قانوناً جرم ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم تمام غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

  • افغان پناہ گزینوں کیلیے نئی پالیسی مرتب، حکومت کا اہم فیصلہ

    افغان پناہ گزینوں کیلیے نئی پالیسی مرتب، حکومت کا اہم فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پاکستان میں رہنے والے افغانیوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں پالیسی مرتب کرلی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی فیصلے کے بعد افغان پناہ گزین کسی بھی جگہ آزادانہ نقل و حرکت نہیں کرسکیں گے اور ان کی نقل وحرکت تھانوں میں اندراج سے مشروط ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی مرتب کردہ پالیسی کے مطابق ایک صوبے سے دوسرے صوبے یا ایک شہر سے دوسرے شہر جانے انٹری کروانا لازمی ہوگا۔

    افغان باشندوں کو کسی جگہ جانے سے پہلے متعلقہ تھانے کو آگاہ کرنا ہوگا، نئے شہر میں جانے کا مقصد اور پتہ سے بھی تھانہ کو آگاہ کرنا ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق تمام افغان باشندوں کا ڈیٹا ایک ہی جگہ جمع کیا جائے گا، بارڈ پر انٹری کے نظام کو مؤثر بنایا جائے گا، ویزا یا رہائشی اجازت نامہ کی مدت ختم ہونے پر واپس جانا ہو گا۔