Tag: افغانستان

  • پاکستان کی افغانستان کو تباہ کن زلزلے سے جانی اور مالی نقصان پر ہر ممکن امداد کی پیشکش

    پاکستان کی افغانستان کو تباہ کن زلزلے سے جانی اور مالی نقصان پر ہر ممکن امداد کی پیشکش

    اسلام آباد(یکم ستمبر 2025): وزیراعظم پاکستان نے افغانستان کو تباہ کن زلزلے سے جانی اور مالی نقصان پر ہر ممکن امداد کی پیشکش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افغانستان میں تباہ کن زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے غم کی اس گھڑی میں افغان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    وزیراعظم نے مشرقی افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر شدید رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ سینکڑوں قیمتی انسانی زندگیوں کے نقصان اور درجنوں قصبوں کی تباہی پر متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے متاثرین کے ساتھ دلی اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

    دوسری جانب صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے افغان زلزلہ متاثرین سے دلی تعزیت کی ہے، افغانستان میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

    صدر مملکت نے جاری پیغام میں کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی اور متاثرہ خاندانوں کے حوصلے کے لیے دعاگو ہوں، الّلہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

    افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں 6 شدت کا خوف ناک زلزلہ آیا ہے، جس کے نتیجے میں آٹھ سو افراد جاں بحق اور ترجمان افغان وزارت داخلہ کے مطابق 2500 سے زائد شہری زخمی ہیں۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے 20 منٹ بعد ہی 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے، مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

  • سہ فریقی سیریز، پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائیگا

    سہ فریقی سیریز، پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائیگا

    آج سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی ٹیموں کے درمیان 3 ملکی ٹی 20 سیریز کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ شارجہ میں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔

    سہ فریقی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی جس میں تینوں ممالک کے کپتان شریک ہوئے، پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا، افغانستان کے کپتان راشد خان اور یو اے ای کے کپتان محمد وسیم کا ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ ہوا۔

    پاکستانی ٹیم کے کپتان سلما ن آغا کا دوران پریس کانفرنس کہنا تھا کہ تیاری اچھی ہے، موجودہ پاکستانی ٹیم کے بارے میں سابق کھلاڑیوں کے خیالات سے اُنہیں اور ٹیم کو فرق نہیں پڑتا۔

    بابر اعظم کو بڑی آفر مل گئی!

    افغان کپتان راشد خان کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ٹی 20 ٹورنامنٹس کھیلنے کا موقع نہیں ملا مگر اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

    واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے سے 2، 2 میچز کھیلیں گی اور 7 ستمبر کو سیریز کا فائنل ہوگا۔

  • افغانستان میں خوفناک حادثہ، 71 افراد لقمہ اجل بن گئے (ویڈیو)

    افغانستان میں خوفناک حادثہ، 71 افراد لقمہ اجل بن گئے (ویڈیو)

    افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں خوفناک حادثہ رونما ہوا، جس کے نتیجے میں 17 بچوں سے 71 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس ٹرک اور موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد آگ کی نذر ہو گئی۔

    رپورٹس کے مطابق صوبائی حکومت کے ترجمان احمد اللہ متقی نے ’ایکس‘ پر اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے اسے حالیہ وقت کا سب سے جان لیوا سڑک حادثہ بتایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ”ہرات میں بس کے ٹرک اور موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد 71 لوگوں کی جان گئی۔“

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بس کو آگ نے پوری طرح سے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔

    صوبائی افسر محمد یوسف سعیدی کا کہنا ہے کہ بس میں ایران سے جلاوطن کیے گئے افغان شہری سوار تھے، جو اسلام کلا بارڈر پار کرکے کابل کی طرف جا رہے تھے۔ سعیدی نے بتایا کہ بس میں سوار سبھی مسافر تارکین وطن تھے جنہوں نے اسلام کلا سے سفر شروع کیا تھا۔

    ترجمان احمد اللہ متقی نے بتایا کہ حادثہ ہرات شہر کے باہر گزارہ ضلع میں بس کی انتہائی تیز رفتار اور لاپروائی کی وجہ سے ہوا۔ بس پہلے موٹر سائیکل سے ٹکرائی اور پھر ایندھن سے بھرے ٹرک سے ٹکرانے کے بعد آگ کی زد میں آگئی۔

    پولیس کے مطابق بس میں سوار لوگوں میں صرف 3 کی جان بچ سکی ہے جبکہ ٹرک اور موٹرسائیکل پر سوار 4 لوگ بھی مرنے والوں میں شامل ہیں۔

    نئی دہلی کی وزیر اعلیٰ پر قاتلانہ حملہ

    بی بی سی کے مطابق افغانستان میں سڑک حادثے عام بات ہیں۔ اس کی اہم وجہ دہائیوں سے جاری لڑائی کے بعد خراب سڑکیں، ہائی وے پر خطرناک ڈرائیونگ اور ضابطوں پر سختی سے عمل نہیں کرنا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں سینٹرل افغانستان میں ایندھن اور ٹینکر اور ٹرک سے جڑے دو حادثوں میں کم سے کم 52 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔

  • پاکستان، یو اے ای اور افغانستان کی سہ ملکی سیریز کا شیڈول جاری

    پاکستان، یو اے ای اور افغانستان کی سہ ملکی سیریز کا شیڈول جاری

    پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی سہ ملکی سیریز کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

    شارجہ میں ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک کھیلی جائے گی، ہر ٹیم حریف ٹیموں سے دو مرتبہ میچ کھیلے گی۔

    افتتاحی میچ 29 اگست کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 7 ستمبر کو ہو گا۔

    سہ ملکی سیریز کا شیڈول:

    29 اگست–افغانستان بمقابلہ پاکستان

    30 اگست–یو اے ای بمقابلہ پاکستان

    1 ستمبر–یو اے ای بمقابلہ افغانستان

    2 ستمبر–پاکستان بمقابلہ افغانستان

    4 ستمبر–پاکستان بمقابلہ یو اے ای

    5 ستمبر–افغانستان بمقابلہ یو اے ای

    7 ستمبر–فائنل

    دوسری جانب پاکستان نے 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے دی۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا میچ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلا گیا، پہلے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان شائے ہوپ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

    پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، صائم ایوب 57 اور فخر زمان 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    اس کے علاوہ حسن نواز نے 24 رنز بنائے جب کہ فہیم اشرف 16 اور صاحبزادہ فرحان 14 رنز بنا سکے۔کپتان سلمان علی آغا 11 اور محمد حارث 6 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم 179 رنز کے تعاقب میں سات وکٹ پر 164 رنز بنا سکی، جونسن چارلس اور جیوئل اینڈریو نے 35،35 اور جیسن ہولڈر نے 30 رنز بنائے جبکہ پاکستانی ٹیم کے محمد نواز نے تین اور صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو شکار کیا۔

    آل راؤنڈ پرفارمنس پر صائم ایوب پلیئر آف دی میچ قرار پائے، میچ میں صائم نے 57 رنز بنائے اور 2 وکٹیں بھی حاصل کیں، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ ٹیم میں جو ذمے داری دی جائے اسے اچھی طرح نبھانے کی کوشش کرتا ہوں۔

    شاہین آفریدی اور سلمان آغا کے جھگڑے کی افواہوں پر پی سی بی کی وضاحت

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں جن میں پاکستان نے 15 میں جبکہ ویسٹ انڈیز نے 3 میں کامیابی حاصل کی۔ 3 میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔

  • افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد تجارتی پابندیوں کے خاتمے پر بڑی پیش رفت

    افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد تجارتی پابندیوں کے خاتمے پر بڑی پیش رفت

    اسلام آباد (28 جولائی 2025): افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد تجارتی پابندیوں کے خاتمے کے سلسلے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، دونوں ممالک کا ٹرانزٹ ٹریڈ پر پابندیوں کے خاتمے پر اتفاق کر لیا ہے۔

    ذرائع وزارت تجارت کے مطابق افغانستان نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں اضافے کے لیے پاکستان سے سہولیات مانگ لی ہیں، پاکستان کی جانب سے جائزے کے بعد پابندیاں ہٹانے پر اتفاق کیا گیا۔

    افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر پابندیاں ختم کرنے کا معاملہ حالیہ مذاکرات میں آیا تھا، جس میں افغان وفد کی قیادت نائب وزیر صنعت و تجارت اور پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت نے کی تھی، مذاکرات میں افغانستان نے ٹرانزٹ ٹریڈ پر تمام پابندیاں ختم کرنے کی تجویز دی تھی اور تمام اشیا پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔


    پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ ہو گیا


    افغان حکومت کا مؤقف تھا کہ افغانستان کی معیشت بہتر ہونے سے افغانستان کی درآمدات بڑھ گئی ہیں، اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے باعث افغانستان کی معیشت کا حجم بڑھ رہا ہے۔ چناں چہ پڑوسی ملک نے ٹرانزٹ ٹریڈ پر SRO1397/2023 ختم کرنے کی تجویز دی۔

    افغانستان صنعتی استعمال کے لیے مطلوب ضروری اشیا کی لسٹ فراہم کرے گا، پاکستان نے ضروری اشیا کا جائزہ لے کر پابندی والی لسٹ سے مصنوعات کے نام نکالنے کی یقین دہانی کرائی، پڑوسی ملک کی جانب سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی اشیا پر 10 فی صد پروسیسنگ فیس بھی ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    پاکستان کا کہنا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے 53 فی صد اشیا پر پابندی پہلے ہی ختم کی جا چکی ہے، پاکستان کی جانب سے پروسیسنگ فیس کے خاتمے کے لیے افغانستان سے لسٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا، فہرست کا جائزہ لینے کے بعد پراسیسنگ فیس خاتمے کے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ ہو گیا

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ ہو گیا

    اسلام آباد: پاک افغان تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، دونوں ممالک نے ترجیحی تجارتی معاہدہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) طے پا گیا ہے، دونوں ممالک نے معاہدے پر باقاعدہ دستخط کر دیے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ افغان وزارت صنعت و تجارت کے نائب وزیر ملا احمداللہ زاہد اور سیکریٹری تجارت جواد پال نے معاہدے پر دستخط کیے، اب وفاقی کابینہ سے اس معاہدے کی منظوری لی جائے گی۔

    وزارت تجارت کے مطابق اس معاہدے کے تحت پاکستان کو برآمد کی جانے والی افغان اشیا پر عائد شرح ٹیرف کم ہو کر 22 فی صد تک ہو جائے گا، افغانستان کو ٹماٹر، انگور، سیب اور انار کی برآمد پر ڈیوٹیز میں رعایت دی جائے گی، جب کہ پاکستان کو آلو، کینو، کیلے اور آم کی برآمد پر ڈیوٹیز میں رعایت دی جائے گی۔


    آٹو مینوفیکچررز کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی، عدالت نے حکومت کو اضافی کسٹم ڈیوٹی وصولی سے روک دیا


    اس معاہدے کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا، ابتدائی طور پر پاک افغان ترجیحی تجارت کے معاہدے کا دورانیہ ایک سال ہوگا، اس کے بعد معاہدے کو باہمی اتفاق رائے سے توسیع دی جائے گی۔

    فریقین نے افغان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیا، حکام کا کہنا ہے کہ اس معاہدے میں مزید تجدید بھی کی جا سکتی ہے۔

  • افغان ٹیکسی ڈرائیوروں نے گرمی سے بچنے کے لیے انوکھی ٹیکنالوجی بنا لی

    افغان ٹیکسی ڈرائیوروں نے گرمی سے بچنے کے لیے انوکھی ٹیکنالوجی بنا لی

    قندھار: افغان ٹیکسی ڈرائیوروں نے گرمی سے بچنے کے لیے ایک انوکھا حل نکال لیا ہے، جس نے انٹرنیشنل میڈیا کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قندھار میں افغان ٹیکسی ڈرائیوروں نے گرمی سے بچنے کے لیے خود ساختہ ایئر کولرز بنا لیے ہیں، جس کی مدد سے وہ مسافروں کو جھلسا دینے والی گرمی میں ٹھنڈک فراہم کر رہے ہیں۔

    قندھار کے ٹیکسی ڈرائیور گل محمد نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ٹیکسیوں پر نظر آنے والی یہ منفرد چیز ایئر کولر ہے جو اے سی سے بہتر کام کرتا ہے، یہ کولر ساری گاڑی میں ہوا پھیلاتا ہے اور اس میں صرف دن میں 2 بار پانی بھرنا پڑتا ہے اور یہ پوری گاڑی کو ٹھنڈا کرتا ہے۔

    دراصل جب لوگوں نے افغانستان کے ایک گرم ترین شہر قندھار میں ٹیکسیوں کو دیکھا کہ ان کی چھتوں پر جھرنے والے بیرل اور ایگزاسٹ ٹیوبیں لگی ہوئی ہیں، تو وہ حیران رہ گئے۔ یہ ہاتھ سے بنے ایئر کولر ہیں جنھیں ٹیکسی ڈرائیوروں نے گرمی کو شکست دینے کے لیے بنایا۔

    جنوبی شہر قندھار میں درجہ حرارت باقاعدگی سے 40C (104F) سے تجاوز کر جاتا ہے، اور کاروں کے اندر موجود ایئر کنڈیشننگ یونٹ اکثر ناکام ہو جاتے ہیں، اے ایف پی کے مطابق ایسے میں ہوم میڈ ایئر کولر اے سی سے زیادہ بہتر کام کرتا ہے۔

  • کرکٹ کی دنیا کے معروف امپائر چل بسے

    کرکٹ کی دنیا کے معروف امپائر چل بسے

    افغانستان کے ایلیٹ پینل کے امپائر بسمہ اللّٰہ جان شنواری فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئے۔

    رپورٹس کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے بسمہ اللّٰہ جان شنواری کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

    افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے مطابق بسمہ اللّٰہ جان شنواری کی عمر 41 برس تھی وہ کچھ عرصے سے بیماری میں مبتلا تھے۔ اُنہوں نے 34 ون ڈے اور 26 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔

    اس کے علاوہ انہوں نے 31 فرسٹ کلاس، 51 لسٹ اے اور 96 ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے تھے۔

    بھارتی کرکٹر کا امپائر کو رشوت دینے کا اعتراف:

    بھارت کو کئی بار تن تنہا فتوحات دلانے والے ایک سابق کرکٹر نے اپنے حق میں فیصلے کرانے کے لیے امپائروں کو رشوت دینے کا اعتراف کیا ہے۔

    بھارت کے سابق کرکٹر وریندر سہواگ کرکٹ کے میدانوں سے عرصہ ہوا ریٹائرمنٹ لے کر ناطہ توڑ چکے اور اب کمنٹری یا میچز پر تجزیے کرتے ہیں۔ سہواگ کے آئے روز متنازع بیانات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک متنازع بیان اب سامنے آیا ہے جس نے دنیائے کرکٹ میں ہلچل مچا دی ہے اور انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کی شفافیت پر سوال اٹھا دیا ہے۔

    وریندر سہواگ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ امپائرز کو رشوت دیتے رہے ہیں جس کے نتیجے میں وہ امپائرز انہیں آو?ٹ نہیں دیتے تھے۔

    سابق بھارتی کرکٹر نے بتایا کہ جنوبی افریقہ کے روڈی کوٹزن کو ان کے بیٹے کے لیے پیڈ دیے، جس کے بعد انہوں (روڈی کوٹزن) نے دو تین بار مجھے آو?ٹ نہیں دیا۔

    انہوں نے ایسا ہی الزام انگلینڈ کے ڈیوڈ شیفرڈ پر بھی لگا یا۔

    سہواگ نے اس واقعہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیوڈ شیفرڈ امپائرنگ کرنے کے لیے بھارت میں موجود تھے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے ایک میچ میں وہ لیگ امپائر کی ذمہ داری نبھا رہے تھے تو میں اسکوائر لیگ پر کھڑا تھا۔ میں نے ڈیوڈ سے اُن کی طبیعت سے متعلق پوچھا، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ ٹھیک ہیں اور آئسکریم کھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    خاتون سے زیادتی کے کیس میں بھارتی کرکٹر کیخلاف مقدمہ درج

    ان کا کہنا تھا کہ پھر میں نے ان کے لیے آئسکریم کو انتظام کیا اور ان سے بھی کہا کہ بس آؤٹ مت دینا اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔

    واضح رہے کہ وریندر سہواگ نے اپنے انٹرویو میں جن دو امپائرز روڈی کوٹزن اور ڈیوڈ شیفرڈ کو رشوت دینے کا اعتراف کیا ہے۔ وہ دونوں امپائرز اب اس دنیا میں موجود نہیں ہیں۔

  • افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 30 خوارج ہلاک

    افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 30 خوارج ہلاک

    حسن خیل: سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موثر کارروائی میں 30 خوارج کو ہلاک کردیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، سیکورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں ہندوستانی اسپانسرڈ کے 30 خوارج مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے یکم، 2 جولائی اور اور 3 جولائی کی درمیانی شب میں ہندوستانی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت دیکھی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام بنائی، سیکورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں ہندوستانی اسپانسرڈ کے تمام 30 خوارج مارے گئے۔

    آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، سیکورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ممکنہ تباہی کو روکا۔

    ترجمان کے مطابق عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے "غیر ملکی پراکسیز” کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکے۔

    سیکورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور ملک سے ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • ایران میں موجود افغان باشندوں کو خصوصی ہدایات جاری

    ایران میں موجود افغان باشندوں کو خصوصی ہدایات جاری

    کابل: ایران میں افغان سفارت خانے کی جانب سے افغان باشندوں کو حساس علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    ایران کے دارالحکومت تہران میں افغانستان کے سفارت خانے نے ایران میں مقیم تمام افغان باشندوں کو پیغام جاری کرتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ حساس فوجی مراکز سے دور رہیں اور کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں یا اشتعال انگیز موضوعات سے مکمل اجتناب کریں۔

    یہ ہدایات ایک رسمی اعلامیے کے ذریعے جاری کی گئی ہیں، جن کا مقصد ایران میں افغان باشندوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ایران کے حساس فوجی مراکز مکمل طور پر سیکیورٹی اداروں کی نگرانی میں ہیں اور ان کے اطراف میں کسی بھی قسم کی مشکوک حرکت ایرانی حکام کی جانب سے گرفتاری یا قانونی کارروائی کا سبب بن سکتی ہے۔

    افغان شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان مقامات کے قریب جانے یا وہاں کسی بھی قسم کی غیر معمولی سرگرمی سے گریز کریں۔


    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    سفارتخانے کی جانب سے یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ افغان شہری عوامی مقامات مثلاً میٹرو اسٹیشنز، بازاروں، ٹیکسیوں یا ریلوے اسٹیشنوں میں احتجاجی مظاہروں، حملوں یا سیاسی مؤقف کے بارے میں بات چیت نہ کریں۔ اس قسم کی گفتگو نہ صرف دیگر افراد میں خوف و ہراس پیدا کر سکتی ہے بلکہ ایران کے سیکیورٹی اداروں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق افغان باشندے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی سیاسی جماعتوں کی میٹنگز، مظاہروں، سیاسی خیالات اور مطالبات کی اشاعت یا ترسیل سے اجتناب برتیں۔ اس عمل سے ان کی شناخت پر سوالات اٹھ سکتے ہیں اور ان کی موجودگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

    سفارت خانے نے زور دیا ہے کہ موجودہ ایرانی صورت حال کے حوالے سے باخبر رہنے کے لیے قابل اعتماد ذرائع ابلاغ اور حکومتی ویب سائٹس سے رجوع کیا جائے۔ سوشل میڈیا یا غیر مصدقہ ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر فیصلے کرنے سے گریز کیا جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خطرے سے بچا جا سکے۔

    سفارت خانے نے افغان شہریوں کو یہ ہدایت بھی کی کہ وہ سفر سے قبل اور دوران ہمیشہ ایران کے سرکاری اداروں کی جانب سے جاری ہونے والی نئی ہدایات اور قوانین سے باخبر رہیں۔