راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ افغانستان روانہ ہوگئے، جہاں وہ افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر افغانستان روانہ ہوگئے ،جہاں وہ افغان قیادت سے ملاقات کریں گے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مستحکم قومی حکومت چاہتاہے،نیٹو،امریکا افغانستان میں فروغ امن کیلئے کوشاں ہیں، خواہش ہے امریکا،نیٹو افغان امن میں کامیاب ہوں۔
Army Chief left for Kabul to meet President Ashraf Ghani on his invitation. Pakistan wishes to see National Unity Government and US / NATO succeeding to bring peace in Afghanistan.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) June 12, 2018
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری خارجہ اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی آرمی چیف کے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ افغان مشیر قومی سلامتی کی سربراہی میں وفد ستائیس مئی کو پاکستان آیا تھا اور افغان مشیر قومی سلامتی نے آرمی چیف کو دعوت نامہ پہنچایا تھا۔
یاد رہے چند روز قبل افغان طالبان نے عید الفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا، افغانستان کی تاریخ میں 17 سال بعد مسلح شدت پسندوں کی جانب سے اس طرح کا اعلان کیا گیا اور ساتھ میں واضح کیا کہ اگر حکومتی سطح پر خلاف ورزی کی گئی تو بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب اقوامِ متحدہ، امریکا اور نیٹو کی جانب سے طالبان کے اعلان کا خیر مقدم کیا گیا تاہم کچھ حلقے حکومت اور مسلح افراد کے اس اعلان کو خفیہ معاہدہ بھی قرار دے رہے ہیں۔