Tag: افغانستان میں پھنسے پاکستانی

  • افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے اہم خبر

    افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے اہم خبر

    اسلام آباد: افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد مختلف ممالک اپنے شہری افغانستان سے بہ حفاظت نکالنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، پاکستان کے بھی 200 کے قریب شہری اس وقت افغانستان میں موجود ہیں۔

    اس حوالے سے پاکستانی سفیر نے بتایا کہ اس وقت دو سو کے قریب پاکستانی افغانستان میں ہیں، پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

    سفیر کا کہنا تھا کہ اگر فضائی سفر ممکن نہیں ہوا تو پاکستانیوں کو طورخم بارڈر کے ذریعےواپس لایا جائےگا، کابل ایئر پورٹ کا کنٹرول امریکا کے پاس ہے، اور امریکی حکام کی پہلی ترجیح اپنے لوگوں کا وہاں سے انخلا ہے۔

    واضح رہے کہ کابل فتح ہونے کے بعد طالبان نے تمام سرکاری تنصیبات اپنے کنٹرول میں لے لی ہیں، اور شہر میں گاڑیوں میں گشت کیا جا رہا ہے، طالبان نے کچھ چوکوں پر ٹریفک کا نظام بھی سنبھالا ہوا ہے، جب کہ سڑکوں پر شہریوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے، تعلیمی ادارے اور دکانیں بند ہیں۔

    طالبان نے سرکاری ٹی وی پر بھی نشریات کا آغاز کر دیا ہے، جس پر قوم سے پُر امن رہنے کی اپیل کی گئی ہے، طالبان نے افغانستان میں جنگ ختم کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

    طالبان کی جانب سے عالمی برادری سے پُر امن تعلقات کا عندیہ بھی دیا گیا ہے، طالبان کے سیاسی امور کے ترجمان محمد نعیم کہتے ہیں کسی کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے، کسی ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا افغانستان میں جلد نیا نظام حکومت تشکیل دیا جائے گا، اس سلسلے میں ہم تمام افغان رہنماؤں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

    آج اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل اجلاس میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ افغانستان میں فریقین سے اپیل ہے وہ تحمل سےکام لیں، ہمیں خوشی ہے کہ طالبان اقوام متحدہ اداروں کے ساتھ احترام سے پیش آئے۔

  • وزیر اعظم نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی ہدایت کر دی

    وزیر اعظم نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی ہدایت کر دی

    اسلام آباد: کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان نے ایکشن لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین سیفران کمیٹی سینیٹر تاج آفریدی نے وزیر اعظم عمران خان کو افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کے سلسلے میں خط لکھا تھا جس پر انھوں نے ایکشن لے کر پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی ہدایت کر دی۔

    ذرایع کے مطابق وفاقی حکومت نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو رواں ہفتے واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے، وطن واپسی پر ان مسافروں کو 7 دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا، وزیر اعظم نے طورخم بارڈر پر قرنطینہ سینٹر کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کر دی۔

    یو اے ای میں رہا کیے گئے پاکستانی قیدیوں کو جلد لائیں گے، معید یوسف

    مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے اس سلسلے میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران کے چیئرمین کو فون کر کے مطلع کیا کہ طورخم، چمن بارڈر پر پھنسے پاکستانیوں کو جلد واپس لایا جائے گا۔

    سینیٹر تاج آفریدی کا کہنا تھا کہ بارڈر پار پاکستانی مسافروں اور ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز تاج آفریدی نے وزیر اعظم کو افغانستان سے پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں خط لکھا تھا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی وزیر اعظم سے بارڈر پر پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کی درخواست کی تھی۔