Tag: افغان امریکا

  • امریکا میں نئی زندگی شروع کرنے کے لیے افغانوں کی پہلی فلائٹ امریکا پہنچ گئی

    امریکا میں نئی زندگی شروع کرنے کے لیے افغانوں کی پہلی فلائٹ امریکا پہنچ گئی

    واشنگٹن: افغانستان میں امریکی فورسز کے ساتھ کام کرنے والے افغانوں پر مشتمل پہلی فلائٹ امریکا پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں امریکی فورسز کے ساتھ کام کرنے والے افغان شہریوں کی امریکا منتقلی کا سلسلہ جاری ہے، امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کے ساتھ کام کرنے والے افغان ترجمانوں اور دیگر کے انخلا کی پہلی پرواز واشنگٹن کے ڈولس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایئرلائن نے، جس میں 221 افغان سوار تھے، بشمول 57 بچے اور 15 نوزائیدہ، جمعے کو علی الصبح ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔

    وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکا پہنچنے والے افغان پہلے مرحلے میں شامل ان ڈھائی ہزار افغانوں میں سے ہیں، جنھیں امریکا منتقل کیا جانا تھا، ان میں 700 اصل درخواست گزار ہیں جب کہ باقی ان کے خاندانوں کے افراد ہیں۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق اس گروپ میں شامل تمام افراد کو خصوصی امیگرنٹ ویزے کے لیے اجازت دی گئی تھی، اور ان سب کے بیک گراؤنڈ کی بھی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

    امریکی رہنمائی میں ناٹو فورسز کے ساتھ کام کرنے والے اکثر افغانوں کو طالبان کی جانب سے انتقامی حملوں کا خوف لاحق تھا، انھیں بھی امریکی فوجیوں کے ساتھ اگست کے اختتام تک افغان سرزمین چھوڑنے کے لیے شیڈول کیا گیا تھا۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کو امریکا پہنچنے والی فلائٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک اہم سنگ میل ہے، ہم ہزاروں افغان شہریوں سے اپنے وعدے کو پورا کررہے ہیں، جنھوں نے افغانستان میں گزشتہ 20 برسوں میں امریکی فوجیوں اور سفارت کاروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر خدمات انجام دیں۔

    بائیڈن نے کہا یہ پہلے افغان اس لیے براہ راست امریکا پہنچے ہیں، کیوں کہ امریکی انٹیلیجنس کمیونٹی، ہوم لینڈ سیکیورٹی اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے ان کے بیک گراؤنڈ کو اچھی طرح سے چیک کر لیا تھا اور ان کی مکمل سیکیورٹی اسکریننگ کی گئی تھی۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ افغان شہری اب ریاست ورجینیا کے شہر فورٹ لی میں اپنے ویزے درخواستوں اور درکار طبی جانچ کے لیے حتمی مراحل مکمل کریں گے، اس کے بعد یہ ریاست ہائے متحدہ امریکا میں اپنی نئی زندگیاں شروع کر سکیں گے۔

    خیال رہے کہ امریکا ان افغان خاندانوں کو ملک بھر میں آباد کرنے کے لیے یونائیٹڈ نیشن انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے ساتھ شراکت کر رہا ہے۔

    ادھر افغانستان کے دارالحکومت کابل سے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی سفارت خانہ افغان شہریوں کے انخلا کے سلسلے میں نہایت راز داری سے کام لے رہا ہے۔

  • امریکا نے فوجی طیارے کی تباہی کی تصدیق کر دی

    امریکا نے فوجی طیارے کی تباہی کی تصدیق کر دی

    واشنگٹن: امریکا کی جانب سے افغانستان میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے اپنے فوجی طیارے کی تباہی کی تصدیق کر دی ہے، امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ فوجی طیارہ افغان صوبے غزنی میں گر کر تباہ ہوا۔

    تاہم امریکی فوجی حکام نے طالبان کی جانب سے طیارے کو مار گرانے کے دعوے کی تردید کر دی ہے، حکام نے کہا کہ طیارے کے دشمن کے فائر سے تباہ ہونے کے کوئی اشارے نہیں ملے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز افغان طالبان نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے ملک کے مشرقی حصے میں امریکی فضائیہ کا طیارہ مار گرایا ہے جس کے نتیجے میں تمام سوار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    طالبان کا امریکی فضائیہ کا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

    افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا تھا کہ مشرقی حصے میں تباہ ہونے والا طیارہ امریکی فضائیہ کا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مقامی صحافی کا کہنا تھا کہ اس نے تباہ شدہ طیارے کا ملبہ دیکھا جس میں سے آگ نکل رہی تھی، ملبے کے ساتھ 2 جھلسی ہوئی لاشیں بھی جائے وقوع پر پڑی تھیں، طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا تھا اور اس کے ٹکڑوں پر امریکی فضائیہ کا مونوگرام نظر آ رہا تھا۔

    دوسری طرف ایک اعلیٰ ملٹری افسر نے طیارہ تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے خبررساں ادارے کو بتایا کہ امریکی فضائیہ کا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔