Tag: افغان انٹیلیجنس افسر

  • بلوچستان سے افغان انٹیلی جنس کے 6 اہلکار گرفتار

    بلوچستان سے افغان انٹیلی جنس کے 6 اہلکار گرفتار

    کوئٹہ: وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حساس اداروں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے افغان انٹیلی جنس کے 6 اہلکار گرفتار کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرداخلہ نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے اہلکار بھارتی خفیہ ایجنسی را اور این ڈی ایس سے رابطے میں تھے اور ملک میں بدامنی پھیلا رہے تھے۔

    گرفتار دہشت گرد محبوب، عصمت اللہ کا تعلق افغانستان کے صوبے ہلمند ، عبداللہ شاہ ،نور احمد اور احمد اللہ کا تعلق قندھار جبکہ محمد شفیع کا تعلق پشین سے ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد ایف سی اور دیگر حملوں میں ملوث رہے ہیں اور انہوں نے دوران تفتیش 40 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

    گرفتار اہلکار مہاجر کیمپ میں مقیم تھے جبکہ ایک اہلکار کے اہلخانہ بلوچستان کے علاقے کچلاک میں رہائش پذیر ہے، تمام افراد کے پاس قومی شناختی کارڈ موجود ہیں۔

    دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں نادرا میں موجود کالی بھیڑوں نے بیس ہزار روپے کے عوض قومی شناختی کارڈ جاری کیے ہیں۔

    اس موقع پر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ افغانستان کے لوگ پاکستان کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں اور پاکستان میں امن و امان خراب کررہے ہیں،  اب افغان مہاجرین کو ہرصورت اپنے وطن افغانستان جانا ہوگا۔

    اگرعالمی برادری نے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے اقدامات نہ کیے تو پاکستانی حکام اور عوام انہیں دھکے دے کر ملک سے نکال دیں گے۔

    اس موقع پر گرفتار دہشت گردوں نے اقبالی بیانات کی ویڈیو چلائی گئی، جس میں تمام افراد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کو افغان اور بھارت کی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان میں امن و امان خراب کرنے کے لیے بھیجا تھا اور اس کے لیے انہوں نے کوئٹہ میں کارروائیاں کی ہیں۔

  • چمن سرحد کے قریب افغان انٹیلی جنس افسر گرفتار

    چمن سرحد کے قریب افغان انٹیلی جنس افسر گرفتار

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے بلوچستان کے قریب چمن سے افغان انٹیلی جنس افسر کو غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے پر گرفتار کر لیا، وزارت داخلہ نے افغان انٹیلی جنس افسر کی گرفتاری کی تصدیق کردی.

    تفصیلات کے مطابق افغان انٹیلی جنس افسر کی شناخت روزی خان کے نام سے ہوئی ہے، روزی خان افغان آرمی کے انٹیلی جنس یونٹ میں سیکنڈ لیفٹیننٹ افسر ہے، اس کو غیرقانونی طور پر پاکستانی سرحد میں داخل ہونے پر گرفتار کیاگیا۔

    گرفتاری کے بعد افغان انٹیلی جنس افسر کو حساس اداروں کو دے دیاگیا اور اسے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیاگیا۔

    واضح رہے کہ 6 اپریل کو ایف سی کی جانب سے چمن کے قریب سرحدی علاقے میں افغان انٹیلی جنس افسر کو گرفتار کیا گیا تھا، چھاپے کے دوران چھاپہ مار ٹیم نے چار ایس ایم جیز، ایک اسنائپر رائفل، تین موبائل فون سیٹ، گیارہ انٹینا، پچیس چھوٹے اور دس بڑے بال بیرنگ، پچھتر ڈیٹونیٹر فیوز اور دیگر اشیاء کے ساتھ ساتھ سمیت اسلحہ برآمد کیا تھا.

    مشتبہ شخص کی طرف سے انکشافات کی بنیاد پر، ایک اور کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا گیا، جس میں دس کلو گرام دھماکہ خیز مواد ، بم بنانے کے لیے درکار دیگر اشیاءسمیت بارہ کلو گرام دھماکہ خیز مواد ضبط کیاگیا تھا. ایف سی حکام کے مطابق، ضبط اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بلوچستان میں دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں میں استعمال کیا جانا تھا.