Tag: افغان سفیر کی بیٹی

  • پہلے کسی سفیر کے اہل خانہ کا پرائیویٹ ٹیکسی میں جانے کا واقعہ پیش نہیں آیا: وزیر داخلہ

    پہلے کسی سفیر کے اہل خانہ کا پرائیویٹ ٹیکسی میں جانے کا واقعہ پیش نہیں آیا: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی نے خود ٹیکسی ہائر کی تھی، یہ کل کا واقعہ ہے، تاہم پہلے کسی سفیر کے اہل خانہ کا پرائیویٹ ٹیکسی میں جانے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کے واقعے پر وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کے بیان کے مطابق پہلی ٹیکسی میں اس پر تشدد ہوا تھا، تاہم قانونی کارروائی افغان سفیر کی بیٹی کے تحریری بیان پر کی جائے گی، ابھی انھوں نے کوئی تحریری بیان نہیں دیا۔

    شیخ رشید نے کہا جس ٹیکسی میں سفیر کی بیٹی پر تشدد ہوا، اس کی تلاش جاری ہے، تاہم دوسرے ٹیکسی ڈرائیور کو ٹریس کر لیا گیا ہے، اس ڈرائیور نے افغان سفیر کی بیٹی کی مدد کی تھی، جس پر انھوں نے ٹیکسی ڈرائیور کو 500 روپے انعام بھی دیا۔

    وزیر داخلہ نے بتایا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مطابق تشدد کرنے والا ٹیکسی ڈرائیور ایمبیسی کارڈ بھی لے گیا ہے، لڑکی کے پاس موبائل فون بھی نہیں تھا، پہلے بتایا گیا کہ ٹیکسی موبائل سے بک کرائی لیکن بعد میں پتا چلا کہ فون گھر پر تھا، پہلے کسی سفیر کے اہل خانہ کا پرائیویٹ ٹیکسی میں جانے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔

    افغان سفیر کی بیٹی کا مبینہ اغوا، وزیر اعظم کی 48 گھنٹوں میں حقائق سامنے لانے کی ہدایت

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افسران کو بھیجا جا چکا ہے، اور واقعےکی تحقیقات جاری ہیں، واقعے کا فی الحال کوئی دوسرا پہلو نظر نہیں آتا۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور بدسلوکی کے واقعے پر وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لے کر وزیر داخلہ شیخ رشید کو واقعے میں ملوث افراد کو 48 گھنٹے میں گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

  • افغان سفیر کی بیٹی کا مبینہ اغوا، وزیر اعظم کی 48 گھنٹوں میں حقائق سامنے لانے کی ہدایت

    افغان سفیر کی بیٹی کا مبینہ اغوا، وزیر اعظم کی 48 گھنٹوں میں حقائق سامنے لانے کی ہدایت

    اسلام آباد: افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے میں وزیر اعظم نے 48 گھنٹوں میں حقائق سامنے لانے کی ہدایت جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کو واقعے میں ملوث افراد کوگرفتار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کیس کی اوّلین بنیادوں پر تفتیش کریں اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آئندہ 48گھنٹوں میں حقائق سامنے لا کر ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

    وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس مسلسل افغان سفیر اور بچی سے رابطے میں ہے، ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    آج اس واقعے پر دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھی رد عمل جاری کیا ہے، ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز افغان سفارت خانے نے افغان سفیر کی بیٹی کے حوالے سے اطلاع دی تھی، افغان سفیر کی بیٹی پر ٹیکسی پر سفر کے دوران حملہ کیا گیا تھا، واقعے کی اطلاع کے بعد اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    افغان سفیر کی بیٹی کی مبینہ گمشدگی اور بدسلوکی پر دفتر خارجہ کا ردعمل

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزارت خارجہ اور سیکیورٹی ادارے افغان سفیر اور خاندان کے ساتھ رابطے میں ہیں، افغان سفیر اور ان کے خاندان کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، ادارے اس واقعے میں ملوث ملزمان کوانصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے سرگرم ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سفارتی مشن، سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کی سیکیورٹی ہماری ترجیح ہے، اس قسم کے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔