Tag: افغان شہری

  • پاکستان کو خالہ جی کا گھر نہ سمجھا جائے، افغانوں کو ڈی پورٹ کریں، خواجہ آصف

    پاکستان کو خالہ جی کا گھر نہ سمجھا جائے، افغانوں کو ڈی پورٹ کریں، خواجہ آصف

    اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو خالہ جی کا گھر نہ سمجھا جائے، افغانوں کو ڈی پورٹ کرنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں انٹرویو کے دوران افغانستان سے متعلق سوال پر کہا افغانستان کیساتھ ہمارے تعلقات ہیں، سفارتخانہ موجود ہے، افغانستان کیساتھ ہمارے ڈپلومیٹک تعلقات موجودہیں، افغانستان کا دورہ بھی بطوروزیردفاع کیا، معمول کے تعلقات ہیں۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے افغان حکومت کواب تک قبول نہیں کیا گیا، روس کی طرح افغان حکومت کو قبول کرنے کا وزیراعظم یا وزیر خارجہ بتا سکتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کا امن اس خطے کے امن کیساتھ جڑا ہوا ہے، پاکستان کے اچھے حالات کا تعلق براہ راست افغانستان کیساتھ ہے، پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہوگا تو خطے کے تمام ممالک کوفائدہ ہوگا، ہم کبھی بھی نہیں چاہیں گے کہ پڑوسی ممالک میں حالات خراب ہوں ، کبھی نہیں چاہیں گے افغانستان میں امن وامان کی صورتحال خراب ہو۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بارڈر پر ایک کہانی ہے، جو تقسیم سے پہلےسےچلی آرہی ہے، بھارت اور ایران کیساتھ جس طرح بارڈر ہے ، ویسا افغانستان کیساتھ ہونا چاہیے، پاکستان میں 50 ، 60 لاکھ افغان شہری ہیں ہر ناجائز کاروبارہ پر قبضہ کیا ہوا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ افغان شہریوں کو ان کے ملک میں بسانے کی کوئی گارنٹی نہیں تھی، افغانستان سے ہمیں کسی قسم کی گارنٹی نہیں دی جارہی تھی، افغان شہریوں کو واپس بھیجتے ہیں تووہ پھرواپس آجاتے ہیں، پاکستان کو خالہ جی کا گھر نہ سمجھا جائے، افغان شہریوں کوڈی پورٹ کرنا چاہیے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی کاروباروں میں افغان شہری زیادہ ملوث ہیں، ڈمپر کا کاروبار ہی دیکھ لیں، کراچی میں شہریوں کو کچلتے ہیں، اسکریپ میں منگوا کر یہاں تیار کیا جاتاہے، افغان شہریوں نے ہماری ٹرانسپورٹ پرقبضہ کیاہواہے ، غیرقانونی کالونیاں بنائی ہوئی ہیں.

    وزیر دفاع نے کہا کہ افغان جنگ ختم ہوئےبہت دیرہوگئی ہے، یو این اور نیٹو افغان شہریوں کواب تک نہیں لے کرگئی، اب بھی پاکستان میں ایک ڈیڑھ لاکھ افغان شہری بیٹھے ہوئےہیں، نیٹو کو ان ایک ڈیڑھ لاکھ افغان شہریوں کو لے کر جانا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ افغانستان میں جنگ ختم ہوچکی ہے وہاں اب امن ہے، افغان شہریوں کو اپنے ملک واپس جانا چاہیے تاہم افغان حکومت کو ماننے کیلئے ہم اپنا قومی مفاد دیکھیں گے۔

  • افغان شہریوں کو پاکستانی دستاویزات جاری کرنے والا گروہ پکڑا گیا

    افغان شہریوں کو پاکستانی دستاویزات جاری کرنے والا گروہ پکڑا گیا

    ایف آئی اے پشاور زون نے بڑی کاروائی کرکےافغان شہریوں کو پاکستانی دستاویزات جاری کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی دستاویزات فراہم کرنے والے گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سید صداقت شاہ، نادر خان، عارف خان، اور عالم زیب شامل ہیں ملزمان اسٹیشنری شاپ کی آڑ میں جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں پشاور سے گرفتار کیا گیا ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق منظم گروہ افغان شہریوں کے لیے جعلی پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کی تیاری میں ملوث تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار کاروائی میں موقع سے جعلی پیدائشی اور وفات کے سرٹیفکیٹس برآمد ہوئے ہیں، چھاپہ مار کاروائی میں ڈپٹی کمشنر پشاورکے نام سے جعلی مہریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان سے جعلی پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس اور نادرا پراسیسنگ سے متعلق اسٹامپ پیپرز بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں۔

  • 24 گھنٹوں میں 2772 سے زائد غیر قانونی مقیم شہریوں کو ہولڈنگ سینٹرز پہنچا دیا گیا

    24 گھنٹوں میں 2772 سے زائد غیر قانونی مقیم شہریوں کو ہولڈنگ سینٹرز پہنچا دیا گیا

    لاہور: گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2772 سے زائد غیر قانونی مقیم شہریوں کو ہولڈنگ سینٹرز پہنچایا گیا ہے۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1336 افراد کو متعلقہ اداروں کی مدد سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جب کہ 2772 سے زائد افغان شہری ہولڈنگ سینٹرز پہنچائے گئے، 2810 غیر قانونی مقیم شہری پہلے سے ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔

    غیر قانونی مقیم شہریوں کے انخلا کے لیے صوبے بھر میں 46 ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم شہریوں کے پنجاب سے انخلا کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔


    کارڈ ہولڈر مہاجرین کو وقت مل گیا، بلوچستان ہائیکورٹ کا حکم


    آئی جی نے کہا ہے کہ غیر قانونی مقیم تمام غیر ملکی شہریوں کو ہر صورت واپس بھجوایا جائے گا، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، کھانے پینے سمیت دیگر انتظامات متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، انھوں نے ہدایت کی کہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز انخلا کے عمل میں تیزی لائیں۔

    ادھر اٹک کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ 700 سے زائد افغان شہریوں کو ضلعی کیمپ منتقل کیا جا چکا ہے، 200 سے زائد افغان شہریوں کو طورخم بارڈر سے افغانستان منتقل کر دیا گیا، ضلع کی تمام 6 تحصیلوں کے اے سی اور انتظامیہ آپریشن میں متحرک ہے۔

  • کے پی حکومت کسی بھی افغان شہری کو زبردستی واپس نہیں بھیجےگی، علی امین گنڈاپور

    کے پی حکومت کسی بھی افغان شہری کو زبردستی واپس نہیں بھیجےگی، علی امین گنڈاپور

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ ان کی حکومت کسی بھی افغان شہری کو زبردستی واپس نہیں بھیجےگی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان شہریوں کی واپسی سےمتعلق ہماری پالیسی بالکل واضح ہے کہ انہیں بے سرو سامانی کی حالت میں نہیں بلکہ اپنی روایت کے مطابق با عزت طریقے سے واپس بھیجیں گے۔ فغان حکومت جب تک مہاجرین کو لینے کیلیے تیار نہیں ہوتی ہم انہیں واپس نہیں بھیجیں گے۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ کہ کسی کو اٹھا کر ایسے ہی پھینک دیا جائے۔ ہم نے صوبے میں کیمپس لگائے ہیں،رضاکارانہ طور پر واپس جانے والوں کو بھیجا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کیساتھ تعلقات خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ دہشت گردی کے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے، اس کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ جب تک افغانستان میں امن نہیں ہوگا، خطے میں امن نہیں ہوگا۔ ہم نے وفاقی حکومت کو افغانستان سے بات چیت کے لیے ٹی او آرز دیے تھے، اس کو بھی دو سے تین ماہ ہوگئے مگر اب تک کوئی جواب نہیں آیا۔

    علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنےشہریوں کو تحفظ دیں، لیکن بدقسمتی سے وفاقی حکومت کا کردار انتہائی مایوس کن ہے۔ اس کا اندازہ دہشتگردی کے واقعات پر وفاقی حکومتی ارکان کے بیانات دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنی افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے ساتھ ہیں۔ کرک میں حملہ ہوا تو عوام نکلے اور دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیا۔ عوام اپنی فورسز کے ساتھ کھڑے بھی ہوں گے اور دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے، مگر دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتنے کے لیے لوگوں کے دل جیتنا ہوں گے۔ میری اپیل ہے کہ ہر معاملے پر سیاست نہ کی جائے۔ہم نے ورکنگ شروع کی ہوئی ہے اور اس کے اچھے نتائج آ رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ ہتھیار اٹھانے والوں سے نمٹنےکی وفاقی حکومت کی حکمت عملی ٹھیک نہیں۔ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ ہمارے لوگوں نے ہتھیار کیوں اٹھائے۔ہوسکتا ہے کہ ہماری غلطیاں یا پالیسی کے مسائل ہوں۔ اب اگر ہمارے لوگوں نے ہتھیار اٹھا لیے ہیں تو ان سے بات کرنی چاہیے۔

    علی امین گنڈاپور کے مطابق کرم میں حالات اب بہتر ہیں۔ سیز فائر ہوچکا ہے۔ وہاں بنکرز کا خاتمہ کر رہے ہیں، روڈ کو بحال کر دیا ہے اور کیمرے لگانے کے ساتھ چیک پوسٹیں بھی بنا رہے ہیں۔ 30 ارب روپے پولیس اور سی ٹی ڈی کو دیے ہیں، مزید فنڈز بھی دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع دہشت گردی کی زد میں ہیں۔ہم نے صوبائی ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع کیا ہوا ہے۔ کے پی میں جہاں ضرورت ہوتی ہے وہاں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ہوتا ہے۔

    31 مارچ کے بعد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو گرفتار کر کے ملک بدر کیا جائے گا، بڑا فیصلہ

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت غیر قانونی مقیم افغانیوں سمیت تمام غیر ملکیوں کو 31 مارچ تک اپنے وطن واپسی کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/cm-kp-threatens-to-take-to-the-streets-for-nfc-award/

  • افغان شہریوں کو جاری ہزاروں پاکستانی پاسپورٹس کی تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات

    افغان شہریوں کو جاری ہزاروں پاکستانی پاسپورٹس کی تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات

    کراچی: مبینہ کرپشن کے عوض افغان شہریوں کو جاری ہزاروں پاکستانی پاسپورٹس کی تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ افغان شہریوں کو کراچی کے صدر پاسپورٹ دفتر کے علاوہ عوامی مرکز، ملیر اور ٹھٹھہ دفتر سے بھی پاکستانی پاسپورٹ کا اجرا ہوا، غیر ملکیوں کو پاپسورٹ اجرا کے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ اور ایف آئی اے تحقیقات جاری ہیں۔

    کراچی میں صدر پاپسورٹ دفتر سے غیر ملکیوں کو جاری پاسپورٹس کی تعداد ایک ہزار کے قریب ہے، جب کہ غیر ملکیوں کو جاری اکثر پاسپورٹس سعودیہ میں مختلف مشنز سے جاری ہوئے۔

    غیر ملکیوں کو 11 ہزار کے قریب جاری پاسپورٹس 2010 سے 2012 کی مدت میں جاری ہوئے، گم شدہ پاپسورٹس کی جگہ جاری پاسپورٹ میں جعل سازی کر کے بیرون ملک دوسرے افراد کو دیے گئے۔

    ایف آئی اے سی ٹی ڈبلیو نے کراچی پاسپورٹ دفتر کے سپرنٹنڈنٹ اور سابق افسر کو گرفتار بھی کیا، جب کہ غیر ملکیوں کو پاسپورٹ اجرا معاملے میں نادرا کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

  • سعودی عرب: جعلی پاسپورٹ پر آنے والا افغان شہری ڈی پورٹ

    سعودی عرب: جعلی پاسپورٹ پر آنے والا افغان شہری ڈی پورٹ

    امیگریشن حکام نے حائل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرغیر قانونی طریقے سے سعودی عرب آنے والے ایک افغان شہری کو دوسری پرواز سے روانہ کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حائل ایئرپورٹ حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مسافر کا تعلق افغانستان سے تھا وہ جعلی پاسپورٹ پر سعودی عرب پہنچا تھا۔

    ایئرپورٹ حکام کے مطابق جس افغان مسافر کو واپس کیا گیا ہے وہ ماضی میں مملکت میں اقامہ قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوچکا تھا۔

    سعودیہ کے قانون کے مطابق جوغیرملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جاتا ہے انکی جملہ تفصیلات کو امیگریشن ادارے میں درج کیا جاتا ہے۔

    اگر ڈی پورٹ یا بلیک لسٹ ہونے والے مسافر کسی طرح مملکت میں واپسی کی کوشش کرتے ہیں تو امیگریشن کے سسٹم میں انکی شناخت کرنے کے بعد انہیں دوسری فلائٹ سے ہی ڈی پورٹ کردیا جاتا ہے۔

    دوسری جانب برطانیہ پہنچنے والے افغان پناہ گزین نئی مشکل میں گھر گئے ہیں، برطانیہ کے محکمہ داخلہ نے لگ بھگ ایک ہزار افغان پناہ گزینوں کو ہوٹل خالی کرنے کے لیے 15 دسمبر کی ڈیدلائن دی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ کی لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن (ایل جی اے) نے کہا ہے کہ جن افغان شہریوں نے افغانستان میں برطانیہ کے مفاد میں کام کیا، وہ بھی ہوٹل خالی کرنے کی حکم کے بعد سڑکوں پر سونے پر مجبور ہوجائیں گے۔

    نئے اعداد و شمار سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ پانچ ہزار 200 سے زیادہ یوکرینی خاندان بھی اس وقت ’بے گھر ہونے کی مد میں امداد‘ حاصل کر رہے ہیں۔

    ایل جی اے کے چیئرمین شان ڈیوس کا کہنا ہے کہ کونسلز بے گھر ہونے والے افغان اور یوکرینی خاندانوں کی تعداد پر تشویش کا شکار ہو رہی ہیں۔ اس شرح میں ممکنہ طور پر بڑا اضافہ ہو سکتا ہے۔

  • نادرا نے خیبر پختونخوا میں یومیہ رجسٹریشن کی صلاحیت 15 ہزار کر دی

    نادرا نے خیبر پختونخوا میں یومیہ رجسٹریشن کی صلاحیت 15 ہزار کر دی

    اسلام آباد: غیر قانونی افغان شہریوں کی وطن واپسی میں مدد کے لیے نادرا نے ہنگامی بنیادوں پر خیبر پختونخوا میں اپنی خدمات کا آغاز کر دیا، اور یومیہ رجسٹریشن کی صلاحیت بڑھا کر 15 ہزار کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا نے کہا ہے کہ افغانستان واپس جانے والے شہریوں کی رجسٹریشن کے لیے نادرا نے پورے ملک سے 22 موبائل وینز جمع کر کے لنڈی کوتل پہنچا دی ہیں۔

    ٹرانزٹ پوائنٹ پر موبائل وینز کی سہولت کے ساتھ 20 کاؤنٹر بھی تشکیل دیے گیے ہیں، جن میں نادرا کے 140 ملازمین دن رات 24 گھنٹے بلا تعطیل اپنی ذمہ داری سر انجام دے رہے ہیں۔

    یکم نومبر سے نادرا نے اپنی یومیہ رجسٹریشن کی صلاحیت کو بڑھا کر 15 ہزار کر دیا ہے، نادرا کے اعلیٰ افسران موقع پر موجود ہیں اور جانے والے غیر ملکیوں کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔

    نادرا کے حکام اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ عورتوں، بزرگوں اور بچوں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے، بارڈر پر آنے والے غیر ملکیوں نے بھی نادرا کی مؤثر خدمات کو سراہا۔

    واضح رہے کہ غیر قانونی افغان باشندوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، 5 نومبر کو 6584 غیر قانونی افغان باشندوں کی اپنے ملک واپسی ہوئی، اب تک کل ایک لاکھ 88 ہزار 738 غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی ہوئی ہے۔

    ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان غیر ملکیوں کو گورنمنٹ کی جانب سے مہیا کی گئی اسپیشل گاڑیوں میں طورخم بارڈر پر دوبارہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کر کے افغانستان بھجوایا جا رہا ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد بڑی تعداد میں غیر قانونی افغان باشندے طور خم کے راستے افغانستان واپس جا رہے ہیں، اس سلسلے میں لنڈی کوتل میں ٹرانزٹ کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں پر غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کے کوائف اور دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد واپس اپنے ملکوں کو بھیجا جا رہا ہے۔

  • نگراں حکومت کا لاکھوں افغانیوں کو بےدخل کرنے کا فیصلہ

    نگراں حکومت کا لاکھوں افغانیوں کو بےدخل کرنے کا فیصلہ

    دہشت گردی، جرائم سمیت ڈالرز، چینی اور کھاد کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے لاکھوں افغانیوں کو ملک سے بےدخل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں حکومت نے 11 لاکھ غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کو پاکستان سے بےدخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ کی جانب سے غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کے بےدخلی پلان کی منظوری دیدی گئی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعےمنظوری دی۔ پہلے مرحلے میں غیرقانونی مقیم اور ویزوں کی تجدید نہ کروانے والوں کو نکالا جائے گا۔

    دوسرے مرحلے میں افغان شہریت رکھنے والوں کو ملک سے بےدخل کیا جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں پروف آف ریذیڈنس کارڈ والوں کو نکالا جائےگا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے اسٹیک ہولڈرز بشمول افغان حکومت کی مشاورت سے پلان تیار کیا ہے۔ غیرقانونی مقیم افغان شہری جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں، غیرقانونی مقیم افراد دہشت گردوں کو فنڈنگ اور سہولت کاری میں بھی ملوث پائے گئے۔

    اس حوالے سے ذرائع نے مزید کہا کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں سے پاکستان کی سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں۔ 2021 میں امریکی انخلا کے بعد 4 لاکھ افغان شہری غیرقانونی طور پر پاکستان آئے۔

  • لانڈھی جیل میں قید افغان شہری انتقال کر گیا

    لانڈھی جیل میں قید افغان شہری انتقال کر گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں لانڈھی جیل میں موجود افغان شہری دوران قید انتقال کر گیا، جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدی کی بیماری کے حوالے سے افغان قونصل خانے کو آگاہ کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی لانڈھی جیل میں قید افغان شہری انتقال کر گیا، جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ 60 سالہ فیض محمد کو گزشتہ ماہ دستاویز نہ ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قیدی فیض محمد دوران حراست شدید بیمار ہو گئے تھے، قیدی کی بیماری کے حوالے سے افغان قونصل خانے کو آگاہ کیا گیا تھا۔

  • افغان شہری کو ایئرپورٹ پر غیر قانونی سہولت دینے والے 2 ایف آئی اے اہلکار گرفتار

    کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر ایک افغان شہری کو غیر قانونی طور پر کینیڈا بھیجنے کی سہولت دینے والے 2 ایف آئی اے اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رحمت اللہ نامی افغان شہری کو جعلی بورڈنگ کارڈ پر کینیڈا روانگی کی سہولیات فراہم کرنے میں ملوث 2 ایف آئی اے اہل کار گرفتار ہو گئے۔

    ایف آئی اے امیگریشن کے کامران اور وحید نامی ہیڈ کانسٹیبلز نے افغان شہری کے ساتھ 25 لاکھ روپے میں معاملہ طے کیا تھا، افغان شہری کی کینیڈا روانگی کے لیے ایف آئی اے اہل کاروں سے ڈیل روالپنڈی کے 2 ایجنٹس نے کی تھی۔

    ایف آئی اے نے الیاس اور عثمان نامی ایجنٹس کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی شروع کر دی، گرفتار دونوں اہل کاروں کو ایئر پورٹ بلا کر ہتھکڑی لگائی گئی تھی، اور پھر پاسپورٹ سرکل حکام کے حوالے کیا گیا۔

    جعلی بورڈنگ پاس اور کینیڈا کے جعلی اسٹڈی پرمٹ کے ساتھ مسافر ایئرپورٹ پر گرفتار

    یاد رہے کہ افغان شہری کو 8 جنوری کو پی آئی اے کی ٹورنٹو پرواز کی فائنل چیکنگ پر گرفتار کیا گیا تھا، دونوں اہل کاروں نے ملزم کو امیگریشن کاؤنٹر پر لائے بغیر بین الاقوامی روانگی لاؤنج تک پہنچایا۔

    اہل کاروں نے مبینہ طور پر افغان شہری کو پی آئی اے پرواز نمبر 783 کا جعلی بورڈنگ کارڈ بھی فراہم کیا۔

    ملزم رحمت اللہ، اس کے بھائی اور دونوں ایف آئی اے اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزم افغان شہریوں نے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈز بھی حاصل کر رکھے تھے، اور ان کے قبضے سے افغان پاسپورٹس اور شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔