Tag: افغان شہریوں

  • اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18 افغان شہریوں کی ملک بدری روک دی

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18 افغان شہریوں کی ملک بدری روک دی

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18 افغان شہریوں کی ملک بدری روک دی اور وزارت داخلہ، نادرا، ڈی جی امیگریشن، ایف آئی اے اور پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے افغان شہریوں کی جانب سے دائر درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کردیا، درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل عادل عزیز قاضی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

    تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ حکومت نے 4 اگست کو درخواست گزاروں کے پی او آر کارڈز منسوخ کرتے ہوئے انہیں واپس بھجوانے کا حکم دیا تھا۔

    وکیل نے مؤقف اپنایا کہ درخواست گزار مرحوم فضل الرحمان کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، فضل الرحمان مرحوم نے 2008 میں تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد شہریت کے لیے درخواست دی تھی، تاہم تاحال اس درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    عدالت نے فریقین کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر پیراوائز کمنٹس جمع کرائیں اور تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت تک درخواست گزاروں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کی جائے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18 افغان شہریوں کو واپس بھجوانے کی کارروائی آگے بڑھانے سے روک دیا۔

    عدالت نے وزارت داخلہ، نادرا، ڈی جی امیگریشن، ایف آئی اے اور پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور کیس کی مزید سماعت 18 ستمبر کو مقرر کردی۔

  • افغان شہریوں کو پاکستانی دستاویزات جاری کرنے والا گروہ پکڑا گیا

    افغان شہریوں کو پاکستانی دستاویزات جاری کرنے والا گروہ پکڑا گیا

    ایف آئی اے پشاور زون نے بڑی کاروائی کرکےافغان شہریوں کو پاکستانی دستاویزات جاری کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی دستاویزات فراہم کرنے والے گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سید صداقت شاہ، نادر خان، عارف خان، اور عالم زیب شامل ہیں ملزمان اسٹیشنری شاپ کی آڑ میں جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں پشاور سے گرفتار کیا گیا ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق منظم گروہ افغان شہریوں کے لیے جعلی پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کی تیاری میں ملوث تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار کاروائی میں موقع سے جعلی پیدائشی اور وفات کے سرٹیفکیٹس برآمد ہوئے ہیں، چھاپہ مار کاروائی میں ڈپٹی کمشنر پشاورکے نام سے جعلی مہریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان سے جعلی پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس اور نادرا پراسیسنگ سے متعلق اسٹامپ پیپرز بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں۔

  • قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو  اسلام آباد اور راولپنڈی سے نکالنے کی تیاریاں

    قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی سے نکالنے کی تیاریاں

    اسلام آباد : قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی سے نکالنے کی تیاریاں کرلی گئی اور منتقلی کیلئے 31مارچ کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان مہاجرین کو پاکستان سے واپس بھجوانے کے منصوبے کا اگلا مرحلے کا آغاز کیا جارہا ہے۔

    دوسرے مرحلے میں افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والوں کو واپس بھجوایا جائے گا، پاکستان میں تقریباً 8 لاکھ افغان مہاجرین اے سی سی کارڈ پر ہیں۔

    قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو بھی اسلام آباد اور راولپنڈی سے نکالنے کی تیاریاں کرلی گئیں ، وزارت داخلہ نے وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس کے فیصلوں پرعملدرآمد شروع کردیا۔

    افغان شہریوں کی وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی سے منتقلی کیلئے 31مارچ کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والوں کو31 مارچ تک دوسرے شہروں پھر افغانستان منتقل کیا جائے گا۔

    تیسرے ملک جانے کے خواہشمند افغانیوں کے قیام کی اجازت میں 30 جون تک توسیع کی گئی ہے ، کسی اور ملک کے ویزے کے منتظر افغان شہری بھی اسلام آباد میں نہیں رہ سکتے۔

    اداروں کی عملدرآمد رپورٹ وزارت داخلہ ہر 15 روزبعدوزیراعظم آفس کوبھیجے گی اور ستمبر تک کسی اور ملک نے ویزہ نہ دیا توافغان باشندےغیر قانونی تصور ہوں گے۔

  • افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر اٹلی بھجوانے میں ملوث 2 ایجنٹس گرفتار

    افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر اٹلی بھجوانے میں ملوث 2 ایجنٹس گرفتار

    پشاور : افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ پراٹلی بھجوانے میں ملوث 2 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان سے 15 پاکستانی پاسپورٹ اور موبائل فونز برآمد ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے لنک آفس اٹلی کی نشاندہی پر انسانی اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، کریک ڈاؤن میں افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر اٹلی بھجوانے میں ملوث دو ایجنٹوں کو پشاور سے گرفتار کرلیا گیا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ایجنٹ شفیع اللہ اور خورشید کو صدرپشاور میں خفیہ دفتر سے گرفتار کیا اور ملزمان سے 15 پاکستانی پاسپورٹ اور موبائل فونز برآمد کرلیے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے موبائل سے پاکستانی ،افغان پاسپورٹس کی معلومات و دیگرشواہد برآمد ہوئے، ملزمان متعدد شہریوں سے ویزا فراڈ کر کے بھاری رقوم بٹور چکے تھے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے ایف آئی اے فیصل آباد زون نے انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی میں بین لاقوامی گینگ کی خاتون ایجنٹ حمیرا کنول کو گرفتار کیا تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمہ حمیرا کنول کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا، بین الاقوامی گینگ کے دیگر ارکان آذربائیجان سے گینگ چلا رہے تھے۔

  • جرمنی میں افغان شہریوں کا پاکستانی قونصلیٹ پر حملہ، پاکستان کی شدید مذمت

    جرمنی میں افغان شہریوں کا پاکستانی قونصلیٹ پر حملہ، پاکستان کی شدید مذمت

    جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل جنرل کے باہر افغان باشندوں نے ہنگامہ آرائی کی، پاکستان نے واقعہ پر شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے فرینکفرٹ جرمنی میں افغان شہریوں کی جانب سے اپنے قونصل خانے پر حملے کی شدید مذمت کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ فرینکفرٹ قونصل خانے میں توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہیں، فرینکفرٹ میں پاکستان کے قونصل خانے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جرمن حکومت کو اپنے شدید احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں، جرمن حکومت پاکستانی سفارتی مشنز اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔

    پاکستان نے جرمنی کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے، جرمن حکام پر زور دیا کہ وہ واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کریں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ سیکیورٹی کی خامیوں کے ذمہ دار افراد کو بھی جوابدہ ٹھہرائیں۔

    واضح رہے کہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا گیا اس واقعے کے بعد پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔

  • جرمنی میں افغان شہریوں کی پاکستانی سفارتخانے کے باہر ہنگامہ، 2 افغانی گرفتار

    جرمنی میں افغان شہریوں کی پاکستانی سفارتخانے کے باہر ہنگامہ، 2 افغانی گرفتار

    جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے کے باہر ہنگامہ کیا جس کے بعد 2 افغان شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بول دیا، 8 سے 10 افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے کے اندر جانے کی کوشش کی۔

    افغان شہریوں نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کی عمارت پرپتھراؤ بھی کیا، جرمن حکام نے افغان شہریوں کو قونصل خانے کے سامنے احتجاج کی اجازت دی تھی۔

    جرمن پولیس نے اس واقعے کے بعد 2 افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کا امکان ہے، جرمن پولیس حکام ویڈیوز کی مدد سے مزید مظاہرین کی شناخت کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستانی سفارتی حکام نے برلن میں جرمن وزارت خارجہ کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا ہے، جرمن حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتی حکام کو تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد 4 لاکھ 84 ہزار 332 تک پہنچ گئی

    پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد 4 لاکھ 84 ہزار 332 تک پہنچ گئی

    غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 4 لاکھ 84 ہزار 332 تک پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق غیر قانونی افغان باشندے جوق در جوق وطن واپس جا رہے ہیں، 6 فروری تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 4 لاکھ 84 ہزار 332 تک پہنچ چکی ہے۔

     3 فروری سے 06 فروری تک تین روز کے دوران 3076 افغان شہریوں کی واپسی ہوئی، جن میں 1145 مرد، 924 خواتین اور 1007 بچے شامل ہیں۔

    افغانستان روانگی کے لیے 142 گاڑیوں میں 212 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی۔

  • حکومت کی غیر قانونی طور مقیم افغان شہریوں کی رجسٹریشن پر غور

    حکومت کی غیر قانونی طور مقیم افغان شہریوں کی رجسٹریشن پر غور

    اسلام آباد : حکومت نے غیر رجسٹرڈ 7 لاکھ افغان شہریوں کو افغان سیٹزن کارڈ جاری کرنے کی تجویز دے دی تاہم اس حوالے سے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے غیر قانونی طور مقیم افغان شہریوں کی رجسٹریشن پر غور شروع کردیا۔

    غیر رجسٹرڈ 7 لاکھ افغان شہریوں کو افغان سیٹزن کارڈ جاری کرنے کی تجویز سامنے آئی ہیں، ذرائع وزرات سیفران نے بتایا کہ کارڈز سے متعلق مختلف اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت جاری ہے۔

    بینک اکاؤنٹ، میڈیکل سہولیات،تعلیمی اداروں تک رسائی دینے کی تجویز بھی زیرغور ہیں ، اس قبل 8 لاکھ سے زائد افغان شہریوں کو اے سی سی کارڈ جاری کئے گئے تھے۔

    یاد رہے گذشتہ روز کراچی میں رینجرز اور پولیس نے افغان باشندوں کے خلاف بڑا ایکشن کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر سندھ میں داخل ہونے والے 122 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • 24 گھنٹے کے اندر 30 دن کا ٹرانزٹ ویزا: پاکستان کی افغان شہریوں کیلئے  نئی ویزا پالیسی

    24 گھنٹے کے اندر 30 دن کا ٹرانزٹ ویزا: پاکستان کی افغان شہریوں کیلئے نئی ویزا پالیسی

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے افغان شہریوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کی منظوری دے دی، جس کے تحت 24گھنٹے کے اندر 30 دن کا ٹرانزٹ ویزا جاری ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پرائم منسٹر اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے افغان شہریوں کو درپیش مسائل اورغیر قانونی امیگریشن کی خامیوں کا نوٹس لے لیا۔

    شہباز شریف نے پاکستان کے راستے بیرون ملک جانے والے افغان شہریوں کیلئے نئی ویزا پالیسی کی منظوری دے دی، نئی پالیسی کے تحت افغان شہریوں کو 24 گھنٹے کے اندر 30 دن کا ٹرانزٹ ویزا جاری کریں گے۔

    سلمان صوفی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی تجویز پر کیا گیا، پاکستان میں میزبان سفارت خانہ اور وزارت خارجہ افغان شہریوں کو 30 دن کے ٹرانزٹ ویزے جاری کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ "ایک بار امیگریشن کی منظوری ملنے کے بعد میزبان ملک سفارت خانے کو مطلع کرے گا اور وزارت 24 گھنٹے کے اندر اس معاملے کو کلیئرنس کے لیے وزارت داخلہ کو بھیجے گی۔”

    سربراہ پرائم منسٹر اسٹریٹجک ریفارمز کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی افغانیوں کی مدد اور افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔

  • ویزا  فیس، پاکستان نے افغان شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کردی

    ویزا فیس، پاکستان نے افغان شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کردی

    اسلام آباد : پاکستان نے افغان شہریوں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے ویزا کے لیے نادرا کی فیس 31 دسمبر تک معاف کردی۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں پاکستانی سفیرمنصور احمد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ  افغان شہریوں سے  ویزا کے لیے نادرا کی فیس 31 دسمبر تک معاف کردی ہے ، اقدام وزیراعظم کی ہدایت پر افغان شہریوں کو سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ کابل میں پاکستان کی جانب سے پانچ ارب روپے کی امدادی اشیا افغانستان کو فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ، جن میں ادویات اور خوراک شامل ہوگی۔

    پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کا کہنا تھا کہ افغانوں کی آسانی کیلئے گیٹ پاس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، طبی بنیادوں پر پاکستان آنیوالے افغانیوں کو ویزا آن آرائیول دیا جائے گا اور پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کر رہے ہیں جبکہ افغان تاجروں کو طورخم پر ایک ماہ کا آمد پر ویزا دیا جائے گا جبکہ طورخم بارڈر 24 گھنٹے تجارت کے لیے کھلا رہے گا۔