Tag: افغان وفد

  • پاک افغان تعلقات میں تناؤ، دونوں ممالک کا مشترکہ اجلاس

    پاک افغان تعلقات میں تناؤ، دونوں ممالک کا مشترکہ اجلاس

    اسلام آباد: پاک افغان جوائنٹ کوآرڈنیشن کونسل کا مشترکہ اجلاس آج دارالحکومت میں منعقد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان جوائنٹ کوآرڈنیشن کونسل کے مشترکہ اجلاس کے لیے عبوری افغان طالبان حکومت کا سینئر وفد گزشتہ روزاسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق افغان عبوری حکومت کے وفد کی قیادت سینئر طالبان رہنما اور گورنر قندھار ملا شیرین اخوند کر رہے ہیں، وفد میں 9 سے 10 اراکین شامل ہیں، جو افغان وزارت دفاع، وزارت اطلاعات اور انٹیلیجنس حکام پر مشتمل ہے۔

    وفد دورہ پاکستان میں پاکستانی حکام سے دو طرفہ مذاکرات کرے گا، یہ مذاکرات پاک افغان کل جوائنٹ کوآرڈنیشن کونسل کے مشترکہ اجلاس کے دوران ہوں گے۔ افغان وفد کل پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی سے بھی ملاقات کرے گا، افغان وفد کی دفتر خارجہ و عسکری حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

    سفیروں کی تین روزہ کانفرنس اسلام آباد میں شروع

    ذرائع کے مطابق افغان وفد کی جانب سے پاک افغان تناؤ میں کمی پر بات کی جائے گی، جب کہ پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان میں موجود کالعدم گروہوں کے افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر گفتگو کی جائے گی۔

    افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا، پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان میں موجود حافظ گل بہادر سمیت کالعدم دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ بھی متوقع ہے۔ پاک افغان سرحدی باڑ، چمن سرحد پر ویزا فری سرحدی نقل و حمل کے امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

  • اقوام متحدہ نے افغان وفد کو اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی

    اقوام متحدہ نے افغان وفد کو اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے افغان وفد کو اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی۔

    ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے 6 مئی کو ہونے والے اجلاس کے لیے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے افغان وفد کو اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امیر خان متقی پر سلامتی کونسل کی جانب سے طویل عرصے سے سفری پابندی عائد تھی جبکہ ان کے اثاثے بھی منجمد ہیں۔

     افغان عبوری وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی سفری پابندی کے تحت ہیں، انہیں کسی بھی ملک کے سفر کیلئے استثنیٰ کے تحت یو این سے اجازت درکار ہوتی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پاک چین افغان سہ فریقی وزرائے خارجہ سطح کا اجلاس 6 مئی کو اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس کی صدارت پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ افغان وزیر خارجہ پاکستانی اور چینی ہم منصب سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کرینگے۔

    یاد رہے کہ  چینی وزیر خارجہ 5 مئی کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

  • پاکستان افغانستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے، سرتاج عزیز

    پاکستان افغانستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے، سرتاج عزیز

    اسلام آباد: منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے پڑوسی ملک افغانستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے افغانستان سے آئے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ افغان عوام کی ترقی کی تیزی سے تکمیل وقت کا اہم تقاضا ہے۔

    قبل ازیں افغانستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے بھی ملاقات کی، ملاقات کے دوران دوطرفہ امور، سیکورٹی صورت حال اور بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں پاکستان میں تعینات افغان سفیرعمر زخیلوال بھی موجود تھے۔

    افغان وفد میں مشیر سلامتی امور، افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے چیف، افغان فوج کے سربراہ اور وزیرداخلہ بھی شامل تھے، وفد کی قیادت مشیر سلامتی امور حنیف اتمر نے کی۔ حنیف اتمر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

    اعلیٰ سطحی افغان وفد نے منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کی، ملاقات کے لیے آنے والے وفد کی قیادت افغان صدر اشرف غنی کے مشیر انفرا اسٹرکچر و ٹیکنالوجی نے کی۔

    سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات کے دوران پاک افغان دو طرفہ معاشی تعاون، باہمی تجارت، توانائی اور باہمی روابط بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

    افغانستان: عسکریت پسندوں نے دھمکی دے کر درجنوں اسکول بند کرادیے


    سرتاج عزیز نے کہا کہ افغان عوام نے نامساعد حالات اور غیر معمولی مشکلات کا سامنا کیا، علاقائی اور باہمی روابط کا فروغ ترقی کی ضمانت فراہم کرتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ زمینی اور ریل راستوں کی تعمیر نہایت اہم ہے۔

    واضح رہے کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تناؤ عروج پر ہے، جسے کم کرنے کے لیے پاک افغان سیکورٹی حکام ملاقات کر رہے ہیں، گزشتہ روز افغان صدارتی آفس سے یہ بیان جاری ہوا تھا کہ افغان وفد کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے دورے کی دعوت ملی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اعلیٰ سطح کے افغان وفد کی اسلام آباد آمد

    اعلیٰ سطح کے افغان وفد کی اسلام آباد آمد

    اسلام آباد: افغانستان کے وزیر داخلہ اور افغان خفیہ ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے سربراہ پر مشتمل دو رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا۔ وفد آج پاکستانی حکام سے مذاکرات کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکام سے باہمی امور پر مذاکرات کے لیے افغان کا اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔

    دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ افغان حکومت نے اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان بھیجنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جو آج اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفد میں افغان وزیر داخلہ اور این ڈی ایس کے سربراہ شامل ہیں۔ وفد افغان صدر اشرف غنی کا پیغام لے کر آیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق افغان وفد دونوں ممالک میں تعاون سمیت دیگر باہمی امور پر پاکستانی حکام سے بات چیت کرے گا۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے افغانستان میں دہشت گردی کی نئی لہر اٹھی ہے اور یکے بعد دیگرے افغانستان کے اہم علاقوں کو بم دھماکوں اور حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ نے افغانستان میں ہونے والے تمام حملوں کی مذمت کرتے ہوئے افغان عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔