Tag: افغان ڈکیت گروہ

  • افغان ڈکیت گروہ سرغنہ سمیت گرفتار، اسلحہ فیس بک کے ذریعے منگوانے کا انکشاف

    افغان ڈکیت گروہ سرغنہ سمیت گرفتار، اسلحہ فیس بک کے ذریعے منگوانے کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی میں ایک افغان ڈکیت گروہ کو سرغنہ سمیت پکڑ لیا ہے، جن سے تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان اسلحہ فیس بک کے ذریعے درہ آدم خیل سے منگواتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور ایسٹ پولیس کی انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی ایک کارروائی میں کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سے افغان ڈکیت گروہ کے 3 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار ہو گئے، جن میں جان آغا، امید گل عرف لغمانی اور عبدالرحمان شامل ہیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا، یہ ملزمان اسٹریٹ کرائم کی 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں، انھوں نے دوران ڈکیتی 3 سے زائد شہریوں کو زخمی بھی کیا۔

    ملزمان نے اسلحہ درہ آدم خیل سے فیس بک کے ذریعے منگوانے کا انکشاف کیا، معلوم ہوا کہ ملزم جان آغا ڈکیتیوں کے لیے کئی مرتبہ اسلحہ منگوا چکا ہے، وہ سرغنہ کے طور پر گروپ آپریٹ کرتا ہے، اور متعدد بار گرفتاری کے ڈر سے ایران میں روپوشی کاٹ چکا ہے، جان آغا کچھ عرصے بعد کراچی واپس آ کر دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتا تھا۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان نے شہریوں سے چھینے گئے موبائل افغانستان فروخت کے لیے لے جانے کا بھی انکشاف کیا، یہ بھی معلوم ہوا کہ جان آغا اور اس کے ساتھی اس سے پہلے بھی جیل جا چکے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، جب کہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث افغان ڈکیت گروہ کے 5 ملزمان گرفتار

    ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث افغان ڈکیت گروہ کے 5 ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز اورپولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان ڈکیت گروہ کے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اورپولیس نے سہراب گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان ڈکیت گروہ کے پانچ ملزمان گرفتار کرلئے، ملزمان کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ وایمونیشن برآمد ہوا۔

      ترجمان رینجرز کے مطابق پکڑے جانے والے ملزمان میں رضوان، حکیم عرف نواب عرف چیچو، طالب، آصف عرف وسیم عرف منا اور محمد عجب خان شامل ہیں، ملزمان سہراب گوٹھ، گلشن اقبال ، گلبرگ، لیاقت آباد اور اطراف کے علاقوں میں لوٹ مار کرنے اور شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں،

    ترجمان کے مطابق ملزم رضوان اور حکیم نواب عرف چیچو نے چاند رات کو بلاک 21 ایف بی ایریا گلبرگ سے دو شہریوں کو گن پوائنٹ پر نقدی اور موٹرسائیکل چھینے کا اعتراف کیا جبکہ ملزم آصف عرف وسیم عرف منا نے ساتھیوں کے ہمراہ عائشہ منزل کے قریب شہری فیضان اسلم کو دوران ڈکیتی فائرنگ کر کے زخمی کرنے کا اعتراف کیا۔

     ترجمان رینجرز نے کہا کہ ملزمان نے تین ہٹی پر چائے کے ہوٹل سے اسلحے کے زور پر شہریوں سے موبائل فونز اور نقدی لوٹنے کا بھی اعتراف کیا، ملزمان کے خلاف متعدد تھانوں میں ایف آئی آر درج ہیں، گرفتار ملزمان کو اسلحہ سمیت قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • کراچی میں ڈکیتیوں میں افغان گروہ بھی ملوث ہے، پولیس رپورٹ میں انکشاف

    کراچی میں ڈکیتیوں میں افغان گروہ بھی ملوث ہے، پولیس رپورٹ میں انکشاف

    کراچی: پولیس نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ شہرِ قائد میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں افغان گروہ بھی ملوث ہے جو آٹھ سال سے شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ایک افغان گروہ بھی کراچی میں ڈکیتیوں میں ملوث ہے جس کے 10 ارکان پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق یہ ڈکیت گروہ گھروں، دکانوں اور پٹرول پمپوں پر گزشتہ 8 سال سے ڈکیتیاں کر رہا ہے، گروہ کے 4 ملزمان مفرور ہیں جن کی تصاویر جاری کر دی گئی ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان ڈکیت گروہ ڈکیتی کی وارداتوں کے لیے ٹویوٹا کرولا استعمال کرتا تھا، وارداتوں میں جرائم پیشہ گروہ نے بھاری اور چھوٹے ہتھیار بھی استعمال کیے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق گروہ کی ریکی کرنے والا کارندہ موٹر سائیکل پر ہر وقت موجود رہتا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک گروہ کے دس ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  کالی بھیڑوں کو سنبھلنے کا بہت موقع فراہم کیا، کراچی پولیس چیف


    رپورٹ کے مطابق مفرور ملزمان میں سعید، شاداب، رؤف اور کامل شامل ہیں جو پولیس کو انتہائی مطلوب ہیں، پولیس کی جانب سے ان ملزمان کی تصاویر بھی جاری کی جا چکی ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈکیت گروہ نے ایسٹ زون میں 20، ساؤتھ زون میں 14 وارداتیں کیں، جب کہ کراچی سینٹرل میں 13، ملیر میں17 اور کورنگی میں 16 وارداتیں کیں۔

    حال ہی میں عہدہ سنبھالنے والے انسپیکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر امیر شیخ کا دعویٰ ہے کہ کراچی میں مجرمانہ کارروائیوں میں بالخصوص اسٹریٹ کرائمز میں بہت حد تک کمی لائی جا چکی ہے۔